سیف اللہ کشمیری نیا ڈسٹرکٹ کمانڈر مقرر:تحریک المجاہدین
سرینگر//تحریک المجاہدین نے عیسیٰ فاضلی کے بعد سیف اللہ کشمیری کو نیا ڈسٹرک کمانڈر مقرر کیا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق عیسیٰ فاضلی کی تحریکی خدمات اور ان کے ہی ایک رفیق کو نیا کمانڈر مقرر کرنے کا مقصد اُن کے مشن کو جاری رکھنا ہے۔ سیف اللہ کشمیری کی تقرری کا اعلان تحریک المجاہدین کے اجلاس میں کیا گیا۔ تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے اس موقعہ پر کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی کو کسی عالمی نیٹ ورک سے جوڑ کر بھارت اپنے عزائم میں کامیاب نہیںہو گا۔ انہوں نے کہا’’ہمارا مشن صرف آزادی اور اعلائے کلمۃ اللہ ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ ہمارا ہدف صرف بھارتی فورسزاور فورسز تنصیبات ہیں۔ بھارت کے نہتے عوام، خواتین، بچے اور بزرگ ہمارا ہدف نہیںہیں، چاہے وہ کسی بھی مذہب، نسل، رنگ اور فرقے سے تعلق کیوں نہ رکھتے ہوں‘‘۔
پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کیلئے انعام:پیپلز لیگ
سرینگر//پیپلز لیگ نے یوم پاکستان کے موقعہ پر پاکستانی عوام کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک انعام ہے جبکہ کشمیری قوم کیلئے پاکستان کی اہمیت و افادیت کسی بھی طور کم نہیں ۔لیگ کا ایک اجلاس قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع کی صدارت میںمنعقد ہوا، جس میں لیگ کے ذمہ راروں ماسٹر عبدالرشید،غلام قادر راہ،عبدالرشید ڈار،حاجی محمد رمضان،محمد شفیع میر ،مشتاق احمد صوفی،غلام قادر رینا،عبدالرشید متو،احمداللہ پرے،پرویز احمد بٹ،برکت علی اور محمد یوسف نے شرکت کی۔اجلاس میں انسانی حقوق کی عالمی اور مقامی تظیموں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غلام محمد خان سوپوری کی فوری رہائی کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔
جنوبی کشمیر مکمل طور افراتفری اور غیر یقینیت کی لپیٹ میں:ساگر
سرینگر//جنوبی کشمیر کے عوام کو پی ڈی پی بھاجپا حکومت کے معرض وجود میں آنے کے بعد جو کچھ دیکھنے اور سہنے کو ملا ، وہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، یہاں کی آبادی گذشتہ ساڑھے 3سال سے زبردست عتاب میں مبتلا ہے اور خوف و دہشت کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں، افراتفری اور غیر یقینیت نے ریاست کے اس زرخیز خطے کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے ضلع اننت ناگ کی مجلس عاملہ کے ایک غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، جنوبی کشمیر زون صدر و سابق وزیر سکینہ ایتو، ممبرانِ اسمبلی پہلگام الطاف احمد کلو، پارٹی لیڈران ایڈوکیٹ ریاض احمد خان اور مشتاق احمد بٹ اور دیگر لیڈران موجو دتھے۔ ساگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی کشمیر کی آبادی کے ساتھ اُس وقت سب سے بڑا دھوکہ ہوا جب پی ڈی پی نے اُن کے منڈیٹ کے عین برعکس بھاجپا کے ساتھ گلے مل کر اقتدار سنبھالا اور آر ایس ایس کو یہاں حکمرانی کرنے کا موقع فراہم کیا، جس کیلئے یہاں کے لوگوں نے پی ڈی پی کو قطعی ووٹ نہیں دیئے تھے۔ ساگر نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں جنازے اُٹھانے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور حکومت دھونس و دباﺅ سے لوگوں کو پشت بہ دیوار کرنے کی مذموم کوشش کررہی ہے۔
سوپور تعمیروترقی کے حوالے سے نظرانداز:وکیل
سرینگر//جموںکشمیر بچاو¿ تحریک کے صدر وسابق وزیر عبدالغنی وکیل نے ایک بیان میں شمالی کشمیر کے تجارت کے ایک اہم مرکز سوپور کو تعمیر وترقی کے حوالے سے مکمل طور نظر انداز کرنے کا موجودہ سرکار پر الزام لگایا ہے اور کہا کہ پینے کے پانی کی تمام سکمیں بے کار پڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی حالت ابتر ہے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہے لیکن سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں موجودہ سرکار نے سوپور میں شمالی کشمیر کے تعلیمی نظام کو دُرست اور ٹھیک کرنے کے لئے جوائنٹ ڈائریکٹر تعلیم تعینات تو کیا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بناءپر آناََ فاناً تعیناتی احکامات کو واپس کر دیا گیاجس سے یہاں کے لوگ بددلی کا شکار ہوئے ہیں۔ وکیل نے شمالی کشمیر میں تعمیر وترقی کو بڑھاوا دینے کے لئے سوپور کو ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سیلاب زدہ تاجروں کے حق میں معاوضہ کی ادائیگی
ٹریڈریس فیڈریشن تحصیل انتظامیہ چھانہ پورہ کے اقدامات سے مطمئن
سرینگر// کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے چیف فائنانس معراج الدین خان نے امید ظاہر کی ہے کہ نٹی پورہ اور دیگر سیلاب زدہ بازاروں کے متاثرہ ااجروں کو انتظامیہ کی طرف سے بھر پور معاوضہ کی ادائیگی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے ۔اپنے ایک بیان میں کے ٹی ایم ایف لیڈر نے کہاکہ جنوبی سرینگر کے سیلاب زدہ تاجروں کو معاوضہ فراہم کرنے کیلئے چھانہ پورہ تحصیل انتظامیہ بھر پور طرےقے سے کام کررہی ہے اور اس سلسلے میں تھصیلدار چھانہ پورہ نزہت قریشی ذاتی طور اس معاملے میں اقدامات کررہی ہیں جس کیلئے کے ٹی ایم ایف ان کی مشکور ہے اور انہیں فیڈریشن کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلاتی ہے۔
کنگن کے محلہ ٹنگ دجی سے پالپورہ تک سڑک خستہ
غلام نبی رےنہ
کنگن// تحصےل کنگن کے محلہ ٹنگ دجی سے پالپورہ تک دو کلو مےٹر اندرونی سڑک کی خستہ حالی کے با عث لوگوںکو گونا گوں مشکلات درپیش ہےں ۔مقامی لوگوں نے کشمےر عظمیٰ کو بتاےا کہ سڑک کی مرمت کے لئے کئی بار آر اےنڈ بی سے درخواست کی لیکن کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔ مقامی لوگوں نے بتاےا کہ جب کنگن اکہال سے گنہ ون تک سال 2005مےں پی اےم جی اےس وائی کے تحت سڑک کی تعمےر کا کام شروع کےا گےا تو اس وقت ان علاقوں کے لوگوںنے مطالبہ کےا تھا کہ پالپورہ اور محلہ ٹنگ دجی کو بھی اس سڑک کے ساتھ جوڑ دےا جائے تاکہ لوگوں کو رابطہ سڑک کی سہولےات سے راحت مل سکے ۔انہوں نے تعمےرات عامہ کے وزےر نعےم اختر اورممبراسمبلی کنگن مےاں الطاف احمد سے مطالبہ کےا کہ وہ اس سڑک کی مرمت کیلئےاقدامات کریں ۔ادھر اےگزیکٹےو انجےنئر آر اےنڈ بی ڈوےژن گاندربل سید اعجاز احمد نے کہاکہ اپرےل کے مہینے سے وادی میں سڑکوں کی مرمت شروع ہورہی ہے ۔
سڑک ناقابل آمدورفت،تارزو سوپور میں عوام کا دھرنا
غلام محمد
سوپور //تارزو سوپور سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے سوموار کو دھرنا دیکر محکمہ آر اینڈ بی کے خلاف احتجاج کیا ۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ آر اینڈ بی نے مقامی سڑک کو نظر انداز کیا ہے جس کی وجہ سے وہاں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ پر علاقے کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے علاقے میں کوئی بھی ترقی نہیں ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں خستہ حال سڑکوں کے علاوہ ڈرنیج نظام بھی ابتر ہے جس کی وجہ سے راہ گیروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔انہوںنے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ لوگوں کے معاملات کو حل کرنے کیلئے جلد سے جلد انتظامات کریں۔
بیروہ کے کئی وفود عمر عبداللہ سے ملاقی
سرینگر//حلقہ انتخاب بیروہ کے عوامی وفود اور پارٹی عہدیداران نے نیشنل کانفرنس کارگذار صدر عمر عبداللہ(ایم ایل اے بیروہ) کیساتھ ملاقات کی۔ اس دوران تعمیر و ترقی کے کاموں کے علاوہ پارٹی سرگرمیوں اور پروگراموں اور لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات کے بارے میں بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ وسطی کشمیر کے میرواعظ مولوی لطیف اللہ کی قیادت میں آئے ہوئے وفد نے احمد پورہ ماگام رسیونگ سٹیشن کی صلاحیت بڑھانے کی مانگ کی۔ وفد نے کہا کہ اس ریسیونگ سٹیشن کی صلاحیت بڑھ جانے سے بیروہ اور ماگام کی وسیع آباد کو بجلی کی فراہم میں معقولیت آئے گی۔ اس کے علاوہ وفد نے بیروہ میں ورکشاپ سمیت ایک الیکٹرکل ڈویژن قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ عمر عبداللہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اُن کے ان مطالبات کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخابات بیروہ کی ہر لحاظ میں تعمیر و ترقی اُن کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر عمر عبداللہ کے سیاسی صلح کار تنویر صادق بھی موجود تھے۔