سینئر سٹیزنز کشتواڑ کا اجلاس
خورشید دیو کونسل کے چیئر مین نامزد
کشتواڑ//جے اینڈ کے سینئرسٹیزنز ضلع کشتواڑ کا بُدھ کے روز ایک اجلاس منعقد ہوا ،جس میں سماج کے تمام طبقہ کے بزرگ شہریوں نے کافی تعداد میں شرکت کی ۔اجلاس میں خورشید احمد دیو کو کونسل کا چیئرمین نامزد کیا گیا ۔اجلاس میں روشن لعل پریہار کو دوسری مرتبہ جے اینڈ کے سینئر سٹیزنز کونسل کشتواڑ کا ضلع صدر منتخب کیا گیا ۔اجلاس میں شرکت کرنے والے شہریوں نے نئی ٹیم کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں آر کے سین، مدن لعل بھنڈاری ، ایل آر نرولہ و دیگران نے بھی شرکت کی۔انتخابی عمل کی کاروائی زیر صدارت ضلع کے ایک نامور شہری بشیر احمد مغل منعقد ہوئی۔
کیمسٹ و ڈ ر گسٹ ایسو سی ایشن کشتواڑ تحلیل
کشتواڑ //کیمسٹ اینڈ ڈر گسٹ ایسو سی ایشن کشتواڑ کی تمام کمیٹیاں تحلیل کر دی گئی ہیں ۔ اس سلسلہ میں ایسوسی ایشن کے سینئر ممبر اشوک گپتا کی قیادت میں ایک ہنگامی میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں ضلع کشتواڑ کی کیمسٹ اینڈ ڈر گسٹ ایسو سی ایشن کی تمام کمیٹیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ایس وسی ایشن کے چیئر مین کو آرگنائزیشن کے تمام امور کی دیکھ ریکھ کی ذمہ داری دی گئی ۔ میٹنگ میں ایسو سی ایشن کے انتخابات ڈاک بنگلہ کشتواڑ میں 10فروری2018کو منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس میں منصور مٹو،ندیم بشیر دیو، منشی ٹھاکور، معسود احمد ،ایس ایس بھنڈاری ،فاروق احمد، وجے کمار، عادل رشید، اعجاز کچلو،محمد عباس، ابوج ڈوگرہ ،راکی گپتا، موہن لعل، سنیل کمار و دیگران نے شرکت کی۔
پردیش کانگریس کمیٹی کا غنی بٹ کے انتقال پر دکھ کا اظہار
نمائندہ عظمیٰ
جموں //جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے کانگریس کے ایک سینئر لیڈر و سابقہ وزیر محمد شریف نیاز کے برادر اصغر عبدالغنی بٹ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کُچھ عرصہ سے علیل چلے آرئے تھے اور بدھ کے روز اپنے آبائی گائوں بھلیسہ میں انتقال کر گئے۔ ایک تعزیتی پیغام میںپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر و دیگر سینئر لیڈران نے انکے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور محمد شریف نیاز اور کنبہ کے دیگر ممبران کے ساتھ دلہ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ پوری پارٹی نے غم زدہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔تعزیت کرنے والے دیگران میں پارٹی کے سینئر نائب صدر شام لعل شرما ، این رگزن جورا، مولا رام ، رمن بھلہ، جی ایم سروڑی، شریمتی کانتا بھان ، ترجمان اعلیٰ
رویندر شرما ، رجنیش شرما ، عبدالمجید وانی، بلوان سنگھ، ڈاکٹر منوہر لعل شرما ، شبیر احمد خان ، ایس منجیت سنگھ، چودھری شاہ محمد، وکرم ملہوترہ، ٹھاکو رمن موہن سنگھ، شاہ نواز چودھری، نمرتا شرما ، فقیر ناتھ، ایم ایل سی نریش گپتا ، شیخ غلام حیدر، معراج الدین زرگر و دیگران شامل ہیں۔
کشتواڑ میں 2برس کے دوران 5بار کرفیو لگا
اشفاق سعید
جموں// ریاستی سرکار نے کہا ہے کہ سال 2016اور2017کے دوران وادی کشمیر اور ضلع کشتواڑ میں 193مرتبہ کرفیو نافذ کئے گئے ۔ اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ اننت ناگ میں51 مرتبہ اور گاندر بل میں سب سے کم03مرتبہ کرفیو پابندیاں لگائی گئیں۔ کشتواڑ میں05،کولگام میں07، شوپیان میں14، پلوامہ میں07، سرینگر اور بڈگام میں25/25مرتبہ بارمولہ میں15، بانڈی پورہ میں09، اونتی پورہ میں10اور مرتبہ کرفیو نافذ کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ مصدقہ اطلاع ملنے پر کارڈن، تلاشی کارروائیاں بھی انجام دی گئیں۔سال2016-17کے دوران شہری ہلاکتوں اور انسانی حقوق خلاف ورزیوں پر بنائی گئی انکوائری/مجسٹریل انکوائریوں بارے حکومت نے بتایاکہ کوئی بھی انکوائری کمیشن ان دو سالوں میں نہیں بنائی گئی تاہم09جنوری2017کوقانو ن ساز اسمبلی میں دیئے گئے بیان پر پولیس ہیڈکوارٹر کی طرف سے 3آرڈر جاری کئے گئے۔ 9جنوری2017کو رینج ڈی آئی جی آرڈر نمبر93/2017کے تحت متعلقہ ڈٖی ایس پی ہیڈکوارٹر کی سربراہی میں ضلع سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ، تاکہ ان تمام مقدمات کی معیاد بند طریقہ سے تحقیقات کی جائے جس میں عام شہریوں اور پولیس اہلکاروں کی ہلاکتیںہوئی ہوں۔ اسی روز آرڈنمبر93/2017کے تحت ڈی آئی جی ایس آر کے نے ایڈیشنل ایس پی کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ، پولیس تھانہ پامپور میں درج ایف آئی 156/2016کے تحقیقات کے لئے 9جنوری2017کوڈی آئی جی سی کے آر نے آرڈر نمبر94/2017کے تحت ایف آئی آر57/2017کے تحت پولیس تھانہ کرن نگر میں درج مقدمہ کی تحقیقات کے لئے ایس پی ساؤتھ سرینگر کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔ سال2016کے دوران 5مجسٹریل انکوائریوں کے احکامات صادر ہوئے جبکہ سال 2017کو کوئی انکوائری کا حکم نہ دیاگیا۔ ایس آر او 43/1994کے تحت 474کیسز التوا میں پڑے ہوئے ہیں۔
سابق ممبر اسمبلی کا عوامی مفادات کیلئے جد وجہد جاری رکھنے کا عزم
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//یو پی اے کے دور میں مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد کی طرف سے آج سے پانچ برس قبل ڈوڈہ کے لئے میڈیکل کالج، نرسنگ کالج،زچہ بچہ ہسپتال کی منظوری ، رقومات کی واگذاری کے باوجود تاحال ان اداروں کی تعمیرنہ ہونے اور زچہ بچہ ہسپتال ڈوڈہ کے لئے مخصوص رقومات کو ضلع ہسپتال ڈوڈہ کی پرانی عمارت پر ناجائز طور صرف کرنے پر سابق وزیر و جے کے پی سی سی کے جنرل سیکریٹری عبدالمجید وانی نے ایم ایل اے ڈوڈہ کو حدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں کے عوام گذشتہ تین برسوں سے مسلسل رقومات میں خرد برد غلط استعمال کا رونا رو رہے ہیں اور حکومت و انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہ رینگتی ہے جس کا حساب حکمران طبقہ کو دینا ہوگا اور ہم ان کا احتساب کریں گے۔ پریس ریلیز میں انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیاں مجبوراً بیرونی ریاست نرسنگ کو رسز کے لئے جاری ہیں۔ پرانے اور نئے ہسپتال کی اراضی میں ناجائز تجاوزات کی جارہی ہے اور یہ اب پارکنگ زون بنے ہوئے ہیں اور پوری اراضی ہسپتال لوگوں کی ذاتی استعمال کا ر پارکنگ میں استعمال ہورہی ہے اور منتخب نمائندے ذاتی کاروبار اور ٹھیکیدار ی میں مصروف ہیں اور یہی حال دیگر اداروں کا ہے ۔منتخب نمائندوں کی سہ سالہ کارکردگی پر سوال کھڑا کرتے ہوئے سابق ممبر اسمبلی نے کہا کہ ڈوڈہ میں نہ صرف ترقیاتی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہو کر رہ گئی ہیں بلکہ سابق حکومت کے دور میں منظور ہوئے کاموں میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں ۔لوگ حکومت سے تنگ اور نالاں ہیں جس کا خمیاز ہ حکمران جماعت کو بھگتنا پڑے گا۔
ڈوڈہ سیول سوسائٹی کٹھوعہ معاملہ پر خفا
سنیچر کو علامتی احتجاج کا اعلان
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//حال ہی میں ضلع کٹھوعہ میں ایک 8سالہ بچی کے زیادتی کے بعد قتل کو انتہائی سفاکانہ اور شرمناک فعل قرار دیتے ہوئے ڈوڈہ کی سیول سوسائٹی نے 27جنوری کو احتجاج درج کروانے کا اعلان کیا ہے ۔ یہاں اس بات کی جانکاری دیتے ہوئے انسانی حقوق کارکن عبدالقیوم زرگر نے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ سنیچروار کو ڈوڈہ میں سیول سوسائٹی کی طرف سے اس قسم کے واقعات کے خلاف علامتی احتجاج درج کروایا جائے گا۔ انہوں نے تمام سماجی کارکنان و شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ معصوم ننھی آصفہ کو انصاف دلانے کے لئے اس احتجاج میں شرکت کریں۔ فورم فارپیس اینڈ سیول لیبرٹیز کے بینر تلے اس احتجاج میں اس واقعہ کی مذمت کے علاوہ حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا جائے گا کہ اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ دیانت دار لوگوں کے ہاتھوں تحقیقات کی جائے اور لڑکی کے گم ہونے کے بعد ایک ہفتہ تک کوئی کاروائی نہ ہونے کے لئے ذمہ دار لوگوں کے خلاف بھی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ایڈوکیٹ امتیاز حُسین میر نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے نام نہاد سیو ل سوسائٹی کی خاموشی پر بھی ناراضگی کا اظہارکیا۔ غلام حسن پانپوری، فرید احمد نیائیک، حکیم اجمل حسین نٹنو، فیاض پانپوری، امتیاز حسین زرگر، فورم فار پیس اینڈ سیول لیبرٹیز کے کنونئر نصیر احمد کھوڑا، ایڈوکیٹ سید عاصم ہاشمی نے بھی اس انسانیت سوز واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث لوگوں کے خلاف کڑی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
گیارہ سال میں2کلو میٹر سڑک تعمیر نہ ہو سکی
محکمہ کے تئیں لوگوں میں ناراضگی
رفیع چوہدری
گندو// گندو بھلیسہ صدر مقام بس سٹینڈگندو سے دھیراوڑی سڑک کی تعمیری کام 2006میں پی ایم جی ایس وائی نے شروع کی تھی لیکن گیارہ سال طویل عرصہ گذر جانے کے بعد بھی ابھی تک دو کلو میٹر سڑک گاڑیوی کی آمدورفت کیلئے مکمل نہیں ہوئی ہے جس سے گائوں کے لوگوں میںکمپنی کے تئیں سخت غم و غصہ ہے۔ اس دوارن یوتھ لیڈر شاہ نواز شیخ نے محکمہ کی تعمیری کام پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ سرکار بڑے بڑے دعوے کر رہی ہے لیکن ہماری سڑک گیارہ سال میں دو کلو میٹر بھی گاڑیوی کی آمدورفت کے قابل نہیں ہے۔ اس گائوں کی کل آبادی چھ ہزار سے ز ائد افرادپر مشتمل ہے لیکن سڑک کے تعمیر نہ ہونے سے یہاں کی عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے ، اس سلسلہ میں ایک میٹنگ کا اہتمام بھی کیا گیا اور میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ اگر جلد از جلد گندو دھیروڑی سڑک کا تعمیر کام دوبارہ شروع نہیں کیا گیا تو گائوں کو لوگ سرکار و کمپنی کیخلاف ٹھاٹھری گندو سڑک پر احتجاج کریں گے جس کیلئے سرکار و انتظامیہ ذمہ د ار ہو گی۔شاہ نوازنے کہا اگر فوری طور پر محکمہ نے اس سڑک پر کام شروع نہیں کیا تو محکمہ کو عوام احتجاج کا راستہ اپنانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ سے بھی مطالبہ کیا کوتوجہ دے کر فوری طور پر اس سڑک کے تعمیر کا کام شروع کیا جائے۔
بھلیسہ ثقافتی مرکز کی تعزیتی میٹنگ
شریف نیاز کے بھائی عبدالغنی بٹ کے انتقال پر اظہار غم کیا
گندو//بھلیسہ ثقافتی مرکز کی ایک تعزیتی میٹنگ جمو ں میں منعقد ہوئی جس میں سابق وزیر محمد شریف نیاز کے بھائی عبدالغنی بٹ چنگا بھلیس کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے اور مرحوم کے حق میں جنت نشینی کی دْعا کی۔ عبدالغنی بٹ ایک اچھے انسان تھے اور لوگوں کے تئیں ملنسار تھے۔ میٹنگ میں صداقت ملک ،شو کما ر ،آصف احمد، بھارت بھوشن، راجندر سنگھ، واحد ، وسیم احمد،وغیرہ نے شرکت کی۔
ڈوڈہ ضلع کیلئے 137 نئے فیرپرائس دکانیںزیر غور
جموں//خوراک ، شہری رسدات اور امورصارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے آج قانون ساز اسمبلی کو شکتی راج پریہا ر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے جانکاری دی کہ ڈوڈہ ضلع کے انکوارڈ علاقوں میں 147نئے فیئر پرائس دکانیں کھولی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ ضلع میں تیل خاکی کی قلت نہیں ہے تاہم بجرنی علاقے کے ڈیلرس سے کہا گیا ہے کہ وقت پر تیل خاکی کا کوٹا اٹھا کر اسے لوگوں میں تقسیم کریں۔
چنگم سرتھل واٹر سپلائی سکیم کی تعمیر عنقریب
جموں//صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے وزیر شیام لا ل چودھری نے قانون ساز کونسل میں آج بتایا کہ حکومت کے پاس کشتواڑ کے چنگم سرتھل علاقے کو ایک واٹر سپلائی سکیم فراہم کرنے کی تجویز ہے ۔ وزیر رومیش اروڑہ کی طرف سے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دے رہے تھے۔درب پھگوار واٹر سپلائی سکیم کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران نبارڈ کے تحت 1.27کروڑ روپے کی رقم اس سکیم کے لئے مختص کی گئی ہے جس سے درب پھگوار اور اس سے منسلک کئی دیہات کے ایک ہزار نفوس مستفید ہوں گے۔