کولگام میں بھیڑ پالن کی مناسبت سے جانکاری کیمپ
کولگام//اے ڈی ڈی سی کولگام نے ٹائون ہال میں لائیو سٹاک اور بھیڑ پالن سے متعلق ایک روزہ جانکاری کیمپ کا افتتاح کیا جس کا اہتمام شیپ ہسبنڈری محکمے کی طرف سے کیا گیا تھا۔لائیو سٹاک شواور جانکاری کیمپ کا انعقاد ضلع کے زیادہ سے زیادہ شیپ بریڈرس کو اس شعبے کی طرف راغب کرنے اورانہیں مختلف مرکزی اورریاستی معاونت والی سکیموںکے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔اس موقعہ پر ڈی ایس ایچ او نے شیپ فارمرس پر زوردیا کہ وہ آگے آکر اس شعبے کے پیغام کو عام کریںتاکہ ان سرگرمیوں سے جُڑ کر لوگوں کی سماجی اوراقتصادی ترقی یقینی بن سکے۔انہوں نے کہا کہ بھیڑ پالن محکمہ شیپ بریڈنگ کی ترقی کے لئے ہر ممکن تیکنیکی اورمالی تعائون فرہم کرنے کا وعدہ بند ہے۔ڈسٹرکٹ شیپ ہسبنڈری آفیسر نے ضلع کولگام میں شیپ فارمنگ کی سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی ۔
آٹے کے نمونے معیار کے مطابق پائے گئے: ذوالفقار
جموں//حکومت نے ایوان میں کہا کہ پبلک ہیلتھ لیبارٹری جموں کی طرف سے سوشل میڈیا پر حالیہ ویڈیو کلپ کے تناظر میں حاصل کئے گئے آٹے کے نمونے معیار کے مطابق پائے گئے ۔ اس حوالے سے خوراک و سول سپلائیز کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ ویڈیو کلپ سامنے آنے کے بعد افسروں کی ایک مشترکہ ٹیم نے مارکیٹ سے آٹے اور دیگر چیزوںکے نمونے حاصل کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ان سبھی چھ نمونوں کو تجزیہ کیلئے لیبارٹری میں بھیج دیا گیا اور رپورٹ سامنے آ کر پتہ چلا کہ آٹے کے یہ سبھی نمونے معیاری تھے ۔
خانصاحب میں 3 پی ایچ سی کام کر رہے ہیں: بالی بھگت
جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے ایوان میں حکیم محمد یاسین کی توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خانصاحب حلقے میں گرویٹ ،زانی گام اور کیچ پرائمری ہیلتھ سینٹر اندرونی انتظامات کے ذریعے سے کام کر رہے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ ان مراکز کے لئے عمارتیں ضلع سیکٹر کے تحت 1.44کروڑ روپے کی فی کس لاگت سے متعلقہ رکن اسمبلی کی ہدایت پر تعمیر کی گئی ۔
ولی محمد صوفی کی پہلی برسی پر خراج عقیدت
سوپور// جموں و کشمیر محاز آزادی کے نائب صدر قطب عالم کے والد نسبتی مرحوم حاجی ولی محمد صوفی کی پہلی برسی پر قطب عالم نے اپنے بیان میں کہا کہ مرحوم حاجی والی محمد صوفی کو ہم سے جدا ہوئے ایک سال بیت گیا آپ کے انتقال سے سب سے بڑا نقصان میرے گھر والوں کو پہنچا ہے۔ مرحوم باصلوات پُر خلوس اور دین پرست اور قران نماز بڑھنے کی بار بارل تلقین کرتے تھے ۔ آپ کی پہلی برسی پر اہل خانہ کے علاوہ وہ سب لوگ آپ کی کمی کو ہر وقت محسوس کرتے ہیں ہم سب اشکبار آنکھوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہے اور اللہ تعلی سے دعا کرتے ہیں کہ آپ کو کروٹ کروٹ جنت الفردوس عطا کریں ۔آمین۔
اوقاف کے سابق سیکرٹری غلام محمد راتھر کی بیٹی فوت
ڈاکٹر فاروق عبداللہ اورجمعیت ہمدانیہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے وادی کی معروف سماجی، دینی اور سیاسی شخصیت الحاج غلام محمد راتھر ساکن نوشہرہ کی پارسا اور نیک سیرت دختر کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے حاجی غلام محمد راتھر مسلم اوقاف ٹرسٹ کے سابق سکریٹری ہیں۔ پارٹی لیڈر تنویر صادق نے کل نوشہرہ (ککرباغ) جاکر اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے اس سانحہ ارتحال پر سوگوران کیساتھ تعزیت کی اور جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ جمعیت کے تعزیتی اجلاس میں مرحومہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اْن کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے گئے۔جمعیت کے وفد نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔
فریڈم پارٹی کا پارٹی کارکن سے اظہار تعزیت
سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے تحریک آزادی کے ایک دیرینہ اور مخلص کارکن ریاض احمد کاترو ساکن ہرناگ اننت ناگ (اسلام آباد) کے ساتھ اُن کے کمسن بچے کے انتقال پر تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ریاض احمد کا چھ سالہ بچہ جموں میں ایک حادثے کے دوران جاں بحق ہوگیا۔ پارٹی کا ایک وفد ایڈو کیٹ فیاض احمد سوداگر کی قیادت میں ریاض احمد سے ملا اور اُن کا حوصلہ بڑھایا۔ وفد نے ریاض احمد و دیگر لواحقین کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ دریں اثناء پارٹی کے ایک اور وفد مسعود احمد کی قیادت میں گورو اننت ناگ گیا اورحال ہی میں منظور احمد راتھر کی والدہ اور پوتی کے انتقال پر اُن کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
ہائوس کمیٹیوں کے رپورٹ ایوان میںپیش
جموں//مختلف ہائوس کمیٹیوں کے چئیر مین نے قانون ساز اسمبلی میں متعلقہ کمیٹیوں کے رپورٹ پیش کئے ۔ گورنمنٹ ایشورنسز کمیٹی کے چئیرمین رویندر رینہ نے نوانگ رگزن جورا کے بدلے کمیٹی کی 22 ویں رپورٹ جبکہ ایم وائی تاریگامی نے ماحولیاتی کمیٹی کی تیسری رپورٹ پیش کی ۔ بشیر احمد ڈار نے کمیٹی برائے سبارڈینیٹ لیجسلیشن کی رپورٹ جبکہ محمد یوسف بٹ نے پرولیجز کمیٹی کی رپورٹ ایوان کے سامنے رکھی ۔ یاور احمد میر نے چودھری سکھ نندن کمار کے بدلے پٹیشنز کمیٹی کی رپورٹ جبکہ عبدالرحیم راتھر نے اتھیکس کمیٹی کی سالانہ رپورٹ ایوان کے سامنے رکھی ۔
کمیشن برائے بیک ورڈ کلاسز کی مدت میں پانچ سال کی توسیع
جموں//قانون ساز اسمبلی نے کل جموں کشمیر سٹیٹ کمیشن فار بیک ورڈ کلاسز ایکٹ 1997 میں ترمیم سے متعلق ایک بل پاس کیا جس کا مقصد کمیشن کے چئیر پرسن اور ارکان کی مدت میں پانچ سال کی توسیع کرانا ہے ۔ یہ بل سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون نے پیش کیا ۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف نے اس ترمیمی بل کے مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اس دوران رویندر رینہ ، جیون لال ، جی ایم سروری ، عثمان عبدالمجید ، مبارک گُل ، وقار رسول وانی ، آر ایس پٹھانیہ ، شاہ محمد تانترے ، یاور احمد میر ، الطاف احمد وانی ، شکتی راج پریہار ، محمد شفیع اوڑی ، جاوید حسن بیگ اور ست پال شرما نے بل کی حمایت کی ۔ بعد میں ایوان نے زبانی ووٹ کے ذریعے بل کو پاس کیا ۔
اساتذہ کی 2154 اسامیاں ایس ایس بی کو ریفر
جموں//تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے کل ایوان میں جاوید احمد رانا کی توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت لیکچرروں کی آسامیاں پُر کر رہی ہے یہاں تک کہ حال ہی میں 933 لیکچرروں کی سلیکشن فہرست جاری کی گئی ۔ وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ پونچھ ضلع میں منظور شدہ کُل 309 لیکچرر آسامیوں میں سے 84 آسامیاں خالی پڑی ہیں ۔ پریا سیٹھی نے مزید کہا کہ ڈائریکٹ کوٹا کے تحت اساتذہ کی 2154 اور غیر تدریسی 1296 آسامیاں تیز تر بنیادوں پر پُر کی جا رہی ہیں ۔
ٹرانسفر آف پراپرٹی ایکٹ 1977 میں ترمیم کو منظوری
جموں//ایوان نے آج جموں کشمیر ٹرانسفر آف پراپرٹی ایکٹ سموت 1977 میں ترمیم سے متعلق ایک بل پاس کیا ۔ یہ بل مال ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ایوان میں پیش کیا جسے تفصیلی بحث کے بعد ایوان نے صوتی ووٹ سے پاس کیا ۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف نے اس بل کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔
بانڈی پورہ بس سٹینڈ پروجیکٹ حکومت کے زیر غور
جموں//شہری ترقی اور مکانات کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے آج ایوان میں عثمان مجید کی توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 6.50 کروڑ روپے لاگت والا بانڈی پورہ بس سٹینڈ پروجیکٹ اس وقت حکومت کے زیر غور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹرانسپورٹ خدمات نشاط پارک نسو کے نزدیک پرانے بس سٹینڈ سے چلائی جا رہی ہیں ۔
کربلائی کی زخمی بیٹی کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
جموں//مال ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ایوان کو جانکاری دی کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہدایت دی ہے کہ موجودہ ایم ایل اے اصغر علی کربلائی کی دُختر کو بہتر طبی سہولیات دستیاب کرانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں وہ جمعہ کی رات کو اپنی رہایش گاہ پر گیس سلینڈر پھٹنے سے زخمی ہوئی تھیں ۔ وزیر موصوف اعجاز احمد خان کی طرف سے ایوان میں یہ معاملہ اجاگر کرنے کے بعد بول رہے تھے ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت مریضہ کو خصوصی علاج و معالجے کیلئے دہلی منتقل کرنے کی خاطر ایک ائیر ایمبو لینس کا انتظام کرے گی ۔
سٹیٹ روڑ سیفٹی کونسل سے متعلق بِل منظور
جموں //قانون ساز اسمبلی نے کل سٹیٹ روڑ سیفٹی کونسل اور روڑ سیفٹی فنڈ سے متعلق ایک بِل منظور کیا۔ یہ بل ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت سنیل شرما نے ایوان میں پیش کیا تھا جسے زبانی ووٹ کے ذریعے پاس کیا گیا۔بِل کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت ریاست کے عوام کو ٹرانسپورٹ کا بہتر اور محفوظ نظام دستیاب کرانے کی وعدہ بند ہے۔انہوںنے کہاکہ بل کی بدولت ریاست میں سٹیٹ روڑ سیفٹی کونسل کا قیام اور روڑ سیفٹی فنڈ کی عمل آوری ممکن ہوسکے گی۔
اننت ناگ میں قومی آیوش مشن پر جانکار ی کیمپ
اننت ناگ//محکمہ صحت انڈین سسٹم آف میڈیسنز کی طرف سے ڈاک بنگلہ کھنہ بل میں آیوش سرگرمیوں سے متعلق ایک جانکاری کیمپ کاانعقاد کیا گیا۔ترقیاتی کمشنرمحمدیونس ملک نے کیمپ کا افتتاح کیا۔کیمپ میں بڑی تعدا دمیںآیوش ڈاکٹروں کے علاوہ دیگر لوگوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ آیوش کے تحت ایورویدک اورہومیوپیتھک پر کام کیاجارہا ہے اورضلع میں آیوش مشن کے تحت43ڈسپنسریاں کام کام کررہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ آیوش سے جڑے ڈاکٹروں اورنیم فوجی طبی عملے کو مختلف پروگراموں کے بارے میں لوگوں کو جانکاری فراہم کرنی چاہیے۔جس کے تحت آئی ایس ایم مختلف بیماریوں کی روکتھام کے لئے لوگوں کا علاج ومعالجہ کررہا ہے۔اس موقعہ پر اے ڈی ایم او،آئی ایس ایم ضلع اننت ناگ نے ایوش کی حصولیابیوں کو اجاگر کیا۔
گاندربل میں معدنیات کی بولی کا عمل
ترقیاتی کمشنر کی صدارت میں میٹنگ کا انعقاد
گاندربل//4دسمبر2017کو گاندربل میں وزیراعلیٰ کی طرف سے عوامی دربار کے دوران دی گئیں ہدایات کے تحت ضلع ترقیاتی کمشنر کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع میں متعلقین کے ساتھ معدنیات بلاکوں کی بولی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے مقامی مزدوروں کے کواپریٹو یونٹوں کو مزید مستحکم کرنے پر زوردیا تاکہ وہ بھی معدنیات بلاکوں کی بولی عمل میں شامل ہوسکیں۔جنہیں ماضی میںمقامی لوگوں کے اعتراضات کی وجہ سے نظر انداز کیا جارہا تھا۔ترقیاتی کمشنر نے افسران پر بولی عمل کے لئے فوری طور اقدامات کرنے پر زوردیا۔میٹنگ میں اے ڈی سی گاندربل اور ضلع معدنیات آفیسر کے علاوہ اسسٹنٹ رجسٹرار کواپریٹو کے نمائندے بھی موجود تھے۔
جموںحملہ انسانیت کے خلاف:مسلم فرنٹ
سرینگر//جموں مسلم فرنٹ نے فوجی کیمپ پرہوئے حملے کی مذمت کرتے ہو ئے مرحومین کے ابدی سکون اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں جموں مسلم فرنٹ نے کہا کہ تشدد کے نہ تھمنے والے سلسلے سے ریاست جموں و کشمیر کو بھاری خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔ انہوں نے اس حملہ کو انسانیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس طرح کے تشدد کے سلسلے کو بند کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے اس ضمن میں تما م سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں سیاسی کھیل نہ کھیلیں بلکہ متحد ہو کر اس طرح کے چلینجوں کا مقابلہ کریں۔