مویشی سمگلر گرفتار3 مویشی بازیاب
زاہد بشیر
ریاسی //24اور 25 کی درمیانی شب کو گول پولیس نے مویشی سمگلروں کو گرفتار کیا اور اسکے قبضہ سے 3مویشیوںکو برآمد کیا۔مویشی سمگلروں کی شناخت اخلاق احمد ولد عبدالرحمان شان اور محمد عارف ولد عبدالرشید شان ساکنان گول متصل آرمی کیمپ58 آر آر گول کے بطور کی گئی ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر68/2017 زیر دفعہ 188 درج کیا ہے۔اور تحقیقات شروع کر دی ہے۔
کشتواڑ پولیس کا ہیروئن کی برآمدگی کا دعویٰ
ایک سمگلر گرفتار، دوسرا مفرور ،تلاش جاری
نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے ہیروئن کی بھاری کھیپ برآمد کرکے ایک سمگلر کو گرفتار کیا ہے جبکہ دوسرا مفرور ہے۔پولیس کی جانب سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق پولیس کوایک مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ دو اشخاص کے پاس منشیات(ہیروئن )کی بھاری کھیپ ہے اور وہ اسے ٹھاٹھری لے جانا چاہتے ہیں، تاکہ اسے منشیات فروشوں میں بھیچا جا سکے۔پولیس اسٹیشن کشتواڑ اور پولیس پوسٹ جوالا پور کی ٹیموںن نے اس اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے بونجواہ روڈ پر ایک خصوصہ ناکہ لگایا ۔شارک موڑ بونجواہ پر ناکہ پارٹی نے دوران تلاشی دو افراد کی چیکنگ کی ۔ان میں سے ایک شخض سے800گرام ہیروئن برآمد کی گئی جسکی شناخت اعجازکین ولد شبیر کین ساکنہ پتنازی بونجواہ کے بطور کی گئی ہے۔ پولیس نے اُسے موقعہ پر ہی گرفتار کیا ۔اسکا ساتھی جسکی پہچان بطور لال حُسین ولد محمد شریف ساکنہ پٹرورری بونجواہ کے تصدیق کی گئی ہے ناکہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا ہے۔پولیس پارٹی نے اسکا تعاقب کیا لیکن گھنے جنگلوں کا فائدہ لیکر وہ جائے موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہواہے۔پولیس نے اس ضمن میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 263/2017درج کیا ہے۔پولیس کی جانب سے یہ برآمدگی اور گرفتاری ایس ایچ او پولیس اسٹیشن کشتواڑ انسپکٹر سمیر جیلانی نے زیر نگرانی ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز نہار رنجن انجام دی۔پولیس نے مفرور مبینہ ملزم کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ضلع کے ایس ایس پی ابرار چودھری نے اس موقعہ پر کہا ہے کہ منشیات کا جرم دہشت پسندی سے بھی خطر ناک جرم ہے اور نوجوانوں کو منشیات کی بدعت سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔
جتیندر سنگھ مسائل حل کرنے میںناکام:بھنڈاری
کشتواڑ//اودھمپور۔کٹھوعہ۔کشتواڑیوتھ کانگریس کے ترجمان رندیپ بھنڈاری نے وزیر اعظم کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سنگھ سے اودھمپور۔ ڈوڈہ حلقہ میں ترقی کے بارے میں پیش کئے گئے اعداد و شمار کی مذمت کی ہے ا ور کہا ہے کہ ڈاکٹر جیتندر سنگھ اودھمپور پارلیمانی حلقہ کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے ڈاکٹر جیتندر سنگھ سے اپنے حلقہ کے مسائل کی جانب خصوصی توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے مبینہ الزام لگا یا کہ ڈاکٹر جیتندر سنگھ اپنے حلقہ کو بھول گئے ہیں اور شمال مشرقی خطہ کی ترقی میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر جیتندرسنگھ سے کہا ہے کہ وہ حلقہ کی ترقی کے لئے خصوصی توجہ دیں اور عوام سے کئے ہوئے وعدوں کو پورا کریں۔انہوں نے الزام لگایا ہے کہ جب سے وہ حلقہ سے ایم پی منتخب ہوئے ہیں ،تب سے انہوں نے ایک مرتبہ بھی کشتواڑ کا دورہ نہیں کیا ہے ،جس سے کشتواڑ کے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے بی جے پی پر مذہبی سیاست کا بھی مبینہ الزام لگایا ہے۔
سیول سوسائٹی ڈوڈہ کا اجلاس
قومی صحت مشن ملازمین کے مسائل حل کرنے کی اپیل
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ// حکومت قومی صحت مشن کے ملازمین کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کرکے ہڑتال کو ٹالنے کے لئے اقدامات کرے تاکہ لوگ اس ہڑتال سے پریشان نہ ہوں اِن خیالات کا اظہار سیول سوسائٹی نے آج ڈوڈہ میں منعقدہ ایک غیر معمولی اِجلاس کے دوران کیا ہے نامور قانون دان و مصنف اور کالم نگار ایڈوکیٹ امتیاز حسین میر کی صدارت میں منعقد ہونے والے اِجلاس میں این ایچ ایم ملازمین کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے اْن کو جائز قرار دیا گیا اور حکومت سے کہا کہ بات چیت ہی تمام مسائل کا حل ہے اور طبی شعبہ سے وابستہ ملازمین کا ہر طرح کے ذہنی دباؤ سے آزاد ہونا ضروری ہے اور حکومت مل بیٹھ کر ایسا راستہ نکالے جس سے اِن عارضی این ایچ ایم ملازمین کے اندر احساس عدم تحفظ ختم ہو اور مستقل کرنے کی پالیسی و دیگر مراعات کا خاص خیال رکھا جائے اور حکومت کسی بھی مقام پر غیرذمہ دارانہ بیان یا احتجاجی ملازمین کے خلاف طاقت کے استعمال سے پرہیز کرے۔اور خاص کر ایک شعبہ میں ایک ہی کام کرنے والے لوگوں کے درمیان تنخواہوں میں تفاوت ختم کرنا ضروری ہے۔اْنہوں نے بیرونی ممالک سے سند یافتہ MBBS ڈاکٹروں کو MCI امتحان پاس کرنے کی قید سے آزاد کرکے اْن کو ایم سی آئی پاس کرنے تک عارضی تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا اِجلاس میں محمد اقبال بلوان ،اشتیاق احمد دیو ،شکیل احمد دیو ،غلام حسن پامپوری ،ممتاز الرحمن گتّو ،ارشاد احمد شاد مسگر ،فرید احمد نیائیک نے بھی شرکت کی۔
ڈوڈہ میں ڈیلی ویجرس کیجول لیبر کی میٹنگ منعقد
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ// ڈوڈہ میں آج ڈیلی ویجرس کیجول لیبر کی اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں عارضی ملازمین کو درپیش مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا اور مستقبل کے بارے میں لائے عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔میٹنگ میں اتفاق رائے طے پایا کہ مستقبل میں ہم جدوجہد اور اپنے حقوق کی لڑائی خود لڑیں گے اور اپنے مطالبات کی ترجمانی بھی خود کریں گے ۔اس سلسلہ میں ایگزیگٹو ممبران کی میٹنگ میں جموں کشمیر ڈیلی ویجرس فورم کے صدر سجاد احمد پرے کی قیادت پر بھر پور اعتماد کیا اظہار کیا گیا جنہوں نے عارضی ملازمین کو حق و انصاف دلانے کے لئے پوری لگن کے ساتھ محنت اور ہماری حقوق کہ پاسداری کی۔ایگزیگٹو ممبرانِ نے ضلع اکائی کو تشکیل دینے کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے نئے یونٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جس میں ضلع اکائی حسب ذیل ہے۔شوکت علی ضلع صدر، فرید احمد نیائیک نائب صدر،محمد اشفاق منگنوں سٹی صدر، مہندر کمار جنرل سیکرٹری، حمیداللہ سیکرٹری، پردیپ سنگھ، پریس سیکرٹری، حکیم احمد بٹ، پبلسٹی سیکریٹری، ظہیر حسین، اسسٹنٹ پریس سیکرٹری، خورشید احمد سٹیج سیکرٹری، عرفان یوسف و دیگر ممبران کو ضلع اکائی میں شامل کیا گیا۔
اکھڑال میں مہلوک افرادکوخراج عقیدت پیش
نمائندہ عظمیٰ
رام بن//گزشتہ دودہائیوںکے دوران ملی ٹینسی کی وجہ سے تحصیل اکھڑہال کے مہلوک افرادکوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کااہتمام کیا گیا ۔اس دوران تقریب کے شرکاء میں دیگرمعززین کے علاوہ چارلی کمپنی12آرآرکے صوبیدار ونود سنگھ ،نائب تحصیلدار اکھڑہال بھرت سنگھ ، ایڈوکیٹ سپریم کورٹ آف انڈیا کے سرن کشور سنگھ ،دان سنگھ ، یوتھ پنتھرس پارٹی کے جنرل سیکریٹری ضلع رام بن امتیاز احمدسوہل ، ٹھیکیدار جسونت سنگھ سومڑیا ، فاروق احمد کٹوچ کانگریس ضلع نائب صدر رام بن وغیرہ بھی شامل تھے ۔اس دوران تقریب کی صدارت سیواسنگھ بالی کررہے تھے۔چندروزقبل بائیس دسمبر1993کو بھبیشن سنگھ کو ملی ٹینٹوںنے ہلاک کردیاتھا، اسی طرح رام رتن ولد لال من سنگھ ، بھرت سنگھ ولد کشن چند ، پرس رام ولد دھمودر ،پریم سنگھ ولد شیب رام، ٹھاکرداس کوبھی 2000 میں ہلاک کیاگیاتھا وہیں1995میں بالک رام، جیون سنگھ ، پریم سنگھ سمیت کل 14افراد کوہلاک کیاگیاتھا جن کی یاد میں اکھڑہال میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب میںمہلوک افراد کو ششمادیوی بیوہ بھبیشن نے اپنے شوہر کوپھولوں کی مالائیں پہناکرانہیں شردھانجلی پیش کی ، جھولا دیوی بیوہ بھرت سنگھ نے بھی اپنے شوہر کوخراج عقیدت پیش کیا ۔تقریب سے ایڈوکیٹ سپریم کورٹ آف انڈیا سرن کشور سنگھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہلاکتوں کی جس قدرمذمت کی جائے کم ہے ۔ایڈوکیٹ موصوف نے کہا اسی طرح 1995میں کنڈن میں عسکریت پسندوں نے کل 14افراد کوہلاک کر دیا اور سن 2000میں پانچ افرادکوماردیا،ایس پی او محمدسلیم کٹوچ ولد محی الدین کٹوچ جوکہ 2003میں بانہال کے لادنہ میں ایک تصادم کے دوران ہلاک ہوئے تھے ، جانہ بیگم زوجہ غلام قادرملک ڈھک جوکہ2003میں ہلاک ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا آج ہم مہلوک افرادکویادکررہے ہیں۔ اس تقریب سے بھائی چارے کی ایک نئی مثال بھی قائم ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھبیشن سنگھ نے جس بہادری کاثبوت دیا ہے وہ ہم نوجوانوںکے لئے ایک مثال ہے ۔ایڈوکیٹ سرن سنگھ نے نائب تحصیلدار کو شہید بھبیشن سنگھ کی یادگار بنانے کے لئے اکھڑہال میں تھوڑی جگہ مانگی جس پر نائب تحصیلدار نے کہاکہ مجھ سے جتنا جلدی ہو سکے گا میںزمین وقف کرائوں گا اور ایڈوکیٹ سرن سنگھ نے کہاکہ یادگار پر جتنا خرچ آئے گا وہ سب میںچکا ئوں گا ۔وہیںنیشنل پنتھرس پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری سیوا سنگھ بالی نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کاشکریہ اداکیا۔آخرمیں افتیاز احمدسوہل ، اور دان سنگھ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
پی ڈی پی صدر ڈوڈہ کا محالہ کا دورہ
مختلف طبقوں اور وفود سے ملاقات کی
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ریاستی حکومت کی طرف سے ’’خاتون آین‘‘ محبوبہ مفتی کی انقلابی قیادت میں گذشتہ تین دہائیوں سے تعینات عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے تاریخی و انقلابی اقدام کی ستائش کرتے ہوئے جموں کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر ضلع ڈوڈہ شہاب الحق بٹ نے ان خیالات کا اظہار ڈوڈہ کے علاقہ محالہ میں مختلف وفود سے بات چیت کے دوران کیا علاقہ محالہ کے دو روزہ دورہ کے دوران شہاب الحق بٹ نے شیواہ ، محالہ،آسیسی، گلمنہ ، چھیروت، شادی ون، ژلی ون، گڑھتر، بنجر ،کورڑا میں عوام کے مختلف طبقوں سے ملاقات کے دوران عوامی مسائل کو سُنا اس دوران کچھ وفود نے الزام عائد کیا ہے کہ بجلی سپلائی کے لئے تقسیم کئے گئے بجلی پولوں میں ناانصافی سے کام لیتے ہوئے بجلی محکمہ کا رویہ معاندانہ رہا ہے اور کچھ مخصوص طبقہ جات کو جان بوجھ کر بنیت مجرمانہ نظر انداز کیا گیا اس کے علاوہ لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی میں بند پڑی اُجرت واگزار کرانے کا بھی مطالبہ کیا وفود نے موجود حکومت کی طرف سے کئے گئے عوامی مفاد کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا گیا ان وفود نے ڈوڈہ میں زنانہ پولیس تھانہ کے قیام اور ہزاروں عارضی ملازمین کو مستقل کرانے کے لئے شکریہ کیا۔ وفود نے علاقہ میں بجلی کے بحران سے علاقہ کو نجات دلانے کے لئے زور دیا۔ شہاب الحق بٹ نے وفود کو یقین دلایا کہ وہ علاقہ کے مسائل بالخصوص محکمہ دیہی ترقی میں بند پڑی اجرتوں کی واگذاری اور بجلی بحران کے لئے اعلیٰ حُکام سے بات کریں۔ شہاب الحق بٹ نے موجودہ حکومت کی طرف ساٹھ ہزار سے زائد عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے فیصلہ کو تاریخی و انقلابی قرار دیا اور کہا کہ یہ عارضی ملازمین چند روپیوں کے عوض گزشتہ لگ بھگ تین دہائیوں سے دربدر تھے اور تمام حکمرانوں نے ان لوگوں کے ساتھ مسلسل جھوٹے وعدے کئے تھے اور اس اقدام سے کم از کم پانچ لاکھ کی آبادی مستفید ہوگی اور لوگ معاشی طور خود کفیل ہوں گے اور ایسا اقدام ایک مضبوط عوامی درد سے سرشار شخصیت ہی کرسکتا تھا اور یہ فیصلہ دہائیوں تک یاد رکھا جائے گا اُنہوں نے کہا کہ وہ موجودہ دور میں ہی ڈوڈہ میں شعبہ تعلیم میں کچھ انقلابی اقدامات ہوں گے جن کو آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔