وائیلڈ لائف کا عالمی دِن
حیاتیاتی تنوع کا تحفظ اہم
جموں//گورنر این این ووہرا نے ورلڈ وائیلڈ لائف ڈے جو کہ ہر سال 3؍مارچ کو منایا جاتا ہے کے موقعہ پر مبار ک باد دی ہے۔اپنے پیغام میں گورنر نے کہا ہے کہ ریاست میں یہ دِن منانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ریاست میں موجود حیاتیاتی تنوع کو تحفظ دینے کے حوالے سے عام لوگوں میں بیداری پیدا کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کو تحفظ دینے سے نہ صرف ماحولیاتی توازن مستحکم ہوتا ہے بلکہ ترقیاتی عمل کے مختلف پہلوئوں کو بھی تقویت دینے میں مدد ملتی ہے ۔گورنر نے کہا کہ اس سال اس دِن کا موضوع ہے ’’ بِگ کیٹس ۔پریڈیٹرس انڈر تھرٹ‘‘ کو اس زمرے کے جانوروں کو تحفظ دلانے کے لئے مؤثر ڈھنگ سے استعمال میں لایا جانا چاہیئے ۔انہوں نے سماج کے ہر ایک طبقے پر زور دیا ہے کہ وہ مِل جُل ایسے اقدامات اٹھائیں جن سے وائیلڈ لائف خاص طور سے نابو د ہونے والے اقسام کو تحفظ مل سکے۔
دیور لولاب میں الیکٹرک دکان میں نقب
اشرف چرا غ
کپوارہ//دیورلولاب میں نقب زنو ں نے ایک الیکٹرک دکان میں چوری کرکے لاکھو ں روپے کا ساز و سامان اڑا لیا ۔جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نقب زنو ں نے ہلال احمد بٹ کے دکان کاشٹر کا تالا تو ڑ دیا اور دکان میں موجود قیمتی سامان اڑا لیا ۔ہلال احمد کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6 مہینو ں کے دوران دوسری بار چوروں نے دکان میں نقب لگائی۔ انہو ں نے کہا کہ افراد خانہ کفالت کے لئے بینک سے قرضہ حاصل کر کے دیور میں ایک دکان قائم کی تاہم دو بار میں اس دکان پر نقب زنو ں نے سامان اڑا لیا ۔پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔
گورنر سے عبدالغنی وکیل ملاقی
سرینگر//جموں و کشمیربچاو¿تحریک کے صدر عبدالغنی وکیل نے راج بھون جموں میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی اور انہیں ریاست کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے گورنر کو ریاست میں بڑھتی ہوئی بے روز گاری اور کورپشن کے علاوہ چور دروازے سے مختلف محکموں میں ہوئی بھرتی کی بھی جانکاری دی۔وکیل نے گورنر سے میوہ صنعت کی ابتر حالت کا بھی ذکر کیا اور کہا میوہ صنعت کے فروغ کے لئے آج تک وادی میں خاص کر سوپور فروٹ منڈی میں جوس فیکٹری اور کولڈ سٹور قائم نہیں کیا گیا ہے۔سرکار نے کے۔سی۔سی لون معاف کرنے کا جو وعدہ کیا تھا ،وہ بھی پورا نہیں کیا۔انہوں نے گورنر کو ان تمام حالات سے آگاہ کیا جس وجہ سے روز بروز وادی کے نوجوان قومی دھارے سے دور ہوتے جارہے ہیں۔گورنر نے وکیل کو یقین دلایا کہ سرکار ہر وہ اقدام اُٹھانے کی پابند ہے جس سے ریاست میں امن قائم ہو اور نوجوانوں میں بے چینی ختم ہو سکے۔
پلوامہ میں تحریک حریت کے نام سے پوسٹر شائع کرنے پر برہمی
سرینگر//تحریک حریت نے ضلع پلوامہ میں شر پسند عناصر کی جاب سے تحریک حریت کے نام سے پوسٹر شائع کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس سے اپنی لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ تحریک حریت نے اس بات پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کیا ہے جس میں ضلع میں تنظیم کے نام سے نقلی پوسٹر لگا کر لوگوں میں انتشار پھیلا نے کی دانستہ کوشش کی گئی ہے۔ ہم ایسے کسی عمل کی سخت مذمت کرتے ہوئے تحریک پسند عوام سے گزارش کرتے ہیں کہ اپنے گردونواح میں ایسی کسی بھی کوشش کو پنپنے کا موقعہ نہ دیں اور اس کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرکے ایسے افراد کو بے نقاب کریں تاکہ کوئی بھی تحریک کا لبادہ اوڑھ کر ہم کو ہی کمزور کرکے دشمن کے خاکوں میں رنگ بھرنے کی اپنی کوششوں میں کامیاب نہ ہونے پائے۔
بروقت کارروائی سے اقبال مارکیٹ کپوارہ خاکستر ہونے سے بچا
اشرف چراغ
کپوارہ// کپوارہ قصبہ میں جمعہ کی شام گئے دیر اقبال مارکیٹ میں ایک دکان سے اچانک آگ نمودار ہونے کے بعد افرا تفری مچ گئی اور قصبہ کے دکاندار فوری طور وہاں پہنچ گئے۔اقبال مارکیٹ میں سب ضلع اسپتال کپوارہ کے مین گیٹ کے سامنے ایک دکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے فوری طور آس پاس کے دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم۔مقامی لوگوں اور فائر برگیڈ ئر کی بروقت کاروائی سے آگ پر قابو پاکر پورے بازار کو خاکستر ہونے سے بچایا تاہم ایک کلنک دکان کے چھت کو جزوی نقصان پہنچ چکا۔
خان سوپوری کا اظہار تعزیت
سرینگر//پیپلز لیگ کے علیل و محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری اور قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے تحریک حریت کے رہنما غلام مصطفی وانی کی اہلیہ محترمہ اور جماعت اسلامی کے کارکن حاجی غلام قادر کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی ۔ اس دوران سید محمد شفیع کی قیادت ایک وفد جس میں پیزادہ محمد اشرف حاجی محمد رمضان ، مشتاق احمد صوفی اور دیگر اراکین شامل تھے، نے بارہمولہ اور یونسو ہندوارہ جاکر غمزدہ خاندان سے تعزیت پرسی کی۔
عادی پورہ سوپو رمیں 13سالہ لڑکے نے خودکشی کی
سوپور //غلام محمد //عادی پورہسوپورمیں ایک13سالہ لڑکے نے پھانسی لگاکر زندگی کا خاتمہ کیا۔ عادی پورہ میں جمعہ کواس وقت کہرام مچ گیااورایک کنبہ پرقیامت ٹوٹ پڑی جب وسیم احمدپرہ نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر پھانسی لگائی۔ اگرچہ اسے فوری طورپرسب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپورپہنچایاگیا ابتدائی معائنے کے ڈاکٹروں نے اسے قراردے دیا۔پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ اہل خانہ نے کمسن وسیم کے اس انتہائی اقدام کے بارے میں لاعلمی ظاہرکرتے ہوئے بتایاکہ وسیم ایک دارالعلوم میں زیرتعلیم وتربیت تھا۔
ایم ایل سے یوسف بٹ کی صدارت میں پرولیج کمیٹی میٹنگ منعقد
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی پرولیج کمیٹی کی میٹنگ ایم ایل اے محمد یوسف بٹ کی صدارت میں منعقد ہوئی جس دوران ایم ایل اے گاندربل شیخ اشفاق جبار کی طرف سے سے پیش کی گئی ایک مخصوص شکایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ارکان قانون سازیہ عثمان عبدالمجید ، دیناناتھ بھگت ، بشیر احمد ڈار، رویندر رینہ کے علاوہ شیخ اشفاق جبار نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔متعلقہ حکام کی طرف سے اطمینان بخش جواب ملنے کے بعد پینل نے شکایت نمٹانے کا فیصلہ کیا۔پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل اور اسمبلی کے سیکرٹری ایم آر سنگھ بھی اس موقعہ پر موجو دتھے
ایتھکس کمیٹی اجلاس میں اسمبلی کی دوسری رپورٹ پرتبادلہ خیال
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی ایتھکس کمیٹی کی میٹنگ ایم ایل اے عبدالرحیم راتھر کی صدارت میںمنعقد ہوئی۔اس موقعہ پر بارہویں قانون ساز اسمبلی کی دوسری رپورٹ پر تبادلہ خیال ہوا جس سے اس سال بجٹ اجلاس کے دوران ایوان میں پیش کیا گیا تھا۔ارکان قانون سازیہ عبدالرشید ڈار، عبدالمجید لارمی، راجا منظور احمد اور نیلم کمار لنگے نے میٹنگ میں شرکت کرکے کمیٹی کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز سامنے رکھیں ۔ کمیٹی نے اگلی میٹنگوں کے حوالے سے حکمت عملی بھی وضع کی۔دیگر لوگوں کے علاوہ سیکرٹری اسمبلی ایم آر سنگھ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
فضل الحق قریشی کا اظہار تعزیت
سرینگر//پیپلز پولٹیکل فرنٹ کے سرپرست اعلیٰ فضل الحق قریشی نے محمد جمال بچو کے برادر لال محمد بچو ساکن نوہٹہ کی وفات پر رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ قریشی نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی ہے۔
لنگیٹ میں بھاجپا کا پارٹی کنونشن منعقد
اشرف چراغ
کپوارہ//حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے لنگیٹ میں ہندوارہ میں ایک روزہ پارٹی کنونشن کا انعقاد کیا جسمیں پارٹی کے کارکنوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی ۔لنگیٹ علاقہ میں بی جے پی کی ریاستی شاخ نے پہلی بار پارٹی کنونشن کیا ۔اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی جنرل سیکرٹری اشوک کول نے پارٹی کنونشن سے خطاب کے دوران کہا کہ ان کی پارٹی ریاست کے تینو ں خطوں میں یکساں ترقی کے خواہا ں ہیں ۔اشوک کول نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بلا لحاظ مذہب ترقی اور لوگو ں کے فلاح و بہود کے کاموں پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں این ڈی اے سر کار کی تعمیراتی کا مو ں پر لوگ وزیر اعظم نریندر ودی کو اپنا ساتھ دینے میں پیچھے نہیں رہتے ہیں ۔انہو ں نے ریاست میں بی جے پی مخلوط سرکار کی جانب سے ہو رہی تعمیراتی کامو ں کا بھی خلاصہ کیا اور پارٹی ورکرو ں سے کہا کہ وہ عوامی کامو ں میں بلا لحاظ مذہب اور خطہ جٹ کر لوگو ں کو اپنا تعاون پیش کریں کیونکہ اس وقت پوری ریاست میں جو تعمیر و ترقی کا جو جال بچھایا گیا ہے اس کو ہر حال میں مکمل کیا جائے گا ۔کول نے مزید کہا کہ وہ مخلوط سرکار کی جانب سے ہورہی ترقیاتی کامو ں سے ذاتی طور بہت خوش ہیں ۔انہو ں پارٹی ورکرو ں پر زور دیا کہ وہ بی جے پی کے کامو ں سے متعلق عوام کے سامنے جاکر جانکاری دیں اور پارٹی کے ایجنڈا کو آگے بڑھا کر مضبوط کریں ۔اس موقع پر پارٹی کے دیگر لیڈوں جن میں شبیر احمد زر گر ،عبد الرشید زرگر ،کسان مورچہ کے ایم ایم وار ،محمد انور خان موجود تھے ۔
ڈاکٹر ایم آئی پرے کی سبکدوشی
جے کے ای ڈی آئی نے الوداع کیا
جموں//جموں وکشمیر انٹر پرینور شپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ کے بانی ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم آئی پرے کو گرمجوشی کے ساتھ الوداع کیا جو آج اپنی نوکری سے سبکدوش ہوئے ۔اس حوالے سے جموں میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ڈاکٹر پرے کی عزت افزائی کی گئی اور ان کے تعمیری رول کو اُجاگر کیا گیا۔صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا، کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار کفایت حسین رضوی اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔چندر پرکاش گنگا نے اس موقعہ پر ڈاکٹر پرے کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست میں کارخانہ داری کے جذبے کو پروان چڑھایا اور اُن کی خدمات کو ایک لمبے عرصے تک یاد کیا جائے گا۔ دیگر مقررین نے بھی اس موقعہ پر ڈاکٹر پرے کی بے لوث خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ڈاکٹر پرے نے اپنا کیرئیر امپا میں 1987ء میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر شروع کیا اور انہیں 2003ء میں جے کے ای ڈی آئی کا ڈائریکٹر تعینات کیا گیا۔
مرحوم غلام نبی ظہور کی 35ویں برسی
تملہ ہال میں تقریب منعقد
سرینگر//کشمیری شاعر اور خطاط غلام نبی ظہور کی35ویں برسی پر مختلف ادبی اور سماجی حلقوں نے پیغامات کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔مرحوم کے قیمتی ادبی سرمایہ باغ و بہار ،منظوم سورہ یوسف ،تاریخ شاہورہ اور سحر انگیز کلام کو منظر عام پر لانے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔مسعود عباس بلپوری ،عبدالاحد فرہاد ،رشید صدیقی ،فدا رحمان ،ایوب جاوید اور رشید راشد نے مرحوم ظہورکی کشمیری زبان و شاعری کو سراہا ۔مرحوم کے مزار پر ایک تعزیتی مجلس منعقد ہوئی اور بعد میں بیت الظہور پر غیر معمولی نشست میں کچھ اصحاب نے کلام پڑھاجبکہ محفل بہار ادب کے صدر نے ان کی حیات کا خاکہ پیش کیا۔
کپوارہ میں 5مارچ سے رینو کیمپس کا انعقاد
کپوارہ//دستاویزات کی مقررہ وقت میں تصدیق اورپبلک سروس گارنٹی ایکٹ کے تحت بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ کپوارہ نے متعلقہ تحصیلداروں کو ضلع کے مختلف تحصیلوں میں رینو کیمپس کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی ہے ۔اس سلسلے میں عمل آوری کے لئے ایک ٹھوس پروگرام ترتیب دیا گیا جس کا آغاز 5مارچ سے ہوگا اور جو کہ 31مارچ2018ء تک جاری رہے گا۔پروگرام کے دائرے میں ضلع کے مختلف تحصیلوں کو لایا جائے گا۔دریں اثنأ تحصیلداروں کو دستاویزات کی تصدیق کے لئے کیمپوں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔تحصیلداروں کو مذکورہ کیمپوں کے انعقاد کے بعد ایک ہفتے کے اندر اندر رپورٹ دینے کے لئے کہا گیا ہے۔
مرحوم آغا سید مصطفیٰ الموسوی کی 16 ویں برسی
انجمن شرعی شیعیان کا خراج ،خصوصی مجالس کا انعقاد
سرینگر//کشمیر کے معروف تبلیغی خانوادہ ٔ موسوی کے جلیل القدر عالم دین اور انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر مرحوم محبوب ملت حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید مصطفی الموسوی الصفوی کی 16 برسی کے موقعہ پر تنظیم کے اہتمام سے وادی بھر میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ جب کہ تنظیم کے اہتمام سے وادی میں منعقد ہونے والے جمعہ مراکز پر مرحوم قائد کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی فاتحہ خوانی و قرآن خوانی کے ساتھ ساتھ مجالس عزا بھی منعقد ہوئیں۔ اس موقعہ پر ائمہ جمعہ حضرات نے مرحوم قائد کی دینی ،تبلیغی، علمی، سماجی، سیاسی اور ملی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
نٹی پورہ کے تاجر کنبے کے ساتھ ٹریڈرس فیڈریشن کا اظہار تعزیت
سرینگر// کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن اور نٹی پورہ ٹریڈرس ایسوسی ایشن نے نٹی پورہ کے تاجر محمد شفیع بٹ کے والد محترم غلام رسول بٹ کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں ٹریڈریس فیڈریشن ترجمان نے کہا ہے فیڈریشن کا اعلیٰ سطحی وفد بشمول سینئر نائب صدر فیاض احمد بٹ ،نائب صدر عبدالرحمان سوفی ،چیف فائنانس و صدر نٹی پورہ ٹریڈرس ایسوسی ایشن و جنرل سیکریٹری پیرزادہ محمد اسلم محمد شفیع کے گھر گیا اور وہاں انکے والد کی وفات پر افراد کنبہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔تعزیتی وفد نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی اور سپماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی
کشمیریوں کا درد بانٹنے پرنیشنل فرنٹ اسلامی ممالک تنظیم کی مشکور
سرینگر// نیشنل فرنٹ کے نائب چیئر مین الطاف حسین وانی نے اسلامی ممالک کی تنظیم، اُو آئی سی کے سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے انتہائی زور دار انداز میں اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل کے37ویں اجلاس کے دوران کشمیر کے اندر فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں کا تفصیلی تذکرہ کیا۔او آئی سی سیکریٹری جنرل یوسف اے اُوثیمان نے جنیوا میں منعقدہ اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل اجلاس کے دوران تقریر کرتے ہوئے واضح الفاظ میں بتایا کہ بھارتی فورسز کشمیر کے اطراف و اکناف میں حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہورہی ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل اجلاس کو بتایا کہ طویل عرصہ گذرنے کے باوجود تنازع کشمیر کو حل کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی جارہی ہے بلکہ اس کے برعکس فورسز کشمیریوں کی ہر آواز دبانے کی خاطر من مانی کرتے ہوئے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑارہی ہیں۔انہوں نے اجلاس پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے اندر بھارتی فورسز کی زیادتیاں روکنے کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات کرے۔کی۔