سرینگر//پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے دختران ملت نے کہا ہے کہ پاکستانی سربراہ کا بیان حقیقت پر مبنی ہے اور کشمیریوں کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔ عباسی نے کہا ہے کہ قضیہ کشمیر کا حل حق خود ارادیت ہے لیکن خودمختار آزاد کشمیر کا خیال حقیقت حال سے بعید ہے۔تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا یہ بیان کشمیر کے تاریخی پس منظر سے یگانگیت رکھتا ہے۔ اس لئے ہم اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ساتھ ہی ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیر قضیہ کے حل کیلئے کوششیں تیز کریں تاکہ کشمیر کا انضمام پاکستان سے ہو۔نسرین نے کہا کہ کشمیر حل کیلئے پاکستان کی حمایت اور تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے زیر انتظام کشمیر کی حکومت پر بھی زور دینا چاہئے کہ وہ کشمیر قضیہ کے حل کیلئے کوششیں تیز کرے۔ پاکستان اورمظفرآباد حکومت کو چاہئے کہ وہ کشمیر کے مظلوموں کی آوازیں بین الاقوامی فورموں تک پہنچائے تاکہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کیلئے عالمی رائے عامہ ہموار کی جائے۔نسرین نے مزید کہا کہ عوام کو اس دھوکہ میں نہیں آنا چاہئے کہ کسی حکومتی اقدام سے کشمیر قضیہ حل ہوگا۔لوگوں کو ان تمام بھارتی اقدامات کو مسترد کرنا چاہئے۔ اس قضیہ کا حل تب ہی ممکن ہوگا جب تاریخی حقائق کہ روشنی میں یہاں کے لوگوں کو دو قومی نظریہ کی بنیاد پر استصواب رائے کاموقع دیا جائے۔اس کے بغیر کوئی حل ہمیں قابل قبول نہیں ہوگا