یو این آئی
مکہ مکرمہ//سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں بڑی برقی گاڑیوں کی سہولت کا آغاز کر دیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام میں یہ سہولت بزرگ اور معذور افراد کے علاوہ تمام عازمین کے مناسک کی ادائیگی کو آسان بنانے کے لیے ہے۔رپورٹس کے مطابق برقی گاڑیوں کی سہولت یکساں نقل و حمل پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، جہاں طواف کے لیے برقی گاڑی 100 ریال میں دستیاب ہے اور اسی قیمت پر سعی کے لیے بھی جبکہ معذور افراد کے لیے یہ خدمت مفت فراہم کی جاتی ہے۔نئی گاڑیاں جدید طرز کے ڈیزائن کی حامل ہیں جو سلامتی اور راحت کو مدنظر رکھتی ہیں اور محفوظ و منظم نقل و حرکت کا ماحول فراہم کرتی ہیں جو مسجد الحرام میں حاجیوں کے تجربے کو مزید بہتر بناتی ہیں۔دوسری جانب سعودی عرب میں ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی سدایا کی جانب سے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عازمین کی سہولت کیلیے 20 ای گیٹس نصب کردیئے گئے ہیں۔سدایا اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر عازمین حج کو بہتر اور تیز ترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے امیگریشن اور دیگر اداروں کے تعاون سے مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دیا جارہا ہے۔رپورٹس کے مطابق سدایا نے عازمین کے امیگریشن کی کارروائی کو تیز اور آسان بنانے کے لیے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیزبین الاقوامی ہوائی اڈے پر ای گیٹس کے علاوہ 30 سے زائد پاسپورٹ ریڈر ڈیوائسز کا بھی اہتمام کیا ہے تاکہ امیگریشن کی کارروائی میں عازمین کو کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ پر سدایا سینٹر کی ٹیموں کو بھی مستقل بنیادوں پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشکل یا سسٹم ڈاون ہونے کی صورت میں فوری طور پراسے درست کیا جاسکے۔مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد کے ٹرمنل پر اضافی عملے کو تعینات کیا گیا ہے، جبکہ فنگر پرنٹ اسکینگ کے لیے جدید ترین سسٹم پر مشتمل 4 حساس یونٹس بھی فراہم کیے گئے ہیں۔