1134یاتریوں نے شو لنگم کے درشن کئے
سرینگر// شری امر ناتھ جی یاترا کے43 ویں روز1134یاتریوں نے پوتر گپھامیں شولنگم کے درشن کئے۔ یاترا شروع ہونے سے اب تک 276259 یاتری اب تک پوتر گپھا میں شو لنگم کے درشن کرچکے ہیں۔
قیدیوں کے ساتھ نارواسلوک
ادھمپور جیل کی صورتحال پر گیلانی کا شدید رد عمل
سرینگر// حریت (گ)چیرمین سید علی گیلانی نے ڈسٹرکٹ جیل اُدھمپور سے قیدیوں کے ساتھ ملاقات کے لیے گئے ہوئے رشتہ داروں کی طرف سے فراہم کردہ اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے جیل حکام کی قیدیوں کے تئیں ظالمانہ سلوک کی مذمت کی ہے ۔۔گیلانی نے کہا کہ فرضی اور بے بنیاد الزامات کے تحت ریاست کے حریت پسند نوجوانوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت اپنے گھروں اور رشتہ داروں سے دور قیدوبند کی صعوبتیں کیا کم ہیں کہ انہیں جسمانی تشدد کا شکار بنایاجارہا ہے۔ حریت رہنما نے جموں کشمیر کے قیدیوں کے ساتھ ہورہے مظالم کا از خود مشاہدہ کرنے کے لیے ایمنسٹی انٹرنیشنل، عالمی ریڈکراس اور اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کو ریاست اور بیرون ریاست کے جیل خانوں کے اندر محبوسین کی حالت زار کا سنگین نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
نومبر2018 سے شروع ہونے والے دفاتر کے نئے اوقات کار کو منظوری
سرینگر//ریاستی انتظامی کونسل نے گذشتہ روز گورنر این این ووہرا کی صدارت میں میٹنگ کے دوران سرکاری دفاتر میں یکم نومبر2018 سے لاگو ہونے والے نئے اوقات کار کو منظوری دی ۔یہ فیصلہ ساتویں تنخواہ کمیشن کی عمل آوری کے لئے تشکیل دی گئی پے کمیٹی کی سفارشات اور24 اپریل2018 کواُس وقت کی کابینہ میٹنگ میں لئے گئے فیصلے کی بنیاد پر لیا گیا ۔یکم نومبر2018 سے سول سیکرٹریٹ کے علاوہ ریاست بھر کے اُن تمام دفاتر جہاں ہفتے میں پانچ دِن کام ہوتا ہے، میں اوقات کار صُبح ساڑھے نو بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک ہوں گے۔ریاست بھر کے اُن تمام دفاتر جہاں ہفتے کے چھ دِن کام ہوتا ہے ، کے اوقات کار صُبح دس بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک ہوں گے تا ہم یہ اوقات تعلیمی اداروں میں لاگو نہیں ہوگے۔
اقتصادی حالات بہتربنانے کیلئے شعبہ پشو پالن کا رول اہم
سکاسٹ میں منعقدہ ورکشاپ سے سامون کا خطاب
سرینگر//بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے سکاسٹ کشمیر کے اہتمام سے منعقدہ یک روزہ ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ورکشاپ کا موضوع’’مال مویشی۔ پیداوار و پیداواریت: صورتحال، چیلنج اورامکانات‘‘ تھا۔ اس موقعہ پر سکاسٹ کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر نذیر احمد اور سکاسٹ جموں کے وائس چانسلر پروفیسر پی کے شرما بھی موجود تھے۔ ورکشاپ میں ریاست کی زرعی یونیورسٹیوں کے ڈین صاحبان، ڈائریکٹرز، مختلف شعبوں کے سربراہوں اور زرعی سائنسدانوں کے علاوہ بھیڑ وپشو پالن، ماہی پروری، کئی بنکوں اور میونسپلٹی کے عہدیداروں و ترقی پسند کسانوں نے شرکت کی۔آئی سی اے آر۔ سی ایس ڈبلیو آر آئی کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس ایم کے نقوی نے ورکشاپ میں ایک ماہر کی حیثیت سے شرکت کر کے مال مویشی کی پیداوار کے تعلق سے اپنی ماہرانہ رائے دی۔س موقعہ پر ڈاکٹر سامون نے کہا کہ محکمہ کی لگن و محنت اور سکاسٹ کشمیر کی بروقت تجاویز کی مدد سے ریاست میں پشو پالن ایک منافع بخش صنعت ثابت ہوئی ہے جسکے نتیجہ میں ریاست کی اقتصادی حالت میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی80 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہے اور اس آبادی کا ایک بہت بڑا حصہ بلواسطہ بالاواسطہ زرعی سرگرمیوں سے وابستہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھیڑ و پشو پالن کا شعبۂ ریاست کے دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر فروغ پارہا ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ بڑھتی انسانی آبادی کے پیش نظر مال مویشی کی پیداواریت کو بڑھاوا دینا لازمی ہے تا کہ انسانی آبادی مویشیوں سے اپنی غذائی ضروریات پورا کرسکے۔انہوں نے کہا کہ اس سیکٹر سے زرعی سرگرمیوں کو بھی بڑھاوا دینے میں مدد ملتی ہے جبکہ دودھ کی پیداوار کا شعبۂ بھی مال مویشیوں کی پیداواریت پر منحصر ہے۔ورکشاپ کے دوران ریاست میں لائیو سٹاک سیکٹر کو بڑھاوا دینے کے امکانات کا باریک بینی سے جائیزہ لیا گیا۔اس کے علاوہ ریاست میں لائیو سٹاک، پولٹری اور فشریز شعبوں کے فروغ کے لئے ادارہ جاتی تعاون کے لئے ایک نقش راہ تیار کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر سکاسٹ کے وائس چانسلر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
محکمہ قانون کا عدالتوں میں التوأ میں
پڑے معاملات کا مسلسل جائزہ لینے پر زور
سری نگر//ریاستی حکومت نے اپنے لیگل کونسل سے کہا ہے کہ وہ محکمہ قانون کو ہفتہ وار بنیادوں پر ایسے تمام معاملات کے بارے میں جانکاری دیں جن کے تعلق سے چیف سیکرٹری کا ردعمل درکار ہوتا ہے۔محکمہ قانون کی جانب سے جاری کئے گئے ایک سرکیولر میں انتظامی سیکرٹریوں ، لأ افسروں ،سینئر اے اے جیز ، اے اے جیز ،ڈی اے جیز ،سرکاری وکلاء اور دیگر متعلقہ عہدہ داروں کو ایسے کیسوں کو قانون محکمہ کی نوٹس میں لانے کا مکلف بنایا گیا ہے۔سرکیولر میں مزید کہاگیا ہے کہ عدالت عظمیٰ ، ریاستی عدالت عالیہ ، قومی انسانی حقوق کمیشن ،نیشنل گرین ٹریبونل ، ریاستی انسانی حقو ق کمیشن اور ریاستی احتساب کمیشن میں التوأمیں پڑے ایسے معاملات ، جن کے بارے میں چیف سیکرٹری کو فوری طور دعمل دینے کے لئے کہا جاتا ہے ، کی ترجیحی بنیادوں پر پیروی کی جانی چاہیئے۔
پانپور میں نوجوان کی گمشد گی
افراد کنبہ نے گھر لوٹنے کی اپیل کی
سید اعجا ز
پانپور//پانپور سے ایک اور نوجوان گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہوا ہے جس کے بعد افراد خانہ میں زبردست تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔جنوبی کشمیر کے قصبہ پانپور کے درنگ بل علاقے میں28سالہ نوجوان محمد امین میر ولد مرحوم غلام رسول میر29جولائی کو گھر سے معمول کے مطابق کام کیلئے نکلا تب سے گھرواپس نہیں آیا ہے اگر چہ افراد خانہ نے اس کی تمام ممکنہ جگہوں پر تلاش شروع کی ہے تاہم آج تک کوئی بھی سراغ نہیں ملا ہے گمشدہ نوجوان کے افراد کنبہ نے انہیں واپس آنے کی اپیل کی ہے ۔معلوم ہوا مذکورہ نوجوان کا والد اور اور والدہ پہلے ہی فوت ہوئے ہیں ۔اس کے چاربھائی ہیں اور خود محمد امین ایک نجی کار وباری ادارے میں کام کرتا تھا۔افراد خانہ کے مطابق اس کی شادی رشتے میں ہی طے ہوئی ہے جو ایک ماہ کے بعد ہونے والی تھی ان کے تمام رشتہ داروں نے محمد امین کو گھر واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ افراد خانہ کی جانب سے جمعرات کو گمشدگی رپوٹ درج کی گئی ہے جس کے بعد پولیس نے بھی واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کی ہے ۔
فائنانس ڈیپارٹمنٹ میں
اخراجات سے متعلق منیجمنٹ سیل قائم
سری نگر//ریاستی حکومت نے فائنانس ڈیپارٹمنٹ میں مالی نظام کو مستحکم بنانے کے لئے اخراجات سے متعلق منیجمنٹ سیل قائم کیا ہے۔اس سلسلے میں پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری کی جانب سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے مذکورہ سیل کے قیام کو باضابطہ منظوری دی ہے جس کی سربراہی جوائنٹ ڈائریکٹر بجٹ رمن گپتا کریں گے۔مشتاق احمد اکائونٹس آفیسر بجٹ اور پریا بڈھیال اکائونٹس آفیسر ریسورس اس کمیٹی کے ممبران ہوں گے جبکہ عادل فرید اَنڈر سیکرٹری خزانہ کمیٹی کے ممبر سیکرٹری ہوں گے۔اس کمیٹی کو مختلف محکموں کے ذریعے عملائی جارہی سکیموں پر آنے والے اخراجات میں استحکام لانے ، انفارمیشن ٹیکنالوجی وسائل کو موثر طور بروئے کار لانے ،مرکزی معاونت والی سکیموں کی عمل آوری میں مختلف محکموں کی جانب سے جاری کی جانے والی یوٹیلائزیشن اسناد کو جمع کرانے اور استعمال شدہ یا غیر استعمال شدہ رقومات کے نظام کی نگرانی کے علاوہ دیگر کئی معاملات کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے ملازم کی پراسرارموت،نعش برآمد
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ قصبہ میں اس وقت ہر طرف مایوسی چھا گئی جب منگناڑ نالہ سے ایک شخص کی لعش بر آمد ہوئی۔تفصیلات کے مطابق اندر کمار ولد بیر بل ساکن وارڈ نمبر 12پونچھ جو کہ محکمہ صحت کا ملازم تھا اورمنگناڑ طبی مرکز پر تعینات تھابدھ کی صبح گھر سے منگناڑ اپنی ڈیوٹی پرگیا تھا اور اس کے بعد نہیں لوٹا۔اس دوران گھر والوں نے مختلف جگہوں پراسے تلاش کیا لیکن وہ شخص نہیں ملا۔جمعرات کی صبح جب ایک شخص منگناڑ نالہ سے گزر رہا تھا تو اس نے ایک لعش وہاں پڑی ہوئی دیکھی جس کی اطلاع پولیس تھانہ پونچھ میں دی گئی جہاں سے ایس ایچ او پونچھ کی قیادت میں ایک ٹیم موقعہ واردات پر پہنچی اور وہاں سے لعش اٹھا کر ضلع ہسپتال پہنچائی گئی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لعش لواحقین کے حوالے کر دی گئی ۔اس شخص کی موت کا کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہ ہوئی ہے جبکہ پولیس نے کیس درج کر کے کاروائی جاری رکھی ہے۔
جسمانی طور ناخیز افراد کیلئے موافق ڈھانچہ لازمی : لون
سرینگر//سیکریٹری سماجی بہبود فاروق احمد لون نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں جسمانی طور خاص افراد کے لئے موافق ڈھانچے قائم کریں تا کہ انہیں کسی قسم کی دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے۔سیکریٹری موصوف جسمانی طور ناخیز افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کامیٹنگ میں جائزہ لے رہے تھے۔سیکریٹری موصوف نے تعمیرات عامہ محکمہ سے کہا کہ وہ تمام محکموں کو ہدایات جاری کریں کہ کسی بھی عمارت کی تعمیر کی تب تک اجازت نہیں دی جائے گی جب تک اس میں جسمانی طور خاص افراد کے لئے ریمپس کی سہولت دستیاب نہ ہوں۔ڈاکٹر لون نے اپنے محکمہ کے افسروں سے کہا کہ وہ جسمانی طور خاص افراد کی شکایات سُننے اور اُن کا بروقت ازالہ کرنے کے لئے ایک ہیلپ لائین قائم کریں۔انہوں نے ناظم صحت کشمیر/ جموں کو تجویز دی کہ وہ جسمانی طور خاص افراد کے حق میں مخصوص اسناد بروقت جاری کریں۔سیکرٹری موصوف نے کہا کہ سماج کو سمجھنا چاہئے کہ جسمانی طور خاص بچوں میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہوتی ہے اور اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے انہیں مناسب پلیٹ فارم فراہم کیا جانا چاہئے۔انہوں نے ایسے افراد کے حقوق کے بارے میں بڑے پیمانے پر جانکاری عام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ڈاکٹر لون نے کہا کہ محکمہ جسمانی طور خاص افراد کو با اختیار بنانے کاوعدہ بند ہے۔میٹنگ کے دوران جسمانی طور خاص افراد کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پرسنز وِد ڈِس ایبلٹیز کے کمشنر محمد اقبال نے سیکرٹری سماجی بہبود کو اُن اقدامات کے بارے میں جانکاری دی جو جسمانی طور خاص افراد کی فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے ہیں۔کمشنر نے کہا کہ سرکاری عمارتوں تک جسمانی طور خاص افراد کی رسائی آسان بنانے کی خاطر ضروری ڈھانچے کے قیام کے لئے اب تک4 سرکاری عمارتوں پر21 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں اور ایسی سہولیات کی دستیابی کے لئے122 دیگر سرکاری عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اِن افراد کی فلاح کے لئے ضروری اقدامات کر رہا ہے اور اب تک شکایات کے320 معاملات کو نمٹایاگیا ہے۔
صلاح الدین کا حزب کمانڈر کو برسی پرخراج عقیدت
مظفر آباد // حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے حزب رہنما علی محمد ڈار المعروف برہان الدین حجازی کی بیسویں برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نہ صرف عسکری امور کے ماہر تھے بلکہ ایک اعلیٰ انسان، مفکر اور سچے عاشق رسولؐ تھے۔حزب ترجمان سلیم ہاشمی کی جانب سے موصول ایک بیان کے مطابق صلاح الدین نے کہا کہ دشمنانِ تحریک بھی اُن کی اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں اور دیانتدار و شفاف انسان ہونے کے معترف تھے۔ انہوں نے اسلام اور آزادیٔ کیلئے اپنی زندگی کا ہر لمحہ وقف کیا تھا۔انہوں نے کہ مرحوم کمانڈر نے تاریخ کا دھارا ہی موڑ دیا تھااور اُن کے لہو نے برہان جیسے جوانوںکو جنم دیا۔ صلاح الدین نے کہا کہ اُن کا مشن جاری ہے اور حصول آزادی تک جاری رہے گا۔ تقریب سے حزب کے نائب امیر سیف اللہ خالد، کمانڈر شمشیر خان اور کمانڈر تاج علی شاہ نے بھی خطاب کیا ۔
دارالعلوم سوپور میں ابنائے قدیم کا اجلاس
ادارہ کے ساتھ تعلق قائم رکھنے کی افادیت پر زور
سرینگر//دارالعلوم سوپور میں ابنائے قدیم کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اہل السنت والجماعت مولانا سید ارشد ندوی نے موجودہ دور میں علماء کو انکی ذمہ داریاں یاد دلاتے ہوئے فارغ طلاب سے اپنے ادارے کے ساتھ تعلق قائم رکھنے کی ضرورت وافادیت پر زور دیا ۔ ابنائے قدیم میں جامعہ کے فارغین ،علماء کرام ،مفتی حضرات اور حفاظ قرآن نے شرکت کی ۔اجلاس میںادارہ کے طلاب نے مختلف پروگرام پیش کئے جبکہ فارغین میں سے مولاناماسٹر نصیر احمدنے مختصر تاثرات پیش کئے ۔فارغین میں موجود دارالعلوم شیری کے مہتمم نے جامعہ اسلامیہ دارالعلوم سوپور کی مختصر تاریخ پیش کی ۔انہوں نے دارالعلوم سوپور کوکشمیر میں مدارس کی بنیاد وتعارف اور علماء ومدارس کی پہچان قرار دیا اور ادارہ کے بانی رہنمائوں بالخصوص ملا محمد اصغر ،حاجی غلام رسول ڈار،حاجی حکیم غلام حسن ، ادارہ کے پہلے مہتمم مولانا عبدالرحمٰن آزاد، دوسرے اور تاحال مہتمم مولانا بشیرالدین قاسمی ، ادارہ کے ابتدئی اساتذہ مولانا غلام نبی قاسمی ،قاری محمد علی، مولانا رحمت اللہ قاسمی،حافظ ہدایت اللہ ،مولانا حسین احمد نعمانی ،مولانا زبیربستوی،مولانا مطیع اللہ قاسمی ، مفتی حفیظ اللہ قاسمی ، قاری نظام الدین وغیرہ کی خدمات کا بھی تذکرہ کیا ۔انہوں نے ادارہ کے ابتدائی مشیروں امیراحمد،مولانا شاہ ولی اللہ ،مولانا حبیب اللہ شاہ ، پیر شمس الدین ، حاجی محمد مقبول مہجو ودیگر افرادکی حیات خدمات کو بیان کیااور ابنائے قدیم کی جانب سے ادارہ کے مہتمم کے سامنے چند تجاویز بھی پیش کیں۔تقریب کے اختتام پر جامعہ کے شیخ الحدیث مفتی مظفر حسین قاسمی نے ابنائے قدیم کے اجلاس کی اہمیت کو اجاگر کیا اورادارہ کے مہتمم مولانا بشیر الدین قاسمی کی دعا کے ساتھ مجلس کا اختتام ہوا۔
خونین حالات کیلئے بھارت کی ہٹ دھرمی ذمہ دار
حریت کے دونوں دھڑوں کاجاں بحق جنگجوئوں کو خراج عقیدت
سرینگر//حریت (گ)اور حریت (ع)نے گریز اور رفیع آباد میں ہفتہ رفتہ کے دوران جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان قربانیوں کی امانت دار ہے۔حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان قربانیوں کی امانت دار ہے۔ انہوںنے اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر میں موجودہ خونین حالات کیلئے بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی ذمہ دار ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ریاست جموں کشمیر کے لوگ سب سے زیادہ امن کے متلاشی ہیں۔ حریت رہنما نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت حقِ خودارادیت کی جائز سیاسی تحریک کو فوجی طاقت کے ذریعے زیر کرنے کی آمرانہ اور غاصبانہ کارروائیوں کے ذریعے یہاں قبرستان کی خاموشی قائم کرنے کو امن کا نام دینے کی ضد پر اڑا ہے۔ گیلانی نے کہا کہ کسی بھی بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانی آبادی کو قتل کرنے کے مترادف ہے اور ان ہی اصولوں کی آبیاری کے لیے ریاست جموں کشمیر کے لوگ صرف اور صرف اپنا حق مانگنے میں ایک سیاسی اور جمہوری جدوجہد کو آگے لے جانے میں مصروف عمل ہے۔ بزرگ مزاحمتی رہنما نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عوامی خواہشات کے مطابق حل کرنے میں اپنا آئینی کردار نبھائیں، تاکہ برصغیر میں کسی امکانی ایٹمی جنگ کو روکا جاسکے۔ حریت (ع) نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قوم کو محکومیت کے شکنجے سے آزاد کرانے کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کے ایثار اور قربانی کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔بیان میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کو التوا میں رکھنے کی پالیسی نہ صرف کشمیر میں خونین واقعات کو جنم دینے کا باعث بن رہی ہے بلکہ اس طرح کے عمل سے اس پورے خطے کا امن و استحکام دائو پر لگا ہوا ہے اور وقت آگیا ہے کہ اس خطے کے محفوظ مستقبل کی خاطر اس مسئلہ کو یہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے بامعنی اقدامات کئے جائیں۔
ڈاکٹرالکندی عالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے مکہ مکرمہ روانہ
سرینگر //جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے بلائی گئی عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے سعودعرب روانہ ہوئے ہیں۔بیان کے مطابق ڈاکٹر الکندی ’عالمی امن میں مسلمانوں اور اسلام کے کردار ‘15 اور16 اگست کومکہ میںمنعقد ہورہی کانفرنس میں خطاب کریںگے ۔ ڈاکٹر الکندی اس دوران فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد عالم اسلام کے نامور مفکرین ، دانشوروں اور منتخب علمی قیادت سے انفرادی اور اجتماعی ملاقاتیں بھی کریں گے۔
فروٹ گرورس ایسو سی ایشن سوپور کے صدرکی حلف برداری
غلام محمد
سوپور// فروٹ گرورس اینڈ ڈیلرس ایسو سی ایشن سوپور کے نومنتخب صدر فیاض احمد ملک عرف کاکاجی نے جمعرات کو فروٹ منڈی سوپور میں حلف لیا۔ اس موقع پر ممبراسمبلی سوپور حاجی عبدالرشید ڈار مہمان خصوصی تھے جبکہ ٹریڈرس فیڈریشن صدر حاجی محمد اشرف گنائی ،ڈسٹرکٹ ہارٹی کلچر افسران کے علاوہ فروٹ گرورس اور فروٹ منڈی کے سینکڑوں ممبران بھی موجود تھے۔ پروگرام کے دوران مقررین نے کہا کہ سوپورمنڈی کو حکومت نے نظر انداز کیا ہے اور اس کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ ہمیں امید ہے کہ نو منتخب صدر فیاض احمد ملک اس منڈی کی ترقی کیلئے دل وجان سے کام کریں گے اور منڈی کو تمام تر سہولیات سے لیس کرائیں گے۔
لیہہ میں بادل پھٹنے سے تباہی
املاک اورفصلوں کو نقصان
سرینگر//لداخ کے لیہہ ضلع میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو موسلادھار بارشوں کے بیچ بادل پھٹنے اور مٹی کے تودے گرآنے سے 2دیہات سابو اور شی میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ۔سیلابی ریلے اور مٹی کے تودے گرآنے سے رہائشی مکانات ،گاڑیوں اور فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچاتاہم یہاں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔کے این این کے مطابق لداخ کے لیہہ ضلعے میں بادل پھٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ،تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ایس ڈی آر ایف اور دیگر ریسکیو ٹیمیں بچائو اور راحت رسانی کی خدمات انجام دے رہی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ 8اور9اگست کی درمیانی رات کولیہہ لداخ کے سابو اور شی دیہات میں موسلادھار بارشوں کے دوران بادل پھٹ آنے سے دونوں دیہات بری طرح سے متاثر ہوئے ۔دوران شب یہاں سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ۔اس سلسلے میں پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ موسلادھار بارشوں کے باعث بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو دو دیہات بری طرح سے متاثر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ دو گاڑیاں ،دو موٹر سائیکل ،کئی رہائشی مکانات اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ۔
مسلم جان کشمیر یونیورسٹی کی میڈیا کارڈ نیٹر تعینات
پروفیسر نیلوفر خان رجسٹرار مقرر
سرینگر//کشمیریونیورسٹی نے ایک اہم فیصلے کے تحت مسلم جان فاضلی کو میڈیا کارڈ نیٹر کے عہدے پر تعینات کردیا۔ اسسٹنٹ رجسٹرار (انتظامیہ) کی جانب سے ایک فیصلے میں مسلم جان فاضلی کو اپنے عہدے سے تبدیل کرکے یونیورسٹی کے میڈیا کارڈ نیٹر کے عہدے پر تعینات کردیا گیا۔مسلم جان فاضلی اس سے قبل میڈیا ایجوکیشن اینڈ رسیرچ سنٹر میں ایڈیٹر اور ریسرچ اسسٹنٹ کے عہدے پر تعینات تھیں۔ ڈین کالج ڈیولپمنٹ کونسل کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلوفر خان کو رجسٹرار کشمیر یونیورسٹی مقرر کیا گیا ہے جبکہ کامرس ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر خورشید بٹ کو رجسٹرار کے ایڈیشنل چارج سے فارغ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 9اگست 2018کو باضابطہ طور ڈپٹی رجسٹرار ایڈمنسٹریشن ٹیچرس ونگ کی طرف سے ایک حکمنامہ F(Registrar-1) Adm/KU/TW/18جاری کیاگیا ہے جس کے مطابق ڈاکٹر خورشید احمد بٹ، پروفیسر کامرس ڈیپارٹمنٹ کو 09اگست 2018کو رجسٹرار کی ایڈیشنل ڈیوٹی سے رخصت کیا گیا اور پروفیسر نیلوفر خان، ڈین کالج ڈیولپمنٹ کونسل کو اُن کی ڈیوٹی کے علاوہ رجسٹرار کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔ ایک اور الگ حکمنامے کے مطابق فہیم اسلم پی آر او وائس چانسلر رہیں گیجبکہ جوائنٹ رجسٹرار ڈیولپمنٹ کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر تنویر احمد شاہ کو سپیشل سیکریٹری برائے وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔
جواہر ٹنل کے قریب فکی ضبط،3 غیر ریاستی شہری گرفتار
عارف بلوچ
قاضی گنڈ//قاضی گند پولیس نے سرینگر سے جموں کی طرف جارہی گاڑی زیر نمبرPB11BB-7699کو جواہر ٹنل کے نزدیک روک کر تلاشی کاروائی کے دوران8کلو فکی ضبط کی ہے۔پولیس نے گاڑی میں سوار تین غیر ریاستی افراد پرمجیت سنگھ،ہانی چہدال و جوگی سنگھ ساکنان ہوشیار پور پنجاب کو گرفتار کرکے معاملے کی نسبت کیس درج کیا ہے ۔
حریت (ع)ترال واقعہ پر برہم
کہا جنگجوئوں کے رشتہ داروں کوگرفتارکرنے کی مہم انتقام گیری
سرینگر//حریت (ع)نے فوج اور فورسز کی جانب سے ترال کے گلشن پورہ ، امیر آباد ، مونگہ ہامہ ، جواہر پورہ ، لام ترال، شیرہ آباد اور پنگلش میں چھاپوں کے دوران عسکریت پسندوں کے قریبی رشتہ داروں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی انتقام گیری قرار دیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ حکمرانوں کی جانب سے طاقت اور تشدد کے بل پر یہاں کے نوجوانوںکو پشت بہ دیوار کرنے اور طاقت کا سہارا لیکر انہیں ہراساں کرنے کا عمل یہاں کی نوجوان نسل کو عسکریت پسندی کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کررہا ہے اور حکمرانوں نے جس طرح تمام مسلمہ جمہوری اور انسانی اصولوںکو بالائے طاق رکھ کر عسکریت پسندوں کے رشتہ داروں کو پابند سلاسل کرنے کی مہم چھیڑ رکھی ہے وہ یہاں کی نوجوان نسل کے تئیں حکمرانوں کی معاندانہ روش کو ظاہر کرتی ہے اور حکمرانوں کی انتقام گیری سے عبارت یہی پالیسی یہاں کے نوجوانوںکو عسکریت کی صفوں میں شمولیت کا باعث بن رہی ہے۔بیان میں گڈورہ پلوامہ اور ہانجن راجپورہ میں شبانہ چھاپوں، گھر گھر تلاشیوں ، کریک ڈائون اور عسکریت پسندوںکی تلاش کی آڑ میں نہتے عوام کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ سرکاری فورسز اور فوج نے اس پورے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کیا ہے جو لوگوں کی پریشانی کا باعث بن رہا ہے ۔بیان میں وادی کے مختلف علاقوں سے متعدد مزاحمتی رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری اور انہیں پابند سلاسل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں بنتا اور اصل میں مزاحمتی کارکنوں کی پر امن سرگرمیوںپر قدغن عائد کرنا حکمرانوں کی پالیسی کا حصہ بن گیا ہے ۔