سرینگر// نیشنل کانفرنس نے پی ایس سی کی طرف سے گذشتہ ماہ ملتوی کئے گئے مسابقتی امتحانات کی نئی تاریخوں پر نظرثانی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی نوٹس کے مطابق اُمیداروں کو امتحانات کی تیاری کیلئے صرف 6دن کا وقت دیا گیاہے ، جو مذکورہ اُمیدواروں کیساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں مسابقتی امتحانات کی نئی تاریخوں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ماہ امتحان کے ایک روز قبل یعنی9مارچ 2022 کوشام کے وقت امتحانات کو ملتوی کردیاگیا تھا، جس کے بعد اُمیدوار اپنی روز مرہ کی زندگی کیساتھ جڑ گئے ، بعض اُمیدوار دوسرے امتحانات کی تیاریوں میں لگ گئے جبکہ ایسے بھی اُمیدوار ہیں جو بیرونی ریاستوں میں روزگار ، پڑھائی یا دیگر کاموں کیلئے بھی واپس چلے گئے۔ صوبائی ترجمان نے کہاکہ اگر کسی بھی امتحان کو اگلے نوٹس تک مؤخر کر دیا جاتا ہے تو ظاہر ہے کہ جب نئی نوٹیفکیشن آتی ہے تو امیدواروں کو تیاری کے لئے مناسب وقت دیا جاتا ہے ،بیرونی ریاستوں میں مقیم اُمیدواروںکو اپنی اپنی کمپنیوں اور دانشگاہوں سے چھٹیاں لیکر واپس آنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے لیکن یہاں ایسا کچھ نہیں کیا گیا، امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا اور بیچ میں صرف 6دن کا وقت رکھا گیا۔انہوں نے کہاکہ امتحان 8اپریل سے 17اپریل2022تک رمضان کے مہینے میں منعقد کیا جا رہا ہے وہ بھی 3 سے 6 بجے تک کے بیچ میں، یعنی افطار سے عین قبل اس وقت جب (روزہ سے) امیدواروں کے پاس کوئی توانائی باقی نہیں بچی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئے شیڈول سے مسلمان اُمیدواروں کو یقینی طور پر زیادہ نقصان پہنچے گا تاہم مختصر نوٹس کی وجہ سے تقریباً ہر اُمیدوار متاثر ہوئے بنا نہیں رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے نے امتحان کے انعقاد کیلئے جتنا کم وقت رکھاہے اُس میں دور دراز علاقوں میں رہنے والے اُمیدواروںکو اپنے لئے رہائشی انتظامات کرنے کا بھی محال ہوجائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پی ایس سی کی طرف سے امتحانات کے انعقاد کرانے کی جو عجلت دکھائی جارہی ہے اُس کا کوئی جواز نہیں بنتا اور ضرورت اس بات ہے کہ اُمیدواروں کو نئے سرے سے امتحانات کی تیاریوں کیلئے وقت فراہم کیا جائے۔