پروفیسر مٹو نے مصنفوں میں اکیڈیمی انعامات تقسیم کئے
جموں// وزیر اعلیٰ کے صلاحکار پروفیسر امیتابھ مٹو نے کے ایل سہگل ہال میں منعقدہ ایک ادبی تقریب پر معروف مصنفوں میں ریاستی سطح کے اکیڈیمی انعامات تقسیم کئے۔تقریب کا اہتمام جموں وکشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز نے کیا تھا۔ترجمہ نگاری کا انعام25 ہزار روپے، سائٹیشن اور ایک شال جبکہ پلے سکرپٹ کا انعام10 ہزار روپے ، ایک سند اور ایک شال رکھا گیا تھا۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر مٹو نے کہا کہ اکیڈیمی کی شناخت کو ہمیشہ قائم رکھا جائے گا۔ انہوں نے قلمکاروں، مصنفوں اور دیگر ادب سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ ریاست میں امن و امان اورخوشحالی کو یقینی بنانے میں اپنا رول ادا کریں۔
اننت ناگ میں پولیس پبلک میٹنگ
سرینگر//اننت ناگ پولیس نے لوگوںکے ساتھ بہتر تال میل قائم رکھنے کی غرض سے پولیس اسٹیشن لارنو کوکرناگ میں پو لیس کمیونٹی پارٹنر شپ گروپ (پی سی پی جی)میٹنگ کا انعقادکیا ۔ایس ایس پی اننت ناگ الطاف احمد کی ہدایت پر ایس یچ او کی قیادت میں پولیس اسٹیشن لارنو کوکرناگ میں پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ(پی سی پی جی ) میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں گڈی درامن کے ذی عزت شہریوں اورکئی علاقوں سے وابستہ سو مو آپریٹرز اور سول سوسائٹی سے وابستہ لوگوں نے شرکت کرکے اپنے اپنے مسائل اُجاگر کئے ۔ ایس ایچ او نے لوگوں کے مسائل دلچسپی سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو متعلقہ محکموں تک پہنچا یا جائے گا۔
راجا محمد عباس خان کی رحلت پر پیروان ولایت کا اظہار رنج
سرینگر// پیروان ولایت نے راجا محمد عباس خان ساکنہ اندرونی کاٹھی دروازہ کے رحلت پر گہرے رنج و دکھ کا افسوس کیا ہے۔تنظیم کے سرپرست اعلی مولانا سبط محمد شبیر قمی نے کشمیر کے معروف خانوادہ راجا کے چشم و چراغ راجا محمد عباس خان کے رحلت پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے مرحوم کو خادم اہلبیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی قومی خدمات ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی کے لئے اللہ تبارک و تعالی کی بارگاہ اقدس میں دعا مغفرت طلب کی۔
پروفیسر مٹو نے سنجواں ملٹری سٹیشن پر حملے کی مذمت کی
جموں// وزیر اعلیٰ کے صلاحکار پروفیسر امیتابھ مٹو نے سنجواں ملٹری سٹیشن پر فدائین حملہ میں فوجی اہلکاروں کے ہلاک ہونے پر دُکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اس واقعہ میں زخمی جوانوں کی صحت یابی کی دُعا کی جن میں ایک شہری بھی شامل ہے۔پروفیسر مٹو نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کی سماج کے ہر فرد کی جانب سے مذمت کی جانی چاہئے۔
سپیکر نے فوجی ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی
جموں// قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے فوجی ہسپتال ستواری کا دورہ کر کے سنجواں فوجی کیمپ پر حملہ میں ہوئے زخمیوں کی عیادت کی۔سپیکر نے تمام زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کی جلد صحت یابی کی تمنا ظاہر کی۔بعد میں سپیکرنے حلقہ انتخاب گاندھی نگر کا دورہ کر کے لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس دوران لوگوں نے متعدد مسائل کے بارے آگاہ کیا جن میں گلیوں اور نالیوں کی مرمت اور دیگر ترقیاتی کام شامل تھے۔سپیکر نے عوام کے مسائل کو بغور سُنا اور یقین دلایا کہ ان کے جائیز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔لوگوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ حکومت عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔