ناظم زراعت کا گنگہ بگ فارم کادورہ
سبزیوں کے بیجوں کی بوائی کا آغاز
سری نگر// ناظم زراعت چوہدری محمد اقبال نے کل سیڈ ملٹی پلیکشن فارم (ایس ایم ایف) گنگ بگ کا دورہ کیا اور فارم کے مختلف بلاکوںکا معائنہ کرنے کے علاوہ مختلف زرعی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ فارم کے عملے اور تکنیکی ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نے کہا کہ محکمہ کشمیرکے لیے بیج کی ضرورت کے شعبے میں خود انحصاری حاصل کرنے کے لیے محکمانہ فارموں کی افادیت کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تمام محکمانہ فارموں کو محکمہ کے لیے آمدنی اور روزگار پیدا کرنے والے اثاثوں میں تبدیل کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ بنا رہا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر نے کئی بیجوں کی بوائی کا آغاز کیا تاکہ فائدہ مندوں میں جلد تقسیم کیا جا سکے۔
ڈی جی باغبانی کاکئی دفاتر کامعائنہ
غیر حاضرملازمین کی ایک دن کی تنخواہ کاٹی
سری نگر//ڈائریکٹر جنرل باغبانی کشمیر نے کل سری نگر میں مختلف ماتحت دفاتر کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے چیف ہارٹیکلچر آفیسر، نرسری رجسٹریشن آفیسر، ڈویژنل منیجر پلانٹیشن پروٹیکشن، چیف کیننگ اینڈ پروسیسنگ انسٹرکٹر سری نگر کے دفاتر میں کئی ملازمین کو بغیر پیشگی اجازت کے ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا۔ڈی جی نے موقع پر ہی غیر حاضرین کی ایک دن کی تنخواہ کاٹی اور متعلقہ افسران کو کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ڈی جی نے ضلعی سربراہوں کو ہدایت کی کہ وہ دفتری اوقات پر سختی سے عمل کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دفاتر میں کام کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی۔
شہری ہلاکت کے بعد پائین شہر میں چوکسی
فورسزاہلکاروں کی اضافی تعیناتی،تلاشی مہم تیز
سری نگر//یو این آئی// سری نگر کے مرجان پورہ عید گاہ علاقے میں بدھ کی شام کو جنگجووں کی فائرنگ میں عام شہر ی کی ہلاکت کے بعد شہر خاص میں سیکورٹی کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔شہر خاص کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی فورسز کی اضافی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جہاں پر مشکوک گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ جمعرات کوخانیار سے لے کر صورہ تک جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیاجبکہ پولیس تھانوں کے نزدیک ناکے لگائے گئے ہیں جہاں پر راہگیروں کے ساتھ ساتھ مسافروں کی بھی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔دن بھر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو شہر خاص کے بعض علاقوں میں گشت لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ شہر خاص کے حساس علاقوں میں رات کا گشت بڑھانے کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مشکوک افراد پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔ ہلاکت میں ملوث جنگجووں کو تلاش کرنے کی خاطر پائین شہر میں ہیومن انٹیلی جنس کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کارلایا جارہا ہے تاکہ ملوثین کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے ۔ امکانی حملوں کو ٹالنے کی خاطر شہر خاص میں سیکورٹی فورسز کو چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں جبکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سخت اقدامات اُٹھانے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے ۔
معروف تاجر الحاج عبدالصمد سراج فوت
جمعیت ہمدانیہ کا اظہارِ رنج و غم
سرینگر//جمعیت ہمدانیہ نے معروف تاجر اور سماجی شخصیت الحاج عبدالصمد سراج ساکن ایشان صاحبؒ زینہ کدل حال راج باغ کے انتقال پر نہایت رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے اس سا نحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً مرحوم کے لائق فائق فرزند اور برادران کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ جمعیت کے ایک تعزیتی اجلاس میں مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔یا رہے مرحوم ریاست کے سرکردہ تاجر اور سیاسی سماجی شخصیت الحاج مرحوم عبدالخالق سراج کے فرزند تھے، جنہوں نے مرحوم نے ریاست میں پہلی Leatherانڈسٹری کا قیام عمل میں لایا۔ مرحوم عبدالصمد صاحب حضرت بانی اسلام کشمیر میر سیدعلی ہمدانی ؒ کے نہایت شیدائی تھی اور حضرت ایشان شیخ یعقوب صرفیؒ میں پڑوس میںرہتے تھے۔
نگین میں سڑک حادثہ
عشائی باغ کانوجوان جاں بحق
ارشاد احمد
سرینگر//شہر سرینگر کے نگین علاقے میں نگین کلب کے قریب سڑک حادثہ میں نوجوان اس وقت جاں بحق ہوا جب اس کی گاڑی سڑک کنارے پر ڈیوائڈر سے ٹکرائی۔پولیس نے بتایا کہ نوجوان کی شناخت آصف احمد سلطان ولد علی محمد سلطان ساکنہ عشائی باغ سرینگر کے طور پر ہوئی جو اپنی ذاتی گاڑی میں حضرت بل سے سرینگر کی جانب رواں تھا کہ نگین کلب کے قریب اس کی گاڑی سڑک کنارے پر بنے ڈیوائڈر سے ٹکرائی جس کے باعث مذکورہ شہری کی موت واقع ہوئی۔پولیس نے قانونی لوازمات مکمل کرکے لاش لواحقین کے سپرد کردی۔