آسیہ کی دوبارہ گرفتاری قابل مذمت :سالویشن مومنٹ
سرینگر//سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے سرکردہ خواتین مزاحمتی لیڈر آسیہ اندرابی وغیرہ کی دوبارہ گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا۔ظفر اکبر نے اس کاروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک امر ہے۔انہوں نے کہا کہ مزاحمتی قائدین کو کسی جواز کے بغیر دوبارہ گرفتار کیا جاتا ہے۔انہوں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کے پیش نظر انسانی و اخلاقی بنیادوں پر تمام نظربندوں کی رہائی کی مانگ کی ہے۔
انجینئر نگ گریجویٹ الطاف بخاری سے ملاقی
اے سی پی کی واگزاری کیلئے حکومت کا شکریہ ادا کیا
سرینگر//انجینئرنگ گریجویٹوں کی سٹیٹ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ایک ڈیلی گیشن خزانہ ، محنت و روزگار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری سے ملاقی ہوئی۔ڈیلی گیشن نے حکومت اور وزیر کا گزیٹیڈ انجینئروں کے حق میں اے سی پی کی واگزاری کے تاریخی فیصلے کا شکریہ ادا کیا۔ کابینہ فیصلے کی ستائش کرتے ہوئے اس ڈیلی گیشن نے کہا کہ اے سی پی کی واگزاری کی بدولت انجینئروں کا حوصلہ بلند ہوا ہے اور اس حوصلہ افزائی کے نتیجے میں حکومت کی طرف سے چلائے جارہے ترقیاتی ایجنڈے کی عمل آوری میں بہتری آئے گی۔ڈیلی گیشن نے وزیر کے سامنے مطالبات کی ایک فہرست پیش کیں۔وزیر نے ڈیلی گیشن کے مطالبات کو بغور سنا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت انہیں پورا کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کرے گی۔وزیر نے کہا کہ حکومت تمام ملازمین کے جائز مطالبات پورا کرنے کی وعدہ بند ہے ۔
سرکاری اداروں میں بنیادی طبی ڈھانچہ
جوائنٹ ہاوس پینل نے استحکام پر زور دیا
سرینگر//قانون ساز کونسل کی جوائنٹ ہائوس کمیٹی جو ایم ایل سی رومیش اروڑہ کے بیٹے کی موت میںملوث ڈاکٹروں کی لاپروائی میں تحقیقات کرنے کے لئے تشکیل دی گئی ہے ۔آج ایم ایل سی غلام نبی مونگا کی صدارت میں منعقد ہوئی اور اس واقعہ سے متعلق چند اہم امور پر غورو خوض کیا ۔ ارکان قانون سازیہ غلام محمد سروری ، علی محمد ڈار، ڈاکٹر شہناز گنائی او رفردوس احمد ٹاک نے میٹنگ میں شرکت کی۔کمیٹی نے طبی نگہداشت اور سرکاری طبی اداروں میں بنیادی ڈھانچے کی سہولیات میں بہتری لانے کے سلسلے میں اہم معاملات پر غور و خوض کیا۔ ممبران نے اس سلسلے میں اپنے قیمتی آرا ٔ سے کمیٹی کو روشنا س کیا۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ کمیٹی 25اور 26؍ مئی 2018ء کو جی ایم سی جموں ودیگر طبی مراکز کا معائینہ کریں گے اور وہاں مریضوں کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیں گے۔ایڈیشنل سیکرٹری کونسل علی محمد راوت کے علاوہ کونسل سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، شوپیان میںمہم شروع
سرینگر//شوپیاں پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم شروع کی ہے جس کا مقصد لوگوں میں ٹریفک قوانین کی جانکاری فراہم کرنا مطلوب ہے تاکہ بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر قابو پایا جاسکے۔اس مہم کے تحت پولیس نے 37گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیاجبکہ 75کے خلاف چالان پیش کیا گیا ۔ لوگوں کو آگاہ کیا گیاہے کہ وہ گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے کے دوران ضروری کاغذات اپنے ساتھ رکھیں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہلمٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ریاستی کانگریس کے نائب صدر شیام لال شرما مستعفی
جموں کے مسائل کو نظر انداز کرنے کا الزام
بویک ماتھر
جموں//ریاستی کانگریس کے نائب صدر شیام لال شرما نے پیر کے روز اپنے عہدہ سے یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دے دیا کہ ’جموں کے تمام مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ایسے میں ان کا ضمیر انہیں کرسی سے چپکے رہنے کی اجازت نہیں دیتا‘۔ سابق وزیر نے کشمیر عظمیٰ ک وبتایا کہ ’’جموں خطہ کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے ، میں مزید خاموش نہیں رہ سکتا ، اگر میں جموں کے مسائل کے بارے میں زبان نہیں کھول سکتا تو بہتر ہے کہ میں عہدہ سے دستبردار ہو جائوں‘۔ شام لال شرما 26مارچ2015کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی طرف سے ریاستی اکائی نے نائب صدر مقرر کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے ایک مضبوط رکن کی طرح کانگریس کی خدمت کرتے رہیں گے۔شرما نے اپنا استعفیٰ پارٹی صدر راہل گاندھی کو ارسال کر دیا ہے ۔ ایک کانگریس لیڈر نے رازداری کی شرط پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شام لال پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر کی ’تانا شاہی ‘ سے خوش نہیں تھے۔ شرما سمجھتے تھے کہ میر پارٹی کے مخلص اور محنتی لیڈروں کو نظر انداز کر کے منظور نظر افراد کو آگے کر رہے تھے، اس سلسلہ میں انہوں نے کئی بار دیگر لیڈران کے ساتھ بات کی لیکن جب انہیں مثبت رد عمل نہ ملا تو انہوں نے عہدہ سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔ دریں اثنا غلام احمد میر نے بتایا کہ ’ایک تقریب کے اختتام پر شام لال شرما نے مجھے بتایا کہ انہوں نے پردیش نائب صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ انہوں نے مجھے صرف یہی بتایا کہ وہ پارٹی میں شفافیت کے کواہاں ہیں کیوں کہ پردیش اکائی میں عنقریب ہی بڑے پیمانہ پر پھیر بدل ہونے جا رہا ہے ۔ انہیں کچھ تحفظات ہوں گے لیکن بہتر ہوتا کہ انہوں نے پھیر بدل کا انتظار کیا ہوتا تو انہیں ہر بات کا پتہ چل جاتا‘۔
خان سوپوری کی مسلسل نظربندی بلاجواز:پیپلز لیگ
سرینگر//پیپلز لیگ نے پارٹی چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کی مسلسل اسیری کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہاکہ ضمانت پر رہائی کے احکامات صادر ہونے کے باوجود موصوف صدر تھانہ سوپور میں مسلسل نظربندہیں۔انہوں نے کہا کہ موصوف عمر رسیدہ ہونے کے علاوہ کئی عارضوں میں مبتلا ہیں۔ لیگ نے تمام نظر بندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے ایمنسٹی انٹرنشنل ،عالمی ریڈکراس کمیٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسیران کشمیر کی حالت زار کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔
یاسین عطا ئی کی گر فتاری قابل مذمت
سرینگر//پیپلز لیگ تر جمان نے پارٹی کے وائس چیئر مین محمد یاسین عطا ئی کی گر فتاری کی مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ ریاستی انتظامیہ کو اب یہ معمول بن چکا ہے کہ وہ آ ئے روز پارٹی کے وائس چیر مین کو گر فتار کر کے پو لیس اسٹیشن بڈگام میں مقید رکھتے ہیں ۔تر جمان نے حریت کارکنان امتیاز حید ،محمد یوسف بٹ کی گر فتاری کی بھی مذمت کی ۔
مرحومین کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا:وزیر اعلیٰ
سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے میر واعظ مولوی محمد فاروق اور مرحوم عبدالغنی لون کو اُن کی برسیوں کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی عوام کی سماجی و سیاسی بیداری میں مرحومین کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ ان لیڈروں کو خراج پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ریاست کے عوام مسائل کے حل کے لئے پُر امن ذرائع استعمال کریں۔
ترقیاتی پروجیکٹ رواں تحریک کا نعم البدل نہیں:مسلم کانفرنس/دختران ملت
سرینگر//مسلم کانفرنس نے مخلوط سرکار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ سرکار نے ظلم وجبر کے پچھلے سارے ریکارڈ توڈ ڈالے۔انہوں نے کہا کہ مخلوط سرکار ہر اس زبان کو بند کر نے پہ تلی ہے جو حق اور حق خود اراویت کی بات کرتی ہو یا جو اس کا مطالبہ کرتی ہے۔تنظیم کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے کہا ہے کہ کشمیر میں جاری تحریک قربانیوںسے عبارت ہے جس کا متبادل تعمیراتی پروجیکٹ یا دیگر مراعات نہیں بلکہ صرف اور صرف بھارت سے مکمل آزادی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت جس طرح سے طالب علموں،معصوم بچوں اور حریت پسندوں پر سیفٹی ایکٹ کا نفاذ عمل میں لا رہی ہے ،وہ ریاستی دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے۔ادھردختران ملت ترجمان رفعت فاطمہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد تعمیر و ترقی نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر کا حل ہے ۔انہوں نے نریندر مودی کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ ترقی نہیں بلکہ استصواب رائے ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اس وقت جو بھارت کے خلاف جنگ جاری ہے، اُس کا غربت یا تعمیر وترقی سے کوئی واسطہ نہیں۔
جنگ بندی کا اعلان خوش آئند:میر
سرینگر// ڈی پی این کے سر براہ غلام حسن میر نے ماہ صیام میں مر کزی حکومت کی جانب سے سیز فائر اعلان کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی کئی اور سیاسی مسائل کو حل کر نے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی قیدیوں کی رہائی کے علاوہ ان افراد کو بھی رہا کیا جائے جنہیں این آئی اے نے گر فتار کیا ہے ۔انہوں نے مر کز کی جانب سے حال ہی میں ایک ماہ کی جنگ بندی کو اچھا اقدام قرار دیتے ہو ئے کہا کہ ابھی سیاسی مسائل کے حل کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔