فلٹریشن پلانٹس ، جہلم کے کناروں ، مائنگ سائٹس کامعائنہ
سرینگر//جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ واٹر ریسورس ریگولیٹری اتھارٹی نے پرمود جین کی صدارت میں جے اینڈ کے واٹر ریسورس ( ریگولیشن اینڈ منیجمنٹ ) ایکٹ کی عمل آوری میں ایک میٹنگ کے دوران تفصیلی جائزہ لیا۔چیئر پرسن کے ہمراہ کنیز فاطمہ ، روی مگوترہ ، انجینئر مظفر لنکر کے علاوہ اتھارٹی کے دیگر ممبران بھی تھے۔اتھارٹی نے میٹنگ کے دوران اس بات کی وضاحت کی کہ جے کے ایس ڈبلیو آر آر اے کی عمل آوری میں سست رفتاری سے کام لیا گیا ہے اور انہوں نے پی ایچ ای اور آئی اینڈ ایف سی کے چیف انجینئروں سے کہا کہ وہ زراعت، کمانڈ ائیریا، جیولاجی اینڈ مائیننگ ، صحت ، تعلیم ، کھیل کود اور ماحولیات محکموں کے علاوہ زرعی یونیورسٹیاں شامل ہیں کے ساتھ اشتراک کر کے مستقبل کا لائحہ عمل ترتیب دیں۔انہوںنے کہا کہ صوبائی ڈویژنل کمشنروں اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنراس سلسلے میں ضروری پلیٹ فارم فراہم کرنے کی سہولیت دے سکتے ہیں ۔متعلقہ حکام نے لسجن میں جہلم کے کناروں پر بحالیاتی کاموں کا جائزہ لیاجو ایک مہینے پہلے کسی وجہ سے ڈھہ گیا تھا اور اس پروجیکٹ پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وادی کے دو روزہ دورے کے دوران حکام نے ٹنگنار ، نشاط اور رنگل فلٹریشن پلانٹوں اور ٹیسٹ لیبارٹریوں کا معائینہ کیا۔
شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل جاری
محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت وقفے وقفے سے ٹریفک جام کے باوجود مجموعی طور پچھلے کئی روز کے مقابلے بہت بہتر رہی ۔ شاہراہ پر جموں سے سرینگر کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی جبکہ مخالف سمت میں ٹنل پار سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں تھی۔تاہم بانہال ریلوے سٹیشن اور جموں کے درمیان چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں کو دوطرفہ ٹریفک میں بھی چلنے کی اجازت تھی ۔جمعرات کی دوپہر بعد تین بجے سے پہلے رام بن کے کرول علاقے میں شاہراہ پر واقع جیسوال پْل کے قریب زیر تعمیر فورٹ شاہراہ کے کام پر ایک پسی اور پتھر گر آئے جس کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت کم از کم ایک گھنٹے تک معطل رہی اور پسی کے دونوں طرف ٹریفک ، جام کی صورت اختیار کرگیا۔ فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنی نے شاہراہ ہر گر آئی پسی کو صاف کرکے پر ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا ۔ اس دوران شاہراہ پر قصبہ بانہال سمیت رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ کے کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ٹریفک جام رہا تاہم پچھلے دنوں کے ٹریفک جام کے مقابلے آج کے ٹریفک جام کی نوعیت زیادہ سنگین نہیں تھی اور اس سیکٹر میں مجموعی طور پر ٹریفک کی نقل و حرکت پچھلے کئی روز کے مقابلے بہت بہتر رہی اور ٹریفک آگے بڑھتا رہا ۔
کلاکیندر جموں میں مصوری نمائش کا افتتاح
ہانجورہ کا ریاست کے ثقافتی اور ادبی ورثہ کو تحفظ دینے پر زور
جموں//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے کلا کیندر جموں میں مصوری نمائش کا افتتاح کیا جس کا اہتمام جموں وکشمیر کلچرل اکیڈیمی نے سہ روزہ کلچرل فیسٹول کے تحت کیا ہے ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست کے گونا گوں ثقافتی اور ادبی ورثے کو نئی پود میں عام کرنے کے ساتھ ساتھ اس سے مستقبل کے لئے بھی تحفظ دیاجانا چاہیئے۔اس موقعہ پر وزیر نے مصوری فن پاروں کا غور سے معائینہ کیا ۔انہوں نے ریاست کے تینوں خطوں میں ثقافتی سرگرمیاں عمل میں لانے اور مقامی ٹیلنٹ کو اُجاگر کرنے کے لئے اکیڈیمی کی ستائش کی۔اس دوران کلچرل اکیڈیمی کے سیکرٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی نے کہا کہ اکیڈیمی ریاست بھر میں اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد کر رہی ہے تاکہ ثقافتی ورثے کو تحفظ دیا جاسکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اکیڈیمی کشمیرمیں عنقریب ہی ایک آر گیلری قائم کرے گی۔
زیر زمین پانی کو بروئے کار لاکر قلت دورکریں:میر ظہور
جموں//صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے زیر زمین پانی کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔وزیر موصوف پی ایچ ای محکمہ کے افسروں کی ایک جائزہ میٹنگ کے دورا ن ریاست بالخصوص پانپور حلقے میں خشک موسم سے پیدا شدہ صورتحال کا جائےزہ لے رہے تھے۔انہوں نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ پانی دستیاب کرانے کے لئے ایکشن پلان تیار کریں۔پانپور حلقے کے حوالے سے انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ حلقے میں ہاتھ میں لی گئی تمام سکیموں بشمول کنڈی زال کو جلد از جلد مکمل کریں ۔انہوں نے کہا کہ دسو گاﺅں میں ایک اوور ہیڈ ٹینک قائم کرنے کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کیا جانا چاہئے۔اس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ نبارڈ کے تحت 16.93کروڑ روپے لاگت والی کرناہ بل آلوچ باغ ، ست پھکرن ، دسو اور ایمز اونتی پورہ سکیموں پر کام جاری ہے۔اس دوران وزیر کو جانکاری دی گئی کہ پانپور حلقے میں پانی کی سپلائی میں بہتری لانے کے لئے پی ایچ ای سکیموں کو بڑھاوا دیا جارہا ہے۔اس موقعہ پر پی ایچ ای کشمیر کے چیف انجینئر عبدالوحید کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔
فریڈم پارٹی کاندیم خطیب کوخراج عقیدت
سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے پائلٹ ندیم خطیب کو اُن کی برسی پرخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ندیم خطیب کا پورا خاندان حق خود اداریت کا زبردست حامی رہا ہے جس کی وجہ سے اُنہیں ہر دور میں حکمرانوں کے عتاب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے 1999میں گول گلاب گڑھ علاقے میں فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں داعی اجل کو لبیک کہا۔
چھمب کے بے گھر کنبوں کی معاونت
جاوید مصطفی میر نے پیش رفت کا جائزہ لیا
جموں//ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد و باز آباد کاری کے وزیر جاوید مصطفی میر نے آج ایک میٹنگ کے دوران پی او جے کے اور چھمب کے بے گھر کنبوں کی ایک بار سٹلمنٹ کے لئے مرکزی معاون کے تحت ہو رہی پیش رفت کا جائزہ لیا۔سکیم کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ سکیم ریاست کے لئے وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کا ایک اہم حصہ ہے جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ رفیو جی کنبے چھوٹے کار خانے چلانے کے ساتھ ساتھ کاشتکاری کریں یا مویشیوی پالیں تاکہ انہیں کچھ آمدن حاصل ہوسکے ۔اس سکیم میں ریاستی حصہ 308روپے ہوگا جبکہ مرکز کا حصہ 549692روپے ہوگا اور یوں ہر ایک بے گھر کنبے کو 5.5لاکھ روپے کی معاونت دی جائے گی۔ وزیرنے اس سکیم کی تفصیل محکمہ کی ویب سائٹ پر اَپ ڈیٹ کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے متعلقہ ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اس سکیم کے لئے اہل بے گھر کنبوں کی جانچ کریں تاکہ تیز تر بنیادوں پر ایک شفاف طریقے پر اُن کے معاملات نمٹائے جاسکیں۔التوا میں پڑے معاملات کے فوری نپٹارے کے حوالے سے وزیر نے چیف سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ یہ معاملہ مرکزی وزارت داخلہ کے ساتھ اٹھائیں ۔