پرویز احمد
سرینگر //کشمیر میںپچھلے 6 دنوں کے دوران 7000 کلو گرام سے زائد ناقابل استعمال گوشت، کباب، گشتابے ، چکن وغیر ہ ضبط کئے گئے۔کچھ مقامات پراس کاروبار سے جڑے لوگوں نے تجارتی مراکز پر لگی سرکاری سیل توڑ کرزہر بیجنے کی دوبارہ ناکام کوشش کی ہے۔ محکمہ فوڈ سیفٹی اپنی پوری افرادی قوت کے علاوہ محکمہ ناپ تول اورمحکمہ عوامی تقسیم کاری کے عملے کی مدد لے رہا ہے لیکن اس کے باوجود بھی زہر بیجنے کا یہ کاروبار کرنے والے لوگ اپنا کاروبار جاری رکھنے پر بضد ہے اور رات کے اندھیرے میں سڑے ہوئے گوشت سے کباب، گشتابے اور دیگر وازوان کے پکوان بنانے کا کام جاری رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران سرینگر، گاندربل، بارہمولہ اور اننت ناگ میں 2200کلو گرام سڑا ہو اگوشت، کباب، رستے وغیرہ ضبط کئے گئے ۔ سنیچر کی صبح ،وادی کے مختلف علاقوں کی سڑکوں پر سڑا ہوا ناقابل استعمال گوشت پھینکا گیا تھا ۔ سنیچر کی صبح سکمز صورہ کے متصل واقع بستی بہلوچی پورہ کی سڑک پر کباب، رستے، گشتابے، پیزا، پیٹی اور مموز بنانے کیلئے نا قابل استعمال گوشت کی بڑی مقدار بوریوں میں بند پھینک دی گئی تھی۔تقریباً 1000کلو پسے ہوئے سڑے گوشت کی لیبل کے بغیر پیکنگ کی گئی تھی جس سے بد بو آرہی تھی۔بعد میں محکمہ فوڈ سیفٹی نے اس گوشت کو ضبط کرکے ضائع کردیا ۔ ادھر سنیچر کی شب محکمہ فوڈ سیفٹی کی ایک ٹیم نے حاجی باغ ایچ ایم ٹی میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران تقریباً 1000کلو سڑا ہوا گوشت بر آمد کیا۔ٹیم نے بوسیدہ ہوئے گوشت، جو بوریوں میں بند تھا، جو بعد میں ضائع کردیا۔تین روز قبل ناگہ بل گاندربل میں جس فیکٹری سے سڑے ہوئے گوشت، کباب اور گوشتابوں کی صورت میں 250کلو گرام سڑا ہواگوشت پر آمد کیا گیاتھا وہاں سے فوڈ سیفٹی افسران نے مزید 75کلو گرام گوشت بر آمد کیا ہے۔ فوڈ سیفٹی آفیسر گاندربل شیخ عباس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ محکمہ فوڈ سیفٹی ، ناپ تول اور محکمہ خوراک و شہری رسداد نے مشترکہ کارروائی کے دوران 75کلوگرام گوشت ضبط کرکے ضائع کردیا اور چھوٹے ریستورانوں پر صفائی نہ رکھنے کی پاداش میں 700روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ سیل کی گئی فیکٹری کے بارے میں شیخ عباس نے کہا ’’ جمعرات کی شام 6بجے ڈی او نے اطلاع دی کہ سیل کی گئی فیکٹری کی کھڑی توڑ کرلوگ اندر گئے ہیں اور وہاں پھر سے کباب، گشتابے و غیر بنانے کا کام شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم فور حرکت میں آگئی اور فیکٹری پر دوبارہ چھاپہ مارا جس دوران مزید 75کلوگرام گوشت کباب اور گوشتابوں کی صورت میں ملے ۔ انہوں نے کہا کہ پھر سے فیکٹری کو سیل کردیا گیاہے اور تمام کھڑکیوں کو ٹین سے بندکردیا گیاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ان سب لوگوں کے خلاف عدالت میں چالان پیش کیا جائے گا اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت جرم ثابت ہونے پر 2لاکھ جرمانہ اور 3ماہ کی قید ہوگی۔ بارہمولہ کے مختلف بازاروں میں 2دکانوں سے 50کلو گرام ناقابل استعمال چکن، کباب اور گشتابے کی صورت میں موجود گوشت کے 50کلو گرام کو ضبط اور ضائع کیا گیا ۔اسسٹنٹ کمشنر فوڈ بارہمولہ رفیع احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ باریمولہ کے مختلف بازاروں کا معائنہ کرنے کے دوران چھاپڑی فروشوں، دکانداروں اور ریستوران سے 50کلو گرام بوسیدہ گوشت ضبط کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ دکانداروں پر صفائی نہ رکھنے کی پاداش میں 8000روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔اننت ناگ میں تحصیل آفیسر، ایس ایچ او ، سی اے پی ڈی اور میونسپلٹی کوکرناگ کے افسران نے سڑے ہوئے گوشت اور کباب اور رستے ضبط کرکے ضائع کئے۔ وائلو علاقے میں 25سڑے ہوئے رستے اور 15کباب ضبط کئے گئے جبکہ متعلقہ دکانداروں اور چھاپڑی فروشوں پر 18ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس دوران سیکریٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سید عابد رشید نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ گوشت کے نام پر زہر بیچنے والوں کو کسی بھی صورت میں نہیں بخشا جائے گا ۔ انہوں نے کہا ’’ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ انہیں سخت سزا دی جاسکی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت خراب اور زائدالمیاد گوشت فروخت کرنے کا جرم ثابت ہونے پر فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت قصورواروں کو 2لاکھ روپے جرمانہ اور 3ماہ کی قید کی سزا رکھی گئی ہے ۔