راجوری کے پہاڑی علاقوں میں تلاشی مہم شروع
سمت بھارگو
راجوری //سیکورٹی فورسز نے راجوری ضلع کے کئی پہاڑی علاقوں میں مشکوک نقل و حر کت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ضلع کے تھنہ منڈی اور درہال کے پہاڑی علاقوں میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد راشٹریہ رائفل بٹالین کی جانب سے تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی مہم سنیچر کی صبح شروع ہو ئی تھی جو کہ آخری اطلاع ملنے تک جاری تھی ۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ جن علاقوںمیں تلاشی مہم چلائی جارہی ہے وہ پیر پنچال رینج کا حصہ ہیں جبکہ مذکورہ علاقے جنوبی کشمیر کےساتھ جوڑے ہوئے ہیں ۔
پوسٹ گریجویشن کورسز میں داخلے کےلئے امتحان منعقد
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں پوسٹ گریجویشن کورسز میں داخلے کےلئے یونیورسٹی منتظمین نے امتحان منعقد کیا گیا ۔یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے حیوانیات ،نباتیات،ماحولیاتی،طبیعیات اور ماحولیات میں پوسٹ گریجویشن کورسز میں داخلے کےلئے انٹرینس لیا گیا ۔اس امتحان کےلئے یونیورسٹی منتظمین کی جانب سے دو سنٹروں کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جن میں سے ایک سنٹر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری اور دوسرا کشمیر یونیورسٹی میں بنایا گیا تھا ۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اکبر مسعود نے یونیورسٹی میں قائم کر دہ مرکز کا معائینہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔موصوف نے بتایا کہ امتحانی عمل میں مزید شفافیت لانے کےلئے یونیورسٹی منتظمین سوالیہ پرچے امیدواروں کو واپس کرنے اور تمام سوالات کے جوابات کے یونیورسٹی کی سائٹ پر لوڈ کرنے کا پلان مرتب کیا ہے ۔اس کے بعد طلباءاعتراضات بھی داخل کرواسکتے ہیں جبکہ معیاد کے بعد کسی بھی اعتراض کو قبول نہیں کیا جائے گا ۔وائس چانسلر نے بتایا کہ کووڈ کے سلسلہ میں تمام انتظاما ت کو مکمل کر کے گائیڈ لائن کو لاگو کیا گیا ہے ۔
نوشہرہ کے متعدد دیہات میں پانی کی قلت
محکمہ جل شکتی کے ملازمین پر لاپرواہی برتنے کا الزام
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے متعدد دیہات میں اس وقت پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگ کئی کلو میٹر کی پیدل مسافر طے کر کے پینے کےلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سب ڈویژن میں کئی واٹر سپلائی سکیمیں ناکارہ ثابت ہوئی ہیں تاہم متعلقہ محکمہ کے ملازمین و اعلیٰ آفیسران مذکورہ سکیموں کو فعال بنانے میں پوری طرح سے غیر سنجیدہ ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ سب ڈویژن کے دبڑ ،بریری ،سیری ،گگروٹ ،کلسیاں ،بھوانی ودیگر کئی دیہات میں واٹر سپلائی سکیمیں خراب یا محکمہ کی نااہلی کی وجہ سے بند پڑی ہوئی ہیں جبکہ مقامی لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گاﺅں کی خواتین کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پانی لانے پر مجبور ہیں ۔غور طلب ہے کہ حالیہ کئی دنوں سے سب ڈویژن میں بارشیں نہیں ہوئی ہیں جبکہ عام لوگوں کو پانی کی قلت پورا کرنے میں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔لوگوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ملازمین و آفیسران کی لاپرواہی ان کےلئے مزید مشکلا ت کا باعث بن چکی ہے ۔لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ واٹر سپلائی سکیموں کو فعال بنا کر عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں