عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حکومت ِہند کی وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری سنجے جاجو نے سنیچر کوسرینگر میں وزارت کی میڈیا اکائیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہیں دوردرشن، آکاشوانی، پریس انفارمیشن بیورو، سنٹرل بیورو آف کمیونی کیشن اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈی آئی پی آر)حکومت ِجموں و کشمیر کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر موصوف نے دوردرشن کیندر(ڈی ڈی کے)سرینگر اور آکاشوانی سرینگر کے دفاتر کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران و عملے کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔سیکریٹری موصوف نے جموں و کشمیر کی ثقافتی روح سے ہم آہنگ مقامی اور علاقائی مواد کی تیاری پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مقامی زبانوں میں پروگرام تیار کیے جائیں تاکہ علاقائی رسائی اور ناظرین سے روابط میں اضافہ ہو۔اس موقع پر جاجو نے کہا کہ جموں و کشمیر جیسے خطے میں عوامی نشریات کا مقصد صرف اطلاع دینا نہیں بلکہ تحریک دینا بھی ہے۔ مقامی زبانوں کے فروغ، خبروں کے دائرہ کار میں وسعت اور ہمارے پلیٹ فارمز کے مو ثر استعمال کے ذریعے ہم ایک مضبوط، جامع اور نمائندہ میڈیا موجودگی کو ممکن بنانا چاہتے ہیں جو اس خطے کی آواز اور تنوع کو حقیقی طور پر اجاگر کرے۔دوردرشن کیندر کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے سیکریٹری نے خبروں کے بلیٹن کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کو بروقت اور مو ثر اطلاعات میسرہوں۔ انہوں نے ڈی ڈی کاشیر چینل کیلئے سیریل اور فلموں کی تیاری کے نئے منصوبوں کی خواہش ظاہر کی اور مقامی فنکاروں اور کہانیوں کو تخلیقی پلیٹ فارم دینے پر زور دیا۔ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جاجو نے WAVESانٹی گریٹڈ او ٹی ٹی ایپ کو مقبول بنانے کی ضرورت پر زور دیا، جو دوردرشن اور آل انڈیا ریڈیو کے نیٹ ورکس سے مربوط اعلیٰ معیار کا آڈیوویژول مواد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں میں اس ایپ کی مقبولیت اور سبسکرپشن بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔علاوہ ازیں انہوں نے جموں و کشمیر جیسے حساس علاقوں میں ڈی ڈی مفت ڈِش کی اسٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ پلیٹ فارم عوام کو آزاد اور مستند معلومات تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس کی رسائی اور صارفین کی بیس بڑھانے کیلئے اقدامات پر زور دیا۔علاقے میں سرکاری اطلاعات کو مو ثر بنانے کے لیے سنجے جاجو نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈی آئی پی آر)جموں و کشمیر اور وزارت اطلاعات و نشریات کے میڈیا اکائیوں کے درمیان مزید قریبی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا جس سے فلاح و بہبود کی مہمات، ترقیاتی کہانیوں اور شہری مراکز سے متعلق پیغامات کی مو ثر ترسیل ممکن ہوگی اور یہ پیغامات یکسانیت کے ساتھ تمام پلیٹ فارموں پر پہنچ سکیں گے۔اس موقع پر سکریٹری اطلاعات جموں و کشمیر منیرالاسلام، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن بیورو سرینگر و آر این یو ڈی ڈی نیوز قاضی سلمان، ڈائریکٹر انفارمیشن نتیش راجورا، نیز سی بی سی، ڈی ڈی کے اور آکاشوانی سرینگر کے پروگرام و انجینئرنگ شعبوں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔