ارکان قانون سازیہ کی وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات
جموں//کئی ارکان قانون سازیہ نے یہاں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات اور اپنے اپنے معاملات ان کی نوٹس میں لائے۔جو ارکان نے محبوبہ مفتی سے ملاقی ہوئے ان میں جاوید حسن بیگ ، عبدالرحیم راتھر، شاہ محمد تانترے ، دلیپ سنگھ پریہار شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے ارکان کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پر ایک معیاد بند مدت کے اندر غور کیا جائے گا۔
ہند۔پاک سرحدی کشیدگی
اقوام متحدہ کا فوجی مبصر اپنا کردار ادا کرے:فریڈم پارٹی
سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصربرائے بھارت و پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے مابین جاری سرحدی کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے اپنا وہ کردار ادا کرے جس کیلئے اُس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔پارٹی نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے مابین جاری ٹکرائو کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر ہے جس کو اقوام متحدہ کی پاس کردہ قرار دادوں کے مطابق ہی حل کیا جاسکتا ہے۔فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبد اللہ طاری نے اپنے ایک بیان میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر بھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین جاری کشیدہ صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ اس کشیدگی کی بنیادی وجہ دیرینہ تنازع کشمیر ہے۔ اس لئے لازم ہے کہ کشیدگی کے ماحول کو تبدیل کرنے کیلئے اس تنازع کو حل کیا جائے۔مولانا طاری نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری چپقلش سے پورا خطہ جنگ کی آگ کی نذر ہوسکتا ہے اس لئے بین الاقوامی برادری پر یہ ذمہ داری عاید ہوتی ہے کہ وہ دیرینہ تنازع کشمیر کو حل کرنے کا عمل شروع کرنے کے اقدامات کرے۔
گمشدہ نوجوان کی بازیابی کیلئے گاندربل میں احتجاج
گاندربل//ارشاد احمد// ایک ہفتے سے ذائد عرصے سے 28 سالہ شخص کی گمشدگی کے خلاف احتجاج درج کرنے کیلئے واسکورہ سے آئے ہوئے درجنوں افراد نے گاندربل ۔سمبل شاہراہ پردھرنا دے کر ٹریفک کی نقل وحرکت مسدود کردی۔28 سالہ منیر احمد بابا ولد محمد افضل ساکنہ واسکورہ گاندربل 11 فروری سے بٹہ مالو سرینگر سے لاپتہ ہوگیا تھا مذکورہ شخص بٹہ مالو سرینگر میں گاڑیوں کی مرمت کا کام سیکھنے گیا ہوا تھا جہاں سے وہ اچانک غائب ہوگیا۔اس سلسلے میں بٹہ مالو سرینگر میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی گئی ہے۔
کشمیر کونسل کو تحلیل کرنے کا ارادہ مستحسن:انقلابی
سرینگر// قومی محاذِ آزادی کے سینئر رُکن اعظم انقلابی نے کہا ہے کہ یہ خبر واقعی خوش آئندہے کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اضافی انتظامی ادارہ ’’کشمیر کونسل‘‘ کو تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہپاکستانی زیر انتظام کشمیر حکومت کو empower کرنے کا ایک سنجیدہ عمل شروع ہو جائے۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم امتحان اور آزمائش کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔ کشمیر کا ہر شہری حق گوئی اور بیباکی کی اداؤں سے شقاوت اور عداوت کی آندھی کو روکنے میں اپنا رول ادا کرسکتا ہے۔ ہاں کشمیر کی صوفی روایات اور قومی تشخّص کے تحفّظ کی تحریک کے ذریعے قومی مقاصد کا ہدف پانا لازمی ہے۔ بہتر یہی ہے کہ بھارتی حکمران محبوس سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو جیلوں اور تھانوں سے رہا کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پرُ امن تصفیہ کی کوششوں کا آغاز کریں۔پاکستان اور کشمیریوں کو مذاکرات کے عمل میں شامل کریں اور یوں برصغیر کو غیر متوقع مگر تباہ کُن صورتحال سے محفوظ رکھیں۔
مصلیٰ اور مسواک کی درآمد پر روک
آر پار تجارت سے وابستہ طبقوں کا احتجاج
سرینگر// پاکستا نی ساخت کے مصلی اورمسواکوں کی درآمد پر پابندی عائد کیے جانے کے خلاف سلام آ باد اوڑی ٹریڈ یونین نے تجارتی سرگرمیاں بند رکھیں جبکہ اس ٹرید سے وابستہ تاجروں نے زوردار احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ یہ تجار ت اب صرف نام تک محدود رہ گیا ہے۔ ہفتہ کو سلام آباد اوڑی میں تجار تی سرگرمیوں کو روک کر ٹریڈ فیسیلیٹی سینٹر آ فیسر سلام آ باد اوڑی کے خلاف زوردار نعرہ بازی کی۔ احتجاجی تا جروں کا کہنا تھا کہ ٹریڈ فیسیلیٹی سینٹر آ فیسر پریت پال سنگھ نے پاکستا نی مصلی اورمسواکوں کی درآمد پر پابندی کردی یے جبکہ اس سے قبل پاکستانی پستہ مغز اور اناردانوں پر پہلے ہی روک لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور یہاں کے تاجر پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے21اشیاء برآ مد کرتے تھے اور اب چار پر پابندی عائد کیے جانے سے یہ تجارت اب دانستہ طور صرف دسترخوانوں اور زنانہ پوشاک تک محدود کیا گیا ہے۔ انہوں نے مذکورہ آفیسر پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ تاجروں کے ساتھ ان کا برتائو ٹھیک نہیں ہو تا ہے جس کی وجہ سے تاجر احتجاج کیلئے سڑکوں پر اتر آ ئے ہیں۔اس دوران نٹریڈ فیسیلیٹی سینٹر آ فیسر پریت پال سنگھ نے تاجروں کے تئیں برے برتائو کی نفی کرتے ہو ئے بتایا کہ جن مصلی پر پابندی عا ئد کی گئی ہیں وہ پاکستانی ساخت نہیں ہیںبلکہ وہ کسی دوسر ے ملک کے ہیں جو اس ٹریڈ کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہSOP نافذ کررہے ہیں ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن چیزوں پر پا بند ی عائد کی گئی ہے وہ اس ٹرید میں شامل نہیںہیں
سانبہ میں دراندازی کی کوشش ناکام
یو این آئی
جموں// فوج نے پیر کے روز ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا۔بی ایس ایف نے بتایا ’سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر مامور فوجیوں نے پیر کی صبح کچھ افراد کی مشتبہ نقل وحرکت دیکھی‘۔ انہوں نے بتایا کہ جوں ہی وہ افراد باڑ کے نزدیک پہنچتے تو بھارتی چوکیوں میں تعینات فوجیوں نے ان پر فائرنگ کی جس کی وجہ سے وہ واپس جانے پر مجبور ہوئے۔ یہ رواں برس میں تیسری دفعہ ہے کہ جب بی ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ بی ایس ایف اور پاکستانی رینجرز نے گذشتہ ہفتے سچیت گڑھ سیکٹر میں فلیگ میٹنگ کرکے سرحد پر امن بنائے رکھنے پر زور دیا تھا۔
سرحدی کشیدگی کے باوجود کاروان امن رواں دواں
ظفر اقبال
بارہمولہ//سرحدوں پر کشیدہ حالات کے باوجود کاروان امن بس سروس جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اوڑی کنٹرول لائن کے حاجی پیر سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہند پاک افواج کے درمیان 3 مرتبہ شدید گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس دوران گولہ باری میں اوڑی حاجی پیر سیکٹر میں 4 رہاشی مکان تباہ ہونے کے علاوہ 1500 کے قریب افراد نے نقل مکانی کر لی ۔ سرحدوں پر کشیدہ حالات کے باوجود بھی سوموار کو امن سیتو اوڑی سے کاروان امن بس سروس جاری رہی ۔زرائع کے مطابق سوموار کو کاروان امن بس سروس کے زریعے کمان پل سے 15 مسافروں نے سفر کیا جس دوران سرینگر سے مظفر آباد کے لیے 8 مسافر روانہ ہوئے جن میں 1 مسافر ایسا تھا جو یہاں سے اس پار اپنے رشتے داروں کو ملنے کے لیے گیا ہے اور 7 مسافر ایسے تھے جو یہاں پر اپنے رشتے داروں کو ملنے کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ گئے
یلانی اور صحرائی کازعیم جماعت کے انتقال پر صدمے کا اظہار
سرینگر//تحریک حریت کے چیئرمین سید علی گیلانی اور جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی نے معروف مبلغ ،داعی ، تحریک اسلامی کی مخلص شخصیت اور زعیم جماعت اسلامی عبدالسلام کمہار ساکن ریڈونی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک عالم دین تھے، جنہوں نے اپنی ساری زندگی میں داعیانہ رول ادا کیا۔ دونوں قائدین نے کہا کہ مرحوم نے اقامت دین اور غلبۂ اسلام کیلئے ابتداء سے ہی مصائب اور مشکلات کا مقابلہ کیا۔ اس راہ میں انہوں نے بے پناہ تکالیف کا سامنا کرنے کے باوجود استقامت کا راستہ اختیار کیا۔ خواتین اور جوانوں تک اسلام کا آفاقی دین پہنچانا مرحوم کا مشن تھا۔ مرحوم تحریک اسلامی میں بالعموم اور علاقے میں بالخصوص ہردلعزیز مبلغ کی حیثیت رکھتے تھے۔اس دوران گیلانی کی ہدایت پر تنظیم کے لیڈر محمد یوسف مکرو، سبزار احمد اور عادل احمد پر مشتمل ایک وفد نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیتی اجلاس میں شرکت کی۔
سرحدی کشیدگی تشویشناک:وکیل
پاکستان اور مزاحمتی قائدین سے بات چیت ناگزیر
سرینگر//جموں کشمیر بچاؤ تحریک کے صدر عبدالغنی وکیل نے سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کرنے کے لئے پاکستان اورمزاحمتی لیڈروں کے ساتھ مذاکرات ناگزیر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کی طرف سے نامز د مذاکراتکار عام شہریوں اور ہند نواز سیاستدانوں کے ساتھ بات چیت کرتا ہے لیکن یہ سارا معاملہ وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا ’کئی دہائیوں سے مرکزی سرکار مین سٹریم جماعتوںسے بات چیت کرتی آئی ہے ،لیکن حاصل کچھ نہیں ہوا ہے اور آگے بھی کچھ حاصل نہیںہوگا‘۔وکیل نے ہندوپاک حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کریں اور سرحدوں پر گولہ باری بند کریں ورنہ حالات ایسا رُخ اختیار کر سکتے ہیں کہ دونوںممالک تباہ ہو سکتے ہیں۔
انتہا پسندانہ اقدامات بہادری نہیں :جاوید میر
سرینگر//لبریشن فرنٹ (ح) کے چیئرمین جاوید احمد میر نے کہا ہے کہ بھاجپا قیادت تنازعہ کشمیر کو پُر امن طور حل کرنے کے بجائے کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امن کی بولی بول کر انتہا پسندانہ اقدام کرنا کوئی بہادری کا کارنامہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں اب نظر بندوں کے لواحقین سے بھی ناشائستہ سلوک روا رکھا جارہا ہے۔انہوں نے عالمی اداروں سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
گیلانی سمجھی کی خانہ نظربندی پر برہم
سرینگر// حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری حاجی غلام نبی سمجھی کو پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ کی طرف سے خانہ نظربند کرنے کی کارروائی کو انسانی اور جمہوری حقوق کو تلف کرنے کے مترادف کارروائی قراردیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ حریت رہنما نے پُرامن سیاسی سرگرمیوں پر لگی پابندیوں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوںنے انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے پولیس انتظامیہ کے رول کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے تحریک مزاحمت سے وابستہ سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کرنے کو آمریت سے تعبیر کیا۔
پسی گرآنے سے شاہراہ پر ٹریفک جام
بانہال //محمد تسکین // ادہمپور کے نزدیک ایک پسی گر آنے کی وجہ سے جموں۔ سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت پیر کی صبح کم از کم تین گھنٹوں تک معطل ہوکر رہ گئی اور بعد میں شاہراہ کو صاف کرکے وادی کشمیر آنے والے ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا۔ شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے پسی کے دنوں طرف ٹریفک جام لگ گیا جو مزید دو گھنٹوں تک جاری رہا۔
گاندربل میں محکمہ تعلیم کے عارضی ملازمین کا احتجاج
اجرتوں میں اضافہ اورمستقلی کا مطالبہ
گاندربل//ارشاد احمد//محکمہ تعلیم میں روزانہ اجرتوں پر کام کرنے والے سینکڑوں کارکنوں نے منی سیکریٹریٹ گاندربل کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔محکمہ تعلیم کو اپنی زمینیں دینے کے عوض ملازم تعینات ہونے والے سینکڑوں کارکنوں نے منی سیکریٹریٹ گاندربل میں کم اجرت ملنے اور 25 سالوں سے مستقل نہ ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مظاہرین میں شامل افراد نے بتایا کہ’ہم نے اپنی ملکیتی اراضی ملازمت کے عوض سکول بنانے کے لئے وقف کردی لیکن 25 برسوں سے 200، 600 اورچند ایک کو ہزار روپے دیئے جاتے ہیں اور آج تک مستقل بھی نہیں کیا گیا ۔اس موقع پر چیف ایجوکیشن آفیسر گاندربل محمد افضل نے کہا کہاس سلسلے میں ریاستی سرکار کو فائل بھیج دی گئی ہے اور عنقریب معاملہ حل ہوگا۔
وزیراعلیٰ کا پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی
جموں//وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے صورہ سرینگر اور چرار شریف میں دو علاحدہ علاحدہ واقعات کے دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی مذمت کی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے مارے گئے کانسٹیبلوں کے کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے ارواح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔
چرار شریف میں شبانہ تلاشیاں
نیوز ڈیسک
چرارشریف//اتوارکوپولیس اہلکارکی ہلاکت کے بعدشام دیرگئے تک فوج ،فورسزاورپولیس نے چرارشریف اوراسکے نواحی علاقوں میں تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔ زیارت علمدارکشمیر چرارشریف کی سیکورٹی چوکی پرنامعلوم افرادنے فائرنگ کی تھی ،جسکے نتیجے میں یہاں موجود پولیس کاایک سلیکشن گریڈکانسٹیبل کلتارسنگھ شدیدزخمی ہونے کے بعدفوت ہوگیاجبکہ حملہ آوراسکی سروس رائفل اُڑاکرفرارہونے میں کامیاب ہوئے ۔ حملہ آوروں کی تلاش میں فوج ،فورسزاورپولیس اہلکاروں نے اتوارکوشام دیرگئے تک چرارشریف اوراسکی کچھ نواحی بستیوں میں تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ سیکورٹی اہلکاروں نے کئی مکانات پرچھاپے ڈالے اوریہاں تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ مکینوں سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی تاہم ان چھاپوں کے دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
’دی پیپل اِن نیکسٹ ڈور ‘ کتاب کا اجرا ئ
جموں//وزیراعلیٰ کے صلاح کار پروفیسر امیتابھ مٹو نے ” دی پیپل اِن نکسٹ ڈور “ کتاب کا اجرا کیا جو پاکستان میں متعین سابق ہائی کمشنر ٹی سی اے رگھون کی تصنیف ہے اور جسے گورنمنٹ کالج فار وومن گاندھی نگر میں منعقدہ کلسٹر یونیورسٹی جموں کی طرف سے تقریب میں جاری کیا گیا ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر مٹو نے ٹی سی اے رگھون کے کارناموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس مصنف نے مستقبل کے لئے تعمیری کام انجام دے کر پیشہ وارانہ لوگوں کے لئے راہیں ہموار کی ہیں۔پروفیسر مٹو نے کہا کہ یہ کتاب ہندوستان ۔ پاکستان کے رشتوں کے بارے میں پچھلے 70برس کی تاریخ دہراتی ہے ۔وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی جموں پروفیسر انجم بھسین نے پی سی اے رگھون کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام اتنا آسان نہیں ہے کہ ہم مختلف الفاظ استعمال کر کے اپنے تجربات کو خوبصورت انداز لوگوں کے سامنے پیش کریں لیکن ٹی سی اے رگھون نے بڑی کامیابی کے ساتھ یہ کام انجام دیا ہے۔
عبدالحق کا سنجواں حملہ میں مارے گئے فوجی اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی
کپواڑہ//دیہی ترقی ، پنچایتی راج اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے آج کپواڑہ ضلع میں سنجون حملے میں حال ہی میں شہید ہوئے فوجیوں کے کنبوں کے ساتھ ملاقات کی۔اُن کے ہمراہ کئی اعلیٰ افسران بھی تھے۔وزیر نے میدان پورہ اور ہائہامہ لولاب کا دورہ کر کے وہاں جے سی او محمد اشرف اور حبیب اللہ قریشی کے افراد خانہ کے ساتھ ملاقات کی ۔ یہ دونوں اہلکار سنجون جموںمیں فدائےن حملے کے دوران مارے گئے تھے۔وزیر نے ان فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے غمزدہ کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے حکومت کے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔بعد میں عبدالحق خان نے کانی بہک خان محکمہ میں آگ سے متاثرین کا دورہ کیا اور چار متاثرین میں 305700 روپے مالیت کے چیک تقسیم کئے ۔
نوجوان سرکار کی پالیسیوں کے سبب نا امیدی کا شکار:این سی لیڈر
سرینگر//نیشنل کانفرنس لیڈرایڈوکیٹ نظیر احمد ملک نے کہا کہ مخلوط سرکار نے اپنے ووٹ بینک کی مضبوطی کیلئے تمام قوائد ضوابط کو بالائے طاق رکھ کرہزاروں کی تعداد میں تعلیم یافتہ بیروزگاروں کے حقوق پر شب خون ماررہی ہے ۔ایڈوکیٹ ملک نے کہا کہ یہ صرف عمر عبداللہ کی سرکار تھی جس نے پبلک سروس گارنٹی ایکٹ اور آر ٹی آئی جیسے قوانین لاکر سرکار کو عوام کے سامنے جواب دہ بنانے کے لئے ایک عام انسان کو ہتھیار دئے مگر موجودہ سرکار نے ان قوانین کا کوئی پاس ولحاظ نہیں رکھا بلکہ ان قوانین کو بھی عام لوگوں کے خلاف ہی استعمال کیا جا رہا ہے ۔ملک نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان سرکار کی پالیسیوں کے سبب نا امیدی کا شکار ہیں۔
روزنامہ نگران کے چیف ایڈیٹر کو صدمہ ،برادرِ نسبتی انتقال کرگئے
سرینگر//نوجوان صحافی اور روزنامہ نگران کے مدیر اعلیٰ مختار احمد کے برادرِ نسبتی مقصود احمد گنائی ساکن سانبورہ پانپور اتوار کومختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے ۔انہیں اپنے آبائی قبرستان واقع سانبورہ میں سپرد خاک کیا گیا۔ادھر مختلف سیاسی ،سماجی اور صحافتی اداروں نے مختار احمد سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔سوگوار کنبے کے مطابق مرحوم کے حق میں فاتحہ خوانی کی تقریب 28فروری یعنی بدھ کو انجام دی جارہی ہے۔
جمعیت اہلحدیث ہند میں ناراض لیڈروں کی واپسی مستحسن:ویری
سرینگر//جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر نے جمعیت اہلحدیث ہندمیں کئی مقتدر علماءکی دوبارہ مرکز واپسی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔جمعیت کے مطابق اس تعلق سے امیر مرکزی جمعیت اصغر علی امام مہدی اور صلاح الدین مقبول احمد ہر لحاظ سے قابل تحسین ہیں۔ بیان کے مطابق جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر نے اس تعلق سے نائب صدر مولانا مشتاق احمد ویری کی صدارت میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں امیر مرکزی جمعیت اور شیخ مقبول احمد کو ہدےہ تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عظیم کام کی انجام دہی میں جو کردار شیخ جمیل الدین اور اُن کے رفقاءنے ادا کیا ،وہ ہر لحاظ سے قابلِ ستائش ہے ۔ اجلاس میں اُمید ظاہر کی گئی کہ اتحاد و یگانگت کا ےہ پیغام فوراً ہر سطح تک پہنچنا چاہئے ۔ دریں اثناءجمعیت کی تمام صوبائی ، ضلعی ، تحصیل اور حلقہ اکائیوں نے اس اقدام پرالگ الگ بیانات میں بے حد مسرت کااظہار کیا ہے ۔