پہلوکولگام کے کورونامتاثرہ دیہات میں ادویات کاچھڑکاو
سرینگر// کورونا وائرس کے انفیکشن کی روک تھام کے لئے ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر کولگام محمد عمران خان کی قیادت میں اہلکاروں کی ایک ٹیم نے پہلو بلاک کے کئی علاقوں کی سڑکوں ، مسا جد، رہا ئشی مکانوں او ر دکانوں پرجراثیم کش ادویات کا چھڑکائو کیا ۔ اس دوران علاقہ میںجگہ جگہ پانی کی ٹینکیاں، صابن اور سینی ٹائزر جیسی حفظان صحت سے متعلقہ چیزیں مہیا رکھی گئی ہیں۔ سی این ایس کے مطابق ساز و سامان سے لیس اے ڈی سی کولگام محمد عمران خان کی قیادت میں محکمہ مال کے ا ہلکاروں، آ نگن واری اور آ شاورکروں کی ایک ٹیم نے پہلو بلاک کے مختلف علاقوں جہاں کل کئی کورونا مثبت کیس نکلے تھے ،میں نمودار ہوئے اور وہاں رہائشی مکانوں مساجد، گلی کوچوں ، سڑ کوں اور دکانوں پر کرونا وائرس سے تحفظ کیلئے جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو کیا گیا ۔اس کے علاوہ ان علاقوں کی صفائی دستھرا ئی بھی کی گئی۔ لوگوں میں ماسک تقسیم کئے گئے اور اے ڈی سی کولگام محمد عمران نے اس دوران کئی مقامات پر لوگوں کو کروناوائرس سے بچائو سے متعلق جانکاری دی اور پوسٹر بھی تقسیم کئے ۔انہوںنے کہا کہ ضلع انتظا میہ نہ صرف اس ایمرجنسی کی صورت میں اپنا بنیادی فرض ادا کر رہا ہے بلکہ لوگوں پر احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے کیلئے بھی زور دے رہا ہے اور اس حوالے سے بیداری پروگرام بھی منعقدکئے جا رہے ہیں۔
کوروناپرقابو
بڈگام میں ائمہ مساجد سے تعاون طلب
سری نگر//بڈگام پولیس نے کووِڈ- 19 پر قابو پانے کیلئے اماموں اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ کے این ایس کے مطابق ،ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں بڈگام ٹاؤن ،ہمہامہ ا اور سویہ بگ علاقے کے اماموں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء پر زور دیا گیا کہ وہ مساجد میں ہجوم کو کم کریں جس کے لئے شرکا نے کہا کہ مساجد میں پہلے ہی لوگوں کی تعداد میں پچاس فی صدی سے زیادہ کمی ہوئی ہے۔ائمہ مساجد اور مذہبی رہنماؤں سے کہاگیاکہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ نماز پڑھنے والوں نے ماسک اور سماجی دوری کو برقرار رکھاہے اور کووِڈ 19 سے بچائوکے متعلق دیگر ضوابط پرعمل ہورہاہے۔ شرکاء نے یقین دہانی کرائی کہ کووِڈ – 19 پر قابو پانے کے سلسلے میں تمام ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
گلزار احمد راتھر نے ایس ڈی ایم کرناہ کا چارج سنبھالا
کرناہ //ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے سوموار کو ایس ڈی ایم کرناہ کاچارج سنبھالا۔ ان کے اعزاز میں ایک تقریب منی سکریٹریٹ کرناہ میں منعقد ہوئی جہاں تحصیلدار کرناہ مشتاق احمد خان ، ایس ایچ او کرناہ مدثر احمد کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔افسران نے نئے ایس ڈی ایم کا استقبال کیا اور انہیں نئی تعیناتی کیلئے مبارک باد پیش کی۔ اس دوران ایس ڈی ایم نے علاقے میں کویڈ 19کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ منعقد کی جس میں انہیں علاقے میں کویڈ کے حوالے سے جانکاری فراہم کی گئی ۔انہوں نے اس دوران لوگوں کو احتیاط برتنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ صحت کی طرف سے جاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
بجلی کی عدم دستیابی
واگہامہ اننت ناگ میںمحکمہ بجلی کے خلاف احتجاج
اننت ناگ// اننت ناگ کے واگہامہ مسلم آباد محلہ کے لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انہیں رمضان کے مقدس ایام میں بھی بجلی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ70گھرانوں پر مشتمل محلہ کے لئے صرف 100 کے وی کا ایک ہی ٹرانسفارمرنصب ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ شب ٹرانسفارمر اچانک مکمل طور پرخراب ہوگیا جس کے نتیجے میں محلہ میں کئی روز سے اندھیرا چھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ قبل ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کی جانب سے اس محلہ کے لئے نیا ٹرانسفارمر نصب کرنے کی منظوری دی گئی تھی تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر اب تک ٹرانسفارمر واگزار نہیں کیا گیا جس کے سبب لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دیوسر اکہال سڑک ناقابل آمدورفت
مقامی لوگوں کونقل وحمل میں دشواریوں کا سامنا
کولگام//ضلع کولگام کے دیوسر سے اکہال جانے والی سڑک گذشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار ہے، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے کہاکہ اس سڑک پر مرمت کا کام انتظامیہ نے برسوں پہلے’پی ایم جی ایس وائی‘اسکیم کے تحت شروع کیا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس سڑک کی مرمت نہیں کی جاسکی۔یہ سڑک کشمیری پنڈتوں کے استھاپن کھیر بھوانی کھن برنن کو جاتا ہے تاہم روڈ کی حالت اس قدر خراب ہے کہ یاتریوں کو ادھر سے گزرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے گزارش کی کہ وہ محکمہ کو ہدایت دے کہ اس سڑک کو آمدورفت کے قابل بنایا جائے۔جے کے این ایس
ندی نالوں میں گندگی کے ڈھیر
جنوبی کشمیرمیں صاف و شفاف پانی ناقابل استعمال
سرینگر// جنوبی کشمیر کے کئی ندی نالوں میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر جمع ہونے کی وجہ سے پانی آلودہ ہوچکا ہے اورلوگ اب یہی آلودہ پانی استعمال کرنے کیلئے مجبور ہیں۔کئی لوگوں نے بتایا کہ علاقے کے لوگ ندی نالوں میں گندگی ڈالکر اسے ناقابل استعمال بنایا ہے اور متعلقہ محکمہ بھی اس کے تحفظ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کررہے ہیں۔اگرچہ کئی مرتبہ لوگوں سے کہا گیا کہ ان ندی نالوںمیں گندگی نہ ڈالیںلیکن وہ اپنی حرکات سے باز نہیں آتے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا کہ ندی نالوں کو صاف و پاک رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔
منشیات مخالف مہم
بڈگام اور اننت ناگ میں 2 افراد گرفتار
سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے بڈگام اور اننت ناگ میں دو افراد کو گرفتارکرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیاہے۔ بڈگام پولیس نے ایک شخص کوگرفتار کر کے قبضے سے 150گرام چرس اور 15500روپئے کی نقدی برآمد کی ہے۔اڈینہ کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران تھانہ پولیس ماگام کی پولیس پارٹی نے ایک مطلوبہ مجرم کو اس وقت گرفتار کیا جب اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس پارٹی نے اسے پکڑ لیا ۔اس کی تلاشی کے دوران 150گرام چرس جیسا مادہ اور 15,500روپے کی نقدی برآمد ہوئی۔گرفتار ملزم کی شناخت عبد الرشید حجام ولد غلام محمد حجام ساکن پیٹھ مکہامہ بڈگام کے بطور ہوئی ہے۔تھانہ پولیس ماگام نے اس کے خلاف ایف آئی آر نمبر 63/2021 درج کیا اور مزید تفتیش شروع کردی ۔اس دوران بارہمولہ پولیس نے منشیات مخالف کارروائی کرتے ہوئے مہورہ پُل اوڑی بارہمولہ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شہری کو گرفتارکیا جس کی شناخت محمد سجاد بڈن خان ولد عنایت اللہ خان ساکن ڈچھی اوڑی کے طور پر ہوئی ہے۔ اُس کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی شے برآمد کی گئی۔اوڑی تھانہ نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحققیات شروع کردی ۔
ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ نے ضلع ہسپتال میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا
عازم جان
بانڈی پورہ//ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے سوموار کو ضلع ہسپتال بانڈی پورہ میں کووڈ19 کی دوسری لہر کے تناظر میں کئے گئے اقدامات کا معائنہ کیا ۔ ان کے ساتھ چیف میڈیکل آفیسر ،بلاک میڈیکل آفیسر ،تحصیلدار بانڈی پورہ مبشر حسین نازکی اوردیگر افسران بھی تھے ۔انہوںنے ضلع ہسپتال میں آکسیجن پلانٹ پر ہورہے کام کا معائنہ کیا ۔ اس کے علاوہ کووڈ19 وارڈوں کا بھی جائزہ لیا۔ ایک سو بیڈ والے ضلع ہسپتال کے دو وارڈوں میں 28بیڈ آکسیجن سے لیس رکھے گئے ہیں ۔ضلع ہسپتال کے سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر بشیراحمد نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ دو دن کے بعد آکسیجن کی سپلائی بحال ہوگی ۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع ہسپتال کے دیگر شعبوں کا بھی جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے طبی ونیم طبی عملہ کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔ ضلع ہسپتال کے بعد ڈپٹی کمشنر نے بانڈی پورہ کے متعدد بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا ۔انہوں نے لوگوں سے احتیاط برتنے کی تلقین کی ۔
ضلع بڈگام میں آکسیجن پلانٹ فراہم کیا جائے
انجمن شرعی شیعیان کا انتظامیہ سے مطالبہ
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان نے ضلع بڈگام میں آکسیجن پلانٹ کی عدم فراہمی پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی وبا کی موجودہ شدیدلہر کے پیش نظر ضلع بڈگام کو بھی جلد از جلد ایک آکسیجن پلانٹ فراہم کرنے کا اقدام کیا جائے۔موصولہ بیان میں کہا گیا کہ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر میڈیکل آکسیجن کی ضرورت انتہائی ناگزیر اور مریضوں کے لئے موت و حیات کا معاملہ بن چکی ہے۔
ڈاکٹر فاروق کا اظہار تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر داکٹر فاروق عبداللہ نے سابق چیف انجینئر شیخ عبدالسلام کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے انکی مغفرت کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے درگاہ حضرت بل اور زیارت شیخ نور الدین نورنیؒکے آستان عالیہ کی تعمیر نو میں اہم رول ادا کیا ۔ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ جموں کشمیر نے ایک قابل،دیانت دار اور مخلاص ماہر فن تعمیر اور انجینئر کو کھو دیا۔اس دوران پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر،صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سنیئر لیڈر شیخ غلام قادر پردیسی اور پیر آفاق نے بھی مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔
مفتی اعظم کااظہار تعزیت
سرینگر//مفتی اعظم جموں وکشمیر و چیئر مین مسلم پرسنل لاء بورڈ مفتی ناصر الاسلام نے بورڈ کے ممبرشکیل احمد لون کی والدہ کے انتقال پر گہرے دْکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کی۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا ’’میں ذاتی طور پر اس صدمے میں لواحقین کے غم میں شریک ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق ہو‘‘۔