ملازمین کی حاضری کی اچانک جانچ
صوبائی کمشنر کی ضلع ترقیاتی کمشنروں کو چیکنگ سکارڈ تشکیل دینے کی ہدایت
سرینگر//سرکاری دفاتر میں شفافیت کو یقینی بنانے اورورک کلچر کو بڑھاوا دینے کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آج واد ی کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو خصوصی چیکنگ سکارڈ تشکیل دینے کی ہدایت دی جو کہ مختلف سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری کی جانچ کریں گے اور غیر قانونی طور غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف ضابطہ کے تحت کارروائی عمل میں لائیں گے۔صوبائی کمشنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو غیر قانونی طور غیر حاضر رہنے والے تمام ملازمین کو فوری طور معطل کرنے کی ہدایت دی ۔انہوںنے ترقیاتی کمشنروں کو روزانہ بنیادو ں پر مختلف محکموں میں فارمیٹ کے تحت ملازمین کی حاضری کے سلسلے میں صوبائی کمشنر کے دفتر میں 10.30بجے صبح حاضری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تاکہ اس رپورٹ کو گورنرس سیکریٹریٹ اور جے اے ڈی کو بھیجا جاسکے۔
حاضری رپورٹ کوروزانہ بنیادوںپر جمع کرنا لازمی : ناظم تعلیم
سرینگر//سکولوں اور دفاتر میں ملازمین کی مکمل حاضری کو یقینی بنانے کے لئے ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے تمام اضلاع کے چیف ایجوکیشن افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں خصوصی معائنوں کا اہتمام کرکے مکمل حاضری کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے تمام متعلقہ افسران سے کہا ہے کہ وہ روزانہ بنیاد پر حاضری رپورٹ کو متعلقہ دفاتِر بالا میں وقت مقررہ سے پہلے جمع کرائیں تاکہ موجودہ انتظامیہ کی ہدایات کی پیروی میں حاضری رپورٹ کو اعلیٰ حکام کومقررہ وقت پر پیش کیا جائے۔ناظم تعلیم کشمیراور سیکریٹری JKBOSE ڈاکٹر جی این ایتو نے یہ ہدایات بورڈ آف سکول ایجوکیشن میں حاضری نظام کو باقاعدہ بنانے کے سلسلے میں منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرنے کے بعد دیں۔ انہوں نے بورڈ آف سکول ایجوکیشن میں منعقدہ میٹنگ کے دوران بورڑ کے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ حاضری کو باقاعدہ بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں اوربیو میٹرک حاضری نظام کی عمل آوری کو مکمل طور یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تساہُل پسندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور صرف بیو میٹرک حاضری کے حامل ملازمین کی تنخواہوں کو واگزار کئے جانے کے حالیہ احکامات کومن و عن عملایا جائے ۔
فورسز کشمیریوں کی نسل کشی پر گامزن: جماعت
اقوام عالم سنجیدہ نوٹس لیں
سرینگر// جماعت اسلامی نے فورسز کی جانب سے نسل کشی ،جس میں اب تک ہزاروں مرد وزن کے علاوہ بچوں، بزرگوں کو جاں بحق کردیا گیا، پر اپنی گہری فکر و تشویش کاا ظہارکیا ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے جاری نسل کشی کے دوران ہزاروں معصوم بچوں کو یتیم بنانے کے علاوہ ہزاروں خواتین کے سہاگ چھینے گئے جو اب کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ وادی میں جاری اس مذموم اور بہیمانہ طرز عمل سے آج تک ہزاروں نوجوانوں اور بزرگوں کو دوران حراست لاپتہ کردیا گیا اور اس طرح ان کے رشتہ داروں کو دردناک ماحول میں جینے کے لیے مجبور کیا گیا۔یہاں امن و قانون کی صورتحال سے نمٹنے کی آڑ میں اس طرح کے ہیبت ناک واقعات 1989سے ہی جاری ہیں چاہیے ریاست کی بھاگ ڈور گورنر کے ہاتھوں میں تھی یا نام نہاد سیول حکومت کے پاس!یہاں افسپا، پی ایس اے اور اسی طرح کے دیگر غیر انسانی اور غیر جمہوری قوانین کی آڑ میں کشمیری مسلمانوں کے بنیادی حقوق کو بڑی ڈھٹائی سے پامال کیا گیا۔جماعت اسلامی ریاست میں جاری مخدوش صورتحال پر اقوام عالم اور او آئی سی کی معنی خیز خاموشی پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ایسے مقتدر ادارے اپنے سیاسی اثر و رسوخ کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے ریاست جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کو رکوانے میں اپنا منصبی کردار ادا کریں تاکہ مسئلہ کشمیر جیسا دیرینہ تنازعہ یہاں کے عوام کی اُمنگوں اور خواہشات کے عین مطابق حل ہوجائے۔ سنیچر وار کو ایڈوکیٹ زاہد علی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح وفد نے کھرم جاکر محمد یوسف راتھر کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے کے علاوہ اُن کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
شاہراہ پر ٹینکر لڑھک گیا
رہائشی مکان اور گائوخانہ کوجزوی نقصان
محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر بانہال کے نزدیک ایک بڑا حادثہ اس وقت ٹل گیا جب ایندھن سے بھرا ایک ٹینکر سڑک سے لڑھک کر نیچے آباد گنڈ ٹیٹھاڑ کی بستی میں پہنچا۔ اس حادثے میں اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم شاہنواز احمد شیخ ولد مرحوم غلام رسول شیخ ساکنہ گنڈ ٹھٹھاڑ کا گاو خانہ ، ایک باتھ روم اور ایک تیل کا ڈپو گاڑی کی زد میں آکر تباہ ہوئے۔ اس حادثے میں دو گائیں بھی ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ حادثے میں ٹینکر کا ڈرائیور معمولی زخموں کے ساتھ بچ نکلا ہے اور اسے مقامی پولیس چوکی اور مقامی لوگوں کی مدد سے بانہال کے ہسپتال پہنچایا گیا ۔ زور دار آواز کے ساتھ ٹینکر کے حادثے کی آواز سے علاقے میں خوف پیدا ہوا اورانہوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر پولیس کو مطلع کیا اور بچائو کاروائیوں کا آغاز کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ٹینکر نمبر JK-02BS/ 2622 جموں سے سرینگر کی طرف جانے کے دوران جمعہ کی رات بانہال سے تقریبا نو کلومیٹر دور گنڈ کے مقامی سڑک سے لڑھک کرنیچے آبادی بستی کے ساتھ گر گیا اور کئی ڈھانچوں کو نقصانا پہچایا۔ انہوں نے کہ اس حادثے میں شاہنواز احمد شیخ کا گاو خانہ تباہ ہوا جبکہ ایک باتھ روم کو نقصان پہنچا ہے۔ انچارج ایس ایچ او بانہال شمیم احمد سومبڑیا نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اس ٹینکر میں دس ہزار لیٹر کا aviation Turbine fuel نامی ایندھن بھرا ہوا تھا جو قدرے کم خطرناک ہوتا ہے اور یہ ایندھن آسانی سے آگ نہیں پکڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کے رسائو کے باوجود بھی کوئی واقع پیش نہیں آیا اور ناہی ٹینکر کی زد میں کوئی رہائشی مکان آگیا اور نزدیکی رہائشی مکانوں کے مکین اس حادثے میں معجزاتی طور بچ نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے کیس درج کرکے ضابطے کی کاروائی شروع کی ہے۔
بانہال میں شاہراہ پر کئی گھنٹوں کا ٹریفک جام
بانہال //محمد تسکین // جموں ۔سرینگر شاہراہ پر بانہال قصبہ کے دونوں اطراف سے ہفتے کی صبح سے شروع ہوا ٹریفک جام وقفے وقفے کے ساتھ دوپہر بعد تک جاری رہا جس کی وجہ سے شاہراہ پر بانہال کے علاقے میں ٹریفک کی نقل وحرکت نہایت ہی سست رہی۔ ٹریفک جام کی وجہ سے قصبہ بانہال کے دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام میں وقفے وقفے سے پھنستی رہیں اور سفر دشوار ہوگیا ۔ بانہال کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ہفتے کی صبح سویرے بانہال کے نزدیک گنڈ عدلکوٹ علاقے میں ڈرائیوروں کی آپسی تکرار کی وجہ سے شروع ہوا ٹریفک جام دوپہر بعد تک جاری رہا جس کی وجہ سے دوطرفہ ٹریفک میں چلنے والے مسافروں اور ٹرک ڈرائیوروں کو کئی گھنٹوں تک جام میں پھنسے رہنا پڑا۔ آج معمول کے ٹریفک میں شامل مال بردار ٹرکوں ، ایندھن بردار ٹینکروں ، بسوں اور فورسز کانوائے کو جموں سے سرینگر کی طرف جانے کی اجازت تھی جبکہ مسافر بردار گاڑیاں دو طرفہ ٹریفک میں چلتی ہیں۔ ٹریفک جام کی وجہ سے حسب معمول مقامی آبادی سکولی اور کالج جانے والے بچوں اور بیماروں اور سرکاری ملازموں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا اور وہ کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر سے اپنی اپنی منزلوں تک پہنچے۔
مسرت عالم پیش عدالت
۔24گھنٹوں میں ہی جموں منتقل
سرینگر//مسلم لیگ کے محبوس چیرمین مسرت عالم بٹ کو کورٹ بلوال جیل جموں سے سرینگر لایا گیا جہاں انھیں نوہٹہ پولیس اسٹیشن کی طرف سے عائد کئے گئے ایف آئی آر کے تحت عدالت میں ایڈشینل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے سامنے پیش کیا جہاں دلائل سننے کے بعد جج موصوف نے اس کیس کی اگلی سماعت4جولائی 2018ء کو مقرر کی جس کے ساتھ ہی مسرت عالم بٹ کو پولیس حصارمیں وآپس کورٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسرت عالم کے تئیں پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے روا رکھے جارہے اس سلوک کو دیکھ کر با آسانی یہ نتیجہ اخذ کیاجاسکتا ہے کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت مسرت عالم بٹ کی سیاسی زمین تنگ کی جارہی ہے اور انھیں سیاسی صفحے سے ہٹانے کے لئے دلی سے لے کر سرینگر تک تمام کل پُرزے استعمال کئے جاتے ہیں اور راتوں رات مسرت عالم بٹ کے متعلق ایسے فراڈ اور بے بنیاد کیس تیار کئے جاتے ہیں جن کا نہ کہی سر ہوتا ہے اور نہ پیر بلکہ سیاسی دشمنی کی آگ میں جل کر ایسے کیس معرض وجود میں لائے جاتے ہیں جن کا مسرت عالم سے دوردور کا واسطہ نہیں ہوتا ہے ۔ سجاد ایوبی نے بار ایسوسی ایشن پاکستان، بار ایسوسی ایشن کشمیر،انسانی حقوق کونسل، ریڈ کراس، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دوسری بشری حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسرت عالم کو سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنانے کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کی اسیری کو بلاجواز طول دینے اور ان پر فرضی کیس عائد کرنے کے مذموم عمل کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
گلمرگ میں سیاح حرکت قلب بند ہونے سے فوت
فیاض بخاری
بارہمولہ //سیاحتی مقام گلمرگ میں ایک غیر ریاستی سیاح حرکت قلب بند ہونے کے نتیجے میں فوت ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ سیر پر آئے 77 سالہ لکشمن ہولی ولد شیرمندر ہولی ساکنہ مہارشٹرکو سنیچر کی صبح سینے میں درد کی شکایت ہوئی ۔جسے فوری طور پر علاج و معالجہ کی خاطرپرائمری ہیلتھ سینٹر گلمرگ میں داخل کیا گیا ۔ ڈاکٹروں نے مذکورہ سیاح کا طبی معائنہ کرنے کے بعد اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے مذکورہ سیاح کی نعش کو اپنی تحویل میں لیکر اس کاپوسٹ مارٹم کرایا ۔ جبکہ قانونی اور طبی لوازمات پُر اکرنے کے بعد نعش کو آخری رسومات انجام دینے کیلئے لواحقین کے سپرد کر دی گئی۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی۔
کشمیر کا شہری پونچھ میں فوج کے ہاتھوں گرفتار
پونچھ/ /فوج نے جموں پونچھ شاہراہ سے ایک شخص کو مشکوک پاتے ہوئے گاڑی سے اتار لیا۔ذرائع کے مطابق کشمیر سے تعلق رکھنے والا ایک شخص پونچھ سے جموں جارہی گاڑی میں سفر کررہا تھا جسے فوج نے جڑانوالی گلی کے مقام پر ناکہ لگا کر گاڑی سے اتارتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ذرائع نے بتایا کہ اس شخص کے بارے میں خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں جسے فوج نے گرفتار کرکے بعد میں اسے سرنکوٹ پولیس کے حوالے کیا جہاں اس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ تحقیقات کی جارہی ہے اور ابتدائی مرحلے پر ہی وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔ تاہم انہوں نے بتایاکہ اس شخص کی تحویل سے فوجی ملبوسات برآمد ہوئے ہیں۔
گورو ہرگوبند جی کے یوم پیدائش کی مناسبت سے تقاریب
صوبائی کمشنر کا ضلع ترقیاتی کمشنروں کو انتظامات یقینی بنانے پر زور
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے مختلف محکموں کے افسران کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا تاکہ 29جون کو گوروہر گوبند جی کا یوم پیدائش احسن طریقے سے منایا جاسکے۔ صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کے دوران کیا جس میں تقریب کے سلسلے میں انتظامات کاجائزہ لیا گیا ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سب سے بڑی تقریب چھٹی پادشاہی کاٹھی دروازہ میں منعقد ہوگی جہاں ہزاروں کی تعداد میں عقیدتمند شرکت کریں گے۔صوبائی کمشنر نے میونسپل حکام کو تقریب کے مقام پر صفائی ستھرائی کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے محکمہ صحت عامہ کو پانی کی بلاخلل سپلائی یقینی بنانے کے لئے پانی کے ٹینکر دستیاب رکھنے کے احکامات دئیے۔جبکہ بجلی اور دیگر لازمی ضرورتوں کی فراہمی کے لئے بھی متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئیں۔اسی طرح محکمہ پولیس کوگوردوارہ کے احاطہ میں سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے احکامات دئے گئے۔میٹنگ کے دوران ٹریفک کی بلاخلل نقل وحرکت کو یقینی بنانے اورپارکنگ سہولیات دستیاب رکھنے کے لئے محکمہ ٹریفک کو خصوصی ہدایات دی گئیں۔اس دوران صوبائی کمشنر نے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کو شہر کے تمام گوردواروں کا دورہ کرنے اورموقعہ پر ہی انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایات دی تاکہ عقیدتمندوں کو تہوار کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ گورو ہر گوبند جی مہاراج کا یوم پیدائش وادی کے دیگر اضلاع میں بھی روایتی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ ،چیف انجینئر پی ڈی ڈی،جی ایم جے کے ایس آر ٹی ،آر ٹی او کشمیر ،سپر انٹنڈنٹ انجینئر پی ایچ ای،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی ،ایس پی ٹریفک اورایس پی پولیس کے علاوہ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے نمائندے، نیز دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔
گلمرگ میں ہلکی برفباری
سیاحتی مقام پر سردی کی تازہ لہر
سرینگر//سیاحتی مقام گلمرگ کی افروٹ پہاڑی پر تازہ برف باری کے بعد آس پاس کے علاقوں میں زبردست سردی محسوس کی گئی۔گزشتہ دو روز سے گلمرگ اور ٹنگمرگ میں ہوری متواتر بارشوں سے درجہ حرارت میں کمی واقع ھونے سے افروٹ پہاڑی پر تازہ برف باری ھوئی ۔
شیری نارواو میں ادبی محفل
بشر زوگیاری کے شعری مجموعہ کی رسم رونمائی
فیاض بخاری
بارہمولہ//گلشن ادب نارواو اور ساگر کلچرل فورم ژُکر پٹن کے بینر تلے زوگیار شیری نارواو بارہمولہ میں ایک ادبی محفل کا انعقاد ہوا۔جس میں ضلع بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے ناموار شعراء، ادباء کے علاوہ علاقے کے لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر گلشن ادب نارواو کی طرف سے ایک نامور کشمیری شاعر بشر زوگیاری کے شعری مجموعہ ( ناد )کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ تقریب میں ادبی مرکز کمراز کے صدر فاروق رفیع آبادی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ایم ایل اے بارہمولہ جاوید حسن بیگ مہمان ذی وقار تھے ۔اس موقع پر مہمان خصوصی فاروق رفیع آباد ی نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے گلشن ادب نارواو کی کوششوں اور کاوشوں کو سراہا۔جاوید حسن بیگ نے بھی ساگر کلچرل فورم پٹن اور گلشن ادب نارواو کے کام کی سرا ہنا کی اور ایسی محفلیں مستقبل میں منعقد کرنے پر زور دیا۔محفل مشا عر ہ میں ناظم نذیر ، راجہ نذر بونیاری ، عبدالاحد حاجنی ،ساگر نذیر ،شبنم تلگامی ،مقبول فیروزی ، ڈار مشتاق ،جگر ناروائی،غلام الدین بہار ،عبدلاحد الہامی اورجی ایم ماہر کے علاوہ دیگر افراد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران شجاعت بخاری کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا گیا۔
اوڑی میں تجاوزات کو ہٹایا گیا
ظفر اقبال
اوڑی // اوڑی میں انتظامیہ کی جانب سے سنیچرکو ایک کارروائی کے دوران نا جائز تجاوزات کو ہٹایا گیا۔مہورہ اوڑی نامی گائوں میں محکمہ پی ایم جی وائی نے 2012 میں ایک سڑک کی تعمیر کیلئے 3 کلو میٹر سرکاری زمین کی نشاندی کی تھی مگر چند لوگوں نے اس زمین پر قبضہ کر کے کئی ڈھانچے تعمیر کئے تھے ۔ اس دوران مقامی لوگوں کی شکایت پر اوڑی انتظامیہ کی ایک ٹیم نے ایس ڈی ایم اوڑی بصیر الحق چوہدری ،تحصیلدار بونیار مبشر امین اور محکمہ مال کے دیگر عملے نے جائزہ لے کر ناجائز تجاوزات کو ہٹایا اور سڑک تعمیر کرنے کا کام دوبارہ شروع کر دیا۔
مبارک گل کی سربراہی میںرورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کی میٹنگ
مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ماحول سازگار بنانے کی اپیل
سرینگر//رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی چیئرمین مبارک گل کی صدارت میںسوسائٹی کی ایک ہنگامی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں صوبہ کشمیر کے سبھی عہدیداران حاجی غلام محمد بلاک صدر عیدگاہ ،شبیر احمد بٹ ،ڈاکٹر محمد شفیع،شیخ عبدالمجید،محمد رفیع خان،محمد امین ٹیکا، یونس مبارک گل،محمد مقبول،جاوید احمد بیگ،شیخ واجد مظفر،ریاض احمد بٹ،غلام قادر بٹ اورعبدالغنی وغیرہ موجود تھے ۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مبارک گل نے کہا کہ رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے ریاستی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ کام کیا ۔انہوں نے ممبران پہ زور دیا کہ منشیات اورسماج میں دیگربرائیوںکے خاتمہ کیلئے کام کریں۔میٹنگ میں مرکزی سرکار سے اپیل کی گئی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے ماحول سازگار بنائیں اور حریت کانفرنس کو بات چیت میں شامل کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر پر امن طور حل ہو سکے۔
شجاعت بخاری کے تئیں خراج عقیدت، لندن میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد
سرینگر//جے کے ایل ( آر ) کے بیان کے مطابق لندن کے لوٹن شہرمیں منعقدہ ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ریفرنس کی ایک مشترکہ قرار داد میں شجاعت بخاری کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی گئی اور اسے بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کا تسلسل قرار دیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ اس قتل کی تحقیقات کے لیے حکومت پاکستان اقوام متحدہ کے عالمی ہیومین رائٹس کمیشن کے سامنے پیش کرے۔ اس تعزیتی ریفرنس کا انعقاد مقامی صحافیوں نے کیا تھا جس میں دونوں طرف کے کشمیر کی جماعتوں کے نمایندوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر پروفیسر نزیر احمد شال، نزیر احمد قریشی ، پروفیسر محمد عارف، جے کے ایل ایف (آر ) کے ایوب راٹھور، سید تحسین گیلانی، شبیر ملک، سردار امجد عباسی اور دیگر شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ شہید شجاعت بخاری نے قلم کی حرمت اور سچائی کو منظر عام پر لانے کی خاطر جبر و استبداد کی پرواہ نہیں کی اور کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہے ۔ پروفیسر نزیر احمد شال نے کہا کہ شجاعت بخاری پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو ڈپلومیسی کا حصہ تھے جبکہ انہوں نے کئی انٹرنیشنل یونیورسٹیوں میں لیکچرز بھی دئیے اور اسی بنیاد پر 14 جون کو کشمیرسے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ کے منظر عام پر آنے اور اس کو کاونٹر کرنے کے لیے شجاعت بخاری کا قتل کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف زرائع ابلاغ سے منسلک نمایندوں اور صحافیوں نے اپنے موقف کااعادہ کیا کہ شجاعت بخاری کے قتل کو برطانیہ میں بڑے پیمانے پر ممبرانِ آف پارلیمنٹ اور صحافیوں کی تنظیموں کے پلیٹ فارموں پر اٹھایا جائے گا۔ پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے برطانیہ میں صدر شیراز خان، مسرت اقبال، لائق علی خان، صفدر بخاری، اسرار خان، احتشام الحق قریشی، جمیل منہاس، منصف چوھدری، اسرار راجہ نے یہ عہد کیا کہ شجاعت بخاری کے مشن کو جاری رکھا جائے گا ۔اس موقع پر جموں و کشمیر ہیومین رائٹس کمیشن کے چیئرمین راجہ شبیر، صدیق راٹھور، سابق ڈپٹی مئیر فاضل ضیاء آزاد نکیالوی،ا سرار ظہور اور دیگر لوگوںنے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کی مذمت کی ۔
معمر شخص پہاڑی سے گرکر لقمہ اجل
بدمولہ بارہمولہ علاقے میں صف ماتم
فیاض بخاری
بارہمولہ //بدمولہ بارہمولہ کا ایک معمر شخص پہاڑی سے گر کر لقمہ اجل بن گیا جس کے نتیجے میں علاقے میں صف ماتم بچھ گئی ۔معلوم ہوا ہے کہ محمد اکبر راتھر ولد عبدالجبار راتھر ساکنہ بدمولہ شیری نارواو جمعہ کو اپنے موشیوں کو چرا گاہ میں دیکھنے کے بعد واپس لوٹ رہا تھا۔اس دوران مذکورہ شخص کا پیرپہاڑی سے پھسل گیا اور وہ گہری کھائی میں میں جا گرا جس کے نتیجے میں موقع پر ہی اُس کی موت واقع ہوئی ۔ مذکورہ شخص کی لاش کو جمعہ شام دیر گئے اُن کے آبائی گائوں بدمولہ پہنچایا گیا ۔
ہوٹل مینجمنٹ بورڈ کی میٹنگ
سیاحت کے سیکریٹری نے کام کاج کا جائزہ لیا
سرینگر //سیکریٹری ٹورازم رگزن سمفیل جو انسٹی چیوٹ آف ہوٹل منیجمنٹ کے بورڈ آف گورنرز کے چئیر مین بھی ہیں ، نے سرینگر میں بورڈ کی 37 ویں میٹنگ کی صدارت کی ۔ بورڈ نے ادارے کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کنٹریکچول فیکلٹی کو ماہانہ 25 ہزار روپے کی تنخواہ دی جائے گی اور ہر سال تنخواہ میں ایک ہزار روپے کا اضافہ کیا جائے گا ۔ بورڈ نے مختلف شعبوں میں نئے پروگرام شروع کرنے اور ڈگری اور ڈپلومہ کورسوں کے علاوہ دیگر تربیتی پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ لیا ۔ میٹنگ میں دیگر متعلقہ اہلکاروں نے شرکت کی ۔
ڈی سی بانڈی پورہ نے شادی پورہ میں یاترا انتظامات کا جائزہ لیا
بانڈی پورہ/عازم جان /ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ خورشید احمد ثنائی نے یاترا ٹرانسٹ کیمپ شادی پورہ کا دورہ کیا اور امرناتھ یاترا کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اُن کے ہمراہ ایس ایس پی اور ایس ڈی ایم کے علاوہ دیگر افسران بھی تھے۔انہوںنے افسران پر 26جون سے پہلے ہی یاترا انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی۔دورے کے دوران ترقیاتی کمشنر نے پینے کے پانی کی سپلائی ،صفائی ستھرائی اوربجلی کی فراہمی کے علاوہ دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقعہ پر انہوںنے کیمپ میں ایک ایمبولینس دستیاب رکھنے کے علاوہ طبی عملہ اور ادویات بھی دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔اس سے قبل ایس ڈی ایم سمبل جو کہ یاترا انتظامات کے لئے نوڈل آفیسربھی ہیں نے امرناتھ یاترا کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کے بارے میں ترقیاتی کمشنرکو جانکاری دی۔
کے ائے ایس آفیسر ایسو سی ایشن نے چیف سیکرٹری کی عزت افزائی کی
سرینگر//کے اے ایس افسر ایسوسی ایشن کے وفد نے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم کو چیف سیکرٹری کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ۔ تصدق حسین میر کی قیادت میں وفد نے چیف سیکرٹری کے ساتھ ملاقات کی ۔ چیف سیکرٹری نے افسران کو لگن اور تندہی سے کام کرتے ہوئے عوام کی خدمت کرنے کی صلاح دی ۔ افسران نے چیف سیکرٹری کو انتظامیہ کے کام کاج کو موثر ڈھنگ سے چلانے کیلئے تعاون کی یقین دہانی دی ۔