مزید خبرں

Kashmir Uzma News Desk
20 Min Read

بسوہلی وشیتل نگرمیں ٹرانسفارمرخراب

 بجلی کی عدم دستیابی سے لوگ پریشان
کٹھوعہ//موسم سرماکی شدیدسردی کے دوران بسوہلی اورشیتل نگرجانوعلاقوں میں دوہفتوں سے بجلی نظام مفلوج ہے جس کی وجہ سے لوگوں کوسخت پریشانیوں کاسامناکرناپڑرہاہے۔اس سلسلے میں لوگوں کاکہناہے کہ صبح اوررات کے اوقات میں سردہوائیں چلتی ہیں اوربجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ مزیدمشکلات جھیل رہے ہیں۔ شمیم احمدبٹ نامی شخص نے بتایاکہ جانوعلاقہ میں دوہفتے پہلے ٹرانسفارمرخراب ہوگیاتھاجس کی جانکاری متعلقہ محکمہ کے عہدیداران کودی گئی تھی لیکن ابھی تک ٹرانسفارمرکی مرمت نہیں کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کھانابنانے میں بھی دقتیں پیش آرہی ہیں ۔لوگوں نے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ حکام سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ وہ بجلی نظام کوچست درست کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔
 
 

محکمہ فوڈسیفٹی کی جانب سے بیداری پروگراموں کاانعقاد

جموں//محکمہ فوڈسیفٹی جموں کی جانب سے تریکوٹہ نگراوربس سٹینڈمیں بیدار ی کیمپوں کے انعقادکے علاوہ جموں یونیورسٹی کینٹن کااچانک معائینہ کیاگیا۔اس دوران بیداری کیمپوں میں ویجی ٹیرین وغیرویجی ٹیرین ریستورانوں میں کام کرنے والے لوگوں کوصاف ستھراکھانامہیاکرانے پرزوردیاگیا۔اس دوران اشیائے خوردنی کوصاف ستھرارکھنے کیلئے طریقوں کی بھی جانکاری دی گئی۔اس دوران کیمپوں میں اسسٹنٹ کمشنر فوڈسیفٹی جموں ڈاکٹرپرویش کمار ،اجے کھجوریہ، دلیپ سنگھ، جے اندراورہنس راج ،فوڈانسپکٹرشامل تھے۔یونیورسٹی کینٹنوں کااچانک معائینہ کیاگیا۔اس دوران کینٹن مالکان اورورکروں سے تلقین کی کہ وہ صفائی ستھرائی کویقینی بنائیں۔
 

گورنر اور خاتون اول کی کرسمس تقریب میں شرکت

جموں/گورنر این این ووہرا اور ان کی اہلیہ اوشا ووہرا نے کل شام کارمل کانونٹ سکول کی طرف سے کرسمس کے سلسلے میں منعقد ہ ایک تقریب میں شرکت کی۔گورنر نے اس موقعہ پر ہر ایک کو میری کرسمس اور نئے سال کی مبارک باد دی۔ گورنر نے اس موقعہ پر کہا کہ ایک پرامن سماج کے وجود کو یقینی بنانے کے لئے ایک دوسرے کو سمجھنے اور باہمی یکجہتی کا احساس پیدا کرنا لازمی ہے۔گورنر نے ریاست میں معیاری تعلیم سے لوگوں کو روشناس کرانے کے لئے کیتھولک کرسچن مشن کے رول کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مشنریاں صدیوں سے یہ کام کرتی آرہی ہے اور اس وقت یہ جموں اور سرینگر میں 35سکولوں کے ذریعے سے معیاری تعلیم سے عام کر رہی ہے۔گورنر نے کہاکہ نوجوانوں میں روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور ثقافتی اقدار پیدا کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو غیر اخلاقی اور غیر سماجی سرگرمیوں سے دور رکھنے کی طرف توجہ دی جانی چاہئیں۔گورنر اور ان کی اہلیہ نے اس موقعہ پر کرسمس کیک کاٹنے کی رسم میں بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر کرسچن مشنریوں سے وابستہ کئی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔پروفیسر آر ڈی شرما وائس چانسلر یونیورسٹی آف جموں جو اس وقت مہمان ذی وقار کی حیثیت تھے نے بھی خطاب کیا اور تعلیمی سیکٹر میں مشنریوں کے رول کو اجاگر کیا۔ 
 

 نوجوان کھیل سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں:شام 

جموں/صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے کھیل سرگرمیوں کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے طلاب پر زور دیا کہ وہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ وہ شخصیات کو ایک صحیح دے سکیں۔وزیر موصوف یہاں ایک پبلک سکول کے سالانہ دن کی تقریب کے دوران خطاب کررہے تھے۔شیام چودھری نے کھیل سرگرمیاں لگاتار منعقد کرنے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ ان سرگرمیو ں میں شرکت لینے سے نوجوان جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط بن جاتے ہیں۔علاوہ ازیں ان سرگرمیوں سے انسان میں قائدانہ اور شہری صلاحیتیں بھی اجاگر ہوتی ہیں۔وزیرنے کہا کہ حکومت نے ریاست میں کھیلو ں سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے کئی اقدامات شروع کئے ہیں اور کھلاڑیوں کو مختلف سہولیات بہم پہنچانے کے لئے مرکزی سرکار فراخدلانہ رقومات فراہم کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ریاست کے کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں تمغے حاصل کرکے ریاست کا نام فخر سے اونچا کردیا ہے۔بعد میں وزیر نے شرکا ٔ میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
 
 

جہنو ۔دھاندال سڑک 

دیناناتھ بھگت نے تار کول بچھانے کے کام شروع کیا

جموں/ایم ایل اے چننئی دیناناتھ بھگت نے اپنے حلقے میں جہنو۔ دھاندال سڑک پر تار کول بچھانے کے کام کی شروعات کی۔ یہ کام نبارڈ کے تحت 2.5کروڑروپے کی لاگت سے مکمل کیا جارہاہے ۔بعد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے موصوف نے کہا کہ اس کام سے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے اور اس کے مکمل ہونے سے علاقے کے کئی گائوں کو سڑک رابطے کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی۔ایم ایل اے کہا کہ موجودہ حکومت دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں کی ترقی کے لئے پرعزم ہے اور لوگوں کی سماجی و اقتصادی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے کئی ایک سکیمیں اور پروجیکٹ عملائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خاص طور سے سڑکوں ، بجلی اور پانی کی دستیابی کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔اُنہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ آگے آکر سرکار کی سکیموں سے استفادہ کریں۔اس موقعہ پر انہوں نے کئی دیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کا بھی ذکر کیا اور لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو مرحلہ وار طریقے پر پورا کیا جائے گا۔
 

 کے اے ایس میں کامیاب نیہاپنڈتاکی حوصلہ افزائی 

جموں وکشمیر کے نوجوان قابلیت میں کسی سے کم نہیں :نعیم اختر

جموں//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے جگتی مائیگرنٹ کیمپ میں رہائش پذیر کشپ نیہا پنڈتا سے ملاقات کی اور اسے کشمیر انڈمنسٹریٹیو سروس کے نتائج میں اعلیٰ کار کردگی دکھانے پر حوصلہ افزائی کی۔اُن کے کنبے کو سراہتے ہوئے وزیر نے کہا کہ طلبا کے والدین کا بچوں کی کامیابی میں اعلیٰ کردار نبھانا ہوتا ہے بالخصوص لڑکیوں کی کامیابی میںاُن کے والدین کے بچوں کے تئیں اُن کی کوششیں بارآور ثابت ہوتی ہے۔ جگتی مائیگرنٹ کیمپ سے تعلق رکھنے والی پہلی کشمیری لڑکی کے ریاستی سول سروسز میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس لڑکی کی کامیابی کا براہ راست اثر دیگر طلاب پر مثبت طریقے پر پڑے گا اور وہ اپنا مستقبل روشن کرنے کی کوششیں کریں گے۔ریاست کے طلاب کی قابلیت ملک کے دیگر طلاب کے مقابلے میں بہتر ہونے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ طلاب کی محنت اور ان کی خودداری کا نتیجہ ہے کہ وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری ریاست کا نام روشن کرنے میں کسی سے کم نہیں ۔نیہا پنڈتا کو تابناک مستقبل کی دعا کرتے ہوئے وزیر نے اُمید ظاہر کی کہ نیہا اپنی زندگی میں ریاست کے ساتھ ساتھ پورے ملک کی خدمت انتہائی ایماندار ی اور خلوص سے انجام دے گی۔کشمیر ی پنڈت کنبے سے تعلق رکھنے والی نیہا پنڈتا نے آرگنک کمسٹری میں ماسٹرس کی ہے اور ایجوکیشن میں ڈگر ی حاصل کی ہے ۔
 

تین سینٹرل کواپریٹیو بینکوں کی از سر نو سرمایہ کاری زیرغور:دورجے 

جموں/امداد باہمی اور امور لداخ کے وزیر چیرنگ دُورجے نے کہا کہ حکومت اننت ناگ ، بارہمولہ او رجموں کے سینٹرل کواپریٹیو بینکوں کی اَز سر نو سرمایہ کاری کی وعدہ بند ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کواپریٹیو بنینکوں کی از سر نو سرمایہ کا ری کا معاملہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ اٹھایا گیا ہے جنہوں نے اس سلسلے میں انتہائی مثبت رویہ کا اظہار کیا۔ ان باتوں کا اظہار وزیر نے جے اینڈ کے ڈائری پروڈیوسرس پروسسرس اور مارکیٹنگ کواپریٹیو یونین لمٹیڈ کی طرف سے منعقدہ کواپریٹیو ہفتہ ۔2017ء کے انعقاد کے موقعہ پر کیا۔وزیر مملکت برائے جنگلات ، پشو پالن ، ماہی پروری اور امداد باہمی میر ظہوراحمد بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔امداد باہمی محکمہ کے پرائمری کواپریٹیو سوسائیٹز کے انتخابات کامیابی سے انجام دینے پر سراہتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمہ کے ملازمین کو اپنے فرائض منصبی انجام دینے میں مثبت رویہ اختیار کرنا ہوگا۔کواپریٹیو ہفتہ منانے کے سلسلے میں منعقدین کی کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ امداد باہمی تحریک  کے سلسلے میں ریاست میں بڑے پیمانے پر جانکاری مہم چلانے کی بڑی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی طرف سے چلائی جارہی بہبودی سکیموں سے مستفید ہوسکیں۔وزیر مملکت میر ظہور احمد نے اس موقعہ پر ریاست کے تمام تحصیل ہیڈ کوارٹروں پر کواپریٹیو میڈیکل شاپس قائم کرنے پر زور دیا تاکہ رعایتی نرخوں پر لوگوں کو معیاری ادویات دستیاب ہوسکیں۔اس موقعہ پر امداد باہمی محکمہ نیوز لیٹر 2017 ء جاری کیا۔سیکرٹری کواپریٹیو بشیر احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ چیئرمین سٹیزن کواپریٹیو بینک ، ایم ڈی جیکفیڈ ، چیئرمین جے اینڈ کے کواپریٹیو مومنٹ و دیگر متعلقین اس موقعہ پر موجود تھے۔
 
 

بھارتی سفارت خانہ تاشقند میں 

جموں کشمیر کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کرے گی 

نئی دہلی //تاشکند ازبکستان میں بھارتیہ سفارت خانہ پرواسی بھارتیہ دوس جو جنوری 2018 کو منایا جا رہا ہے کے موقعہ پر خصوصی پرموشنل تقریب منعقد کر کے جموں کشمیر کی ثقافتی ، صنعتی اور تجارتی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے ۔تاشقند میں بھارتیہ سفارت کار کے ایک مراسلے کے مطابق خواہشمند سرکاری محکموں اور دیگر متعلقہ اداروں کو جموں کشمیر سے متعلق مطلوبہ جانکاری ، اشتہاری مواد ، ویب لنک تاشکند میں بھارتیہ سفارت خانے کو [email protected]. پر میل کرنے کیلئے کہا گیا ہے ۔ مراسلے کے مطابق تاشقند میں بھارتیہ سفارت خانہ جموں کشمیر کے سرکاری اور تجارتی چیمبروں اور دیگر انجمنوں کے وفود کی جانب سے دوروں کا خیر مقدم کرے گا اور انہیں ازبکستان میں مقامی طور تقریبات اور تبادلہ خیال سیشن منعقد کرنے کیلئے بھر پور تعاون فراہم کرے گا ۔ 
 

وارڈ نمبر 58 کے نام 250 کے وی اے ٹرانسفارمر وقف 

کویندر گپتا نے مقامی لوگوں کے مسائل سُنے 

جموں//سپیکر جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی اور رُکنِ اسمبلی گاندھی نگر حلقہ انتخاب کویندر گپتا نے وارڈ نمبر 58 میں 250 کے وی اے ٹراسفارمر کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر کویندر گپتا نے کہا کہ ٹرانسفارمر کی تنصیب سے مقامی لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ پوری ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی نگر حلقہ انتخاب میں پرانے اور ناکارہ ٹرانسفارمروں کو تبدیل کرنے کیلئے مختصر مدت کے دوران اقدامات اٹھائے گئے اور متعلقہ حکام کو اس ضمن میں پہلے ہی ہدایات دی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے اب تک نظر انداز کئے گئے علاقوں میں ترقیاتی عمل کا نیا باب شروع ہو چکا ہے اور کئی سڑکوں پر میکڈم بچھایا گیا ہے اور کئی سڑکوں کو توسیع دی گئی ہے ۔ دریں اثنا کویندر گپتا نے ایک پبلک میٹنگ طلب کر کے لوگوں کی شکایات اور مانگیں بغور سُنیں ۔ مقامی لوگوں نے پارکوں کی تعمیر اور دیدہ زیبی ، ذیلی سڑکوں اور نالیوں کی تجدید و مرمت ، پرانے بجلی کھمبوں اور تاروں کو تبدیل کرنے ، سٹریٹ لائیٹوں کی مرمت و تنصیب ، راشن کارڈوں کی بلا رکاوٹ فراہمی ، بزرگوں اور بیواؤں کیلئے پینشن ، محفوظ پینے کے پانی کی بلا رکاوٹ ترسیل ، گلی کوچوں سے کوڑا کرکٹ ہٹانے اور ڈگیانہ آشرم کے سب وے میں لاٗیٹوں کی تنصیب کی مانگیں پیش کیں ۔ کویندر گپتا نے انہیں بغور سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کا ازالہ مرحلہ وار بنیادوں پر کیا جائے گا ۔ اس موقعہ پر محکمہ تعمیراتِ عامہ اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔ 
 

وزیرنے محکمہ سماجی بہبود اور آئی سی ڈی ایس کے کام کاج کا جائیزہ لیا

جموں//وزیر مملکت برائے مکانات و شہری ترقی ، صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود آسیہ نقاش نے محکمہ سماجی بہبود اور آئی سی ڈی ایس افسران کی ایک میٹنگ طلب کر کے محکمہ اور آئی سی ڈی ایس کی مختلف سکیموں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ کمشنر سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود ، محکمہ کے جموں /کشمیر کے ناظمین ، مشن ڈائرئریکٹر آئی سی ڈی ایس ، محکمہ کے ڈائریکٹر فائنانس ، جوائینٹ ڈائریکٹر پلاننگ اور دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ دورانِ میٹنگ میراج اسسٹنس ، اولڈ ایج پینشن ، سکالر شپ معاملات ، آسرا بیمہ اور لاڈلی بیٹی ، این ایس اے پی آئی ایس ایس ایس ، اولڈ ایج ہوم کی تعمیر ، ایس سی اور او بی سی زمروں سے متعلق سکیموں کی عمل آوری پر مفصل غور و خوض ہوا ۔ وزیر نے مختلف بہبودی سکیموں کیلئے فیلڈ سروے منعقد کر کے مستحقین کی فہرست مرتب کرنے کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ انہوں نے فہرست رقومات کی فراہمی کیلئے متعلقہ حکام کو بھیجنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے محکمہ سماجی بہبود کے ناظمین کو مرکزی حکومت کے افسران کے ساتھ میٹنگیں منعقد کر کے محکمہ کی جانب سے وظایف وغیرہ سے متعلق وقتاً فوقتاً پیش کئے گئے معاملات اٹھانے کی بھی ہدایت دی ۔ وزیر نے سرینگر اور جموں میں اولڈ ایج ہوم کی تعمیر کیلئے زمین کی نشاندہی کرنے کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ انہوں نے یہ معاملہ متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ اٹھانے کیلئے کہا ۔ اہم سماجی بہبود پروگراموں کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے محکمہ کے حکام کو عام لوگوں کو محکمہ کی جانب سے لاگو کی گئی سکیموں سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے جانکاری دینے کیلئے کہا ۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی سکیموں کے فوائد سے مستفید ہونے کیلئے لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کی ہدایت دی ۔ ریاست میں آنگن واڑی مراکز میں جاری کام کاج پر بھی مفصل طور غور و خوض ہوا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ آنگن واڑی ورکروں اور آنگن واڑی ہیلپروں کی جانب سے اُن کے مشاہروں میں اضافے کی مانگ پر حکومت غور کر رہی ہے ۔  
 

محکمہ اعلیٰ تعلیم سہ ماہی انگلش مجلہ شائع کرے گا:سامون

جموں/محکمہ اعلیٰ تعلیم بہت جلد طلاب اور سکالروں کے مختلف مضامین پرمبنی سہ ماہی انگلش جرنل شائع کرے گاجس میں تحقیق سے متعلق پیپر چھاپے جائیں گے ۔پرنسپل سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر سامون اس سلسلے میں آج مختلف کالجوں کے سینئر فیکلٹی ممبران اور افسروں کی میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے جس میں مجوزہ جرنل کے خدو خال پر سیر حاصل بحث ہوئی۔ میٹنگ میں فیصلہ لیاگیا کہ جرنل میں کمیونیکیشن سرکلز ،لٹریچر اور لنگوسٹکس پر تحقیقی مواد کا استعمال کیا جائے گا۔پرنسپل سیکرٹری نے اس موقعہ پر ایک ایڈیٹورل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت دی جس میں ریاست کے مختلف کالجوں سے تعلق رکھنے والے 10ممبران شامل ہوں گے۔
 

پروفیسر مٹو کی آسٹریلیا ئی باشندوں کوریاست کا دورہ کرنے کی دعوت 

ملبورن/وزیراعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو نے آسٹریلیا کے باشندوں کو کشمیر آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیرکی قدرتی خوبصورتی ، تمدن اور ثقافت کااز خود مشاہدہ کریں۔پروفیسر مٹو نے ان باتوں کا اِظہار آسٹریلیا میں سکالروں ،تاجروں اور سول سوسائٹی ممبران کے ساتھ میٹنگوں کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ باہر کی دنیا میں کشمیر کے بارے میں تاثر روز بروز بدل رہا ہے اور وہاں کے لوگ مختلف مقاصد کے سلسلے میں کشمیر کا دورہ کرنے میںدلچسپی رکھتے ہیں۔ڈاکٹرمٹو نے کہا کہ وادی کشمیر قدرتی مناظر اور دلکش آب وہوا کے لئے دنیا بھر میں مشہور ہے ۔انہوں نے دنیا بھر کے لوگوں کو کشمیر آنے کی دعوت دی اور یہاں کے قدرتی حسن سے محظوظ ہوں۔انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیرمیں سیاحتی کشش کے کئی مقامات موجود ہے جو خوبصورتی میں کسی بھی دوسرے مقام سے کم نہیں۔
 
 
 

ٹیچرس فورم کاتعزیتی اجلاس منعقد

عبدالقیوم وانی کے برادرنسبتی کے انتقال پراظہارافسوس

جموں//جموں کشمیرٹیچرس فورم کاایک تعزیتی اجلاس گنیش کھجوریہ کی صدارت میں منعقدہواجس میں صوبہ جموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔اس دوران شرکاء نے ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی کے برادرنسبتی فاروق احمدخان کی وفات پرگہرے رنج ودُکھ کااظہارکیا۔اس دوران گنیش کھجوریہ نے غمزدہ خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ ہم سب عبدالقیوم وانی ودیگرلواحقین کے غم میں برابرکے شریک ہیں ۔انہوں نے مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعابھی کی۔اس دوران میٹنگ میں گوپال سنگھ ایڈوائزر ،راجندرگپتاصوبائی صدر ، صورت سنگھ طوفانی جنرل سیکریٹری صوبہ جموں ، یوگ راج سلاتھیہ ،جماعت علی آغا ، درشن شرما ، ایس ۔رویندر سنگھ، راجیشورسمبیال ، سبھاش شرما ، سریندرشرما، محمداقبال ،شنکرسنگھ ،کلدیپ سنگھ، سوشیل شرما،کلدیپ بندرال ، گوتم سنگھ ، پی ڈی سنگھ ، دویندرسنگھ، جتندرسنگھ ،کلدیپ ورما، راجیش سلاتھیہ ، مجیدچوہدری، پروین شرما، ابھیشک کھجوریہ ودیگران شامل تھے۔
 

 

Contents
بسوہلی وشیتل نگرمیں ٹرانسفارمرخرابمحکمہ فوڈسیفٹی کی جانب سے بیداری پروگراموں کاانعقادگورنر اور خاتون اول کی کرسمس تقریب میں شرکت نوجوان کھیل سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں:شام جہنو ۔دھاندال سڑک دیناناتھ بھگت نے تار کول بچھانے کے کام شروع کیا کے اے ایس میں کامیاب نیہاپنڈتاکی حوصلہ افزائی جموں وکشمیر کے نوجوان قابلیت میں کسی سے کم نہیں :نعیم اخترتین سینٹرل کواپریٹیو بینکوں کی از سر نو سرمایہ کاری زیرغور:دورجے بھارتی سفارت خانہ تاشقند میں جموں کشمیر کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کرے گی وارڈ نمبر 58 کے نام 250 کے وی اے ٹرانسفارمر وقف کویندر گپتا نے مقامی لوگوں کے مسائل سُنے وزیرنے محکمہ سماجی بہبود اور آئی سی ڈی ایس کے کام کاج کا جائیزہ لیامحکمہ اعلیٰ تعلیم سہ ماہی انگلش مجلہ شائع کرے گا:سامونپروفیسر مٹو کی آسٹریلیا ئی باشندوں کوریاست کا دورہ کرنے کی دعوت ٹیچرس فورم کاتعزیتی اجلاس منعقدعبدالقیوم وانی کے برادرنسبتی کے انتقال پراظہارافسوس
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *