قواعد وضوابط کی خلاف ورزیاں
پرائیوٹ کمپنی اور نرسنگ ہوم پر50ہزار روپے کا جرمانہ عائد
سرینگر//لیگل میٹرالوجی محکمے کی ایک ٹیم نے سرینگر میں ایک پرائیوٹ نرسنگ ہوم کا اچانک معائنہ کیا ۔معائنے کے دوران نرسنگ ہوم پر قواعد وضوابط 2011ء کی خلاف ورزیوں کی پاداش میں 50ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔نرسنگ ہوم پر بچوں اور بڑھوں کے لئے وزن کی مشین اور ہائٹ گیجز دستیاب نہ رکھنے پر بھی 5ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
جواہر نگر میں یتیم فائونڈیشن کااجلاس منعقد
گزشتہ مالی سال میں مستحقین پر 4 کروڑ روپے صرف
سرینگر//یتیم فاونڈیشن کے مرکزی دفتر بیت الہلال جواہر نگر سرینگر میں منعقدسینئررضاکاروں اور نو منتخب سی ای سی ممبران کے اجلاس میں مستحقین کی امداد و اعانت کے لیے ایک جامع،موثر اور پیشہ ورانہ لایحہ عمل کو اپنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوے بغیر کسی مذہبی،لسانی اور رنگ ونسل کے بھید بھاو کے یتیموں،بیواوں اور لاچاروں کی باز آباد کاری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔معروف سماجی کارکن اور سینئر رضاکار ڈاکٹر احمد حسین غازی نے زمینی سطح پر فاونڈیشن کے رضاکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوے جدید یورپ اور مشرقی وسطی میں اپنے طویل تجربے کی روشنی میں باصلاحیت،ہونہار ،پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے متصف دیانتدار افراد کی صلاحیتوں سے استفادہ اٹھا کر سماجی خدمت کے کام کو جدید خطوط پر آگے بڑھایں۔چیئرمین محمد احسان راتھر نے رضاکاروں سے تلقین کی کہ خدمت خلق کے فریضے کو بحسن خوبی انجام دینے کے لیے پوری دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ انتھک محنت کریں۔یتیم فاونڈیشن کے جنرل سکریٹری و سکریٹری فائنانس ڈاکٹر طارق احمد ملک نے شرکا ء کو بتایا کہ مالی سال 2018_19 میں فاونڈیشن نے مستحقین پر 4کروڑ کی رقم صرف کی جبکہ رواں مالی سال کیلئے6کروڑ کی رقم مختص کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ فی ا لوقت فاونڈیشن کو 10ہزار مستقل ڈونرس کی اعانت حاصل ہے جس سے سالانہ ڈھائی کروڑ کی آمدن ہوتی ہے۔اجلاس کے دوران فاونڈیشن اور خدمت خلق شعبے کو درپیش چلینجز پر سیر حاصل بحث ہوئی ۔ماہ صیام کے دوران زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کو ممکن بنانے کے لئے حکمت عملی وضع کرنے پر بھی گفت شنید ہوئی ۔ اجلاس میں تنظیم میں موجود احتساب کمیشن کی کارکردگی کی سراہنا کی گئی۔
رمضان میں بنیادی سہولیات میسر رکھنے کا مطالبہ
سرینگر//سماجی اور سیاسی ورکر میر عمر نے انتظامیہ سے رمضان المبارک کے دوران شہر سرینگر میں مناسب ٹرانسپورٹ اور بجلی کے علاوہ دیگر سہولیات بہم رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں شیخ عمر نے ماہ رمضان کے پیش نظر لوگوں کو تمام سہولیات جن میںغذائی اجناس ، بجلی ، پینے کا پانی ، صحت وصفائی اور ٹرانسپورٹ شامل ہیں،دستیاب رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ فرزندانِ توحید اِس مقدس ماہ میں رات گئے تک تراویح اور دیگرعبادات میں مصروف ہوتے ہیں اِس لئے بجلی کی سپلائی بحال رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ صیام کے دوران ٹرانسپورٹ سر شام ہی سڑکوں سے غائب ہوتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں خصوصا دکاندار طبقے کو کافی پریشانیاں پیش آتی ہیں اور مارکیٹ چکینگ کا بھی مطالبہ کیا۔