کووڈ سے متعلق فوج کی بیداری مہم
راجوری //سرحدی ضلع پونچھ میں فوج نے کووڈ کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے بیداری مہم مسلسل جاری رکھی ہوئی ہے ۔اس مہم کے دوران فوج پنچایتی اراکین کے تعاون سے گائوں میں مکینوں کو کووڈ کے سلسلہ میں بیدار کررہے ہیں تاکہ وائرس کے خطرے سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بچایا جاسکے ۔اس سلسلہ میں فوج کی جانب سے سرحدی گائوں بسونی میں ایک بیداری مہم چلائی گئی ۔اس مہم کے دوران فوجی اہلکاروں نے مکینوں کو کووڈ کے پھیلائو کے ساتھ ساتھ اس کی علامتوں کے سلسلہ میں مکمل جانکاری فراہم کی ۔غور طلب ہے کہ اس سے قبل بھی فوج نے کووڈ کے دوران مقامی لوگوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے اہم رول ادا کیا ہے ۔بسونی میں فوج نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ کی دوسری لہر سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔
سرنکوٹ میں صفائی ستھرائی کا حال بے حال | 13وارڈوں پر مشتمل قصبہ میں محض 8صفائی کرمچاری تعینات
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ قصبہ میں صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں و تاجروں کی مشکلا ت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔بیو پار منڈل سرنکوٹ نے میونسپل حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کمیٹی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامناکرناپڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 13وارڈوں پر پر مشتمل قصبہ میں محض 8صفائی کرمچاریوں کو تعینات کیا گیا ہے جس کی وجہ سے نالیوں و گلیوں میں صفائی ستھرائی کا کوئی معیاری بندوبست ہی نہیں ہے ۔بیو پار منڈل سرنکوٹ کے صدر اظہر منہاس ،چیئر مین طارق منہاس و دیگران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ معمولی بارش کی وجہ سے بھی مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ عام راہگیروں کیلئے مشکلات پیدا ہو جاتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ جہاں صفائی کرمچاریوں کی کمی ہے وہائیں تعینات صفائی کرمچار ی کوڑا کرکٹ کو قصبہ میں ہی آگ لگا دیتے ہیں جس کی وجہ سے فضائی آلودگی بھی پیدا ہو تی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نالیوں میں جمع گندگی کے باوجود مذکورہ مقام پر نصب ہینڈ پمپ سے ہی لوگ پانی بھرنے پر مجبور ہیں ۔تاجروں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں صفائی ستھرائی کا کوئی معقول بندوبست کیا جائے ۔
انٹر پنچایت والی بال ٹورنامنٹ شروع
پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ میں انٹر پنچایت والی بال ٹورنامنٹ کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔بی ڈی سی چیئر مین منجا کوٹ کی جانب سے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا گیا جبکہ اس موقعہ پر تحصیلدار منجا کوٹ جاوید اقبال ،ایس ڈی پی او منجا کوٹ تنویر جیلانی اور پرنسپل گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول منجا کوٹ و دیگر ملازمین و معززین بھی موجود تھے ۔اس ٹورنا منٹ کے انڈر 25زمرے میں کل 5ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں لڑکیوں کی بھی دو ٹیمیں شامل ہیں ۔اس تور نامنٹ کے سلسلہ میں افتتاحی پروگرام میں 30لڑکوں اور 20لڑکیوں نے شرکت کی
تحصیلدار کے تبادلے پر شاندار الوداعی تقریب
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سیول سوسا ئٹی تھنہ منڈی کی جانب سے تحصیلدار تھنہ منڈی محمود ریاض خان کے تبادلے پر ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اس تقریب میں سیول سوسائٹی کے اراکین و معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تقریب میں چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر، ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر ، ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر فرید احمد چوہدری، کیپٹن محمد اعظم خان ، سرپنچ حاجی کرامت خان، سرپنچ حاجی طالب حسین، صدر بیوپار منڈل تھنہ منڈی حاجی غلام محی الدین عارف، سینئر لیڈر عبدالغنی شال، کونسلر الحاج محمد اقبال رینہ ، گرداور غلام نبی خان اور ضلع صدر انٹک طاہر احمد شال، کے علاوہ محکمہ مال کے ملازمین اور علاقے کی کئی سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے تحصیلدار محمود ریاض خان کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں ۔اس موقع پر سابقہ تحصیلدار اور تقریب کے صدر محمود ریاض خان نے تمام معززین ، مقامی پولیس ، سیول سوسائٹی اور بیوپار منڈل کا شکریہ اداکیا۔مقررین نے نئے تعینات ہو ئے رتحصیلدار کا ساحل علی کا استقبال بھی کیا ہے ۔
صفر لائن و تار بندی کے درمیان گھاس کٹائی کی اجازت دینے کا مطالبہ
عشرت حسین بٹ
منڈی// بی ڈی سی چیئر مین منڈی و پی ڈی پی ضلع صدر پونچھ شمیم احمد گنائی اور کانگریس کے سنیئر لیڈر تاج میر جمو ں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ صفرلائن او ر تار بندی کے درمیان لوگوں کو اپنی زمینوں سے گھاس کٹائی کی اجاز ت دی جائے ۔یہاں جاری ایک بیان میں دونوں لیڈران نے کہاکہ پونچھ ضلع میں حد متارکہ او ر تار بندی کے درمیان فوج کی جانب سے لوگوں کو گھاس کٹائی کی اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے کسانوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔شمیم احمد گنائی نے کہاکہ فوج کی جانب سے لوگوں کی زمینوں میں سے تاریں لگائی گئی ہیں تاہم ان کو چاہئے کہ مذکورہ تار بندی صفرلائن پر کی جائے تاکہ لوگوں کی زمینیں بر باد ہو نے سے بچائی جاسکیں ۔انہو ں نے کہاکہ سرحدی ضلع میں حد متارکہ اور تار بندی کے درمیان لوگوں کی ایک وسیع زمین موجود ہے تاہم تار بندی کی وجہ سے وہ اپنی زمینوں میں نہ تو کاشتکار ی کر سکتے ہیں اور نہ ہی گھاس کٹائی کی اجازت دی جاتی ہے ۔موصوف نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا رول ادا کریں تاکہ سرحدی علاقوں کے مکینوں کو سہولیا ت میسرہوسکیں ۔دونوں لیڈران نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کسانوں کو فصل کٹائی کیساتھ ساتھ تار بندی کے اندر سے گھاس کٹائی کی اجازت دی جائے ۔
ساوجیاں کے آنگن واڑی مراکز میں راشن تقسیم
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں میں آئی سی ڈی ایس سکیم کے تحت چلائے جا رہے 15 آنگن واڑی مراکز میں بنیادی تعلیم حاصل کر رہے بچوں اور علاقہ کی چھول پنچایت سے تعلق رکھنے والی 6 خواتین کیلئے راشن تقسیم کیا گیا ۔اس موقعہ پر چھول گگڑیاں اور چھول گگڑیاں بی کے تحت پڑنے والے 15آنگن واڑی مراکز کو پنچایتی نمائندگان اور آئی سی ڈی ایس سکیم کی زون سوجیاں انچار ج اور سپروایزر شانہ بیگم کی موجودگی میں سامان مہیا کیا گیا۔ اس موقعہ پر پنچایتی اراکین اور آنگن واڑی مراکز میں تعلیم حاصل کر رہے بچوں کے والدین نے انتظامیہ اور محکمہ آئی سی ڈی ایس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل لاک ڈائون کے دوران بھی ان کے بچوں میں محکمہ کی جانب سے راشن تقسیم کیا گیا جو کہ غریب لوگوں کے لئے محکمہ کی جانب سے بہت اچھاقدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی پنچایت گگڑیاں اور پنچایت گگڑیاں بی کے پندرہ آنگن واڑی مراکز اور چھول پنچایت کی 6 خواتین میں بہتر خوراک کاسازو سامان دیا گیا۔
آزادی کا امرت مہا اُتسو
محکمہ یوتھ سروسز کی جانب سے لورن میں سائیکل ریلی کا انعقاد
عشرت حسین بٹ
منڈی//آزادی کا امرت مہا اُتسوپروگرام کے تحت محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی جانب سے منگل کوتحصیل منڈی کے علاقہ لورن میں ایک سائیکل ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بلاک لورن سے تعلق رکھنے والے مختلف تعلیمی اداروں کے 40 سے زائد طلباء نے حصہ لیا۔سائیکل ریلی کو سرپنچ لورن بشیر احمد کامران و محکمہ کے زیڈ پی او رنجیت سنگھ نے ہائر سکینڈری سکول لورن سے روانہ کیا جو تانترے گام لورن میں پہنچ کر اختتام پزیر ہوئی ۔اس موقعہ پر محکمہ کی جانب سے سکول میں ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس سے خطاب کرتے ہوئے سرپنچ لورن نے کہا کہ آزادی کا امرت مہا اتسوپروگرام جو کہ اس وقت جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ ضلع پونچھ میں بھی چلایا جا رہا ہے ،کا مقصد ملک کی آزادی میں شہید ہونے والے مجاہدوں کو یاد کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ یوتھ سروسزمبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے لورن جیسے دور دراز علاقہ میں اس طرح کے پروگرام کا اہتمام کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کے آنے والے وقت میں لورن میں انتظامیہ کی جانب سے ایسی تقریبات کا اہتمام پھر کیا جائے گا۔
تعلیمی زون ننگالی میں صفائی مہم چلائی گئی
پونچھ//ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں کی ہدایت پر سوچھتا پکھواڑا منایا جارہا ہے۔اس مہم کے تحت تعلیمی اداروں اور ان کے گرد و نواح میں صفائی مہم چلائی جارہی ہے ۔اس مہم کے دوران مکینوں کو بھی صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں بیدار کیا جارہا ہے ۔محکمہ تعلیم کے زون ننگالی میں ایجوکیشن آفیسر انور خان کی سرپرستی میں صفائی مہم کا اہتمام کیا گیامذکورہ صفائی مہم دور افتادہ علاقہ چکتروکے مڈل سکول چکترو اور اس کے مضافات کے سکولوں کے اشتراک سے چلائی گئی جس میں نہ صرف سکولوں کے اردگرد صفائی کو یقینی بنایا گیا بلکہ ساتھ ہی مقامی لوگوں کے اندر بھی صفائی کے حوالے سے بیدارکیا گیا ۔اس مہم کے دوران پلاسٹک کے استعمال کے مضر اثرات اور اس میں کمی لانے کے سلسلہ میں عوام کو بیدار کیا گیا ۔صفائی مہم میں شرکت کرنے والوں میں محمد فاروق قریشی، طارق عزیز خواجہ، شگفتہ عندلیب جلال الدین بٹ فردوس خان، روبینہ تانترے جگجیت سنگھ اور دیگر اساتذہ شامل تھے۔
کرشی وگیان کیندر پونچھ میں15روزہ تربیتی پروگرام شروع
حسین محتشم
پونچھ//کرشی وگیان کیندرپونچھ کی کھاد ڈیلرز کیلئے انٹیگریٹڈ نیوٹریشن مینجمنٹ کاپندرہ روزہ پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام شروع کیا گیا۔اس تربیتی پروگرام کا افتتاح چانسلر ایس کے یو اے ایس ٹی جموں نے ورچول موڈ کے ذریعہ کیا ۔ تربیتی پروگرام کا اصل مقصد دیہی علا قوں کے کسانوں کو با اختیار بنا نا ہے۔پندرہ روز کی تربیت کے بعد ان شامل ہونے والے افراد کو ایک سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا جبکہ منعقدہ پروگرام میں مذکورہ علا قہ کی 30افراد نے شرکت کی۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے کرشی وگیان کیندر کے سنیئر سائنسدان اور ہیڈ نے محکمہ کے ملازمین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کرشی وگیان کیندر کے زیر تحت شروع کی گئی سکیموں کیلئے عوام کو بیدار کیا جائے تاکہ وہ ان اسکیموں سے فائدہ اٹھاسکیں۔انہوں نے مذکورہ تربیتی پروگرام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سماج کی ترقی اور فلاح وبہبود کیلئے اس طرح کے پروگراموں کو شروع کیا گیا ہے۔یہ تربتی سلسلہ جو 7ستمبر کو شروع ہوا ہے 23تاریخ کو اختتام پذیر ہوگا۔
بھمبر گلی ٹنل کی تعمیرکیلئے734.64کروڑ روپے کی منظوری | پونچھ کے سیاسی وسماجی کارکنوں نے مسرت کا اظہار کیا
حسین محتشم
پونچھ//مر کزکی جانب سے31ٹی ایف کے تحت اکھنور پونچھ قومی شاہرا پر بھمبر گلی ٹنل کے لئے اور فور لائین سڑک کی تعمیر کے لئے 734.64 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جس کو لیکر پونچھ کے لوگ خصوصی طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران مرکزی سرکار کی سراہنا کر رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے جموں کشمیر کے ترجمان سنیل گپتا نے کہا کہ ٹنل اور فور لائین سڑک کی تعمیر کے لئے اتنی بڑی رقومات واگزار کر کے مرکزی حکومت نے سرحدی ضلع پونچھ کے عوام پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔انھوں نے کہا تعمیرات مکمل ہونے کے بعد پونچھ سے جموں کا سفر صرف تین گھنٹوں میں طے ہوپائے گاجس سے یہاںکے لوگوں کو بڑی راحت ملے گی اور سرحدی ضلع پونچھ کی ترقی ہوگی۔بی جے پی کے سینئر لیڈرشہزاد خان نے کہا کہ یہاں ثابت ہو جاتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی سب سے اچھی جماعت ہے۔انھوں نے کہا کہ پورے ملک میں جس طرح بھارتیہ جنتا بارٹی ترقیاتی منصوبے عملا رہی ہے ایسا لگتا ہے کہ چند سالوںمیں ہمارا ملک ترقی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہوگا۔ایڈوکیٹ افتخار علی بزمی نے کہاکہ یہ ایک خوش آئیند قدم ہے جو سرحدی ضلع پونچھ کی عوام کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی سرکار کی جانب سے رقومات جلد سے جلد واگزار کر کے تعمیراتی کام شروع کر کے انھیں جلد سے جلد مکمل کیاجائے گا۔
پونچھ میونسپل حدود میں سڑکوں پر ناجائز تجاوزات
شہریوں کو آمدورفت میں خلل ،میونسپل کونسل پرلا پرواہی کا الزام
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پررھیڑی والے سڑکوں پر تجاوزات/ ناجائز قبضہ کر کے لوگوں کے لئے پریشانیوں کا باعث بنتے ہیں۔لوگوں نے کہا کہ میونسپل کونسل ریڑھی اور ٹھیلے والوں کے خلاف کارروائی کرنے میں مبینہ طورپر لاپرواہی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔انہوں نے کہااگرچہ میونسپل کمیٹی پونچھ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے ہر مہینے بازاروں میںکارروائی کرتی ہے لیکن اس طرح کے چھاپے کے دوسرے ہی دن اسی جگہ پر وہ لوگ دوبارہ قابض نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ حاجی مارکیٹ ، پریڈ گراؤنڈ ، بس اسٹینڈ پونچھ کے قریب اور پونچھ میں مختلف جگہوں پر افسران نے چھاپے ڈال کے تجاوزات ختم کی لیکن قانونی کارروائی کے فورا بعد تجاوز کرنے والے اپنی جگہ پھرکھڑے ہوجاتے ہیں۔لوگوں نے الزام لگاتے ہوئے کہامیونسپل کمیٹی صرف ان سے اپنا حصہ لینے کیلئے اس طرح کی مہم چلاتے ہیں جبکہ اس کی وجہ سے عوام بہت زیادہ تکلیف اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیساتھ ساتھ اس سلسلہ میں ملوث ملازمین و آفیسران کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
چوہدری محمد صادق کی وفات | سیاسی و سماجی شخصیات نے دکھ کا اظہار کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سلواہ ٹوپہ علاقہ کے رہائشی محمد صادق چوہدری کی ہوئی اچانک وفات پر کئی ایک سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔مرحوم بینک ملازم عبدالمجید کے والد اور سر پنچ سلواہ ٹوپہ کے سسر بھی تھے ۔ان کی نماز جنازہ آبائی گائوں میں ادا کی گئی جس میں سابقہ ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید رانا ،ڈی ڈی سی ممبر مینڈھر باجی فاروق چوہدری ،بی ڈی سی ممبر منکوٹ امان اللہ چوہدری اور پنچایتی اراکین پر مشتمل سینکڑوں کی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی ۔ان کی وفات پر ایڈوکیٹ معروف خان ،ایڈ وکیٹ ندیم رفیق خان ،پروین سرور خان ،ڈی ڈی سی ممبر عمران چوہدری ،ڈی ڈی سی ممبر انجینئر واجد بشیر ،بی ڈی سی چیئر مین طاہرہ جبین ،محمد صادق چوہدری ،وسیم احمد خان کے علاوہ کئی سیاسی ،سماجی و مذہبی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہا ر کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔