اسلام آباد // پاکستان نے پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں بس اور ایمبولینس پر حملے کے حوالے سے اقوام متحدہ سے رجوع کردیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جان ایلیاسن اور سیکرٹری جنرل کے نمائندے ایڈمنڈ مولٹ سے ملاقات کی اور انہیں کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مسافر بس اور ایمبولینس پر حملہ انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی اور گھناؤنا جرم ہے،کنٹرول لائن کی صورت حال بین الاقوامی امن کیلئے شدید خطرہ ہے جب کہ ایل او سی پر کشیدگی کشمیر سے توجہ ہٹانے کا بھارتی حربہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے لہٰذا اقوام متحدہ ملٹری آبزرور گروپ کو صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے متحرک کیا جائے،اقوام متحدہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی روکنے اور کشیدگی میں کمی کے لئے اقدامات اٹھائے۔ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے بھارت کو کئی مرتبہ کشیدگی میں کمی کا انتباہ جاری کیا لیکن بھارت انتباہ کو بھی مسلسل نظر انداز کررہا ہے۔