اسمبلی کا عبوری کیلنڈر جاری
بجٹ 11جنوری کو پیش ہوگا
جموں//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے 12ویں لیجسلیٹیو اسمبلی کے چھٹے اجلاس کے سلسلے میں عبوری کیلنڈر جاری کیا جو 2 ؍ جنوری کو گورنر کے خطاب سے شروع ہوگا اور 10 ؍ فروری 2018 ء کو اختتام پذیر ہوگا۔ سال 2018-19کا سالانہ بجٹ 11؍ جنوری 2018ء کو اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
9ویں کور کے جی او سی گورنر کے ساتھ ملاقی
جموں// جی او سی 9ویں کور لیفٹننٹ جنرل ایس کے سائنی نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے حد اختیار میں آنے والے علاقوں کی سلامتی صورتحال کے بارے میں انہیں جانکاری دی۔ گورنر نے لیفٹیننٹ جنرل سائنی کے ساتھ کٹھوعہ ، سانبہ اور جموں اضلاع میں بین الاقوامی سرحد پرسرحد پار کی دراندازی سے جڑے معاملات پر زور دیا کہ اور کہا کہ سرحدوں پر یہ دراندازی روکنے کے لئے کڑی نظر گزر رکھی جانی چاہیئے۔ادھر جموں و کشمیر پردیس کانگریس کمیٹی کے سیکرٹری شہنواز چودھری نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہر ا کے ساتھ ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے گورنر کو ریاست میں ابھرتی ہوئی سماجی، سیاسی اور اقتصادی صورتحال کے حوالے سے پارٹی کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ریاست میں پنچایتی اور بلدیاتی اداروں کے انتخابات منعقد کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ جمہوری ادارے نچلی سطح پر کام کرسکیں۔ گورنر نے شہنواز چودھری پر زور دیا کہ وہ ریاست میں جمہوری اداروں کے کام کاج کو تقویت بخشنے اور آپسی رواداری اور اخوت کے اقدار کو آگے لے جانے کے لئے اپنا کام جاری رکھیں۔
حکیم عبد الرشید گرفتار
سرینگر//مسلم ڈیمو کریٹک لیگ کے سربراہ حکیم عبد الرشید کے گھر پر چھاپہ کوقابل مذمت کرار دیتے ہوئے لیگ کے ترجمان نے کہاکہ کہا تلاشی کے وقت گھر میں صرف حکیم عبدالرشید کی معمر اور بیمار والدہ اکیلی تھی ۔ بیان کے مطابقپولیس نے ایک بار پھر حکیم عبدالرشید کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کرکے تھانہ لال بازار منتقل کیا۔ ترجمان نے کہا لیگ سربراہ کیلئے گرفتاری کوئی نئی بات نہیں وہ اپنے عہد طفلی سے ہی حق خود ارادیت کیلئے جموں کشمیر کی تمام جیلوں واذیت خانوں کے علاوہ بیرون ریاست آگرہ اور جود ھپور راجستھان میں بھی سالہا سال قید وبند کی زندگی گذار چکے ہیں اسلئے انہیں یا کسی بھی کشمیری مزاحمتی قاید کوگرفتاریو ں اور چھاپوں سے مر عوب نہیں کیا جا سکتا ۔ترجمان نے سومو ڈرایور اور نہتے خواتین کے قتل، مظاہرین پر تشدد اور گولی و پیلٹ کے استعمال، شہر میں کرفیو کے نفاذ کی مذمت کرتے ہوے کہا اس طاقت آزمائی سے کشمیریوں کو مطالبہ حق خود ارادیت سے دستبر دار نہیں کیا جاسکتا۔
مہذب اقوام کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیں: فریڈم پارٹی
سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے شوپیان معرکے میں جان بحق ہوئے عسکریت پسندوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان اپنی قوم کو ظلم وجبر کی ظلمتوں سے نکالنا چاہتے ہیں۔ فریڈم پارٹی نے نہتے شہریوں پر وردی پوش اہلکاروں کی یلغار کی مذمت کرتے ہوئے ایک جواں سال خاتون کو گولی کا شکار بنانے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا۔ پارٹی سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبد اللہ طاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئے روز نہتے شہریوں کو نشانہ بناکر اُنہیں موت کی ابدی نیند سلانا بھارتی فورسز کا معمول بن گیا ہے اور ایسا کرکے وہ چاہتی ہیں کہ آزادی پسند عوام خوف اور ڈر کا شکار ہوکر اپنے سیاسی حقوق کی باتیں کرنا بند کریں۔مولانا طاری نے مرحومہ کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پوری قوم اُن کے ساتھ ہے۔ فریڈم پارٹی سیکریٹری جنرل نے گزشتہ ایک ہفتے سے فورسز کی جانب سے عام شہریوں کو نشانہ بناکر انہیں موت کے گھاٹ اُتارنے کی کارروائیوں پر فکری مندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جموں کشمیر میں ایک منصوبہ بند طریقے پر عام شہریوں کا قتل عام کررہا ہے۔انہوں نے بٹہ مرن شوپیان میں معرکہ آرائی کی آڑ میں رہائشی مکانوں کو زمین بوس کئے جانے کو ایک منصوبہ بند کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نہ صرف کشمیری عوام کو جانی نقصان سے دوچار کررہا ہے بلکہ وہ یہاں کے لوگوں کی اقتصادی حالت بگاڑنے کے بھی درپے ہے ۔مولانا طاری نے کہا کہ ایک طرف عوام پر بے پناہ مصائب کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں اور دوسری طرف اُن کی سیاسی قیادت بشمول فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ کی اسیری کو طول دینے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔
پی ایس جی اے کے تحت خدمات
کی طرف خصوصی توجہ ضروری: ویری
جموں// وزیر برائے مال، ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ریلیف، رہیبلی ٹیشن اینڈ ری کنسٹرکشن اور پارلیمانی امور عبدالرحمان ویری نے پی ایس جی اے کے تحت فراہم کی جارہی خدمات کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزیر موصوف رام بن، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں منعقد کی گئی ریونیو کانفرنسوں میں افسروں سے خطاب کر رہے تھے۔ ایم ایل اے رام بن نیلم کمار لنگے اس موقعہ پر موجود تھے۔ فائنانشل کمشنر لوکیش جھا، کمشنر سیکرٹری ریونیو شاہد عنائت اللہ، ڈویثرنل کمشنر جموں ڈاکٹر ایم کے بھنڈاری، ڈپٹی کمشنر رام بن طارق گنائی، ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ بھوانی رکوال، ڈپٹی کمشنر کشتواڑ انگریز سنگھ رانا، ریجنل ڈائریکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڑ چناب ویلی محمد حنیف ملک، اے آر سیز، ایس ڈی ایمز، تحصیلداروںز، نائب تحصیلدارز، پٹواری اور تین اضلاع کے گرداوروںنے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے اپنے اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی و تعمیراتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی پریذنٹیشن پیش کی۔ ریجنل ڈائریکٹر سروس اینڈ لینڈ ریکارڈس محمد حنیف ملک نے اپنے محکمہ کی کارکردگی کا خلاصہ پیش کیا۔ وزیر موصوف نے ریونیو افسروں پر زور دیا کہ وہ میوٹیشن کی اٹسٹیشن اور التواء میں پڑے میوٹیشن کے معاملوں کو نپٹانے کے لئے خصوصی کیمپ منعقد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو انتظامی یونٹوں کے انسپکیشن کے دوران انہوں نے کام کاج میں شفافیت لانے کے سلسلے میں اُٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا تا ہم وزیر نے لوگوں کوخدمات کی فراہمی کے دوران مزید لگن اور تندہی کے جذبے کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔ وزیر نے متعلقہ ملازمین کو درپیش مسائل بغور سنے اور کہا کہ حکومت ان کی مشکلات سے واقف ہے اور انہیں حل کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔ فائنانشل کمشنر ریونیو لوکیش جھا اور کمشنر سیکرٹری ریونیو شاہد عنائت اللہ نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔ ڈویثرنل کمشنر جموں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس کی افادیت پر روشنی ڈالی۔
وزیراعلیٰ کی یقین دہانیاں
ڈی سی کپواڑہ نے پیش رفت کاجائزہ لیا
کپواڑہ //وزیر اعلیٰ کے دورئہ کپوارہ کے دوران لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں اور یقین دہانیوں کی عمل آوری کے تحت ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے انجینئروں اورمختلف محکموں کے افسروں کے ہمراہ اہندوارہ اور لنگیٹ سے وابستہ کئی دیہات کا تفصیلی دورہ کرکے تعمیری وترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔انہوںنے متعلقہ ایجنسیوں سے کہا کہ تعمیر کاموں کو 25دسمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائین مقرر کی گئی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اپنا دورئہ ہلپل میں بھی ترسیلی لائن بچھانے اوربجلی کھمبے نصب کرنے کے کام کاج کاجائز ہ لینے سے کیاجبکہ خان بستی ،بمہامہ نطنوسہ مےں بھی بجلی کھمبے نصب کرنے کے علاوہ بجلی نظام مےں بہتری اور باقاعدگی لانے پر زور دیا۔لوگوں نے محکمہ بجلی کے نظام سے ترقےاتی کمشنر کو آگاہ کیا ۔ترقےاتی کمشنر نے گناپورہ مےں قائم کھےل کے مےدان کو قابل کار بنانے اور جدےد خطوط پر استوار کرنے کے لئے محکمہ دےہی ترقی کو موقعہ پر ہی ہداےات دےں ۔
زچلڈارہ میں 31دسمبر کوعرس دستگیر صاحبؒ
ہندوارہ//راجوار زچلڈار ہ ہندوارہ میں حضرت پیر دستگیر صاحبؒ کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات عقیدت واحترام کے ساتھ منانے کے سلسلے میں تحصیلدار زچلڈارہ شہباز احمد آخون نے انتظامات کاجائزہ لیا۔عرس پاک کے آخری دن 31دسمبر کو زائرین تبرکات کی زیارت سے آراستہ ہوں گے۔میٹنگ میں زیارت کی اوقاف کمیٹی کے علاوہ معزز شہریو ں نے حصہ لیا اور انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ان ایام متبرکہ کے دوران انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔میٹنگ میں پی ایچ ای ،پی ڈی ڈی،امور صارفین ،ٹرانسپورٹ،پولیس ،ٹاﺅن ایر یا کمیٹی اورمحکمہ اطلاعات کے افسران بھی موجود تھے۔
عبدالقیوم وانی کو صدمہ،بہنوئی انتقال کرگئے
سرینگر//ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی اس وقت صدمے سے دوچار ہوگئے جب ان کے بہنوئی کا کل بابہ گنڈ پٹن میںانتقال ہوا ۔ستیٹ ایمپلائز ورکنگ وومن ایسوسی ایشن کی چیرپرسن عابدہ وار نے اپنے تعزیتی بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور عبدالقیوم وانی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ادھر کشمیر نیوز سروس کے مدیر اعلیٰ محمد اسلم بٹ نے بھی عبدالقیوم وانی کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔
اندرابی نے جموں کی مختلف درگاہوں کا دورہ کیا
جموں//حج واوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق احمد اندرابی نے جموں شہر کی مختلف درگاہوں کا دورہ کیا اور وہاں مختلف ترقیاتی کاموں اور عقیدت مندوں کو فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ان درگاہوں میں زیارت پیر بابا پنج پیر منڈاؒ ، حضرت بابا شریف الدین ؒاور حضرت پیر بابا روشن شاہ ولی ؒ شامل ہیں۔ وزیرکو اس موقعہ پر عقیدتمندوں کیلئے فراہم کی جارہی سہولیات اور محکمہ کی طرف سے نئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے بارے میں تفصیلات دی گئیں۔وزیر نے متعلقین پر زور دیا کہ زیارت پیر بابا پنج پیر منڈاؒ میں خراب پڑی سٹریٹ لائٹوں کو فوراً نئی سٹریٹ لائٹوں سے بدلا جائے۔انہوںنے زیارت گاہ میں فٹ پاتھ کی مرمت کرنے اور زیارت گاہ کے ارد گرد صحت و صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ زیارت بابا شریف الدین ؒ کے دور ے کے دوران وزیر نے زیارت گاہ کی فوری مرمت اور دیدہ ذیبی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اندرابی نے ان درگاہوں کے دورے کے دوران خصوصی دعائیہ مجلس میں حصہ لیا اور ریاست کیلئے امن ، خوشحالی اور ترقی کی دعا کی۔
کشن گنگا پروجیکٹ
عوامی مفادات کو کوئی ترجیح حاصل نہیں:این سی لیڈر
سرینگر//نیشنل کانفرنس لیڈر اور سینئر ایڈوکیٹ نذیر احمد ملک نے پی ڈی پی لیڈر نظام الدین بٹ اورممبراسمبلی بانڈی پورہ عثمان مجید کی کشن گنگا پروجیکٹ سے متعلق خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مفادات کو کوئی ترجیح حاصل نہیں ہے ۔اپنے ایک بیان میںایڈوکیٹ ملک نے کہا کہ اس پروجیکٹ میں نصب سٹون کریشر سے ہونے والی ماحولیاتی آلودگی نزدیکی مکینوں کے لئے مختلف بیماریوں کا باعث بن چکی ہے جس کی وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریشی نالہ اور گرتھل کولہ میں ریت اور باجری کی نکاسی ان آبی ذخیروں کو نہ صرف آلودہ کرتی ہے بلکہ بونر نالہ کی کھدائی اس نالے میں سیلابی امکانات بھی پیداکرتی ہے جس کی وجہ سے رہائشی بستیوں میں جانی و مالی خطرہ لاحق ہے ۔انہوںنے کہاکہ لوگ اُن کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر اعتبار کھو چکے ہیںاوراب اقتدار میں تبدیلی کے خواہاں ہیں۔
مزاحمتی جماعتوں کا غلام نبی سمجھی کے ساتھ اظہار تعزیت
سرینگر// حریت (ع)، ڈےمو کرےٹک پولٹےکل مومنٹ،انجمن شرعی شیعیان، پیپلز لیگ ، کشمےر تحرےک خواتےن اور ایمپلائز ٹریڈ یونین مومنٹ نے سینئر مزاحمتی رہنما اور حریت (گ)کے جنرل سیکریٹری اور مسلم کانفرنس چیئرمین غلام نبی سمجھی کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ حریت (ع)چیئرمین و عوامی مجلس عمل سربراہ میرواعظ محمد عمر فاروق نے ایک سڑک حادثے میں غلام نبی سمجھی کی ہمشیرہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سمجھی اور دیگر سوگواروں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور اﷲ تعالیٰ سے مرحومہ کی مغفرت کےلئے دعا کی۔ ڈےمو کرےٹک پولٹےکل مومنٹ کے جنرل سکرےٹری خواجہ فردوس وانی نے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیاہے ۔خواجہ فروس نے مرحومہ کے بلند درجات اور پسماندگان کے صبر جمیل کیلئے دعا کی۔انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اورسینئر حریت رہنما آغا سید حسن نے حریت رہنما غلام نبی سمجھی کی ہمشیرہ اور ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے رکن ضمیر احمد شیخ کے خالہ زاد بھائی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔آغا حسن نے لواحقین و پسماندگان سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور جنت نشینی کی دعا کی۔ پیپلز لیگ نے تنظیم کے سینئر رکن گوہر خان چھانہ پورہ کے برادر اکبر معراج الدین اور سینئر حریت رہنماغلام نبی سمجھی کی ہمشیرہ کی رحلت پر زبردست دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔دریں اثنا ترجمان نے تنظیم کے وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی اورتحریک حریت کے سرگرم کارکن سید امتیاز حیدر کی بار بار گرفتاری کی مذمت کی ہے۔پیپلز لیگ کے ایک اور دھڑے کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے حریت (گ)جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی کی ہمشیرہ کی ایک حادثے کے دوران ہوئی موت پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔ کشمےر تحرےک خواتےن کی سربراہ زمردہ حبےب نے حرےت (گ) کے جنرل سیکریٹری اور مسلم کانفرنس چیئرمےن غلام نبی سمجھی کی بہن کی وفات پر صدمے کا اظہار کےا ہے ۔انہوں نے سمجھی اور غمزدہ لواحقےن کے ساتھ تعزےت اور ہمدردی کا اظہار کرتے مرحومہ کی جنت نشےنی کیلئے دعا کی۔ حرےت(گ) کی اکا ئی اےمپلائز ٹرےڈےونےن مومنٹ کے چیئر مےن محمد شفےع لون نے مرحومہ کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کیلئے دعا کی۔محمد شفےع لون نے مرحومہ کو ایک نیک سیرت خاتون قرار دیتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔