صنعت نگر میں مارکیٹ چیکنگ، 8 دکانداروں کیخلاف کارروائی
سرینگر//لیگل میٹرولوجی محکمہ نے کل صنعت نگر میں مارکیٹ چیکنگ کے دوران 8قصوروار دکانداروں کے خلاف کارروائی کرکے 6300روپے جرمانہ وصول کیا ۔محکمہ کو گذشتہ کئی دنوں سے لوگوں کی طرف سے شکایتیں موصول ہورہی تھیں ،چنانچہ محکمہ کے ایک سکارڈ نے کل صنعت نگر بازار کا معائنہ کیا جس دوران2گوشت فروشوں،2مرغ فروشوں ،3سبزی اور میوہ فروشوں اور ایک بیکری فروش کے خلاف چالان کیا اور ان قصور وار دکانداروں سے موقعہ پر ہی 6300روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔
معروف نعت گو شاعر گلزار حضرت بلی فوتادبی حلقوں کا اظہار رنج و غم
سرینگر// معروف نعت گو شاعر گلزار حضرت بلی کی وفات پر کئی ادبی اور سماجی حلقوں نے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔نگینی کلچرل فاونڈیشن نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں گلزار حضرت بلی کی موت کو ادبی حلقوں کیلئے ایک بڑا خلا قرار دیا ہے ۔فاونڈیشن کے جنرل سیکرٹری انجینئر بشیر شبنم نے ان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلزار حضرت بلی کی موت سے ادبی حلقوں میں وہ خلا پیدا ہوا جس کا پر کرنا مشکل ہی نہیں بلکہ محال ہے ۔انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
آستان عالیہ دستگیر صاحب ؒخانیار میںمیر واعظ کا خطاب کل
سرینگر//حسب معمول قدیم عرس پاک حضرت پیران پیر شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کی مناسبت سے ۹ربیع الثانی 1439ھ مطابق 28دسمبر بعد نمازظہر تا نماز عصر میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق آستان عالیہ حضرت دستگیر صاحب ؒخانیار میں اپنے وعظ وتبلیغ میں حضرت شیخ ؒ کی تاریخ ساز اسلامی ،دعوتی اور اصلاحی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈال کر حضرت ولی کامل ؒ کو خراج عقیدت ہیش کریں گے۔ مقامی انتظامیہ نے زائرین اور سامعین کی سہولیت کے لئے انتظامات کو حمتی شکل دی ہے۔