سپورٹس کونسل کے خلاف احتجاج
سلیکشن لسٹ مشتہر کرنے کا مطالبہ
سرینگر//سپورٹس کونسل میں 5 برس قبل مختلف اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے فارم جمع کرنے والے امیدواروں نے جمعرات کو سرینگر میں احتجاج کرتے ہوئے سلیکشن لسٹ مشتہر کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاجی مظاہرین ’ہمیں انصاف دو‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے ۔احتجاج میں شامل شوکت احمدنے کہا کہ انہوں نے سال 2016میں سپورٹس کونسل میں مختلف اسامیوں جیسے جونیئر کوچ اور گراؤنڈ انچارج کے لئے فارم جمع کئے ہیں لیکن آج تک سلیکشن لسٹ کو منظر عام پر نہیں لایا گیا۔انہوں نے کہا ’’ ہم نے تمام دروازے کھٹکھٹائے لیکن ہر جگہ ٹال مٹول سے کام لیا گیا‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے بھی 2018میں کونسل کو لسٹ مشتہر کرنے کیلئے 4 ماہ کا وقت دیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی آج تک لسٹ کو مشتہر نہیں کیا گیا۔مظاہرین نے کونسل سے مطالبہ کیا کہ سلیکشن لسٹ کو فوری طور مشتہر کیا جائے۔
مہندی کدل نالہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل
سرینگر// اننت ناگ قصبہ میں تاریخی مہندی کدل نالہ میں گندگی جمع ہونے کی وجہ سے ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ نالہ میں ہر طرف کوڑاکرکٹ دکھائی دے رہا ہے جس کے نتیجے پانی انتہائی آلودہ بن چکا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک زمانہ تھا جب اس نالہ میں مختلف اقسام کی مچھلیاں ہوا کرتی تھیں اور قصبہ کے لوگ اس کے کنارے بیٹھ کر لطف اندوز ہوتے تھے بلکہ آس پاس کے لوگ اس نالہ کا پانی پینے کے علاوہ دیگر کاموں کیلئے بھی استعمال کیا کرتے تھے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ مقامی دکاندار، چھاپڑی فروش، قصاب اپنی دکانوں سے نکلنے والا کوڑا کرکٹ اسی نالہ میں ڈال دیتے ہیں جبکہ مقامی لوگ بھی گھروں سے نکلنے والے فضلہ کو بھی اسی نالہ میں ڈال دیتے ہیں اور جو کچھ کمی رہ جاتی ہے وہ متعلقہ میونسپلٹی کے خاکروب پوراکرتے ہیں جو آس پاس کے علاقوں سے کوڑا کرکٹ جمع کرکے اسی نالہ میں ڈال دیتے ہیں جس کے نتیجے میں نالہ کوڈے دان میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ سی این آئی
کاونی پلوامہ میں بجلی کی آنکھ مچولی سے ہاہا کار
لوگوں میں محکمہ بجلی کے خلاف شدید غم و غصہ
سرینگرْْْ /سی این ایس / کاونی پلوامہ میں بجلی کی آنکھ مچولی سے ہاہا کار مچی ہوئی ہے اور شام ہوتے ہی ہر سو گھپ اندھیرا چھا جاتا ہے جس سے لوگوں میں محکمہ بجلی کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے جبکہ حکومت اور محکمہ بجلی کی طرف سے اضافی بجلی حاصل کرنے کے داعووں کے برعکس بھی عوام کے مشکلات میں روز افزوں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق ہم باقاعدہ طور ہر مہینے بجلی فیس ادا کرتے ہیں لیکن بدقسمتی کی وجہ سے بجلی اپنے شیڈول کے مطابق نہیں رہتی ہمارا پاور گرڑسٹیشن کھلین پلوامہ میں ہے بہت سارے گاؤں کو اسی گرڑسٹیشن سے بجلی سلائی ہوتی ہے جن میںکااونی پلوام، ناین بینڈنہ، بدرپورہ بٹہ پور ہ شامل ہیں۔ انہوںنیبتایا کہ موسم خزاں شروع ہونے کے ساتھ ہی بجلی کی ابتر صورتحال نے کڑا رخ اختیار کیا ہے اور بار بار بجلی کی آنکھ مچولی سے سب سے زیادہ مشکلات طلباء کو اٹھانے پڑ رہے ہیں کیونکہ ان کے امتحانات آج چل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ باقاعدگی کے ساتھ بجلی فیس بھی ادا کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود صورتحال کو تبدیل نہیں کیا جاتا اور مقامی لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی ملازمین صرف فیس حاصل کرنے کے وقت دکھائی دیتے ہیں اور بعد میں غائب ہو جاتے ہیں جبکہ ہر سال کی طرح امسال بھی وادی میں بجلی کا کوئی شیڈول نہیں ہے ۔ صارفین نے کہا کہ چوری چھپے راتوں رات بجلی کے شیڈول تبدیل کئے جاتے ہیں اور اگرچہ مقامی روزناموں میں بلند بانگ دعوے کئے جاتے ہیں لیکن زمینی سطح پر انہیں عملایا نہیں جاتا ہے جس کے نتیجے میں صارفین بجلی سپلائی کی بار بار عدم دستیابی سے تنگ آکر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اس سے اچھا تھا کہ اگر بجلی ہوتی ہی نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں کے باوجود بھی محکمہ کے افسران پر کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے اور صارفین کے مشکلات میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے فوری طور پر بجلی کی صورتحال میں بہتری لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگریہ صورتحال جاری رہی تو محکمہ کے خلاف احتجاجی مہم چھیڑ دی جایئگی جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ پی ڈی ڈی کے اعلیٰ حکام پر عائد ہوگی۔ ۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر ویٹ میں مزید کمی کی جائے
کشمیر اکنامک الائنس کی ایل جی انتظامیہ سے اپیل
سرینگر// کشمیر اکنامک الائنس نے ایل جی انتظامیہ سے ایندھن پر ایکسائز ڈیوٹی میں مزید کمی کی اپیل کی ہے کیونکہ بی جے پی کی حکومت والی کئی ریاستوں نے پٹرول اور ڈیزل دونوں پر 7 روپے فی لیٹر VATکی کمی کا اعلان کیا ہے۔ ایک بیان میں الائنس کے چیئرمین محمد یاسین خان نے کہا’’یو ٹی کے مختلف حصوں کے لوگوں نے اضافے کی وجہ سے زبردست دباؤ کا اظہار کیا ہے اور حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ قیمتوں میں مزید کمی کرے کیونکہ اس سے مہنگائی میں بہت راحت ملے گی‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیںکیونکہ سفر کرنے کیلئے پٹرول خریدنا پڑتا ہے، یہاں تک کہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی اب مہنگا ہوگیا ہے اسلئے حکومت کو قیمتیں کم کرنی چاہئیں۔یاسین خان جو کے ٹی ایم ایف کے سربراہ بھی ہیں، نے کہا’’ایکسائز ڈیوٹی میں کمی سے کھپت کو بھی فروغ ملے گا اور افراط زر کو کم رکھا جائے گا، اس طرح غریب اور متوسط طبقے کی مدد ہوگی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس فیصلے سے مجموعی معاشی صورتحال میں بہتری آئے گی‘‘۔خان کے مطابق ایکسائز ڈیوٹی میں کٹوتی سے مسافروں کو ریلیف ملے گا۔ یہ ریلیف ٹرکوں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے بڑا مددگار ثابت ہو گا جو ڈیزل کے سب سے زیادہ استعمال کرنے والے ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ بی جے پی کے زیر اقتدار نو ریاستوں آسام، تریپورہ، منی پور، کرناٹک، گوا، اتر پردیش، گجرات، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافی کمی کا اعلان کیا ہے جو جمعرات سے لاگو ہو گئے ہیں۔
حضرت شاہ نعمت اللہ قادریؒ کے عرس پر تقریب
سرینگر// وادی کے بلند پایہ ولی کامل حضرت شاہ نعمت اللہ قادری ؒکا عرس نہایت عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں اُن کے آستانِ عالیہ واقعہ نالہ بند پورہ صفا کدل میں روح پرور مجالس کا انعقاد ہوا۔ مجلس کی پیشوائی بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین نے انجام دی ۔ اس موقع پر مولانا شوکت حسین کینگ نے حضرت شاہ نعمت اللہ قادریؒ کی تاریخ ساز اسلامی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام کی بدولت کشمیر کا چپہ چپہ اسلام کے نور سے منور ہوا۔مولود خوانی کی پیشوائی بشارت قادری نے انجام دی ۔
استقامت مومن کی اساس :حقانی ٹرسٹ
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ کے سربراہ سید حمید اللہ حقانی نے صبرواستقامت کو مومن کی اساس قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرامؓ کو شدید آزمائشوں سے گزرنا پڑا لیکن وہ ایمان پر ڈٹے رہے۔موصولہ بیان کے مطابق تنظیم کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استقامت کامطلب ہے اقوال وافعال میں ، عقیدہ واعمال میں، سیرت و کردارمیں، فکر ونظر میں، اللہ کی معرفت اور اس کی خشیت میں، اللہ پر توکل اور غیر اللہ سے بے زاری میںثابت قدم رہنا ہے۔ اجلاس سے ٹرسٹ کے دیگر ذمہ داروں نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء ٹرسٹ نے معروف شاعرغلام احمد لڑوری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ہفتہ روزہ ندائے کشمیر کے اہتمام سے پلوامہ میں کوئز پروگرام
سرینگر//ہفتہ روزہ ندائے کشمیر کی جانب سے پلوامہ میں ایک کوئز پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ میکس ویل سیکنڈری سکول میں منعقد ہوئے اس پروگرام میںکئی سکولی بچوں نے شرکت کی۔کوئز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کو ’ندائے کشمیر ‘کی طرف سے انعامات سے نوازا گیا۔ پرنسپل میکس ویل سکول فیروز احمد نے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔
شاہورا پلوامہ میں کھیت سے لاش برآمد
پلوامہ// پلوامہ میں جمعرات صبح دھان کے کھیت سے30 سالہ شخص کی لاش پراسرار حالت ملی۔لاش کو کچھ راہگیروں نے دھان کے کھیت میں دیکھا۔جے کے این ایس کے مطابق جمعرات صبح پلوامہ ضلع کے بٹنور شاہورا علاقے میں ایک30 سالہ شخص کی لاش پراسرار حالت میں ملی۔ لاش کو دھان کے کھیت میں کچھ راہگیروں نے دیکھا۔ اس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی جس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا۔ پولیس نے لاش برآمدہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کی جیب سے ملنے والے دستاویزات کی بنیاد پر اس کی شناخت بارسو اونتی پورہ کے علی محمد بٹ کے طور پر ہوئی۔پولیس نے مزید بتایا کہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور موت کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تحقیقات جاری ہے۔
سینئر لیڈر اور سابق رکن اسمبلی
اشفاق جبار پارٹی سے مستعفی
سری نگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈرشیخ اشفاق جبار نے ضلع صدر گاندربل کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے تاہم وہ نیشنل کانفرنس کا بدستورحصہ رہیں گے۔جے کے این ایس کے مطابق ایک ٹویٹ میں سابق ممبراسمبلی شیخ اشفاق جبار نے لکھاکہ میں ضلع صدر گاندربل کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں اور میں شیر کشمیر کے مشن کو آگے بڑھاتا رہوں گا جس کے لئے جموں و کشمیر کے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں۔بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اشفاق جبار نے کہا کہ انہوں نے کچھ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے ضلع صدر گاندربل کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ نیشنل کانفرنس کا حصہ رہیں گے۔
صنعت کاروں اور دکانداروں کو درپیش مسئلہ
اوقات کار میں بجلی کی مناسب سپلائی کی ضرورت:کشمیر ٹریڈ الائنس
سری نگر//کشمیر ٹریڈ الائنس نے حکومت پر زور دیاہے کہ وہ کام کے اوقات کے دوران صنعتی یونٹوں اور دکانوں کو بجلی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بے ترتیبی اور کم وولٹیج سے ان کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شاہدار نے ایک بیان میں کہاکہ صنعتی یونٹس / تاجروں / دکانداروں کو دن کے وقت کم وولٹیج کے علاوہ بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بجلی کی نایابی تاجروںاورصنعت کاروں کی پریشانیوں میں اضافہ کر رہی ہے۔اعجاز شاہدارنے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب معیشت پہلے ہی سست رفتار سے چل رہی ہے، بجلی کی ناقص فراہمی ہماری پریشانیوں میں اضافہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بغیر کسی تاخیر کے بلاتعطل بجلی فراہم کرے۔کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدرنے کہاکہ موسم سرما کے آغاز میں، کٹوتی کے اوقات میں کمی کے بجائے، کٹوتیوں کے شیڈول میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوںنے حکومت پر زور دیا کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے تجارتی علاقوں میں دن کے وقت بجلی کی بلاتعطل فراہمی فراہم کرے۔