سرینگر//پانپور کے وئن علاقے میں دوران شب نا معلوم افراد کی طرف سے مقامی جامع مسجد کی دیواروں پر ترنگا نقش کرنے کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا۔مقامی لوگوں نے سرکار سے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔ پلوامہ کے وئین پانپور میںمنگل کو مقامی لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے اسلام و آزادی کے حق میں نعرہ بازی کی۔احتجاجی مظاہرین مرکزی جامع مسجد کے باہر جمع ہوئے اور دھرنا دیا جبکہ بعد میں مقامی طور پر جلوس بھی برآمد کیا۔احتجاجی مظاہرین مقامی جامع مسجد میں دوران شب رنگ سے مسجد کی دیواروں پر ترنگا بنانے کے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے تھے۔ بعد میں یہ احتجاجی مظاہرہ پرامن طور پر منتشر ہوا۔جامع مسجد وئین بالا کے امام و خطیب میر واعط محمد اعجاز نوری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’14اور15اگست کی درمیانی شب کو چند نامعلوم اافرادنے جامع مسجد شریف وئین بالا کی دیواروں پر بذریعہ رنگ ترنگے بنائے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ نماز فجر کے دوران وہ اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے مسجد کی دیوارں پر ترنگے کی نقش ونگاری دیکھ لی،جس کے بعد منگل کی صبح کو اہل علاقہ سراپا احتجاج ہوا۔مقامی لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کریں۔