شوپیان کسان میلہ ملتوی
سرینگر// ڈسٹرکٹ شیپ ہسبنڈری آفیسر شوپیان ڈاکٹر رفیق احمد شاہ کی ایک اطلاع کے مطابق شرمال شوپیان میں محکمہ کی جانب سے10مارچ کو جو کسان میلہ منعقدہونے والا تھا ،ناسازگار حالات کے پیش نظر اُسے ملتوی کیا جارہا ہے۔ڈاکٹر شاہ کے مطابق حالات ٹھیک ہونے کی صورت میں نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اقتصادی پائیداری کیلئے شیپ فارمنگ اہم بدلاو:ڈی سی بڈگام
بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام محمد ہارون ملک نے کہا ہے کہ ضلع بڈگام کے عوام کے لئے اقتصادی پائیداری اورخودروزگار کی خاطر شیپ فاـرمنگ ایک اہم بدلائو ثابت ہوسکتا ہے۔ترقیاتی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ٹائون ہال بڈگام میں شیپ بریڈرس کے لئے منعقدہ ایک روزہ جانکاری کیمپ سے خطاب کے دوران کیا جس میں انہوںنے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔جانکاری کیمپ کا اہتمام محکمہ ڈسٹرکٹ شیپ ہسبنڈری بڈگام نے مرکزی معاونت والی سکیم آتما کے تحت کیا تھا۔انہوںنے مزید کہا کہ شیپ رئیرینگ شعبے سے جہاں اقتصادی پائیداری یقینی بن سکتی ہے وہیں خود روزگار کے لئے بھی ایک اہم بدلائو آسکتا ہے۔
منشیات مخالف مہم
کپوارہ میںچرس ضبط ،شہری گرفتار
کپوارہ/اشرف چراغ /کپوارہ پولیس نے منشیات مخالف مہم کو جاری رکھتے ہوئے ایک شہری کو گرفتار کر کے اُس کی تحویل سے بھاری مقدار میں چرس ضبط کیا ۔پیر کو ترہگام پولیس تھانہ سے وابستہ ایک خصوصی ٹیم نے ایک ناکہ کے دوران عبد الخالق پائر نامی شخص کو گرفتار کر کے اُس کی تحویل سے 1.16کلو چرس ضبط کر کے اس کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔
قیدی سیاسی انتقام گیری کا شکار:تحریک مزاحمت
سرینگر//تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے سرینگر سینٹرل جیل میں سیاسی قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جارہے سلوک کو سیاسی انتقام گیری سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حربوں سے قیدیوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے ۔ بلال صدیقی نے کہا کہ سرینگر سینٹرل جیل سے ڈاکٹر محمد قاسم، ڈاکٹر شفیع شریعتی، محمد ایوب ڈار، محمد ایوب میر، نذیر احمد شیخ اور دیگر قیدیوں کی جموں منتقلی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ ہے۔
نیشنل کانفرنس کا ممبراسمبلی پہلگام سے تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کا ایک اعلیٰ سطحی وفد صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کی قیادت میں اقبال آباد پہرو(اننت ناگ) گیا اور ممبراسمبلی پہلگام الطاف احمد کلو کے والد نسبتی کی فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔پارٹی وفد نے تعزیتی مجلس میں شرکت کی اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ناصر اسلم وانی نے پارٹی قیادت ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کی طرف سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ وفد میں پارٹی لیڈران ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، ڈاکٹر محمد شفیع، ایڈوکیٹ ریاض حمد خان، ایڈوکیٹ محمد عباس ڈار، ایڈوکیٹ فاروق احمد گنائی، سلمان علی ساگر اور مقامی عہدیدارشامل تھے۔اس موقعہ پر مرحوم کے فرزند عاشق حسین ستھو اورشیخ محمد رفیع (انچارج کانسچونسی شوپیان)کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔