مینڈھر میں انتظامیہ نے مارکیٹ کا معائینہ کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژنانتظامیہ مینڈھر کی جانب سے مارکیٹ کا معائینہ کرکے قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا ۔نائب تحصیلدار مینڈھر کی قیادت میں ٹیم میں تحصیل سپلائی آفیسر اور جموں وکشمیر پولیس کی ایک ٹیم نے قصبہ میں فروخت کئے جارہے ساز و سامان کیساتھ ساتھ کووڈ ایس او پیز پر عمل درآمد کا مکمل معائینہ کیا ۔اس کارروائی کے دوران حکام کی جانب سے قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 25سو روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔نائب تحصیلدار نے تاجروں و عام لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ قصبہ میں ماسک کے بغیر نہ آئیں ۔انہوں نے کہاکہ کووڈ ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے جبکہ ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔اس کے علاوہ آفیسر موصوف نے تاجروں کی جانب سے فروخت کی جارہی ضروری اشیاء کا معائینہ کرنے کے علاوہ ان کو معیاری ساز و سامان فروخت کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ۔
الطاف بخاری کا کوٹرنکہ دورہ | انتظامات کو حتمی شکل دی گئی
محمد بشارت
کوٹرنکہ //جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ سید الطاف بخاری کے خطہ پیر پنچال کے دوران کے سلسلہ میں ڈاک بنگلہ کوٹرنکہ میں پارٹی ضلع صدر کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس میں پارٹی نائب صدر چوہدری ذوالفقار علی کیساتھ ساتھ دیگر سنیئر لیڈران بھی موجود تھے ۔پارٹی کی ضلع اکائی نے الطاف بخاری کے دورے سے قبل کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔مقررین نے کہاکہ پارٹی صدر رواں ماہ کی نو تاریخ کو کوٹرنکہ میں آئیں گے جبکہ اس سلسلہ میں انتظامات کو حتمی شکل بھی دی گئی ۔اس دوران پارٹی سنیئر لیڈر و نائب صدر چوہدری ذوالفقار علی نے بتایا کہ وزیر داخلہ کی جانب سے کہا گیاہے کہ جموں وکشمیر میں نئی حد بندی کے بعد انتخابا ت اور انتخابات کے بعد ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا جوکہ عوام کیلئے افسوس ناک بات ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملکی پارلیمنٹ میں وعدہ کرنے کے بعد بھی ریاستی درجہ بحال کرنے کیلئے غیر ضروری طورپر تاخیر کی جارہی ہے جو کہ عوام کیساتھ نا انصافی ہے ۔
او پی ہیل‘ مہلوکین کو خراج عقید ت پیش کیا گیا
مینڈھر //’او پی ہیل‘کے مہلوکین کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بھمبر گلی بریگیڈ میں فوج کی جانب سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ او پی ہیل‘ہندوستانی فوج کی تاریخ میں ایک بہترین کارنامہ ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین آرمی کے بھمبر گلی بریگیڈ کی جانب سے آپریشن مہلوکین کو ایک شاندار خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران اعلیٰ آفیسران نے مہلوکین کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔غور طلب ہے کہ آپریشن ہیل‘1965میں سیز فائر کے بعد ہوا تھا جبکہ اس آپریشن کے دوران مینڈھر کے سرحدی علاقہ میں پاکستانی افواج کی جانب سے مشاہداتی پوسٹ کو شدید فائرنگ کیلئے استعمال کیا جاتا تھا ۔
وکرم رندھاوا کے خلاف پی ایس اے لگانے کا مطالبہ
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//بار ایسوسی ایشن سرنکوٹ نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ بھاجپا لیڈر کی جانب سے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس کیلئے اس پر پی ایس اے عائد کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے ۔بارایسوسی ایشن سرنکوٹ کی جانب سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران اراکین نے کہا کہ بھاجپا لیڈر کی جانب سے جموں وکشمیر میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ایڈوکیٹ مختار احمد شیخ نے کہا کہ کر کٹ کو سیاست میں شامل کر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبا ت کو مجروح کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی کھیل میں ہار یا جیت جاتا ہے تو اس کو مذہب کیساتھ جوڑ کر سیاست نہیں کی جانی چاہئے ۔بار ایسوسی ایشن اراکین نے کہاکہ بھاجپا لیڈر کی جانب سے بیٹیوں کیخلاف نازیبہ الفاظ استعمال کئے گئے ہیں لیکن اس طرح کی کوششوں کو کبھی بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ وکرم رندھاوا کیخلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میںلائی جائے ۔
بھاجپا لیڈر کے مسلم مخالف بیان پر عوام میں غصے کی لہر
عشرت حسین بٹ
منڈی// بھارتیہ جنتا پارٹی کے سنیئر لیڈر اور سابقہ ممبر قانون ساز کونسل وکرم رندھاوا کی جانب سے مسلم مخالف بیان پر جہاں پورے جموں و کشمیر مسلم طبقہ میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے وہیں پر ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے مسلم طبقہ نے بیان کی شدید الفا ظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ سماج دشمن عناصر کے خلاف جلداز جلد کارروائی عمل میںلا کر سلاخوں کے پیچھے ڈالا جائے تاکہ سماج میں امن و امان کی صورتحال کو بحال رکھا جاسکے ۔پی ڈی پی ضلع صدر اور بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین منڈی شمیم احمد گنائی نے کہا کہ وکرم رندھاوا کے اس بیان سے مسلمانوں کے جذباتوں کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے جو کہ قبلِ مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا اگر چہ پولیس انتظامیہ کی جانب سے کیس بھی درج کیا گیا ہے مگرلیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کو چاہئے کہ ایسے سماج دشمن عناصر کوسماج سے بالکل الگ کر دینا چاہیے تاکہ جموں و کشمیر میں آپسی مذہبی بھائی چارے کو قائم رکھنے میں مدد مل سکے ۔دریں اثنا مسلم یوتھ منڈی کی جانب سے بلال مقدومی کی قیادت میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں انہوں نے وکرم رندھاوا کے بیان کی کڑے لفظوں میں مذمت کی ہے۔ مقدومی نے کہا کہ رندھاوا نے مسلم مخالف بیان دے کر اپنی شخصیت کو سماج میں واضح کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ جموں و کشمیر میں ہندو مسلم بھائی چارے کو ختم کرنا چاہتے ہیں سرکار کو چاہیے کہ وہ ایسے لوگوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائے ۔
اساتذہ کو تنخواہ سے محروم رکھنانا انصافی :حامد نباض
منڈی// رہبر تعلیم اساتذہ فورم پونچھ کے ضلع صدر حامد نباض نے کہا ہے کہ صوبہ جموں کے تقریباً ہر ضلع کے اساتذہ کو سرکار کی جانب سے ماہ ستمبر کی تنخواہ واگزار کی گئی ہیں جبکہ ضلع پونچھ کے گریڈ دوم و گریڈ سوم کے این پی ایس اساتذہ کو ستمبر اور اکتوبر کی تنخواہوں سے محروم رکھا گیا ہے جو کہ قابل تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکار کے اس امر کی وجہ سے اساتذہ برادری میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ نباض کاکہنا تھا کہ رواں برس میں سرکار کی جانب سے ان اساتذہ کے ساتھ ایسا سلوک تیسری مرتبہ کیا جارہا ہے جو کہ اساتذہ برادری کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ اپنے فرائض کووڈ کے دوران بھی بخوبی سے انجام دے رہے ہیں اور روزانہ اپنے سکولوں کا رخ کرتے تھے ۔موصوف نے کہا کہ کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں مگر سرکار کی جانب سے انہیں ہی بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے جو کہ اساتذہ کے لئے تشویشناک اور پریشان کن ہے۔ موصوف نے محکمہ کے اعلی عہدیداران سے کہا ہے کہ اس سے بڑھ کر ان کی جانب سے اور کیا ستم ظریفی ہوگی کے ہمارے ہندو بھائیوں کو دیوالی کا تہوار ہے جو کہ سال میں ایک ہی دفعہ آتا ہے اور اساتذہ کو تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے اپنے ہی گھر میں بچوں سے منہ چھپانا پڑھ رہا ہے۔انہوں نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ ضلع پونچھ کے تمام اساتذہوں کی تنخواہوں کو جلد واگزار کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
پونچھ میں مارکیٹ کا معائینہ ،دکانداروں کیخلاف کارروائی
حسین محتشم
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ کے صدر بازار میںآفیسران نے دیوالی کے تہوار کی آمد سے قبل بازار کا معائینہ کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزیوںمیں ملوث تاجروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی۔ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اندر جیت کی ہدایت پر محکمہ فوڈ سیفٹی، محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور محکمہ میونسپل کونسل کے افسران نے پولیس اہلکاران اور دیگر ملازمین کے ہمراہ صدر بازار کا معائینہ کرتے ہوئے فروخت کی جارہی مٹھائیاں، سبزیاں ،میوہ جات ودیگر ساز و سامان کا معائینہ کرتے ہوئے خراب اور غیر معیاری اشیاء کو ضبط کیا اور ان دکانداروںپر جرمانہ بھی عائد کیا جو غیر معیاری اشیاء فروخت کرتے ہوئے پائے گئے ۔حکام نے بتایا کہ دیوالی سے قبل صارفین کو غیر معیاری ساز و سامان فروخت کرنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گی۔آفیسران نے تاجروں کو اتنباہ دیاکہ صارفین کیلئے معیاری ساز و سامان دستیاب رکھا جائے بصورت دیگر غیر قانونی کارو بار میں ملوث تاجروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پونچھ میں بینکوں کے سیکورٹی گارڈز کا احتجاج
حسین محتشم
پونچھ//جموں کشمیر بینک کے درجنوں سیکورٹی گارڈز نے سرحدی ضلع پونچھ میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جہاں انہوں نے ماہانہ اجرت میں کی گئی کمی کو اس مہنگائی کے دور میں ان کے ساتھ سراسر زیادتی سے تعبیر کیا۔تنخواہ میں تخفیف کے خلاف ہوئے اس احتجاجی مظاہرے میں شامل حفاظتی گارڈز نے کہا کہ ان کی ماہانہ اجرتوں میں کمی کی کر کے ان کو احتجاج کرنے پر مجبور کیا گیا۔مظاہرین نے بتایا کہ ایک سازش کے طور پر ان کی ماہانہ اجرت میں کی کمی کی جا رہی ہے جو کہ اس مہنگائی کے دور میں ان کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔سیکورٹی گارڈز نے کہا کہ اس زیادتی کو وہ قطعی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہ کہ اگر ان کی تنخواہوں میں کمی کی گئی تو وہ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں گے۔
غیر قانونی کان کنی کیخلاف سخت کارروائی کا حکم جاری
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے اپنے دفتر کے چیمبر میں مختلف محکمہ جات کے ضلع اور تحصیل افسران، ضلعی سطحی ٹاسک فورس کی میٹنگ میں ضلع میں غیر قانونی کان کنی کی صورتحال پر تبادلہ خیال اور جائزہ لینے کیلئے افسران کی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے دوران منڈی میں راجپورہ لائم اسٹون بلاک کی ای نیلامی کیلئے این او سی جاری کرنے کے عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے افسران پر زور دیا کہ وہ پروجیکٹ کے حامیوں کیلئے ای نیلامی کی مائننگ لیز کی سہولت کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں۔ ڈی ڈی سی نے ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کمیٹی کے ارکان سے کہا کہ وہ ضلع میں غیر قانونی کان کنی کو روکنے کے بہترین مفاد میں قریبی تال میل اور رابطہ میں کام کریں۔ انہوں نے ایس ایس پی پونچھ سے کہا کہ وہ ضلع پونچھ کے چیکنگ سکواڈز کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں تاکہ ایک مضبوط طریقہ کار واضح کیا جا سکے۔ ضلع میں غیر قانونی کان کنی کی روک تھام کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے ڈی ڈی سی نے ڈسٹرکٹ منیرل آفیسر کو تمام غیر قانونی ڈمپنگ ضبط کرنے کی ہدایت کی اور متعلقہ افراد کو این او سی جمع کرانے کی ہدایت جاری کی۔ ضلع میں غیر قانونی کانکنی کی جانچ پڑتال کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کمیٹی کو ہدایات جاری کیں کہ وہ آلودگی کنٹرول بورڈ کے نمائندے، ریونیو، ڈی ایم او اور متعلقہ ایس ایچ او کو اس پورے عمل کی ہم آہنگی اور جانفشانی کو یقینی بنانے اور 10 دن کے اندر رپورٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری زمین پر جو بھی سٹون کرشر بنائے گئے ہیں انہیں ان کی جگہ سے ہٹا دیا جائے اور کہا کہ جو سٹون کرشر بغیر جی ایس ٹی بل کے چل رہے ہیں، انہیں ضبط کر لیا جائے۔ ڈی سی نے محکمہ آبپاشی کو ہدایت دی کہ متعلقہ تحصیلداروں کے تعاون سے تمام کنالوں/ نہروں کی صفائی کریں۔ انہوں نے حکومت کے نوٹیفکیشن سے زائد کرایہ وصول کرنے والے سٹون کرشر کے خلاف سخت ترین کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ میٹنگ میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ڈاکٹر ونود کمار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹربشارت حسین، اسسٹنٹ کمشنر ریونیوظہیر احمد کیفی، تحصیلدار حویلی بشیر انجم خٹک، ہیڈ کوارٹر اسسٹنٹ جہانگیر حسین، تحصیلدار منڈی شہزاد لطیف خان، ڈسٹرکٹ مائننگ آفیسر، جاوید اقبال، ایکس ای اہن محکمہ جل شکتی راجیش سیٹھی، رینج آفیسر نثار حسین، ، اے ڈی فشریز بشیر احمد دیگر متعلقہ افسران موجود رہے۔