راجوری کے نجی سکول میں کووڈ کے 32معاملا ت سامنے آئے | چیف ایجوکیشن آفیسر نے 5دنوں کیلئے سکول بند کرنے کا حکم جاری کیا
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع میں سکولوں کو دوبارہ سے کھولنے کے پہلے ہی دن ایک نجی سکول میں سے کووڈ کے 32معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ چیف ایجوکیشن آفیسرراجوری نے سکول کو آئندہ پانچ دونوں کیلئے بند کرنے کیساتھ ساتھ تمام طلباء و سٹاف ممبران کے کووڈ ٹیسٹ اور ان کو علیحدہ رکھنے کے سلسلہ میں حکم نامہ جاری کیا ہے ۔محکمہ صحت کی جانب سے ضلع کے تھنہ منڈی سب ڈویژن کے ایک نجی سکول میں کووڈ جانچ کے سلسلہ میں لگائے گئے کیمپ کے دوران مذکورہ معاملا ت سامنے آئے ہیں ۔چیف میڈیکل آفیسر راجوری ڈاکٹر شمیم بھٹی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ درہال میڈیکل بلاک سے محکمہ صحت کی ایک ٹیم نے کریلائٹ پبلک سکول نامی ایک نجی سکول میں بچوں کے ٹیسٹ کئے ۔موصوفہ نے بتایا کہ کووڈ جانچ کے دوران سکول میں زیر تعلیم طلباء میں سے 32کے کووڈ نمونے مثبت آئے جبکہ ان طلباء کا تعلق تھنہ منڈی کے مختلف گائوں سے ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ اطلاعات ضلع انتظامیہ کیساتھ ساتھ دیگر اعلیٰ حکام تک پہنچائی گئی ہیں جبکہ ان طلباء کو کووڈ کئیر سنٹروں میں منتقل کیاجاسکتا ہے تاکہ کووڈ کے کمیونٹی پھیلائو کو روکا جاسکے ۔دوسری جانب چیف ایجوکیشن آفیسرراجوری چوہدری گلزار حسین نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے مذکورہ نجی سکول کو آئندہ پانچ دنوں تک بند کر کے تمام سٹاف ممبران و بچوں کی جانچ کیساتھ ساتھ ان کو علیحدہ رکھنے کی ہدایت جاری کی ہیں ۔گزشتہ روز ضلع بھر میں 32بچوں سمیت کووڈ کے کل 40نئے کیس سامنے آئے ہیں جن میں سے 6سیکورٹی اہلکار بھی موجود ہیں ۔
BGSBU نے سیاحت کا عالمی دن منایا
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے منتظمین کی جانب سے سیاحت کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔یونیورسٹی کے مذکورہ شعبہ کی جانب سے ایک ویبنار کا اہتمام کیاگیا تھا جبکہ وائس چانسلر پروفیسر اکبر مسعود نے متعلقہ شعبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ خطہ میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ایک رول ادا کیا جارہا ہے ۔اپنے بیان میں موصوف نے کہاکہ جموں وکشمیر کے دیگر علاقوں کیساتھ ساتھ خطہ پیر پنچال میں سیاحت کی وسیع صلاحیتیں موجود ہیں جبکہ مذکورہ شعبہ لوگوں کی تعمیر وترقی میں ایک اہم رول ادا کرسکتا ہے ۔اس موقعہ پر روہت رتن ایسوسی یٹ کو آرڈینٹر نے تفصیلی خطاب کیا ۔انہوں نے کہاکہ خطہ پیر پنچال کے مختلف علاقوں میں سیاحت کو ترقی دینے سے مکینوں کی اقتصادی حالت میں بہتر ہوگی ۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر دانش نے کہاکہ سیاحتی صنعت دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی میں ایک اہم رو ل ادا کر سکتی ہے ۔اس ویبنار میں یونیورسٹی کے سٹاف ممبران و طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
سرنکوٹ میں او بی سی تنظیم کے اراکین کا اجلاس
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں او بی سی تنظیم کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں او بی سی سرنکوٹ کے تینوں بلاک صدور کے علاوہ ضلع صدر جنرل سیکریٹری و صوبائی جنرل سکریٹری نے شرکت کی۔عبدالرزاق پروفیسر کی صدرات میں منعقد ہوئی میٹنگ کے دوران معروف شاعر حسام الدین بیتاب مرحوم قائد او بی سی تنظیم کے لئے دعائے مغفرت کی گئی جس کے بعد او بی سی طبقہ کے مسائل پر تفصیلی بات چیت بھی کی گئی ۔اراکین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت او بی سی طبقہ کے مسائل کو حل ہی نہیں کررہی ہے جبکہ کئی ایک معاملات میں طبقہ کو یکسر نظرانداز کیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ طبقہ کو ابھی تک 27فیصد ریزرویشن سے دور رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے سماج کے پسماندہ طبقہ کے لوگوں کی فلاح و بہبو د میں رکاوٹیں پیدا ہو گئی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ طبقہ کے مسائل کے ساتھ ساتھ ان کی تمام مانگیں جلدازجلد پوری کی جائیں ۔اجلاس میں فاروق احمدبلاک صدر ،ایڈوکیٹ عبد القیوم تنظیم صدر سرنکوٹ، خاجی محمد بشیر بلاک صدر لسانہ سبکدوش ماسٹر محمد شفیع حاجی صادق، محمد بشیر خاجی اشرف کے علاوہدیگر کئی لیڈران بھی موجود تھے ۔
ڈی ڈی سی چیئر مین کا کوٹرنکہ میں عوامی دربار
محمد بشارت
کوٹرنکہ //ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین راجوری چوہدری نسیم لیاقت کی قیادت میں کوٹرنکہ میں ایک عوامی دربار منعقد کیا گیا جس میں بی ڈی سی چیئرمین جاوید اقبال چوہدری ،بلاک بدھل اولڈ ،بدھل نیو ودیگر علاقوں کے پنچایتی اراکین اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقعہ پر عوامی نمائندوں نے دیہی علاقوں میں لوگوں کو درپیش مسائل و بنیادی سہولیات کے قلت کے سلسلہ میں ڈی ڈی سی چیئر مین کو جانکاری فراہم کی گئی ۔انہوں نے کہاکہ پسماندہ علاقوں میں جہاں بجلی شعبہ کی حالت انتہائی غیر معیاری ہے وہائیں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدیدقلت اور رابطہ سڑکوں کی انتہائی خراب حالت کی وجہ سے پسماندہ طرزی کی زندگی بسر کرنا پڑرہی ہے ۔ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین نے اپنے خطاب میں کہاکہ کوٹرنکہ سب ڈویژن کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر وترقی ان کی اوالین ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے کہاکہ پسماندہ علاقوں میں بجلی کی معقول سپلائی ،پانی کی سہولیات میسر کرنا ،صحت ،سڑکیں ودیگر شعبوں کے کام و کاج کو معیاری بناکر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ان کے مطالبات و مشکلات کو جلدازجلد حل کرلیا جائے گا ۔اس موقعہ پر اے ڈی سی کوٹرنکہ ،بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کوٹرنکہ ،بلاک میڈیکل آفیسر ودیگر محکموں کے اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے ۔
’سالڈ ویسٹ مینجمنٹ‘پر بیداری پروگرام
راجوری //’آزای کا امرت مہا اتسو ‘کی مناسبت سے راجوری میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے ٹھوس فضلہ (سالڈ ویسٹ )پر ایک بیداری پروگرام کااہتمام کیاگیا ۔میونسپل کمیٹی کے صدر محمد عارف کی جانب سے اس سلسلہ میں مختلف سرگرمیوں کا افتتاح کیا گیا جبکہ اس موقعہ پر میونسپل کمیٹی کے نائب صدر بھارت بھوشن وید ودیگر کونسلر بھی موجود تھے ۔’سالڈ ویسٹ مینجمنٹ‘پر پیر کے روز ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیاگیا جبکہ اس پروگرام کا اصل مقصد ٹھوس فضلے کی وجوہات ،اس سے پیدا ہونے والی بیماریاں ،اس کو ٹھکانے لگانے کیلئے اٹھائے جارہے اقدامات کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کرنا ہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے میونسپل کمیٹی صدر نے کہاکہ ’سالڈ ویسٹ مینجمنٹ‘موجود وقت میں ایک اہم اور سنجیدہ نوعیت کا معاملہ بن چکا ہے اور اس کی وجہ سے قدرتی ماحولیاتی توازن کیساتھ ساتھ انسانی زندگی پر بھی اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پلاسٹک بالخصوص ایک مرتبہ استعمال ہونے والے پلاسٹک سے اجتناب کریں ۔
’آزادی کا امرت مہا اتسو‘
تھنہ منڈی میں صفائی ابھیان شروع کیا گیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تحصیل انتظامیہ ، سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر کی صدارت میں آزادی کا امرت مہا اتسو پروگرام کے تحت تھنہ منڈی میں صفائی مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس موقعہ پر چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر، ای او قاسم چوہدری ، کونسلر الحاج محمد اقبال رینہ ، کونسلر سردار شوکت حسین، کونسلر مشتاق احمد ٹھاکر، کونسلر حاجی عبدالحمید، محمد یونس خان نائب صدر بیوپار منڈل تھنہ منڈی، مشتاق احمد وانی اور طاہر احمد شال اور میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے تمام ملازمین کے علاوہ تحصیل انتظامیہ ، سول سوسایٹی اور سیاسی و سماجی ورکروں کے ساتھ ساتھ صحافیوں ، معزیز شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی نے کہا کہ پورے قصبہ کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک بنانے کیلئے بہتر اقدامات کئے گے ہیں اور مزید بہتر بنانے کیلئے ہمیں سب کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ذمہ داری محسوس کرنی ہو گی تاکہ ہم صفائی کی شروعات اپنے گھر سے کریں۔ میر نے کہا کہ تھنہ منڈی میں صفائی مہم کا آغاز ہو چکا ہے جس کو کامیاب کرنے کیلئے معزز شہری مونسپل کمیٹی کے عملے سے مکمل تعاون کریں۔
پونچھ میں فٹ انڈیا مہم کے تحت ریلی برآمد
حسین محتشم
پونچھ// فٹ انڈیا رن 2.0 کے تحت پونچھ میں مختلف پروگراموں کے انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے زونل ایجوکیشن افسرپونچھ کی نگرانی میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر زونل ایجوکیشن آفسر پونچھ کے علاوہ دیگر اساتذہ اور عملہ موجود رہا۔گورنمنٹ مڈل سکول کا مسر سے نکلنے والی اس ریلی کو چیف ایجوکیشن آفسر نے ہر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریلی صبح 11 بجے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے 2بجے کے قریب ماڈل گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول پونچھ میں اختتام پذیر ہوئی۔اس ریلی میں 2سو سے زائد طلباء اور اساتذہ نے حصہ لیا۔ ڈاکٹر انتیما شرمااور گورمیت سنگھ نے زون پونچھ سے نمائندگی کی۔ انہوں نے "فٹ انڈیا موومنٹ کے مشن کے حوالے سے طلباء اور دیگر شرکاء کو جانکاری دی۔
کوٹرنکہ و بدھل میں کئی سولر لائٹس ناکارہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژں کوٹرنکہ حکام کی جانب عوامی سہولیات کیلئے نصب کی گئی سولر لائٹس کئی عرصہ سے ناکارہ ہوئی ہیں لیکن ابھی تک متعلقہ حکام کی جانب سے ان کی مرمت کیلئے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے کوٹرنکہ اور بدھل قصبوں میں 2008کے دوران سولر لائٹس نصب کی گئی تھی تاہم مکینوں کیساتھ ساتھ رات کی تاریکی میں نمازیوں کو سہولیات میسر ہو سکیں لیکن گزشتہ کئی برسوں سے مذکورہ لائٹس خراب ہوئی ہیں تاہم ابھی تک ان کی مرمت نہیں کی جاسکی ۔مکینوں نے بتایا کہ جامع مسجد کوٹرنکہ ،کوٹرنکہ چوک اور بدھل بس سٹینڈ پر نصب کی گئی سولر لائٹس گزشتہ 13برسوں سے خراب پڑی ہوئی ہیں لیکن کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کے بعد بھی ان کی مرمت نہیں کی جارہی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سولر لائٹس کی جلدازجلد مرمت کی جائے تاکہ عوام لوگوں کو سہولیات میسر ہوسکیں ۔
پہاڑی سے پھسل کر شہری لقمہ اجل
راجوری //راجوری ضلع کے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں ایک شخص پہاڑی سے پھسل کر لقمہ اجل بن گیا ۔جموںوکشمیر پولیس نے بتایا کہ سب ڈویژن کوٹرنکہ کے ترگائیں علاقہ کی پہاڑیوں سے ایک شخص گھاس کٹائی کے دوران گر کر لقمہ اجل بن گیا ۔مرنے والے کی شناخت شاہ محمد ولد منیر احمد سکنہ ترگائیں کے طورپر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص کا گھا س کٹائی کے دوران اچانک پائوں پھسل کر ایک گہری کھائی میں جا گرا ۔انہوں نے بتایا کہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پولیس نے ایک معاملہ درج کرلیا ہے جبکہ لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔
سموٹ میں فوج کا عوامی اجلاس
راجوری //فوج کی جانب سے راجوری ضلع کے سموٹ علاقہ میں ’قومی ایکتا میٹنگ ‘کے عنوان سے ایک عوامی اجلاس منعقد کیا گیا ۔سب ڈویژں کوٹرنکہ کے سموٹ علاقہ میں منعقدہ اجلاس میں مکینوں کیساتھ ساتھ فوجی آفیسران نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران فوجی آفیسران نے کہاکہ فوج کیساتھ ساتھ معززین و نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ ملکی یکجہتی کیساتھ ساتھ تعمیر و ترقی میں اپنا رول ادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں مختلف مذہبوں کے لوگ رہائش پذیر ہیں جبکہ ہر ایک شہر ی کا رول آپسی یکجہتی میں اہم ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوے کہاکہ فوج کیساتھ مل کر کام کیا جائے تاکہ ہندوستان کو ایک نئی پہچان دی جاسکے ۔
پانی سپلائی بحال ہونے پر لوگوں نے راحت کی سانس لی
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // لینڈ کیس ملازمین نے ڈی سی چیئرمین جاوید چوہدری کی یقین دہانی پر 10 دنوں کیلئے کام چھوڑ ہڑتال ختم کرنے کے فیصلے کے بعد عارضی ملازمین نے پانی کی سپلائی کو بھی بحال کر دیا جس کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔ چار دنوں سے بند پڑی پائپوں میں پانی کی بحالی کے بعد لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاامید ظاہر کی کہ عارضی ملازمین کو جلدازجلد انصاف دیا جائے گا ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ اورڈی سی چیئرمین جاوید چوہدری کا شکریا ادا کیا۔ وہیں لینڈ ڈونر ایسوسی ایشن کے ضلع صدر محمد لطیف چوہان نے ایک مرتبہ پھر تمام لینڈ کیس ملازمین سے کہا کہ وہ لوگوں کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کریں۔چوہان نے کہا کہ وہ چیئرمین موصوف کی یقین دہانی پر آئندہ 10 دنوں کیلئے ہڑتال ختم کر رہے ہیں اور اگر اس دوران ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے اورتنخواہیں واگزار نہ کی گئیں تو از سرِ نو ہڑتال شروع کر دی جائے گی ۔
شیندرہ لوہر میںسڑک پر تارکول بچھانے کا کام شروع
حسین محتشم
پونچھ//پنچایت شیندرہ لوہر میں انتظامیہ کی جانب سے دو کلو میٹر سڑک پر تارکول بچھانے کا کام شروع کرنے پر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ کے افسران کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا وہ ایک طویل عرصہ سے مطالبہ کر رہے تھے کہ اس سڑک پر بلیک ٹاپ کیا جائے اب جا کر ان لوگوں کی مانگ پوری کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کے لئے وہ متعلقہ محکمہ کے افسران کا شکرگزار ہیں۔سرپنچ حلقہ پنچایت شیندرہ لوہر وجاہت بخاری نے ضلع ترقیاتی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس سلسلہ میں اہم کردار ادا کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹوانجینئرامتیاز میر ، مختار احمد سپروائزر کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس سڑک پر معیاری طریقہ سے کام شروع کروایا۔لوگوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ان کے گائوں کا خاص طور پر خیال رکھا جائے گا اور وہاں کے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
محکمہ سیاحت نے ٹریکنگ پروگرام کا انعقاد کیا
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ سیاحت نے ضلع انتظامیہ پونچھ کے تعاون سے ایک روزہ پونچھ تا نندی چھول سیر وتفریح و ٹریکنگ پروگرام کا انعقاد کیا تاکہ سیاحت فروغ دیا جائے۔ محکمہ کی جانب سے سیر پرروانہ ہونے والے قافلہ کو ڈی ڈی سی چیئر مین تعظیم اختر نے ہری جھنڈی دیکھا کر روانہ کیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر اندرجیت ایس ایس پی ڈاکٹر ونود کمار اور ٹوریزم افسر تنویر احمد خان موجود تھے۔محکمہ سیاحت اور ضلع انتظامیہ کی طرف سے یہ پروگرام سیاحت کو فروغ دینے کے لئے منعقد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں ڈاک بنگلہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جہاں تقریبا دو سو نوجوان جو اس سے تفریحی پروگرام میں شامل ہوئے،کو ٹریک سوٹ دئیے گئے بعدازاں ضلع ترقیاتی کمشنر اور دیگر معزز مہمانوں نے نوجوانوں نے بات بھی کی۔ اس دوران منڈی اور لورن میں تمام شرکاء کے لئے چائے اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کا بھی انتظام کیا گیا تھا جبکہ ان نندی چھول میں شرکاء کو کھانا کھلایا گیانندی چھول میں جہاں پر نوجوان میں قدرتی نظاروں کو دیکھ کر سکون دل حاصل کیا وہیں پر محکمہ کی جانب سے وہاں پر کلچر پروگرام بھی منعقد کیے گئے جن سے شرکاء لطف اندوز ہوئے۔ محکمہ سیاحت کے اعلیٰ آفیسر تنویر احمد نے بتایا کہ یہ پروگرام عالمی یوم سیاحت کے موقع پر منعقد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کوشش کر رہا ہے کہ مقامی لوگوں کو اس علاقے کے سیاحتی مقامات دکھائے جائیں جو عالمی سطح پر ایک دن ابھر کر آنے والے ہیں انہوں نے کہا کہ جو جو مقامی سیاحتی مقام ہے محکمہ ٹوریزم وہاں کام کر رہا ہے۔
آیوش شعبہ نے اڑائی میں مفت طبی کیمپ لگایا
حسین محتشم
پونچھ//ڈائریکٹر آیوش جموں موہن سنگھ کی ہدائت پر محکمہ آیوش پونچھ کی جانب سے ضلع کے گاؤں اڑائی، پنچایت حویلی کی آئی ایس ایم ڈسپنسری میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا بنیادی مقصد کووڈ 19 کے لئے قوت مدافعت بڑھانے والی ادویات کی فراہمی اور لائف سٹائل بیماریوں کی جانکاری اور ان پر روک تھام کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ کیمپ کے دوران مریضوں کو مفت ادویات اور مشاورت مہیا کی گئی مقامی آبادی کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں ہائی بلڈ پریشر، جوڑوں کا درد، جلد کے مسائل، ذہنی دباؤ، گریوا، ڈسک کا مسئلہ اور سانس کی نالی کے انفکشن میں مبتلا مریض تھے انکا مفت معائینہ کیا گیا اور ساتھ ہی مفت میں ادویات فراہم کی گئیں۔ یہ کیمپ محکمہ آیوش پونچھ کی طرف سے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ابینیت رینا او غلام نبی (سینئر فارماسسٹ) نے منعقد کیا ۔کیمپ کے دوران 175مریضوں کا معائینہ کر کے ان کو ادویات بھی فراہم کی گئی۔
بھاجپا کارکنوں کا وفد ڈی سی سے ملاقی
حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقلیتی سیل کے کوآرڈی نیٹر گردیپ سنگھ خالصہ کی قیادت میں پارٹی کارکنان کے ایک وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت سنگھ سے ملاقات کی۔ وفد میں شامل اراکین نے فاریسٹ رائٹ ایکٹ کے تحت جموں و کشمیر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر انکو مبارک باد پیش کی۔ واضح رہے کہ جنگلات حقوق قانون کے تحت جموں و کشمیر میں کام کی شروعات پہلے نمبر پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے کی جس پر انکو حکومت کی طرف سے نوازا گیا۔ اس وفد میں خالصہ کے ہمراہ راونڈر بٹا، راجیش شرما، منموہن سنگھ، منموہن پال سنگھ موجود تھے۔
ٹھوس فضلے سے قابل استعمال اشیاء بنانے کا مقاملہ
حسین محتشم
پونچھ//مونسپل کمیٹی پونچھ اور سرنکوٹ میونسپلٹی کی جانب سے کوڑے سے قابل استعمال اشیاء کی تخلیق کے سلسلہ میں ایک مقابلے کا اہتمام کیا جا رہا ہے اس میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے ایک ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں لوگوں کو خاص طور پر فنکاروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مقابلے میں حصہ لیں۔اس تخلیقی مقابلے میں حصہ لینے والوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 29 ستمبر تک اپنی تیار کی گئی اشیاء کے فوٹوگراف میونسپل کمیٹی پونچھ اور میونسپل کمیٹی سرنکوٹ کے دفاتر میں جمع کروائیں ۔ان مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو دس ہزار کے نام سے نوازا جائے گا دوسری پوزیشن والے کو پانچ ہزار جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو تین ہزار کے انعام سے نوازا جائے گا۔واضح رہے کہ یہ الگ الگ ہدایت نامے میونسپل کمیٹی پونچھ کے دفتر اور میونسپل کمیٹی سرنکوٹ کے دفتر سے جاری کئے گئے ہیں۔
دریالا گائوں میں 1ماہ سے پانی سپلائی بند
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے دریالا گائوں میں واٹر سپلائی سکیم میں آئے خلل کی وجہ سے پانی کی سپلائی ایک ماہ سے بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کیلئے ابھی تک کوئی کام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے علاقہ کی خواتین کئی کلو میٹر کی دوری سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سپلائی کی بحالی کیلئے ملازمین سنجیدہ ہی نہیں ہیں جبکہ اب وہ ڈیوٹی پر بھی حاضر نہیں ہورہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سپلائی کی بحالی کیلئے اعلیٰ حکام سے بھی رجوع کیا گیا تاہم کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں جلدازجلد پانی کی سپلائی بحال کرنے کیلئے ملازمین کو متحرک کیا جائے ۔متعلقہ محکمہ کے ایک آفیسر نے بتایا کہ بجلی کے ٹرانسفارمر میں آئی خرابی کی وجہ سے لوگوں کی سپلائی متاثر ہوئی ہے ۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ جلد ہی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
والی بال و کبڈی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی | دھیری رلیوٹ ہائر سکینڈری نے 3ٹرافیاں جیتی
راجوری //راجوری ضلع میں فیزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس کی جانب سے شروع کر دہ والی بال او ر کبڈی مقابلوں میں گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول دھیری رلیوٹ کی ٹیموں نے اپنی نمایاں کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے 3ٹرافیاں اپنے نام کرلی ۔گزشتہ کچھ عرصہ سے ہائر سکینڈری سکول کی لڑکیوں اور لڑکوں کی ٹیمیں مختلف زمروں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کئی چمپئن شب اپنے نام کر چکے ہیں ۔راجوری میں منعقدہ والی بال مقابلوں کے انڈر 17زمرے میں ہائر سکینڈری سکول کی لڑکیوں کی ٹیم نے اپنی حریف ٹیم کو شکست دے کر ٹرافی پر قبضہ کرلیا جبکہ اسی طرح لڑکیوں کی ہی انڈر 19ٹیم نے بھی والی بال چمپئن شپ اپنے نام کرلی ۔کبڈی مقابلوں میں لڑکوں کی انڈر 19ٹیم نے فائنل میں کامیابی حاصل کر کے سکول و سٹاف ممبران کا نام روشن کیا ہے ۔کھیلوں کے شعبہ میں سکول کی نمایاں کارکردگی پر مقامی معززین ووالدین نے فیزیکل ایجوکیشن سے وابستہ سٹاف ممبران اور ہائر سکینڈری سکول کے پرنسپل قیوم شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ان کی محنت ولگن کی وجہ سے سکولی طلباء پڑھائی کیساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔