گورنر اور وزیراعلیٰ کی گورو پورب پر مبارکباد
جموں//گورنر این این ووہرا اور وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام کو گورو گوبند سنگھ کے جنم دن پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ اپنے ایک پیغام میں گورنر نے کہا کہ گورو گوبند سنگھ ایک بہادر جنگباز ہونے کے ساتھ ساتھ ایک فلسفی اور شاعر بھی تھے جو مساوات ، بھائی چارے اور خواتین کیلئے عزت و احترام پر مبنی سماج کیلئے کوشاں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم گورو کی تعلیمات ایک بہتر اور منصفانہ معاشرتی نظام کے قیام کیلئے مشعل راہ ہیں ۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ یہ مبارک دن ریاست کیلئے امن ، ترقی اور خوشحالی ، مذہبی روا داری اور بھائی چارے کا پیامبر بن کر آئے گا ۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام کو گورو پورب پر مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں وزیرا علیٰ نے کہا کہ گورو گوبند سنگھ کی تعلیمات ایک مساوی اور انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے مشعل راہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر مذہبی ہم آہنگی کا مسکن رہا ہے اور ایسی تقاریب اور تہوار بین طبقاتی روابط مزید مستحکم بنانے میں بڑی اہمیت کے حامل ہےں۔
والد کے انتقال پر پروفیسر اندرابی اور اعجاز اندرابی سے مزاحمتی قائدین کی تعزیت
سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر خورشید اقبال اندرابی اور ڈائریکٹر ایگریکلچر الطاف اعجاز اندرابی کے والد حبیب اللہ اندرابی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی¿ درجات اور جنت نشینی کیلئے دُعا کی ہے۔ انہوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہارِ تعزیت وہمدردی کیا اور کہا کہ’ ہم ان کے غم میں برابر شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دست بدعا ہیں کہ وہ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق نصیب کرے‘۔اس دوران انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے پروفیسرخورشید اقبال اندرابی کے والد گرامی کے سانحہ ارتحال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کی۔ آغا حسن نے مرحوم کی مغفرت ، بلند درجات اور جنت نشینی کی دعا کی اور غمزدہ کنبے سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
محکمہ اطلاعات کا اپنے ساتھی کے ساتھ اظہار تعزیت
سرینگر//جوائنٹ ڈائریکٹر آفس(کشمیر ڈویژن) نے محکمہ کے ایک ملازم ارشاد احمد گنائی کی والدہ کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔اس سلسلے میں ایک تعزیتی میٹنگ جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن ظہور احمد میر کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں فیلڈ پبلسٹی آفیسر سرینگر محمد اسلم خان اورڈویژن کے دیگر آفیسران اور ملازمین نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے دُعا کی گئی اورسوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا ۔
ترال اور پلوامہ میں تین روز بعد معمولات بحال
سید اعجاز
ترال//لتہ پورہ میں دو مقامی اور ایک غیر ملکی فدائین کے جاں بحق ہونے پر ترال اور پلوامہ کے کچھ علاقوں میںتین روز کے ہڑتال کے بعد جمعرات کو معمولات کی زندگی بحال ہو ئی ہے جنوبی کشمیر کے ترال اور پلوامہ کے کچھ علاقوں میں تین روزہ تعزیتی ہڑتال کے بعد جمعرات کو معمولات کی زند گئی بحال ہوئی ہے جس کے دوران دونوں علاقہ جات میں تمام سرکاری و غیر سرکاری دفاتر اور کاربار ی ادارے تین روز کے بعد کھل گے ۔ جبکہ سڑکوں پر ٹرانسپوٹ معمول کے مطابق چلتا رہا ہے واضح رہے گزشتہ روز اتوار اور سوموار کی درمیانی شب کو جیش محمد جنگجوں تنظیم سے وابستہ دو مقامی اور ایک غیر ملکی جنگجوں نے لتہ پورہ میں قائم سی آر پی ایف گرپ سنٹر پر فدائین حملہ کیا تھا جس میں ایک غیر ملکی جنگجوں سیمت تین جنگجوں جاں بحق اور پانچ فورسز اہلکار بھی مارے گئے ہیں جہاں مارے گئے تینوں جنگجوں کی یاد میں ترال اور پلوامہ میں تین روز تک مکمل ہڑتال سے معمولات کی زند گئی متاثر ہوئی تھی ۔
گورنر این این ووہرا سے کئی شخصیات ملاقی
جموں// سیکرٹری صحتِ عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول ،ایم راجو اور چیف انجینئر صحت عامہ اشوک گنڈوترا نے راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔گورنر نے سیکرٹری اور چیف انجینئر پی ایچ ای کے ساتھ پینے کے پانی کی ضروریات میں اضافہ ہونے کے معاملات پر غور و خوض کیا۔اس موقعہ پر فیصلہ کیا گیا کہ سیکرٹری پی ایچ ای سی ای او ماتا ویشنودیوی شرائین بورڈ کے ساتھ میٹنگ کر کے پانی کی ضرورتوں میں اضافے کے مزید مطالبات پر غور و خوض کریں گے۔راجو نے گورنر کو پینے کے پانی اور آبپاشی کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کے بارے میں گورنر کو آگاہ کیا۔ گورنر نے ان افسران کو تجویز پیش کی کہ وہ جہلم ڈریجنگ پروجیکٹ کی طرف خصوصی توجہ دیں۔ادھر ریجنل ڈائریکٹر انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز( آئی سی سی آر) جے اینڈ کے اور ڈائریکٹر نٹرنگ بلونت ٹھاکر یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملے۔بلونت ٹھاکر نے گورنر کو آئی سی سی آر ریجنل برانچ جموں میں گذشتہ سال ہاتھ میں لئی گئی سرگرمیوں اور2018 میں منعقدہ کئے جانے والے پروگراموں سے متعلق تفصیل دی۔ انہوں نے گورنر کو نٹرنگ گرؤپ کی جانب سے پیش کئے گئے ڈراموں سے متعلق بھی جانکاری دی جن میں جموں خطے کے روائتی فنون کے تحفظ و ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی۔ٹھاکر کو ریاست میں تھیٹر سرگرمیوں کو مستحکم بنانے کے لئے ان کی متواتر خدمات کو سراہتے ہوئے گورنر نے سٹریٹ پلیز کا دائرہ وسیع کرنے کے لئے کہا۔
بجلی منصوبوں پر جاری کام میں سرعت لانے کی ہدایت
جموں// نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے پاور ڈیولپمنٹ محکمہ کے افسروں پر زور دیاہے کہ وہ ریاست میں کئی پاور پروجیکٹوں پر جاری کام میں سرعت لائیں تا کہ اُن کی تکمیل وقت پر یقینی بنائی جاسکے۔نائب وزیراعلیٰ پاور سیکٹر سے متعلق معاملات اور مختلف سکیموں پر جاری عمل آوری کا جائیزہ افسروں کی منعقدہ ایک میٹنگ میں لے رہے تھے۔انہوں نے آر اے پی ڈی آر ہی اور پی ایم ڈی پی جیسی سکیموں کے ذریعے بجلی کی فراہمی سے متعلق مسائل پر غور وخوض کیا۔ڈاکٹر سنگھ نے افسروں سے کہا کہ وہ تمام تر صلاحیت کو بروئے کار لاکر ٹرانسمیشن، تقسیم کاری اور بجلی کی پیداوار بڑھانے کے اقدامات کریں۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ مرکز کی طرف سے فراہم کی جارہی رقومات کو بہتر طور پر خرچ کریں تا کہ نئے پاور پروجیکٹوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ موجودہ بنیادی ڈھانچے کو بھی استحکام فراہم کیا جاسکے۔
مارچ تک ای پی ڈی ایس کی مکمل متوقع: ذوالفقار
جموں// حکومت ریاست میں مارچ 2018 کے آخیر تک الیکٹرانک پبلک ڈسٹریبیوشن سسٹم عمل مکمل کرے گی ۔ اس کا اظہار وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور امور قبائل چودھری ذوالفقار علی نے جموں صوبے میں افسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرنے کے دوران کیا ۔ میٹنگ محکمہ کی جانب سے ریاست میں ای پی ڈی ایس پروجیکٹ کے تحت راشن کے تقسیم کاری نظام کو مستحکم بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی تھی ۔ وزیر نے کہا کہ نظام کو مکمل طور شفاف بنانے کیلئے ای پی ڈی ایس کا ہر پہلو مارچ 2018 کے آخیر تک مکمل کیا جانا چاہئیے تا کہ زمینی سطح پر واضح تبدیلیاں نظر آ سکیں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو قایم کئے نظام پر عمل پیرا رہنے کی ہدایت دی تا کہ ریاست کا ہر صارف بلا رکاوٹ راشن حاصل کر سکے ۔ وزیر نے میسرز لنک ویل ٹیلی سسٹم پرائیویٹ لمٹیڈ کو ریاست کے 20 اضلاع میں پی او ایس مشینوں کی صد فیصد تنصیب30 جنوری 2018 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ ان اضلاع کے 6 ہزار فئیر پرائس دوکانوں کو پوری طرح چالو کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ لیہہ اور کرگل کے سرحدی اضلاع میں بھی پی او ایس مشینوں کی تنصیب کا عمل شروع کیا جائے گا ۔ محکمہ کے دفاتر فئیر پرائس دوکانوں اور گوداموں میں کمپیوٹروں ، انٹر نیٹ سہولیات اور دیگر مطلوبہ ساز و سامان کی دستیابی کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس ضمن میں رقومات کی واگذاری کوئی مسئلہ نہیں ہے تا ہم متعلقہ حکام کو بروقت اپنی ضروریات کی فہرست پیش کرنی لازمی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو موقعہ پر ہی محکمہ کے تمام راشن سٹوروں اور دفاتر اور ایف سی آئی کے سٹوروں میں معقول تعداد میں کمپیوٹر اور دیگر متعلقہ ساز و سامان فراہم کرنے کی ہدایت دی تا کہ روز مرہ کے اندراجات معقول طور درج کئے جا سکیں ۔ سپلائی چین منیجمنٹ کو مستحکم بنانے کیلئے وزیر نے نیشنل انفارمیٹک سنٹر کے ریاستی سربراہ کو محکمہ کے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹروں اور فیلڈ افسران کیلئے اگلے ہفتے ایک تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دی ۔ راشن کارڈوں کی آدھار کے ساتھ تصدیق کرنے کے عمل کا صوبہ وار ہدف کا جائیزہ لینے کے دوران وزیر کو بتایا گیا کہ صوبہ کشمیر کے 73,090 مستحقین کیراشن کارڈوں کی آدھار کے ساتھ تصدیق مکمل کی گئی ہے جبکہ جموں صوبے میں 76563 راشن کارڈوں کی آدھار کے ساتھ تصدیق ہوئی ہے ۔ اس طرح آدھار سے تصدیق کی کُل فیصد 55.45 فیصد ہے ۔ وزیر نے متعلقہ حکام کو ترجیحی کنبوں اور غیر ترجیحی کنبوں کے زمروں کا ہدف پوری طرح مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے محکمہ کے افسران کو راشن کارڈوں کی آدھار کارڈوں کے ساتھ صد فیصد تصدیق یقینی بنانے کیلئے کہا تا کہ نظام میں شفافیت اور جوابدہی لائی جا سکے ۔ کمشنر سیکرٹری محکمہ خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین ، محکمہ کے صوبہ جموں کے ناظم اور جموں صوبے کے دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔
خواجہ نظام الدینؒ کے عرس پر ڈاکٹر فاروق کا پیغام
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت خواجہ نظام الدینؒکے 714ویں عرس پر مسلمانانِ برصغیر کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ نے محبت اور اخوت کا جو درس دیا ہے اس نے قومی یکجہتی کو ایسا فروغ دیا جس کی مثال ملنا مشکل ہے۔پارٹی کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے بھی مبارکباد پیش کی ہے ۔
سبکدوش ہوئے اسمبلی ملازمین کے اعزاز میںالوداعیہ
جموں/ / جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے جمعرات کو اپنے تین ملازموں کو اُن کے سبکدوش ہونے پر انہیں پر الوداعیہ پیش کیا۔ ان ملازموں میں ترسین سنگھ ، محمد قاسم ملک اور پورن چند شامل ہیں ۔قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان ملازمین کی تن دہی اور لگن سے اپنے فرائض انجام دینے کی ستائش کی۔ انہوںنے سبکدوش ہوئے ملازمین کے روشن مستقبل کی دعا کی اور انہیں مومنٹوز اور شال پیش کئے۔اس موقعہ پر اسمبلی کے دیگر ملازمین نے بھی سبکدوش ملازمین کی کارکردگی کی سراہنا کی۔تقریب پر اسمبلی سیکرٹری ایم آر سنگھ ، سپیشل سیکرٹری آر ایل شرما، ایڈیشنل سیکرٹری نسیم جان کے علاوہ اسمبلی کے دیگر افسران اور ملازمین موجود تھے۔
پیپلز مومنٹ کا سیاسی نظر بندوں کی حالتِ زار پراظہارِ تشویش
جموں// پیپلز مومنٹ نے بھارت کی مختلف جیلوں میں نظر بند سیاسی قیدیوں کی حالتِ زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری نظر بندوں کے انسانی حقوق کو تحفظ دینے میں اپنا رول ادا کریں۔ مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئے دن جموں کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میںمقید نظر بندوں کو طرح طرح سے ظلم و زیادتی اور خوف و ہراس کا شکار بنایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تہاڑ جیل میں علیل کئی سینئر حریت قائدین کو طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے جس سے ان کی حالت مزید ابتر ہو رہی ہے۔حریت رہنما نے بھارتی قیادت سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اپنے تاریخی پس منظر میں حل کر کے خطہ میں امن و آشتی اور تعمیر ترقی کے دور کا آغاز کرے۔
وادی جیل خانے میں تبدیل:تحریک مزاحمت
قیادت اور عوام کے درمیان رابطوں کو محدود کرنے کی کوشش
سرینگر//تحریک مزاحمت کے ترجمان شبیر احمد زرگر نے اپنے ایک بیان میں انتظامیہ کی جانب سے آزادی پسند رہنماو¿ں اور کارکنوں کی خانہ نظر بندیوں، گرفتاریوں اور ان کی نقل و حمل پر قدغن لگانے کے اقدامات کو سامراجی ذہنیت کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے حربوں کا واحد مقصد یہ ہے کہ قیادت اور عوام کے درمیان رابطوں کو محدود کیا جائے۔ ترجمان کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے لئے مزاحمت کی ہر صورت ناقابل برداشت ہے یہاں تک کہ سمیناروں اور نشستوں جیسے پرامن سیاسی پروگراموں کو روکنے اور ناکام کرنے کی خاطر بھی وہ اپنی ساری طاقت جھونکنے سے دریغ نہیں کرتے، حقیقت یہ ہے کہ جموں کشمیر کو عملی طور پر ایک بہت بڑی جیل میں تبدیل کر کے رکھ دیا گیا ہے۔
اوڑی کے راجہ خاندان کو صدمہ
پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گاندربل راجہ شجات علی خان کے والد فوت
اوڑی/ارشاد احمد/نلوسہ بجہامہ اوڑی کے سرکردہ اور معروف سماجی کارکن راجہ عثمان علی خان مختصر علالت کے بعد 4جنوری بروز جمعرات کو وفات پاگئے ۔مرحوم پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گاندربل راجہ شجات علی خان کے والد تھے۔ان کی وفات پر سماجی،سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی اور لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔خاندان ذرائع کے مطابق مرحوم کا رسم چہارم 7 جنوری بروز اتوار ان کے آبائی مقبرہ نلوسہ بجہامہ اوڑی میں انجام دیا جائے گا ۔
دربگام کے جنگجو کو خراج عقیدت
سرینگر// پیپلز فریڈم لیگ کے ایک وفدنے دربگام جاکر حالیہ ایام میںجاں بحق ہوئے عسکریت پسند منظور احمد بابا کو خراج عقیدت ادا کیا اوران کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ اس موقعے پر وفد نے جاں بحق ہوئے جنگجو کی مغفرت اور لواحقین کے صبر و جمیل کیلئے دعا کی۔