محمد تسکین
بانہال// گزشتہ دنوں فورلین شاہراہ پر کھارپورہ کے نزدیک گاڑیوں کی زد میں آکر لقمہ اجل بنے ایک نامعلوم شخص کی لاش کو پیر کے روز درشی پورہ بانہال کے قبرستان میںامانتی طور سپردِ خاک کیا گیا ۔ نوے گھنٹوں کے زائد عرصے بعد بھی کوئی شناخت نہ ہونے اور کوئی گمشدہ رپورٹ سامنے نہ آنے کے بعد اس نامعلوم کی مسخ شدہ لاش کو نائب تحصیلدار بانہال اور پولیس انتظامیہ کی موجودگی امانت کے طور سپردِ لحد کیا گیا۔ اس نامعلوم شخص کی تجہیز و تکفین کے اس کار خیر میں تحصیل اورپولیس انتظامیہ کے علاوہ بانہال والنٹیرس کے رضاکاروں ، محکمہ صحت کے ملازمین ، درشی پورہ کے مقامی لوگوں اور بانہال فورلین ٹنل کی دیکھ بھال کرنے والی کمپنی آتھان کی ٹیموں نے شرکت کی ۔اس موقع پر نائب تحصیلدار بانہال طارق احمد بٹ نے بتایا کہ مذکورہ عدم شناخت لاش کو قانونی لوازمات اور شناخت کیلئے مقررہ وقت اور کوشش کے بعد درشی پورہ بانہال کے قبرستان میں امانتاً سپردِ خاک کیا گیا ہے اور اس کی شناخت کی صورت میں لاش کو قبر سے بازیاب کرکے لواحقین کے حوالے کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس لاش کے ڈی این اے وغیرہ کے نمونے بھی لئے گئے ہیں جنہیں لاش کی شناخت کے وقت تصدیق کیلئے استعمال کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نامعلوم شخص کی شناخت کا سلسلہ جاری رہے گا۔