عطائی اور امتیاز حیدر گرفتار
سرینگر// پیپلز لیگ کے ترجمان حمید الٰہی نے تنظیم کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی اورسید امتیاز حیدرکو ایک بارپھر گرفتارکرنے اورتھانہ بڈگام میں مقید کرنے کی کاروائی کی مذمت کی ۔ انہوں نے پلوامہ اور جنوبی کشمیر کے دیگر علاقوں میں پُر امن مظاہرین پر فورسز کی جانب سے طاقت کے استعمال کرنے کی مذمت کی ۔
یاسمین راجہ کا اظہار تعزیت
سرینگر//مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے پارٹی لیڈران سمیت پلوامہ دربگام جاکر جاں بحق ہوئے جنگجومنظور احمد کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی ۔ یاسمین راجہ نے فورسز کی طرف سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے استعمال اور فائرنگ کی مذمت کی۔
حریت (ع)میرواعظ کی خانہ نظربندی پر برہم
سرینگر// حریت(ع) نے چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کو ایک بار پھر خانہ نظر بند کرنے کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ میرواعظ کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلسل خانہ نظر بندکیا جاتا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ آئے روز کی خانہ نظر بندی سے بحیثیت میرواعظ اُنکی دینی سرگرمیوں خاصکر وعظ و تبلیغ پر بھی قدغنیں عائد کی جارہی ہیں۔ ترجمان نے حکومت کی جانب سے میرواعظ کی خانہ نظر بندی کو مسلمانوں کے دینی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے اسے عوام کش اور اسلام مخالف قرار دیا۔ دریں اثناء میرواعظ نے حریت ایگزکیٹو کونسل کے ممبر اور اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس کی دلی کے ایک اسپتال میں کامیاب جراحی پر اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے مولانا کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔
اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو عملائے جائے:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے 5جنوری 1949 کو اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر سے متعلق پاس شدہ قراردادوں کو 68سال گذرجانے کے باوجود نہ عملانے کو انسانی تاریخ کا عظیم سانحہ قرار دیتے ہوئے ان تسلیم شدہ قراردادوں کوجلد از جلد عملانے کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیا ہے تاکہ اس قضیہ سے مزید انسانی جانوں کا زیاں نہ ہو اور نہ امن کی چادر تار تار ہو۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا کہ جو قراردادیں خود ہندوستان سلامتی کونسل میں لے کر گیا مگر آج تک عمل نہیں کیا جو اقوام عالم کی بے حسی کو عیاں کرتا ہے۔
مصدق عادل سب جیل بارہمولہ میں قیدیوں سے ملاقی
سرینگر// پیپلز پولیٹکل فرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل نے عدالت سے اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعدتنظیم کے چیف آرگنائزر میر غلام حسن کے ہمراہ سب جیل بارہمولہ کا دورہ کیا۔موصولہ بیان کے مطابق وفد نے وہاں مقید فرنٹ کے سینئر رُکن محمد افضل رفع آبادی اورکئی دوسرے حریت کارکنوںسے ملاقات کی۔ مصدق عادل نے اپنی ملاقات کے دوران اسیروں کے حال و احوال کے حوالے سے مفصل جانکاری حاصل کی ۔انہوں نے اس موقعہ پربیرون ریاست مقید کشمیریوں کے حوالے سے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے کہ وہاں انہیں جسمانی طورکئی ذہنی اور نفسیاتی اذیتوں سے گزرنا پڑتا ہے جسکی تازہ مثال گنستاںسمبل کے ایک حریت پسند عبدالصمد ملہ کی ہے جس کو کٹھوعہ جیل میں ماراپیٹا گیا اور اس قدرہراساں کیا گیا کہ وہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھا اوربعد اذاںاُن کے ورثاء کی محنت کے بعد عدالت عالیہ کی مداخلت پر انہیں سنٹرل جیل سرینگر منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹر گورو کی والدۂ نسبتی کی اجتماعی فاتحہ خوانی
لبریشن فرنٹ وفد مگھرمل باغ گیا
سرینگر// لبریشن فرنٹ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد کل مگھر مل باغ گیاجہاں انہوں نے شریفہ بیگم زوجہ میاں محمد شفیع کے رسم چہارم اور اجتماعی فاتحہ خوانی کی مجلس میں شرکت کی۔ وفد میں غلام رسول ڈار ایدھی، شیخ عبدالرشید، محمد صدیق شاہ ،بشیر کشمیری اور کئی دوسرے لوگ بھی شامل تھے۔ مرحومہ جوشہید حکمت ڈاکٹر عبدالاحد گورو ؒ کی خوشدامن اور عاشق حسین کی والدہ بھی تھیں کی خدمات اور قربانیوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے فرنٹ قائدین نے غم زدہ لواحقین کے ساتھ یکجہتی و تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کیلئے جنت نشینی کی دعا کے ساتھ ساتھ ان کے لواحقین کیلئے صبر جمیل و جزیل کی دعائیں کیں۔
پٹن کے سرکردہ تاجر کو صدمہ
کئی انجمنوں کی طرف سے تعزیت پرسی
پٹن//پٹن کے ایک سرکردہ تاجر الحاج غلام نبی بٹ اور نثار احمدبٹ ساکنان جامع محلہ پٹن حال نزدیک گرڈ سٹیشن کی والدہ و اہلیہ مرحوم غلام محمد بٹ گذشتہ روز انتقال کرگئیں۔ کئی سیاسی ، سماجی، کاروباری انجمنوں نے غمزدہ خاندان سے تعزیت کااظہار کیا ہے ۔ سماجی کارکن و ریڈیو آرٹسٹ سلیم فاروق، عیدگاہ کمیٹی پٹن ، سابق انفارمیشن آفیسر حاجی بشیر احمد بٹ، امام جامع مفتی عبدالرحمان، بیت المال کمیٹی پٹن ،محلہ داراں جامع مسجد پٹن اور کلانترہ کی وانی برادری نے مرحومہ کو انتہائی خوش اخلاق، مخلص، غریب پرور اور ملنسار خاتون قرار دیتے ہوئے ان کیلئے جنت نشینی کی دعا کی ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق تعزیتی مجلس 5جنوری2018جمعتہ المبارک تک ہی رہے گی اورکوئی چہارم نہیں ہوگا۔
سڑک حادثات میں 6افراد زخمی
سرینگر//وادی میں مختلف سڑک حادثات میں چھ افراد زخمی ہوئے ۔میر گنڈپٹن میں اُس وقت ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوئے جب ایک فوجی گاڑی نے اُس گاڑی کوٹکر مارا جس میں وہ سوار تھے۔ زخمیوں کی شناخت شائستہ بانو(عمر35سال)اورمحمد خلیل(عمر55سال)ساکنان سوپور کے بطور ہوئی ہے۔دونوں زخمیوں کو علاجہ و معالجہ کیلئے صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔سوپور میں ترمگنڈ کے نزدیک ایک حادثے میں ٹا ٹا سومو زیر نمبر JK05A/5991 نے ایک موٹر سا ئیکل زیر نمبر DIYCHE/16774 کو ٹکر مارا جس کے نتیجے میں جہانگیر احمد راتھر ولد محمد اکبر ساکن ٹنگمرگ اور محمد عمر کھانڈے ساکن وٹنو ٹنگمرگ زخمی ہوئے جن کو علاج ومعالجہ کیلئے جے وی سی اسپتال منتقل کیا ۔ اننت ناگ میں بمزو کے نزدیک سڑک کے ایک حادثے میں ایک کے یو وی گاڑی زیر نمبرJK03F/2333 ایک چنارکے ساتھ ٹکرائی جس کے نتیجے میں دو افراد شفاعت قادری ولد محمد یاسین ساکن ایس کے کالونی مٹن اور سمیر شفیع صدیقی ولد محمد شفیع ساکن آنچی ڈورہ زخمی ہوئے جن کو علاج ومعالجہ کیلئے ڈسڑکٹ اسپتال اننت ناگ منتقل کیا ۔پولیس نے سبھی حادثات کے سلسلے میںکیس درج کرلئے ہیں ۔
ڈپٹی سی ای او کو لگام
ایوارڈ سے سرفراز
سرینگر/سید اعجاز/ڈپٹی سی ای او کو لگام بشیر احمد بٹ کو سپورٹس میلے کی آخری تقریب پرمنگل کو عزت افزائی کی گئی۔جنوبی کشمیر کے ضلع کو لگام میں گزشتہ چند برسوںسے بحیثیت ڈپٹی سی ای او کے طور فرائض انجام دینے والے شعبہ تاریخ کے مشہور استاد بشیر احمد بٹ ساکن ترال گزشتہ پندرہ روز سے جاری یوتھ فیسٹول کی اختتامی تقریب کے موقع پرممبر پارلیمنٹ نذیر احمد لاوے نے ایوارڑ سے نوازا۔
لوران اور توسہ میدان کیلئے کیبل کار پروجیکٹ کی تجویز :پریا سیٹھی
جموں//سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے کہا ہے کہ حکومت لوران اور توسہ میدان میں کیبل کار لگانے کا ارادہ رکھتی ہے تا کہ ان علاقوں میں سیاحتی وسائل کو بروئے کار لایا جا سکے ۔ قانون ساز اسمبلی میں شاہ محمد تانترے کی طرف سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوفہ نے کہا کہ آئیندہ موسم گرما کے دوران ان علاقوں میں سٹیٹ کیبل کار کارپوریشن لمٹیڈ کی طرف سے سروے منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے برس جون مہینے میں گلمرگ گنڈولہ میں حادثہ پیش آنے کی وجہ سے یہ سروے نہیں کرایا جا سکا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت لوران منڈی کے نزدیک موجود نندی چھول واٹر فال کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ اس حوالے سے 9.70 کروڑ روپے والا ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کیا جا چکا ہے انہوں نے ایوان کو مطلع کیا کہ محکمہ دھنی لوران اور گلی میدان ساوجیاں میں ماحولیاتی سیاحت کو بڑھاوا دینے کیلئے وہاں پارکیں تعمیر کرنے کے امکانات تلاش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال کے دوران اس مقصد کیلئے دس لاکھ روپے کی تجویز رکھی گئی ہے ۔ پریا سیٹھی نے کہا کہ حکومت بھدرواہ میں سیاحتی اہمیت کے مقامات کو بڑھاوا دینے کی طرف بھی توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔ وہ دلیپ سنگھ پریہار کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دے رہیں تھیں ۔
اکرم الحسن کے ساتھ تعزیت پرسی
سرینگر//انجمن علماء وائمہ مساجد جنوبی کشمیر کے امیرو مہتمم دارالعلوم سیدالمرسلین چوگام قاضی گنڈ کولگام حافظ عبدالرحمن اشرفی نے صحافی اکرم الحسن کی والدہ نسبتی کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیاہے ۔حافظ عبدالرحمن نے مرحومہ کے گھرجاکراکرم الحسن اوردیگر سوگواروں کے ساتھ اپنی ہمدردی کااظہارکیااورمرحومہ کیلئے مغفرت کی دعا کی۔