برفانی تودے کی زد میں دفن ایک اور اہلکار کی لاش بازیاب
سرینگر//کشمیر وائر//گزشتہ ہفتے ہوئی بھاری برف باری کے نتیجے میں کپوارہ اور گریز سیکٹر میں برفانی تودوں کی زد میں آکر زندہ دفن ہونے والے پانچ فوجیوں میں سے اب تک تین فوجیوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ دفاعی ذرائع کے مطابق لاپتہ ہوئے ان فوجیوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر جاری بچائو آپریشن ٹیموں نے گریز سیکٹر میں منگل کے روز دو فوجیوں کی لاشوں کو بر آمد کیاجب کہ ایک فوجی کی لاش کو گزشتہ روز نوگام سیکٹر میں برآمد کیا گیا تھاجس کی شناخت خوشحال سنگھ کے طور ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق دیگر دو لاپتہ فوجیوں کی لاشوں کو نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ خیال رہے کہ 12دسمبرکو ہوئی برف باری کی وجہ سے کپوارہ کے نوگام سیکٹر میں دو فوجی پائوں پھسلنے کی وجہ سے برف میں دفن ہوئے تھے جبکہ بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں تین فوجی برفانی تودوں کی زد میں آکر لاپتہ ہوئے تھے۔
ٹنگمرگ میں بجلی بحران صارفین نالاں
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ میں بجلی کی عدم دستیابی سے صارفین میں متعلقہ محکمہ کے تئیں زبردست ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ٹنگمرگ قصبے میں محکمہ بجلی نے ایک نیاہی کٹوتی نظام ترتیب دیا ہے کیونکہ ہر دس منٹ کے بعد بجلی آتی اور چلی جاتی ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ ٹنگمرگ میں قریب 60 فیصدمیٹر نصب کئے گئے ہیںلیکن شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جاری ہے جبکہ بغیر میٹر والے علاقوں کا تو اللہ ہی حافظ ہے۔ادھر کنزر میں بھی بجلی صارفین محکمہ بجلی سے نالاں ہیں ۔صارفین کے مطابق انہیں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔اس ضمن میںٹریڈرس ایسوسی ایشن ٹنگمرگ کے صدر شاہنواز احمد وانی نے بتایا کہ اس سال محکمہ بجلی نے کٹوتی شیڈول ترتیب دیکر لوگوں کے مسائل میں اس قدر اضافہ کیا کہ لوگوں کو پتہ ہی نہیں چلتا ہے کہ بجلی کب آئی اور کب گئی۔ صارفین نے وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ انہیں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے ۔(مشتاق الحسن)
گورنر،وزیراعلیٰ،نائب وزیراعلیٰ اور
ڈاکٹر فاروق کی لوسر پر عوام کو مبارکباد
جموں//گورنر این این ووہرا،وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی ،نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ،نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اورکارگزار صدر عمر عبداللہ نے لداخ کے نئے سال لوسر کے موقعہ پر لداخی عوامی کو مبارکباد دی ہے ۔ مبارکبادی کے اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ لوسر کا تہوار امن ، اخوت ، بھائی چارے اور محبت کی اعلیٰ روایات کی عکاسی کرتا ہے ۔ جن کی پاسداری لداخ کے لوگ صدیوں سے کرتے آ رہے ہیں ۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے تہواروں سے ریاست میں آپسی بھائی چارے ، رواداری ، اخوت اور دیگر صدیوں پرانی روایات کو تقویت حاصل ہوتی ہے اور یوں خوشی اور امن کا دور دورہ ہوتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کی دعا کی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ اس تہوار کی بدولت ریاست امن ، ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگی۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگزار صدر عمر عبداللہ نے لداخی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تہواروں سے لوگوں میں آپسی رواداری اور بھائی چارے کی روایات مزید مستحکم ہوتی ہیں۔
نوجوانوں میں منشیات کارجحان تشویشناک: زمردہ حبیب
سرینگر//کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے نو جوانوں میںمنشیات کے بڑھتے رحجان پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو منشیات کی لت سماج کے لئے نہایت فکر مندی اور باعث تشویش ہے۔ اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی جوان اپنی بُری عادات کو پورا کرنے کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں اور اس سے پہلے ہمارا معاشرہ مکمل طور منشیات کی دلدل میں پھنس جائے والدین اور سماج کے ذی حس لوگ اپنے اپنے علاقوں میں ایسی سر گرمیوں کا قلع قمع کریں۔
تدریسی عملہ کو فوری طور غیر منسلک کیا جائے:ناظم تعلیمات
سرینگر//ناظم تعلیم کشمیر نے کشمیر صوبے کے چیف ایجوکیشن افسروں اور زونل ایجوکیشن افسروں کے دفاترمیں کام کر رہے اساتذہ ، ماسٹروں اور لیکچرروں کی فوری ڈٹیچمنٹ کے احکامات صادر کئے ہیں۔ناظم تعلیم ڈاکٹر جی این ایتو کی طرف سے جاری ایک سرکیولر میںکہا گیا ہے کہ ان دفاتر سے تدریسی عملے کی ڈٹیچمنٹ کے حوالے سے وقتاً فوقتاً جاری کئے گئے واضح ہدایات کے باجود بھی یہ بات نوٹس میں آئی ہے کہ کچھ تدریسی عملہ ابھی بھی وہاں کام کر رہا ہے جو احکامات کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔سرکیولر میں تمام چیف ایجوکیشن افسروں اور زونل ایجوکیشن افسروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ تمام تدریسی عملہ بشمول اساتذہ ، ماسٹروں اور لیکچرروں کو فوری طور سے فارغ کریں اور اس سلسلے میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر کو تین دنوں کے اندر اندر ایک سر ٹیفکیٹ پیش کریں جس میں کہا گیا ہو کہ ان دفاتر میں اس طرح کا کوئی بھی عملہ کام نہیں کررہا ہے ۔سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کے انتظام کی بے حد ضرورت پڑنے پر اسے ایک ہفتے کے اندر اندر پورے جواز کے ساتھ ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیرکو بھیجا جانا چاہئے۔
عبدالحق نے اُردوکوارڈی نیشن سیل کا اچانک دورہ کیا
جموں// قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے ڈائریکٹوریٹ آف اُردو کوارڈی نیشن سیل کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے 7 ملازمین کو ڈیوٹی سے غیر قانونی طور غیر حاضر پاکر معطل کرکے انہیں محکمہ قانون و انصاف اور پارلیمانی امور کے ساتھ منسلک کرنے کے احکامات صادر کئے۔وزیر موصوف نے اُردو کوارڈی نیشن سیل کی طرف سے کئے جارہے ترجمے کے کام کا بھی جائیزہ لیا۔ انہوں نے ملازمین سے تاکید کی کہ وہ تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے کہا کہ کوتاہی برتنے والے ملازمین کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
فریڈم پارٹی کا اظہار تعزیت
سرینگر//فریڈم پارٹی کے شیخ ضمیر کے جواں سال خالہ زاد بھائی کوثر حسین ساکن سرائے بالا کاکل انتقال ہوگیا۔ پارٹی نے ان کی رحلت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کا ایک وفد انجینئر فاروق کی قیادت میںسرائے بالا گیا اور کوثر حسین بخشی کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے تحریک آزادی کی راہ میں کافی مصائب کا سامنا کیا اور انتہائی صبر و ثبات کے ساتھ ہر آزمائش کا مقابلہ کیا۔ مرحوم کو آزادی پسندی کی پاداش میں قید و بند کے دوران جسمانی اذیتوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔مرحوم کا رسم چہارم جمعہ کو نماز کے بعد شیخ ضمیر کی رہائش گاہ پر انجام دیا جائے گا۔
۔26839کنال اراضی کا لینڈ بینک تیار
سیڈ کو کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 136ویں میٹنگ میں خلاصہ
جموں//صنعت و حرفت کے وزیر چندرپرکاش گنگا کی صدارت میں جے اینڈ کے سٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 136میٹنگ منعقد ہوئی ۔ صنعت و حرفت کے وزیر مملکت سید فاروق اندرابی ، وائس چیئرمین جے اینڈ کے سیڈ کو سبھاش جنڈیال کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میںموجود تھے۔گنگا جو بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں نے سیڈ کو کی طرف سے عملائے جارہے پروجیکٹوں کا تفصیل سے جائزہ لیا۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ کارپوریشن نے ریاست میں صنعتی ایسٹیٹس کی صورت میں 26839کنال اراضی کا لینڈ بینک تیار کیا ہے جن میں 2347یونٹ قائم کئے جاچکے ہیں جس کی بدولت 65000سے زائد افراد کو براہ راست روزگار حاصل ہوتاہے ۔وزیر نے ریاست میں صنعتی ایسٹیٹ قائم کرنے کے لئے سیڈ کو کلیدی اہمیت کا قرار دیتے ہوئے افسروں پر زور دیا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے زیادہ سے زیادہ صنعت کاروں کو ریاست کی طرف راغب کریں۔انہوں نے کہا کہ صنعتی یونٹوں میں سے نکلنے والے گندھے مواد کو ٹھکانے لگانے کے لئے سائینسی طریقے کار اختیار کیا جانا چاہیئے تاکہ ماحولیات پر منفی اثرات نہ پڑے۔انہوں نے تمام متعلقین کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا تاکہ ماحولیات کو تحفظ حاصل ہوسکے۔میٹنگ کے دوران ریاست کے کئی اہم پروجیکٹوں پر ہور ہی پیش رفت کے علاوہ ملازمین کو درپیش مسائل کو بھی زیر بحث لایا گیا ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے لداخ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا
لیہہ// نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے لداخ کے دورے کے دوسرے روز لیہہ کی مارکیٹ میں زیر زمین کیبلنگ کے کام کا افتتاح کیا۔ یہ پروجیکٹ253.31 لاکھ روپے کی لاگت سے عملایا گیا ہے۔اس موقعہ پر ایل اے ایچ ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر سونم داوا کے علاوہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔اس سے پہلے نائب وزیر اعلیٰ نے چو کھانگ وہارا میں لوسر تقریبات میں بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔اس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو لوسر کی مبارک باد دی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار پورے لداخ خطے کی خوشحالی اور ترقی کا باعث بنے۔ اس دوران ایل بی اے کی طرف سے انہیں مطالبات پر مبنی ایک یاداشت پیش کی گئی۔نائب وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ ان مطالبات کو متعلقین تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے خطے کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کونسل کی ستائش کی۔بعد میں ڈاکٹر سنگھ نے دریائے انڈس پر ایک پُل کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور ریاستی سرکاریں لداخ کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے پُر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اس پُل کو3.17 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔کونسل کے سی ای سی ڈاکٹر سونم داوا نے اس پُل کے مکمل ہونے پر لوگوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ اس کی بدولت لوگوں کو عبور ومرور کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی۔
ڈی آئی ٹی یونیورسٹی دہرادون کا پہلا کنوکیشن
گورنر کرشن پال نے طلاب میں اسناد تقسیم کیں
دہرادون //ڈی آئی ٹی یونیورسٹی نے اپنے پہلے کنوکیشن میں 1248انڈر گریجویٹ، 487پوسٹ گریجویٹ اور ایک پی ایچ ڈی کی ڈگری تقسیم کی۔ تقریب کے دوران ڈی آئی ٹی یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ نے حلف لیا کہ وہ یونیورسٹی کے وقار کو ہر حال میں برقرار رکھیں گے۔ تقریب میں اتراکھنڈ کے گورنر ڈاکٹر کرشن کانت پال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور طلبہ میں ڈگریوں کے علاوہ انعامات تقسیم کئے۔ اس موقعے پر گورنر ڈاکٹر کے کے پال نے کہا کہ پہلا کنوکیشن یونیورسٹی کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے اور اس موقع پر میں یونیورسٹی کے طلبہ اور انتظامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ ڈی آئی ٹی یونیورسٹی میں بورڈ کے چیئرمین انجوج اگروال نے مہمانوں میں یاداشت تقسیم کی جبکہ ڈی آئی ٹی یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر من موہن سنگھ آنند نے کل 1736 طلبہ کو اسناد سے نوازنے کا علان کیا اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر کے کے رینا کو تمام اسنادفراہم کیں۔ تقریب کے اختتام پروائس چانسلر نے ڈگر ی حاصل کرنے والے طلبہ سے حلف لیا کہ وہ یونیورسٹی کے وقار کو ہر حال میں برقرار رکھیں گے۔
رکھ آرتھ کالونی میںسکول اور راشن گھاٹ کھولنے کا اعلان
بمنہ ڈیولپمنٹ ویلفیئر فورم کا وزیر تعلیم سید الطاف بخاری کا شکریہ
سرینگر//بمنہ ڈیولپمنٹ اینڈ ویلفیئر فورم نے رکھ آرتھ کالونی بمنہ میں اسکول اور راشن گھاٹ کھولنے کے سرکاری اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ فورم کے سیکرٹری غلام محمد بٹ نے کالونی میں اسکول اور راشن گھاٹ کھولنے کے وزیر تعلیم سید الطاف بخاری کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیر اعلٰی اور وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ رکھ آرتھ ہاؤسنگ کالونی 2007 میں قائم کی گئی لیکن ابھی تک کالونی میں بنیادی سہولیات کا زبردست فقدان تھا۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ عوامی دربار میں وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے سامنے وفد نے جو مسائل و مطالبات سامنے رکھے ان کو بھی مقررہ وقت کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا جن میں پی ایچ سی (PHC)خمینی چوک اور بمنہ ہایی اسکول کی upgradation قابل ذکر ہیں۔واضع رہے کہ وزیر تعلیم سید الطاف بخاری نے اتوار کو رکھ آرتھ کالونی کے دورے کے دوران اسکول اور راشن گھاٹ کھولنے کا اعلان کیا جس کے بعد مقامی آبادی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔درایں اثناء بمنہ ڈیولپمنٹ ویلفیر فورم نے آئی آئی ایم (IIM) کیمپس کے لئے متبادل اور مناسب زمین کی شناخت کے لئے ڈویڑنل کمشنر کو چیف سیکریٹری کی جانب سے دئے گئے ہدایت کا بھی خیر مقدم کیا ہے۔
محکمہ ڈرگ کنٹرول کی کمسٹس ایسوسی ایشن سے میٹنگ
لائسنس جاری کرنے کے نئے قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا گیا
سرینگر //سرینگرکمسٹس اینڈ ڈسٹربیوٹرس ایسوسی ایشن اور محکمہ ڈرگ کنٹرول کے اعلیٰ افسران کے درمیان15دسمبر کو ہوئی میٹنگ میں محکمہ ڈرگ کنٹرول کی جانب سے لائسنس جاری کرنے کیلئے قواعد و ضوابط میں کی گئی تبدیلی سے آگاہ کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈرگ کنٹرولر کشمیر کی ڈپٹی ڈائریکٹر عرفانہ احمد نے شرکا کو بتایا کہ محکمہ اب تک ادویات فروخت کرنے والے تاجروں کی لائسنسوں کوRENEWنہیں بلکہ Retain کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ RENEWALلفظ کے بدلے اب Retain استعمال کیا جائے گا جس کیلئے درخواست دہندہ کو صرف 6ماہ کے اندر فیس جمع کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جن تاجروں کی لائسنس31دسمبر 2017کو ختم ہورہی ہے، انہیں آئندہ 6ماہ یعنی 30جون 2018تک ہی فیس جمع کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 6ماہ کے اندر فیس جمع نہ کرنے والے تاجروں کی لائسنسوں کو رد کردیا جائے گا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر پر ویز احمد ، محمد یونس اور بشیر احمد نے تمام ادویات فروخت کرنے والے تاجروں پر زور دیا کہ وہ دکانوں پر پڑھے لکھے افراد کو ہی ادویات فروخت کرنے پر تعینات کریں۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر اے اے بٹ نے محکمہ ڈرگ کنٹرول کے اعلیٰ افسران کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ عوام کو صاف و شفاف ادویات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کا ناراض لیڈر دو سال بعد تنظیم میں دوبارہ شامل
سرینگر // جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کے سینئر رہنما و ٹریڈ یونین لیڈر بشیر احمد ڈار نے دو سال کے بعد دوبارہ تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔ تنظیم میں اُن کی دوبارہ واپسی پر فورم کی طرف سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فورم چیئرمین فاروق احمد تانترے کے علاوہ ریاستی فورم کے ایگزیکٹیو ممبران اور وادی کے ضلع صدرو موجود تھے۔اس موقع پر بشیر احمد ڈار نے کہا کہ عام رہبرتعلیم کی اْمیدوں اور توقعات کو دیکھتے ہوئے اْنہوں نے پہلے سے ہی یہ کوشش کی تھی کہ اختلافات کو ایک طرف چھوڑ کر متحدہو کر کام کرنا ہو گا۔ڈارکے مطابق اْنہوں نے فورم میں کسی بھی عہدے کی پروا نہ کرتے ہوئے عام رہبرتعلیم اساتذہ کی اْمیدوں اور امنگوں کے مطابق یہ فیصلہ لیا ۔اْنہوں نے فورم چیئرمین کو ہر ممکن تعاون دینے کا یقین دلایا۔ اس موقع پر فورم چیئرمین فاروق احمد تانترے نے کہا کہ بشیر احمد ڈار کی فورم میں دوبارہ شمولیت سے فورم مزید مضبوط ہوگیا۔
مینڈھرمیں کمین گاہ تباہ، اسلحہ اور گولہ برآمدکرنے کادعویٰ
سرینگر//فوج نے پونچھ ضلع کے مینڈھر علاقے میں ایک جنگجوئوں کی ایک کمین گاہ کو تباہ کرکے یہاں سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔سی این ایس کو دفاعی ذرائع سے معلوم ہواہے کہ مینڈھر کے چھوٹی باٹا علاقے میں فوج نے ایک ہائڈ آئوٹ کا پتہ لگایا جس کے بعد اسے تباہ کردیا گیا۔ یہاں سے ایک اے کے 47،چار میگزین،چینی ساخت کا ایک پستول اور گولیوں کے 282رائونڈ برآمد کرلئے ہیں۔اگرچہ اس ضمن کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی تاہم پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
انجم خان بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کا ایک روشن ستارہ
وائس چانسلر سمیت یونیورسٹی حکام و عملے نے مبارک باد پیش کی
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت اور رجسٹرار پرویزاقبال کے علاوہ باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے تدریسی عملے نے مسابقتی امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے یونیورسٹی کے ہونہار طالب علم انجم بشیر کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔اس سلسلے میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جموں وکشمیر اور بالخصوص خطہ پیر پنچال کے عوام کے لیے باعث فخر ومسرت ہے کہ بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری سے تربیت یافتہ انجم خان ولد بشیر خان خٹک ساکنہ بچھائی تحصیل سرنکوٹ؛ ضلع پونچھ نے حالیہ کے اے ایس امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین؛خاندان اور علاقے کا نام روش کیا ہے بلکہ باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری جیسے عظیم علمی ادارے کو بھی چارچاند لگائے ہیں۔انجم بشیر 2008میں بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں شعبئہ انجینئرنگ میں امتیازی نمبرات کے ساتھ گریجویشن کرنے کے بعد مسابقتی امتحان کی تیاری میں لگ گئے اور اپنی ذہانت؛محنت ولگن اور علمی ذوق وشوق کے ساتھ آج پہلی پوزیشن میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔ انجم خان کی یہ بہت بڑی کامیابی یوں تو ریاستی عوام کے لیے فخر ومسرت سے تعلق رکھتی ہے لیکن خاص طور پر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی اور خطئہ پیر پنچال کے عوام کے دل اس خوشی سے جھوم اٹھے ہیں۔
Contents
برفانی تودے کی زد میں دفن ایک اور اہلکار کی لاش بازیابٹنگمرگ میں بجلی بحران صارفین نالاںگورنر،وزیراعلیٰ،نائب وزیراعلیٰ اور ڈاکٹر فاروق کی لوسر پر عوام کو مبارکباد نوجوانوں میں منشیات کارجحان تشویشناک: زمردہ حبیب تدریسی عملہ کو فوری طور غیر منسلک کیا جائے:ناظم تعلیمات عبدالحق نے اُردوکوارڈی نیشن سیل کا اچانک دورہ کیافریڈم پارٹی کا اظہار تعزیت۔26839کنال اراضی کا لینڈ بینک تیار سیڈ کو کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 136ویں میٹنگ میں خلاصہنائب وزیر اعلیٰ نے لداخ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیاڈی آئی ٹی یونیورسٹی دہرادون کا پہلا کنوکیشنگورنر کرشن پال نے طلاب میں اسناد تقسیم کیںرکھ آرتھ کالونی میںسکول اور راشن گھاٹ کھولنے کا اعلان بمنہ ڈیولپمنٹ ویلفیئر فورم کا وزیر تعلیم سید الطاف بخاری کا شکریہمحکمہ ڈرگ کنٹرول کی کمسٹس ایسوسی ایشن سے میٹنگ لائسنس جاری کرنے کے نئے قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا گیارہبر تعلیم ٹیچرز فورم کا ناراض لیڈر دو سال بعد تنظیم میں دوبارہ شامل مینڈھرمیں کمین گاہ تباہ، اسلحہ اور گولہ برآمدکرنے کادعویٰانجم خان بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کا ایک روشن ستارہوائس چانسلر سمیت یونیورسٹی حکام و عملے نے مبارک باد پیش کی