آیوش نیوٹریشن سپلیمنٹ کیمپ کا اہتمام
پرویز خان
راجوری //ڈائر یکٹر آیوش جموں وکشمیر یوٹی ڈاکٹر موہن سنگھ اور ڈاکٹر راکیش شرما کی ہدایت جاری گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں ایچ آئی وی میں مبتلا مریضوں کیلئے آیوش نیوٹریشن سپلیمنٹ کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔آزاد ی کے امرت مہا اتسو کی مناسبت سے منعقدہ کیمپ کا افتتاح میڈیکل سپر نا ٹینڈنٹ راجوری ڈاکٹر محمود بجاڑ نے دیگر ڈاکٹروں و ملازمین کی موجودگی میں کیا ۔کیمپ کے دوران ایچ آئی وی کے مریضوں میں ڈاکٹر ظہیر احمد ،محمد دعارف اور ظفر شاہ کی جانب سے ادویات اور دیگر نیوٹریشن سپلیمنٹ تقسیم کئے گئے ۔
نوشہرہ میں والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد
رمیش کیسر
نوشہرہ //فوج کی جانب سے نوشہرہ سب ڈویژن میں نوجوانوں کیلئے ایک والی بال ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا گیا ۔اس ٹورنامنٹ کے دوران مختلف علاقوں سے آئی ہوئی ٹیموں نے شرکت کر کے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیاں منعقدہ کرنے کا اصل مقصد خطہ پیر پنچال میں نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ سماج دشمن سرگرمیوں و دیگر غیر قانونی کاموںکی جانب راغب نہ ہوں ۔انہوں نے کہاکہ کھیلیں نوجوانوں کی ذہنی نشو و نما کیلئے اہم ہیں ۔مقامی لوگوں نے فوج کا شکریہ اداکرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح کے مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا ۔
این ایس ایس کا 7روزہ کیمپ اختتام پذیر
حسین محتشم
پونچھ//چھوٹے شاہ میموریل کالج مینڈھر کا سرمائی این ایس ایس کیمپ اختتام پذیر ہو گیا ہے ۔این ایس ایس رضا کاروں کی جانب سے مذکورہ کیمپ یکم فروری سے شروع کیا گیا تھا ۔اس سات روزہ کیمپ میں کالج سے ملحقہ علاقہ ڈھرانہ اور متعدد گرد و نواح میں کرونا سے متعلق آگہی مہم چلائی گئی اور لوگوں میں ماسک اور دیگر کرونا سے بچاو ساز و سامان بھی تقسیم کیا گیا۔ اس مہم کے دوران کالج اور ملحقہ دریا کی صفائی ستھرائی کا کام بھی عمل میں لایا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ چھجلہ اور ڈھرانہ میں ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ کرونا کے چلتے ضروری ادویات بھی تقسیم کی گئی۔ کیمپ کے آخری دن کالج پرنسپل دلیپ کمار رینا نے طلبہ کے کام کو سراہتے ہوئے اْنھیں مزید لگن سے کام کرنے کی تلقین کی اور این ایس ایس پروگرام آفیسر ڈاکٹر اسد عمران کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ اس موقعے پر پروگرام آفیسر ڈاکٹر اسد عمران نے بولتے ہوئے کہا کہ طلباء کی قوم وملک کے تئیں ہمدردی اور جزبے کو سراہا اور آئندہ بھی مزید اس جزبے سے کام کرنے کی تلقین کی۔
سکھ بچی کی عصمت ریزی پر پونچھ میں کینڈل مارچ
حسین محتشم
پونچھ// قومی دارلحکومت دہلی میں سکھ بچی کی عصمت ریزی اور اس کے بالوں کی بے حرمتی کئے جانے پر پورے ملک کی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو سکھ نوجوانوں کی جانب سے پونچھ میں ایک کینڈل مارچ نکالنا گیاجس میں سینکڑوں کی تعداد میں سکھ نوجوانوں نے شامل ہو کر جم کر نعرے بازی کرتے ہوئے دہلی حکومت اور دہلی پولیس کے خلاف اپنے غم و غصہ کا اظہار کیااور مطالبہ کیا کہ خاطیوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اورپھانسی کی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے حکومت کا بیٹی بچاو نعرہ کمزور اور کھوکھلا ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا دہلی میں ہندوستان کی سب سے بڑی عدالت کی عمارت، وزیر اعظم او ر صدر جمہوریہ ہند کا قیا م ہے وہاں ایسے واقعات پیش آنانہایت افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہااس قسم کے واقعات عام طور اقلیتی اور کمزور طبقات کے ساتھ پیش آرہے ہیں، جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں اور ہندو مسلم سکھ عیسائی تمام مذاہب کی خواتین اور لڑکیوں کی حفاظت کا حکومت اور عدالت سے مطالبہ کرتے ہیں۔
پھکباڑی کی عوام 3ماہ سے بجلی سے محروم
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کے پھکباڑی علاقہ کی عوام گزشتہ تین ماہ سے بجلی کو ترس رہے ہیں ۔اس علاقے کا ٹرانسفارمر تین ماہ قبل جل گیا تھا جس کی وجہ سے دو سو سے زائد نفوس پر مشتمل علاقہ کے لوگ رات کو اندھیرے میں اپنی زندگی گزار نے پر مجبور ہیں ۔ مکینوں کے مطابق ان کا علاقہ سڑک سے دو کلو میٹر دوری پر واقع ہے جس کی وجہ سے محکمہ بجلی کے ملازمین نے بھی اس علاقہ کی طرف توجہ مرکوز نہیں کی۔ان کا کہنا تھا انہوں نے متعدد بار ٹرانسفارمر کی مرمتی کے حوالے سے متعلقہ محکمہ کے آفسران سے رجوع کیا لیکن انہوں نے بھی معاملہ کو سنجیدگی کیساتھ نہیں لیا جس کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی سہولیت کو بحال کرنے کیلئے ملازمین کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
سرنکوٹ میں براڈ بینڈ انٹر نیٹ سروس بند
بی ایس این ایل صارفین 3دنوں سے متاثر
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ میں براڈ بینڈ سروس متاثر ہونے کی وجہ سے گزشتہ تین دنوں سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مذکورہ سروس کی مدد سے اپنا کاروبار چلانے والے صارفین نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی گھنٹوں سے سروس بند پڑی ہوئی ہے لیکن حکام کی جانب سے اس کو بحال کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام صارفین کو جھوٹی تسلیاں دے رہے ہیں لیکن 3دنوں سے سروس کو بحال ہی نہیں کیا جاسکا ہے ۔غور طلب ہے کہ خطہ میں بے روز گار نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد انٹر نیٹ کے ذریعہ ہی اپنا رود گار کمارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سرنکو ٹ قصبہ و ملحقہ علاقوں میں نوجوانوں نے کرائے پر دکانیں لے کر اپنا کاروبار شروع کیا ہے لیکن مذکورہ کمپنی کی سروس ہی انتہائی ناقص ہو چکی ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہونا شروع ہو گئی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سروس کو جلدازجلد معیاری بنایا جائے ۔
بیٹے کی بے رحمی سے پٹائی کرنے والا شخص گرفتار
سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے گائوں ناریاں میں ایک شخص نے اپنے ہی بیٹے کی بے رحمی سے پٹائی کر دی جس کا پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔راجوری کے جوونائل جسٹس بورڈ نے بھی ملزم باپ کے خلاف شروع کی گئی قانونی کارروائی کی کڑی نگرانی شروع کر دی ہے۔اطلاع کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک نابالغ لڑکے کو زخمی حالت میں دیکھا گیا جس کے پورے جسم پر پٹائی کے نشانات تھے جبکہ اس نے بتایا کہ اسکے اپنا ہی باپ نے اس کی شدید پٹائی کی ہے ۔لڑکے نے بتایا کہ ’’میری والدہ اب نہیں رہیں اور والد نے دوبارہ شادی کر لی جس کے بعد اس پر شدید نوعیت کا تشدید کیا جارہا ہے ‘‘۔نابالغ لڑکے نے بتایاکہ اس کا والد اسے مسلسل تشدد کا نشانہ بنانا کر گھر کے سارے کام کرنے پر مجبور کرتا ہے ۔اس پر راجوری پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے جوینائل جسٹس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم کے والد عبدالغنی سکنہ ناریاں کو گرفتار کرلیا ہے۔متاثرہ لڑکے کی نانی جو کہ اب اس لڑکے کی دیکھ ریکھ بھی کررہی ہیں ،نے بتایا کہ لڑکے کا والد غیر انسانی عمل کا سہارا لے کر رہا ہے اور ان دنوں میں اس نے ظلم کی تمام حدیں پارکرتے ہوئے کمسن کی شدید پٹائی کی ہے ۔انٹی گریٹڈ چائلڈ پروٹیکشن اسکیم کے ایک کونسلر، جووینائل جسٹس بورڈ کا ایک حصہ بھی ہیں،نے بتایا کہ انتظامیہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا سنجیدگی کیساتھ جائزہ لے رہی ہے ۔
تھنہ منڈی میں مفرور گرفتار
راجوری// جموں و کشمیر پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب مفروروں کی گرفتاری کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے راجوری ضلع کے تھنہ منڈی علاقہ میں ایک مفرور کو گرفتار کیا۔پولیس نے بتایا کہ تھنہ منڈی پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے ایس ایچ او شوکت امین کی سربراہی میںگاؤں لاہ میں چھاپے کے دوران گائوں کے رہائشی اعجاز لطیف ولد محمد لطیف نامی ایک مفرور ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص ایف آئی آر نمبر 19/2019 U/S 341/354 RPC میں 2019سے مفرور تھا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملزم کی گرفتاری کے بعد پولیس نے مزید کارروائی شروع کردی ہے ۔
حد بندی کمیشن کی ڈرافٹ رپورٹ
خطہ پیر پنجال کو مزید پیچھے دھکیل دیاگیا: پی ڈی پی
حسین محتشم
جموں//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈران نے کہاہے کہ حد بندی کمیشن کی جانب سے پیش کی گئی ڈرافٹ رپورٹ نے خطہ پیر پنچال کی عوام کی امنگوں کو ٹھیس پہنچائی ہے جبکہ اس عمل سے خچہ کو مزید پیچھے دھکیل دیا گیا ہے ۔پارٹی لیڈر جاوید اقبال ریشی کی قیادت میں اراکین نے کہاکہ جموں وکشمیر سے متعلق حدبندی کمیشن کی مجوزہ رپورٹ نا قابل قبول ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ رپورٹ ایک سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچانے کے لئے تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ پیر پنچال کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ انہیں علیحدہ پارلیمانی حلقہ دیا جائے لیکن کمیشن نے پیر پنچال کے علاقے کو اننت ناگ حلقہ کے ساتھ جوڑا ہے، جو پونچھ سے 470 کلومیٹر سے زیادہ دور ہے۔اراکین نے کہا کہ جموں کا رکن پارلیمنٹ انہیں کبھی نہیں ملا تو وادی کا کہاں ملے گا اور عام انسان کی وہاں تک رسائی کیسے ممکن ہوگی؟ انہوں نے راجوری، پونچھ اور ریاسی کو ملا کر ایک الگ پارلیمانی حلقہ بنانے کی مانگ کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حویلی اسمبلی حلقہ کے پانچ دیہات بشمول منڈی، راجپورہ، بائلہ، ترچھل اور مرنوٹ پہلے سے ہی سرنکوٹ اسمبلی حلقہ میں تھے، جن کی اور منڈی کے دیگر لوگوں کا مطالبات تھا کہ منڈی کو الگ اسمبلی حلقہ بنایا جائے، لیکن کمیشن نے منڈی کے کچھ اور دیہاتوں بشمول اڑائی، بیدار بلنوئی وغیرہ کو سرنکوٹ میں ملا کر رکھ دیا ہے جو کہ تقریباً 60-70 کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا پر زور دیا کہ مذکورہ رپورٹ کو حتمی منظوری کے لئے قبول نہیں کیا جانا چاہیے۔