سرینگر//سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بنک بھرتی مہم میں منظور نظر افراد کو منتخب کرنے پر پی ڈی پی اور بھاجپا کو نشانہ بنادیا،جبکہ پی ڈی پی نے اس معاملے کی تہہ تک تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔عمر عبداللہ نے گورنر کا حوالہ دیتے ہوئے سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر پیغام درج کرتے ہوئے کہا’’مزیدکئی چیزیں بے نقاب ہونگی،پی ڈی پی،بی جے پی نے جموں کشمیر بنک میں منتخب تمام فہرست کو تبدیل کیاتاکہ اپنے منظور نظر افراد کو تعینات کرسکیں‘‘۔پی ڈی پی نے گورنر موصوف کا بیان کشمیریوں اور یہاں کے اداروں کی شبیہ خراب کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔پارٹی کے سینئر لیڈر نعیم اختر نے گورنر کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاملات کی چھان بین کرنے کے بغیر ہی گورنر کو چاہیے کہ وہ ہر ایک اخبار اور نیوز چینل کے پاس جاکر وہ سب کچھ بیان کریں جو ان کے گوشہ گزار ہوتا ہے۔ پی ڈی پی نے کہ گورنر موصوف اپنے بیانات سے کشمیریوں اور یہاں کے اداروں کی شبیہ خراب کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔نعیم اختر نے کہا کہ یہ بہت ہی افسوس کا مقام ہے کہ معاملات کی چھان بین کئے بغیر گورنر موصوف بے تکی باتوں کو میڈیا کے ذریعے پھیلارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر کو چاہیے کہ وہ ہر کسی اخبار اور نیوز چینل کے پاس جائے اور بے بنیاد باتوں کو پھیلائیں۔انہوں نے بتایا کہ گورنر کے بیان سے ایسا معلوم ہورہا ہے کہ کشمیر میں جس کسی کے پاس بھی چھوٹا یا بڑا گھر ہے وہ کرپٹ ہے۔انہوں نے بتایا کہ گورنر کو پوری کشمیری قوم کو کرپٹ تصور نہیں کرنا چاہیے، اگر انہیں لگ رہا ہے کہ دھاندلیوں میں کوئی شخص ملوث ہے تو اسے وقت ضائع کئے بغیر منظر عام پر لایا جانا چاہیے اور اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ گورنر کو چاہیے کہ وہ عوام میں کنفیوژن پیدا کرنے کے بجائے اپنی جوابدہی کمیشن کا بروقت استعمال کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا آغاز کریں۔