سرینگر// انتظامیہ نے جموں کشمیر انفرا سٹرکچرل ڈیولپمنٹ فائنانس کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ڈائریکٹر فائنانس (ریسورسس) کا اضافی چارج دیا جبکہ2’’کے اے ایس‘‘ افسراں کا تبادلہ بھی عمل میں لایا گیا۔ فائنانشل کمشنر فائنانس ڈاکٹر ارن کمار مہتہ کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا’’جموں کشمیر انفرا سٹرکچرل ڈیولپمنٹ فائنانس کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شوکت حسین میر کو ڈائریکٹر فائنانس(ریسورسس) کا اضافی چارج تفویض کرنے کو منظوری دی جاتی ہے‘‘۔اس دوران 2’’کے اے ایس‘‘ افسراں کے تبادلے اور تقرریاں بھی عمل میں لائی گئی۔ عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے جاری حکم نامہ میں لیفٹیننٹ گورنر کے سیکریٹریٹ میں تعینات ایڈیشنل سیکریٹری راجیش شرما کو تبدیل کرکے محکمہ عمومی انتظامی میں ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر تعینات کیا گیا۔ ہفتے کو جاری آرڈر کے مطابق جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن میں تعینات ایڈیشنل سیکریٹری شبیر حسین کین کو تبدیل کرتے ہوئے محکمہ عمومی انتظامی میں ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر تعینات کیا گیا۔