مہا شیوراتری کاتہوار: پونچھ اورراجوری اضلاع میںمذہبی رواداری کے ساتھ منایاگیا
حسین محتشم+ جاویدمینڈھر
پونچھ// پورے ملک کی طرح سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں بھی مہا شیوراتری کا تہوار مذہبی روادری اورعقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔راجوری میں مندروں میں عقیدتمندوں کی بھیڑدیکھی گئی اورلوگ ہون اوردیگرقسم کی پوجامیں مصروف رہے۔ اس دوران لنگروں کابھی خصوصی انتظام کیاگیاتھا۔پونچھ میں اس سلسلہ کی سب سے بڑی تقریب شیو کھوڑی مندر میں منعقد کی گئی جہاںعقیدت مندوں نے پوری ریاست سے آکر بھگوان شیو کی پوجا کر کے عقیدت کا اظہار کیا۔مندر کی انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے اس دوران ہون کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں عقیدتمندوں نے اپنی عقیدت ظاہرکی۔ اس دوران رکن قانون ساز کونسل پردیپ شرما اور یشپال شرما کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ طارق احمد زرگر،ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے اور دیگر افسران نے بھی شیو کھوڑی پہنچ کر حاضری دی۔ انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے مہا لنگر کا بھی اہتمام کیاگیا تھا جس میں بلا لحاظ مذہب و ملت لوگوں نے شرکت کی۔اُدھر قصبہ کے مختلف مندروں میں صبح سے ہی عقیدت مندوں کا سیلاب ا مڈ پڑا ہے۔ کنہیا شیو مندر میں شیو بھکتوں کے پہنچنے کا سلسلہ صبح سے شام جاری رہا یہاں بھی انتظامیہ کی جانب سے تمام عقیدتمندوں کے لئے کھانے پینے کا اہتمام کیاگیاتھا۔کھکھا ناون مندر میں بھی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے پوجا ارچنا کی۔ انتظامیہ کی جانب سے مہا شیو راتری کے پر امن انعقاد کے لئے پورے ضلع میں حفاظت کے پختہ انتظامات کئے گئے تھے۔
شیوراتری ریاستی بھائی چارے کا ثبوت: نائب وزیر اعلیٰ
جموں //نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے روپ نگر میں شیوراتری کے موقعہ پراپشمبو مندر میں حاضری دی اور ریاست میں امن اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔شردھالوئوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کے مواقع اور تہوار لوگوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور تہوار ملک کے جذبے کے عین مطابق منانے کا موقعہ فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ’ ہمیں ریاست میں قیام امن کے لئے مل جُل کر دعا گو ہونا چاہئے۔نائب وزیر اعلیٰ نے شیوراتری تقریبات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ہماری ریاست میں اس تہوار میں دوسرے طبقے کے لوگ بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں جو ہمارے بھائی چارے اور اخوت کے اقدار کی عکاسی کرتے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے وہاں کمیونٹی لنگر کا افتتاح کیا اور پرساد بانٹا ۔بعد میں انہوںنے یونیورسٹی کے نزدیک شیو مندر میں بھی حاضری دی۔
ٹکر کے شاہ خاندان کو صدمہ
کپوارہ// ٹکر کپوارہ کے ایک معزز شہری بشیر احمد شاہ لیکچرار کی والدہ محترم کے انتقال پر علاقہ میں رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر یہ تحریک استقامت کے ایک وفد نے غلام نبی وار کی قیادت میں مرحومہ کے گھر جاکر لواحقین سے تعزیت اور مرحومہ کے حق میں مغفرت کی دعا کی ۔
ڈاکٹر جتندر سنگھ نے رانسوکی ترقی کیلئے
۔ 1کروڑ روپے دینے کا علان کیا
جموں//وزیر اعظم کے دفترمیں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے رانسو میں شیو کھوڈی میلے کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر سیاحت کی وزیر مملکت پریاسیٹھی ، خزانہ کے وزیر مملک اجے نندا کے علاوہ ڈویژنل کمشنر جموں ہمنت کمار اور کئی دیگر افسران موجود تھے۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اس موقعہ پر شردھالوئوں کو مبارک باد یتے ہوئے کہا کہ حکومت ریاست جموں و کشمیر میں ترقیاتی منظرنامے کو بڑھا وا دینے کے لئے کئی اقدامات کر رہی ہے ۔
تحریک حریت کا ہلال وار سے اظہار تعزیت
سرینگر//تحریک حریت کے کارکنان عمر عادل ڈار اور رمیز راجہ پر مشتمل وفد نے آزادی پسند لیڈر ہلال احمد وار کے ساتھ اُن کی مامی کے انتقال پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انجمن علماء و ائمہ مساجد کا اظہار تعزیت
سرینگر//انجمن علماء و ائمہ مساجد جنوبی کشمیر نے مفتی عرفان امین ساکن کیلم کولگام کے دادا کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔انجمن کے سربراہ حافظ عبدالرحمان اشرفی نے مرحوم کی جنت نشینی اور جملہ سوگواروں کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
گلمرگ میں راہ بھٹکے 5 غیر ملکی سیاحوں کی فوج نے بروقت مدد کی
سرینگر//فوج نے گلمرگ میں اُس وقت 5 غیر ملکی سیاحوں کو ہوٹل تک بحفاظت پہنچایا جب وہ راستہ ہی کھو بیٹھے تھے۔فوجی بیان کے مطابق یہ پانچوں سیاح غیر ملکی تھے جن میں دوخواتین بھی شامل تھیں۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ سیاح دن کے ایک بجے افروٹ سے نکلے تھے اور راستہ سے بھٹک کررات کے ساڑھے نو بجے تک واپس نہیں پہنچے ۔اس دوران فوج نے ان کو بحفاظت اپنے مقام تک پہنچایا ۔ ہوٹل انتظامیہ اور مقامی پولیس نے فوج کی سراہنا کی ہے ۔