درہال بڈھانو سڑک
۔18سال سے چلا آرہا تنازعہ حل
درہال // درہال کے نڈیاں گائوں سے ہوتے ہوئے بڈھانوکوجانے والی سڑک پچھلے 18 سال سے آپسی تنازعے کی وجہ سے التواکاشکارتھی جسے مقامی لوگوں نے آپسی تال میل سے حل کرتے ہوئے سڑک کوگاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بحال کردیاہے۔سڑک کی بحالی میں مقامی سرپنچ مشتاق حسین شاہ کااہم رول رہا۔سڑک بحال ہونے کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے کھول دی گئی ہے۔مقامی لوگوں نے چودھری ذوالفقار علی کابینہ وزیرکابھی شکریہ اداکیااورمطالبہ دہراتے ہوئے کہاکہ مزید کام کاج جلدہی شروع کروایاجائے تاکہ عوام کوسڑک کی سہولیات سے مکمل فراہم ہوسکیں ۔
پونچھ کے سکولوں کا اچانک معائنہ
ایڈیشنل ڈی سی کی غیر حاضر اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کی ہدایت
حسین محتشم
پونچھ//ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ عبدالحمید شیخ نے عوام کی شکایات کے بعد جوائنٹ ڈائریکٹر محکمہ تعلیم کے ہمراہ بوائز ماڈل ہائر سکنڈری اسکول پونچھ کا اچانک دورہ کر کے وہاں جاری تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے طلبا کا قابلیتی ٹیسٹ لیا اور ان کی گھر اور اسکول کی کاپیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ عوام کی جانب سے پچھلے کئی روز سے اے ڈی ڈی سی پونچھ کو شکایات مل رہی تھی کہ بوائز ہائر سکنڈری اسکول میں اساتذہ طلبا کی پڑھائی پر توجہ نہیں دے رہے جس کی وجہ سے بچے پورے دن چہل قدمی میں گزارا کر شام کو کورے کے کورے گھر واپس لوٹ جاتے ہیں۔اس شکایت کے بعد اے ڈی ڈی سی پونچھ عبدالحمید شیخ نے جوائنٹ ڈائریکٹر محکمہ تعلیم کے ہمراہ اسکول کا اچانک دورہ کیا اور جائزہ لیا۔انہوں نے تحریری طور پر محکمہ تعلیم کے چیف کو ہدایت دی کہ وہ تمام اساتذہ کی فی الحال تنخواہیں بند کر دیں جب تک وہ اپنے کام میں سدھار نہیں لاتے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور دیگر عملہ اگر اپنے کام کے تئیں ایماندار نہیں ہیں تو انہیں تنخواہ حاصل کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ تعلیم کے مسئلہ میں کسی کو معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے ضلع بھر کے اسکولوں کے عملہ کو ہدایت دی کہ وہ اپنا کام ایمانداری سے کریں ۔
فضل آباد میں پانی کی قلت کاسامنا
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے فضل آباد گائوں میں دس ہزار افراد پانی کی قلت کی وجہ سے مشکلات کاشکار ہیں ۔باوجود مقامی چشموں میں پانی کی بہتات کے محکمہ لاپرواہی برت رہا ہے جس وجہ اب علاقہ میں پانی کا قحط ہے لوگ دور دور سے جا کر دریا کا گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ سرپنچ عارف منہاس نے کہا کہ بیر ناڑ علاقہ جو اسی گاوں کی ایک پنچایت ہے، میں مقامی چشموں سے دو پائیپ لائینیں لگائی گئی تھیں ،اس وقت ایک لائین ہی چل رہی ہے جبکہ دوسری گریفٹی لائین محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے بند پڑی ہوئی ہے جس وجہ سے عوام کو پینے والے پانی کی عدم دستیابی سے پریشانی کاسامناہے ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو احتجاج کیلئے مجبور کیاجارہاہے اور پانی کی قلت کا مسئلہ حل نہیں کیاجارہا۔
مرکزی معاونت والی سکیمیں سیاسی مداخلت کاشکار
گرام سبھاسے منظور شدہ کام ہی کئے جائیں :چوہدری عبدالمجید
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کسان مزدور یونین کے صدر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ منریگا اور 14FCمیںسیاسی مداخلت بند کی جائے اور وہی کام کئے جائیں جن کی منظوری گرام سبھا سے ہوتی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ مرکزی حکومت سے جاری ہدایات کے مطابق محکمہ دہی ترقی کا مقصد صرف اور صرف غریب مزدوروں کو روزگار فراہم کروانا ہے اور دیہی ترقی ہے تاہم یہاں کے ملازمین سیاسی دبائو میں آکر غلط استعمال کرتے ہیںجس سے ان سکیموں کا مقصد فوت ہورہاہے اوریہ محکمہ سیاست دانوں کی ملکیت بن گیا ہے جس سے غریب لوگوں کوکوئی فائدہ نہیں پہنچ پارہا۔ان کاکہناتھاکہ منریگا کامنصوبہ بناتے وقت دیہی مجلس بلائی ضرور جاتی ہے مگر اس پلان کے منظور ہونے تک کئی جگہ کاٹ چھانٹ ہوتے ہوتے اس کاحلیہ بگڑا ہوا عوام کے سامنے پیش کیا جاتا ہے اور مفاد عامہ پر ذاتی مفاد کو ترجیح دی جارہی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اسی وجہ سے مناسب جگہیں اور مستحق افراد نظر انداز ہوجاتے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ اس سے کئی گنا بدتر حالت 14FCکی حالت ہے جسکا منصوبہ کبھی بھی بنایا جانا مینڈھر کے مقامی قانون میں سرے سے شامل ہی نہیں رہا ہے ۔ان کاکہناہے کہ صرف عوامی نمائندہ کے دربار سے کئے جانے والے کاموں کی ایک فہرست بطورِ حکم نامہ جاری ہوتی ہے جسے محکمہ کے ملازمین حرفِ آخر مان کر جائز ناجائز سب کچھ قبول کر لیتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ماہ مارچ مالی سال کاآخری مہینہ مانا جاتا ہے لیکن ابھی تک رواں مالی سال میں 14FCکے تحت ہونے والے کاموں کامنصوبہ نہیں بنایا گیابلکہ اس کے بر عکس عوام کے نمائندہ کے دربار میں ایک فہرست حسبِ معمول تیار کی گئی ہے جس میں اُنکی دلچسپی کے علاوہ اُنکے منظورِ نظر افراد شامل ہیں اور موقعہ ملنے پر اس فہرست کو چند ہ دنوں میں شائع کئے جانے کا انتظار ہے جس سے فرضی بل بنوا کر عوامی خزانہ کا رخ ایک ہی دربابر کی طرف کر دیا جانا مطلوب ہے ۔انہوںنے کہاکہ اگر ان سکیموں کاجائز استعمال نہیں ہواتومینڈھر کے لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔
پولیس کی سبکدوش افسران کے اعزاز میں تقریب
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پولیس پونچھ کی جانب سے پولیس لائین پونچھ میں ایک الوداعی تقریب منعقد کی گئی ۔اس موقعہ پر ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے مہماں خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے ۔تقریب کے دوران ڈی وائی ایس پی چکانداباغ ٹریڈ سینٹرطفیل میر، ایل او ضلع پولیس لائن پونچھ محمد شفیع اور سب انسپکٹراسحاق کو پولیس محکمہ کو بہترین خدمات فراہم کرنے پر انعام و اکرام سے نوازا گیا ۔واضح رہے کہ یہ ان تینوں پولیس افسران ملازمت سے سبکدوش ہوگئے ہیں ۔اس موقعہ پر ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے تمام افسران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری ایمانداری اور جانفشانی سے اپنا فرض منصبی نبھایا۔انہوں نے کہا کہ پولیس محکمہ میں ایسے افسران کی ہمیشہ ضرورت رہتی ہے لیکن چونکہ نظام ہے اس لئے سبھی کو اس پر عمل کرنا ہے۔اس موقعہ پر ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر شائد نعیم، ڈی وائی ایس پی موہن لال شرما، جی آر بھراجواج، ڈی وائی ایس پی سلیم بٹ موجود تھے۔
عارف ملک کے اعزازالوداعیہ
مینڈھر//ٹیچر ایسو سی ایشن مینڈھر کی طرف سے چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ عارف ملک کے اعزاز میں الودعی تقریب منعقد کی گئی۔اس تقریب میں جہاں ڈی ای پی اور پونچھ ازرار حسین شاہ اور ڈپٹی سی ای او پونچھ لال حسین چوہدری سمیت کئی بالا آفیسران نے شمولیت کی وہی دوسری طرف ٹیچر ایسوسی ایشن کے سبھی عہدیداران بھی شریک ہوئے ۔مقررین نے عارف ملک کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے ملازمت کے دوران اہم کام کئے جن کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ اس موقعہ پر مشتاق احمد خان صدرمینڈھر،محمد رشید مغل صدر لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن مینڈھر،آصف اقبال خان صدر ٹیچر ایسوسی ایشن ہرنی،محمود احمد خان، نذیر حسین، چوہدری محمد شفیق،مسرت حسین شاہ،جاوید اقبال،فیاض احمد خان وغیرہ نے بھی شرکت کی ۔
ڈپٹی کمشنر پونچھ کا دورہ ٔ حد متارکہ
ٹرائبل ماڈل ولیج کے کاموں کا جائزہ لیا
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے حد متارکہ کے قریبی گاؤں سلوتری کا تفصیلی دورہ کرکے وہاں ٹرائبل ماڈل ولیج کے تحت ہو رہے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس دوران ان کے ہمراہ معاون دیہی ترقیات کمشنر پونچھ مختار احمد اور بلاک ڈیولپمنٹ افسر پونچھ بھی تھے۔اپنے دورہ کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے ٹرائبل ماڈل ولیج کے تحت گاؤں کی ترقی کیلئے زیر تعمیر مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے غیر معیاری ٹائیلوں کو واپس کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں کسی طرح کی کمی نہ رکھی جائے ۔واضح رہے کہ ماڈل ولیج میں کھیل کا میدان، سڑکیں، سکول، صحت مراکز، بیت الخلاء وغیرہ تعمیر کروائے جا رہے ہیں۔
ممبراسمبلی پونچھ کی کارکردگی کی ستائش
پونچھ// پی ڈی پی کے بلاک صدر منڈی پیر ذادہ بلال مخدومی نے اپنے ایک بیان میں شاہ محمد تانترے ممبر قانون ساز اسمبلی حویلی کی جانب سے اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکبادپیش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس جوش و خروش کے ساتھ تانترے نے اپنے حلقہ انتخاب کی عوام کے مسائل کو اعوام میں پیش کیا وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی، راشن، سڑک، بجلی جیسی بنیادی سہولیات کے مسائل کے ساتھ ساتھ تانترے نے اپنے حلقہ انتخاب کی ترقی کے لئے ایسے ایسے منصوبے پیش کئے جو یقیناٍ سرحدی ضلع پونچھ کی کایا پلٹ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منڈی کیلئے ڈگری کالج کی مانگ ہو ، پانی اور بجلی کے مسائل ہوں یا پھر سڑک روابط اور صنعتی ترقی ، تانترے نے ہر ایک مسئلہ کو ایوان میں اٹھایا اور پہلی بار پونچھ کی ایوان میں مناسب نمائندگی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔
درنگلی نالہ پر پل
کام ابھی شروع نہیںہوا
جموں//2014سیلاب کو بیتے ہوئے اگرچہ 3 سال سے زائد عرصہ ہوگیا ہے تاہم ابھی تک درنگلی نالہ پونچھ پر از سر نو پل کی تعمیر نہیں کی گئی۔ حکومت نے ایک بار پھر یہی جواب دیا ہے کہ اس پل کی تعمیر کا معاملہ بی آر او کے پاس اعلی سطح پر زیر غور ہے۔ پی ڈی پی کے ممبر قانون ساز کونسل یشپال شرما کے سوال کے جواب میں متعلقہ وزیر نے کہاکہ 2014کے سیلاب کے دوران اصل پل منہدم ہوگیا تھا جس کے بعد عارضی پل بناکر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کردی گئی اور اصل پل کی تعمیر بی آر او کے ہاتھ میں ہے اور اس کی تعمیر کا معاملہ اعلی سطح پر زیر غور ہے۔واضح رہے کہ یہ پل پونچھ کو بقیہ ریاست سے ایک متبادل راستہ فراہم کرتاہے جس کی تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کے موسم میں منڈی ، چنڈک اور دیگر کئی علاقوں کو مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔