کسی متبادل ٹائلٹ کمپلیکس کا کوئی بندوبست ہی نہیں ،متعلقہ حکام لاپرواہی کا شکار
رمیش کیسر
نوشہرہ // نوشہرہ بس سٹینڈ کے قریب میونسپل کمیٹی کی طرف سے بنائے گئے بیت الخلا ء کی حالت خستہ ہونے اور خواتین کیلئے بیت الخلاء کا کوئی بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے بازار میں آنے والے ہزاروں لوگوں کو کئی طرح کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کی نوشہرہ مونسپل کمیٹی میں جہاں ملازمین کی شدید کمی کی وجہ سے شعبہ کا کام مفلوج ہوتا جارہا ہے وہائیں متعلقہ حکام کی لاپرواہی اس عمل کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے ۔کمیٹی کی طرف سے بازار میں بنائے گئے تینوں بیت الخلاء کافی خستہ حالت میں ہیں۔ مین بس سٹینڈ پر جہاں پر روز ہزاروں کی تعداد میں لوگ سرکاری ہسپتال، تحصیل دفتر ، عدالت اور دیگر سرکاری دفتروں میں اپنے نجی کاموں کے لئے آتے ہیں، ان کے لئے ٹائلٹ کا کوئی انتظام نہیں ہے۔بس سٹینڈ پر بنائی گئے ٹوائلٹ کمپلیکس کی حالت خستہ ہو چکی ہے جبکہ خواتین کیلئے بنایا گیا الگ بلاک تالا بند ہے جس کے باعث خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس ٹوئلٹ میں پانی کا بھی کوئی بندوبست نہیں ہے، صفائی بھی برائے نام ہے۔ لوگوں کا الزام ہے کہ مونسپل کمیٹی جو ہزاروں روپے دکانداروں سے روزانہ جمع کرتی ہے،عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہے ۔محمد جاوید، ستنام شرما، کلدیپ سنگھ رنویر کمار جو کہ اپنے کام کیلئے بدھ کے روز نوشہرہ آئے ہوئے تھے ،نے بتایا کہ مین بس اسٹینڈ پر کمیٹی کمیٹی کی طرف سے بنائے گئے بیت الخلا ء کی حالت خستہ ہو چکی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ مذکورہ تالا بند بیت الخلا ء میں پانی کا بھی کوئی بندوبست نہیں ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے ،جبکہ اس کمپلیکس کی کوئی صفائی ستھرائی بھی نہیں کی جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ قصبہ میں آنے والی خواتین اور بزر گ شہریوں کی مشکلات آئے روز بڑھتی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں و مسافروں نے ڈائریکٹر لوکل باڈیز اور ضلع انتظامیہ انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوشہرہ بازار میں کمیٹی کی طرف سے بنائے گئے بیت الخلا کی قابل رحم حالت کی طرف توجہ دے کر عام لوگوں کیلئے ٹائلٹ کی سہولیات فراہم کروائی جائیں ۔