شہری ہلاکتو ں کی عدالتی تحقیقات کی جائے: ممبر اسمبلی شوپیاں
سرینگر//پی ڈی پیممبراسمبلی شوپیان محمدیوسف بٹ نے حالیہ ہلاکتوں کی عدالتی تحقیقات کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ مہلوک نوجوانوں پربالائے زمین ورکرکالیبل چسپاں کرناافسوسناک ہے ۔ محمدیوسف بٹ نے مانگ کی کہ پہنوشوپیان میں 4معصوم نوجوانوں کی ہلاکت کے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ یہ بدقسمتی کامقام ہے کہ 4مارچ کی شام پہنومیں مارے گئے 4نوجوانوں کوفوج کی جانب سے بالائے زمین ورکر(OWG) جتلایاگیاہے۔ یوسف بٹ نے پہنوشوپیان میں موجود فوجی کیمپ کی عوامی مانگ کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ شہری اموات کے حوالے سے متضادبیانات آرہے ہیں ،اسلئے جوڈیشل انکوائری ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ مہلوک نوجوانوں کے غمزدہ کنبوں کوانصاف دلاناحکومت کی ذمہ داری ہے۔
ریاست کو منصوبہ کے تحت قتل گاہ بنایاجارہاہے: تحریک حریت
سرینگر//تحریک حریت کے ذمہ داروں محمد رفیق اویسی اور محمد یوسف مکرو نے جمعہ کے موقعہ پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے عام شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کو ایک منصوبے کے مطابق قتل گاہ میں تبدیل کیا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ آئے روز بے گناہ جوانوں کا خون بڑی بے دردی سے بہایا جارہا ہے اور پھر ہمالیائی جھوٹ بول کر خون ناحق بہانے کا جواز پیش کیا جارہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ بنیادی طور بھارت کے فرقہ پرست حکمران اور اس کی مقامی گماشتہ حکومت عوام اور تحریکِ آزادی کو دبانے میں ناکام ہوکر اب بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران جذبۂ آزادی، جوانوں کے جوش وجنون کو دبانے کے لیے بے گناہ نوجوانوں کے خون کے ساتھ ہولی کھیل رہی ہے اور اس خونی رقص کے ذریعے خوف ودہشت پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں جس کو فوجی طاقت کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں سے انحراف کا مسئلہ ہے اور اس مسئلے کو عوامی خواہشات اور دی گئی قربانیوں کے تناظر میں حل کیا جانا چاہیے۔ مقررین نے شوپیان کی ہلاکتوں کو تاریخی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بھارتی فورسز کی طرف سے کھلا خونین رقص ہے۔
ایتھکس کمیٹی کی میٹنگ منعقد
اگلی میٹنگ وزیر اعلیٰ کے ساتھ منعقد کرنے کا فیصلہ
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی ایتھکس کمیٹی کی میٹنگ ایم ایل اے عبدالرحیم راتھر کی صدار ت میں منعقد ہوئی جس میں کمیٹی کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔ارکان قانون سازیہ عبدالمجید لارمی ، چودھری محمد اکرم اور نیلم کمار لنگے نے میٹنگ میں شرکت کی۔کمیٹی نے اس موقعہ پر ارکان قانون سازیہ کے وقار کو برقرار رکھنے کے لئے ہر سطح پر تعاون دئیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقعہ پر فیصلہ لیاگیا کہ کمیٹی کی اگلی میٹنگ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ منعقد کی جائے گی جس میں کمیٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔سپیشل سیکرٹری اسمبلی آر ایل شرما اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
تمام ڈائٹ مراکز کیلئے ایک کروڑ روپے کی فراہمی
سیکریٹری تعلیم نے سی ای اوزکے ساتھ میٹنگ میں ہدایات جاری کیں
سرینگر//ریاست جموں و کشمیر میں محکمہ تعلیم کے سبھی ڈسٹرکٹ انسٹیچوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹرینگس مراکز کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے اور اِن مراکز کو مزید فعال بنانے کیلئے ایک ایک کروڑ روپے فراہم کئے جائیں گے۔ اس بات کی جانکاری سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے سیول سیکریٹریٹ جموں میں کشمیر ڈیوژن کے تمام چیف ایجوکیشن افسران اور منتخبہ سکولوںکے سربراہان کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران دی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ڈائٹ مراکز کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کیا جا رہا ہے وہیں ریاست میں سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلئے ریاستی وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری کی ہدایت کے تحت کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔سیکریٹری تعلیم نے ویڈیو کانفرنس کے دوران کشمیر ڈیوژن کے تمام چیف ایجوکیشن افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ہفتے میں ۳ دن سکولوں کا بذات خود معائنہ کریں اور تمام متعلقہ زونل افسران اور سکولی سربراہان کے ساتھ قریبی تال میل بنائے رکھیں۔کشمیر ڈیوژن سے ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے دیگر افسران اور ضلع سرینگر کے نامور سکولوں کے سربراہان کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیتے ہوئے کشمیر ڈیوژن کی مجموعی تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے سیکریٹری تعلیم کو جانکاری دی۔
بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں سمینار
سرینگر//باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے شعبہ نباتات میں کل دو روزہ قومی سیمنار منعقد کیاگیا۔جس کا موضوع تھا"Ethnobotany and Tradional knowledge in Biodiversity"۔سمینار میں پروفیسر جاوید مسرت وایس چانسلر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی مہمان خصوصی اور پروفیسر اقبال پرویز رجسٹرار مہمان ذی وقار تھے۔اس موقعہ پر شعبہ نباتات کی سالانہ کارکردگی سے متعلق ایک مجلے کی رسم رونمایہ انجام دی گئی ۔
نوشہرہ میں ضلع کا مطالبہ
بی جے پی کیخلاف اورپاکستان زندہ باد کے نعرے
راجوری /سمت بھارگو/راجوری کے نوشہرہ علاقے میں دوسرے روز بھی کچھ لوگوںنے پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور علیحدہ ضلع کی مانگ کررہے لوگوںنے احتجاج کے دوران گزشتہ روز کی طرح جمعہ کو بھی پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی ۔ ذرائع کاکہناہے کہ صبح کے وقت نوشہرہ کے مین بازار سے پولیس کی پارٹی جارہی تھی جس دوران کچھ لوگوںنے حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے پاکستان کے حق میں نعرے بلند کئے ۔اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتاہے کہ دو نوجوان پاکستان کے حق میں نعرے بازی کررہے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ حکومت نے ان کی جائز مانگ کو نظرانداز کردیاہے ۔
غازی جاوید بابا 5دنوں سے حراست میں
سرینگر// سینئر مزاحمتی کارکن غازی جاوید بابا گزشتہ پانچ دنوں سے پولیس سٹیشن مہاراج گنج میں زیر حراست ہے۔ موصوف کو مزاحمتی قیادت کی جانب سے شوپیان چلو کال کے پیش نظر سوموار کے روز گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ غازی جاوید کے اہل خانہ نے بتایا کہ انہیں بار بار گرفتار کرکے انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
فرقہ پرست طاقتوں کیخلاف صف آرا ہونا ناگزیر: وکیل
سرینگر//جموں کشمیر بچا و تحریک کے صدر عبدالغنی وکیل نے ریاست کے تمام سیکولر جماعتوں کے لیڈروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاست سے بالاتر ہوکر موجودہ حالات میں یکجٹ ہو کر فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف صف آرا ہو جاہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کھٹوعہ کے حالیہ دردناک عصمت دری کا واقعہ اس بات کی عکاسی کر رہا ہے کہ کچھ عناصر آنے والے وقت میں لوک سبھا کے انتخابات کو مد نظر رکھ کر ریاست کے ہندو مسلم اور سکھ اتحاد ادر بھائی چارہ کو تہس نہس کرنے کے درپے ہیںجو کسی بھی صورت میں کا میاب ہونے نہیں دینا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی پر زور دیا ہے کہ وہ خود ریاست کے موجودہ حالات پر نظر رکھیں کہیں ایسانہ ہو کہ فرقہ پرستی کی آگ جموں سے ہی بھڑک اْٹھے اور جو سارے ملک کو اپنے لپیٹ میںلے لیں ۔انہوں نے کہا کہ اقتدار آتا جاتا ہے لیکن اگرہندو مسلم اور سکھ اتحاد ادر بھائی چارہ کو نقصان پہنچا تو یہ ریاست ہی نہیں بلکہ سارے ملک کے لیْ خطرناک اور تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ وکیل نے کہا کہ ایسا لگ رہاہے کہ ایک خطرناک سازشیں رچائی جارہی ہیں جو ریاست کے اتحاد اور بھائی چارہ کو تہس نہس کر سکتا ہے۔
پولیو مخالف مہم کا دوسرا مرحلہ
گاندربل میںتیاریوں کو حتمی شکل دی گئی
گاندربل//ضلع گاندربل میںبچوں کو پولیو مخالف قطرے پلانے کے سلسلے میںکل ضلع ٹاسک فورس کمیٹی کی ایک میٹنگ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر این اے بابا کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں چیف میڈیکل آفیسر،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر،ڈسٹرکٹ ایمونائیزیشن آفیسر،بی ایم اووز اورمحکمہ تعلیم کے آفیسران کے علاو ہ آئی سی ڈی ایس آفیسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ضلع میں آئی پی پی آئی مہم کے دوسرے مرحلے کو کامیاب بنانے کے لئے آفیسران پر تندہی اور لگن کے ساتھ کامیاب کرنے پر زوردیا گیا۔اس موقعہ پر چیف میڈیکل آفیسر گاندربل نے بتایا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں 231ویکسینیشن بوتھ قائم کئے جارہے ہیںجہاں 5سال تک کی عمر کے 45780بچوں کو پولیو مخالف قطرے پلائے جائیں گے۔
غلام احمد میر کا بھتیجا فوت
پردیش کانگریس کا اظہار تعزیت
سرینگر//ریاستی کانگریس نے پارٹی صدر غلام احمد میر کے بھتیجے کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہو ئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیاہے ۔ غلام احمد میر کے بھتیجے 40سالہ منظور احمد کے انتقال کے سلسلے میں پارٹی کے جموں اور سرینگر دفاتر میں تعزیتی میٹنگ منعقد ہو ئی جس میں لیڈران نے شر کت کی اور غلام احمد میر سے تعزیت کی اور مر حوم کے حق میں دعائے مغفرت بھی کی گئی ۔
صحافی منظور انجم کے ساتھ ڈاکٹر فاروق اور
عمر عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے روزنامہ عقاب کے مدیر اعلیٰ منظور انجم کے برادرِ اکبر الحاج علی محمد شاہ ساکن برین نشاط کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً منظور انجم کیساتھ دلی تعزیت کی اور مرحوم کی جنت نشینی و بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی اور ریاستی ترجمان جنید عظیم متو نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
’مسلمانوں کا قتل عام گہری سازش‘
سرینگر//انجمن تبلیغ الاسلام ضلع بڈگام کے نائب صدر سید شمس الدین نے جامع مسجد ہمدانیہ آری گام میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا اور شام میں مسلمانوںکا قتل عام ایک سازش کے تحت کیاجارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کٹھوعہ میں معصوم بچی آصفہ کے قاتلوں کو سزا دینے کے بجائے رہائی کی مانگ کرنے والے انسانیت کو داغدار کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ جب تک ظالم اور ظلم کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے گی ،دنیا میں امن ناممکن ہیں ۔ انہوںنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حالیہ خون ناحق پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کرے۔