ممبئی// گلوکار سونونگم کے ذریعہ تقریباً ایک سال قبل مساجد پرنصب لاؤڈاسپیکر پر دی جانے والی اذان دینے کے بارے میں ایک متنازع بیان کی نغمہ نگار جاوید اختر نے حمایت کی ہے اور کہا کہ مسجد ہی نہیں بلکہ دیگر عبادت گاہوں پر لاؤڈاسپیکر نصب نہیں کیے جانے چاہئے ۔ایک ٹویٹ سے انہوں نے اپنا موقف واضح کردیا ہے ۔ جاوید اختر نے اپنے ٹویٹ میں اس بات کا اظہار کیا ہے کہ ''سونو نگم نے مسجد پر لاؤڈاسپیکر نصب کیے جانے پر جو بیان دیا ،اس سے میں اتفاق کرتا ہوں،مسجد ہی نہیں بلکہ رہائشی علاقوں میں واقع دیگر مذہبی مقامات پر لاؤڈاسپیکر نصب نہیں کیے جانے چاہئے اور ان کی اجازت نہیں دی جانا چاہئے ۔''ان کے ٹویٹ کے متن کے مطابق جاوید اختر کا کہنا ہے کہ ''اس بات کو ذہن نشین کرلینا چاہئے کہ میں سونونگم سمیت ان لوگوں کے موقف سے اتفاق کرتا ہوں کہ مسجد سمیت دیگر عبادت گاہوں پر لاؤڈاسپیکر نصب نہیں کیے جائیں گے ۔''جاوید اختر کے بیان کی شدیدمذمت کی جارہی ہے کیونکہ انہوں نے ایک سال قبل دیے جانے والے سونونگم کے بیان کو ایک بار پھر اکھاڑا ہے جبکہ ایک سال کے عرصے میں ان کے بیان کو بھلا دیا گیا تھا ۔یو این آئی