سرینگر// حریت (ع) کی ایگزکیٹوکونسل کا اجلاس حریت چیرمین میرواعظ عمر فاروق کی صدرات میں حریت صدر دفتر پر منعقد ہوا۔اجلاس میںحریت ایگزکیٹو اراکین پروفیسر عبد الغنی بٹ، بلال غنی لون، محمد مصدق عادل، مولوی مسرور عباس انصاری اور مختار احمد وازہ نے شرکت کی۔ اجلاس میںجموں کشمیر کی موجودہ سیاسی و تحریکی صورتحال کے مختلف پہلوئوں کے علاوہ شہید ملت میرواعظ مولانا محمد فاروق ، شہید حریت خواجہ عبد الغنی لون اور شہدائے حول کی برسیوں کی مناسبت سے 16 مئی سے شروع ہورہے ہفتہ شہادت کی تقریبات کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ ان تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس میں شہدائے کشمیر کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیریوں کی حق و انصاف پر مبنی تحریک اور یہاںکے عوام کو اپنے جائز حقوق دلانے کی جد وجہد میں جہاں یہاں کے عوام نے بے پناہ جانی و مالی قربانیاں پیش کی ہیں اور کر رہے ہیں وہیں قیادت کی سطح پر بھی دی گئی قربانیاں رواں تحریک آزادی کا ایک درخشان باب ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ان شہدا کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی آج عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے دائمی حل کو پورے جنوب ایشائی خطے کے دائمی امن اور استحکام کیلئے ناگزیر سمجھا جا رہا ہے اور عالمی براداری اس حقیقت سے واقف ہوچکی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کی مطابق حل کئے بغیر اس خطے میں امن اور ترقی کی راہیں ہموار نہیں ہوسکتیں۔