گنڈ کنگن میں صفائی مہم کا انعقاد
کنگن / غلام نبی رینہ // سوچھ بھارت ابھیان کے تحت ضلع گاندربل کے گنڈ علاقے میں بلا ک ڈیو لپمنٹ آفس کی طرف سے صفائی مہم پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیل گنڈ کے مختلف علاقوں سے آ ئے ہوئے لوگوںنے حصہ لیا ۔اس موقع پر بی ڈی او گنڈ نصیر احمد بابا نے لوگوں کو صفائی کے بارے میںجانکاری فراہم کی ۔انہوں نے کہا کہ تحصیل گنڈ میں ایس بی ایم کے تحت ہر گائوں میں بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں ۔
اہرہ بل میںدستیاب سہولیات، ڈی سی کولگام نے جائزہ لیا
کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام طلعت پرویز نے آج سیاحتی مقام اہرہ بل کا دورہ کیا اور یہاں سیاحوں کے لئے دستیاب سہولیات اورسیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے لئے کئے جارہے اقداما ت کاجائزہ لیا۔اہرہ بل کے دورے کے دوران ترقیاتی کمشنر نے واٹر فال کو جاذب نظر اورخوبصورت بنانے کے لئے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے سی ای او اہرہ بل ڈیولپمنٹ اتھارتی کو اہرہ بل کی جنگلہ بندی کرنے کے احکامات دیئے تاکہ سیاح نزدیک سے فال کا نظارہ کرسکیں۔اس موقعہ پر واٹر فال کی اونچائی کم ہونے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا اورفال کی اونچائی کی بحالی کیلئے خدوخال زیر بحث لائے گئے ۔بعد میں ترقیاتی کمشنر نے علاقے میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ کو یقینی بنانے کے لئے آفیسران پر ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت دی۔
اوشا ووہراکی صدارت میں ’سوشل ہیلتھ ایسوسی ایشن ‘کی سالانہ جنرل باڈی میٹنگ
جموں/ /گورنر کی اہلیہ اور ای ایس ایچ آئی کی صدر اوشا ووہرا کی صدارت میں راج بھون میں اے ایس ایچ آئی کی سالانہ جنرل باڈی میٹنگ منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر سال 2018-19کے دوران ایسو سی ایشن فار سوشل ہیلتھ اِن انڈیا کی طرف سے نئے پروجیکٹوں اور سرگرمیوں کو زیر بحث لایا گیا ۔اوشا ووہرا نے اس موقعہ پر اُن لڑکیوں میں اسناد اور ملٹی یوٹیلٹی کٹس تقسیم کئے جنہوں نے اے ایس ایچ آئی کے اشتراک سے بنیادی کمپیوٹر کورس مکمل کیا ہے ۔گورنر کی اہلیہ نے اے ایس ایچ آئی کے ارکان کے اس رول کو سراہا جو وہ سماج کے پچھڑ ے طبقے کی بہبودی کو یقینی بنانے کے لئے ادا کررہا ہے ۔انہوںنے گورنر کی طرف سے اے ایس ایچ آئی کے لئے 15.85لاکھ روپے کا ایک چیک بھی پیش کیا۔
حلقہ انتخاب ڈورو میں ترقیاتی پروجیکٹ
فاروق اندرابی نے پیش رفت کاجائزہ لیا
اننت ناگ//ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ انتخاب ڈورو سید فاروق احمد اندرابی نے ایک میٹنگ کے دوران اپنے حلقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک نے ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے ضلع میں حصولیابیوں اور ترقیاتی کاموںکی پیش رفت کے بارے میںجانکاری دی۔میٹنگ کے دوران محکمہ تعمیرات عامہ ،پی ڈی ڈی ،باغبانی،پی ایم جی ایس وائی ،پی ایچ ای اور دیگر محکموں کے تحت حصولیابیوں اورجاری ترقیاتی کاموں کو اجاگر کیاگیا۔سید فارو ق احمد اندرابی نے عمل آوری ایجنسیوں پر تمام جاری ترقیاتی پروجیکٹوں اورکاموں کی مقررہ وقت میں تکمیل کویقینی بنانے کی ہدایت دی۔
دفعہ 370کی افادیت ختم ہوگئی :بھوشن بزاز
نئی دہلی // ڈیموکریٹک فورم کے صدر پنڈت بھوشن بزاز نے کہا کہ آئین کا دفعہ 370کھوکھلا ہوگیا ہے ۔سابق وزیراعلی عمر عبداللہ کے اس بیان پر کہ وزیراعظم نریندرمودی دفعہ 370پر بات کرنے سے ڈرتے ہیں۔ پنڈت بھوشن بزاز نے کہا کہ اس دفعہ میں رکھا ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے 1975میں حکومت سنبھالنے سے پہلے ہی ان مطالبات کو چھوڑ دیا جو اس آئین کی دفعہ کی پاسبانی کرسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو پتہ ہے کہ مرکزی حکومت کبھی بھی دفعہ 370کی بحالی کے لئے راضی نہیں ہوگی لیکن اب وہ ا سے اپنے سیاسی مقصدکے لئے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے ریاست کے لوگوں کو رام نومی کے موقع پر مبارکباددی ۔
بڈگام اور ہندوارہ میں پولیس پبلک دربار
سرینگر//بڈگام اور ہندوارہ پولیس نے لوگوں کے ساتھ بہتر تال میل قائم رکھنے اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنے کی غرض سے پولیس اسٹیشن کھاگ اور پولیس پوسٹ چوگل میں میٹنگوں کا انعقادکیا ۔ بڈگام پولیس نے لوگوں کے ساتھ بہتر تال میل قائم رکھنے اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنے کی غرض ایس ڈی پی او ماگام کی صدارت میں پولیس اسٹیشن کھاگ میں پولیس کمنٹی پارٹنر شپ میٹنگ کا انعقاد کیا ۔میٹنگ میں علاقے کے ذی عزت شہریوں اور ٹریڈ سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اجاگر کئے ۔ایس ڈی پی او کھاگ نے لوگوں کے مسائل کافی دلچسپی سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ پولیس سے منسلک مسائل کو ترجیہی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جبکہ باقی مسائل کو متعلقہ محکموں تک پہنچایا جائے گا ۔اس موقعہ پر ایس ایچ او کھاگ بھی موجود تھے ۔ہندوارہ پولیس نے ایس ایس پی غلام جیلانی وانی کی ہدایت پر پولیس پوسٹ چوگل میں ڈی او کی صدارت میں پی سی پی جی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔میٹنگ میں علاقے کے ذی عزت شہریوںنے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اجاگر کئے ۔ڈی او نے لوگوں کے مسائل کافی دلچسپی سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ پولیس سے منسلک مسائل کو ترجیہی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جبکہ باقی مسائل کو متعلقہ محکموں تک پہنچایا جائے گا ۔
رامسو کے پارٹی نائب صدر سے ڈاکٹر کمال کی تعزیت پرسی
بانہال // نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے رامسو جاکر پارٹی کے سینئر نائب صدرِ ضلع عطا محمد کٹوچ کے گھر گئے اور وہاں ان کے جواں سال بھتیجے کے انتقال پر اپنی اور پارٹی کی طرف سے سوگوار کنبے سے تعزیت پرسی کی اور لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔ رامسو کے این سی لیڈر عطا محمد کٹوچ کے انیس سالہ بھتیجے عامر فاروق کٹوچ ولد محمد فاروق کٹوچ چند روز قبل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔ ڈاکٹر کمال نے پسماندگان کے ساتھ رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کیلئے جنت نشینی کی دعا کی۔
ثقافتی ورثہ کا تحفظ
بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں سمینار
سرینگر//سیاحت اور طبی مرکز انتظامیہ کے زیر اہتمام بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں ایک روزہ سمینار منعقد کیا گیا۔جس میں طلبہ وطالبات اور اساتذہ کی ایک بھاری تعداد نے شرکت کی۔سمینارکا مقصد طلبہ اور اساتذہ کوثقافتی تصورات اور اس کے حدود سے آگاہ کرنا تھا تاکہ ریاست میں ثقافتی ورثے کوجاننے اور اس پر تحقیقی کام کرنے کرنے کاشوق پیداہو۔ ریاست جموں وکشمیر میںچونکہ ایک دلکش وراثتی سرمایہ ہے لہذا طلبہ اور اساتذہ کو اس سے واقفیت اور اسے تحفظ فراہم کرنے کے نئے اقدامات پر ابھارا جائے۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ سیاحت وثقافت جموں وکشمیر بھی موجود تھے۔جنہوں نے وضاحت کے ساتھ کلچر اور ثقافت پر روشنی ڈالی۔
ٹریڈرس ایسوسی ایشن بڈگام کا تعزیتی اجلاس
سرینگر//ڈسٹرک ٹریڈرس ایسو سی ایشن بڈگام کے ایک تعزیتی اجلاس میں وانی کلاتھ ہائوس کے مالک محمد شفیع وانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا گیااور مرحوم کے حق میں دُعائے مغفرت کی گئی ۔ فیڈریشن کے زعمائوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں بشیر احمد، حاجی غلام محی الدین، منظور احمد میر، خضر محمد نجار، رفیق احمد، سجاد احمد اور طالب حسین شامل تھے۔