جھیل ڈل کے گرد و نواح میں 6 ڈھانچے منہدم
سرینگر// ڈل جھیل اور اس کے گرد ونواح میں ناجائز تجاوزات ہٹانے کی مہم کوپھر سے شروع کرتے ہوئے لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیو لپمنٹ اتھارٹی (LAWDA) نے6ڈھانچے منہدم کئے ۔سوموار کو لائوڈا کے انفورسمنٹ آفیسر کی ہدایت پر مسماری ٹیم نے پہلو برین ،باٹنیکل گارڈن ،لام اور حبک علاقوںمیں غیر قانونی طور تعمیر کئے جارہے ڈھانچوں کو منہدم کیا۔ لاوڈا کے ایک ترجمان نے کہا کہ محکمہ عدالتی احکامات کے تحت من وعن زمینی سطح پر متحرک ہے اورانہدامی مہم جاری رہے گی۔لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیو لپمنٹ اتھارٹی نے ڈل اور نگین جھیلوں کے گرد و نواح میں غیر قانونی طور ڈھانچے تعمیر کرنے والوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آئیں ۔
پولیس ڈائل 100، زخمی خاتون کو اسپتال پہنچایا گیا
ؓسرینگر// سرینگر میں سڑک حادثے میں زخمی ہوئی خاتون کو پولیس کی ڈائل 100 گاڑی نے علا ج و معالجہ کیلئے فوراََ اسپتال پہنچایا۔پولیس بیان کے مطابق للت گرینڈ پیلس سرینگر کے نزدیک ایک سنٹروکار کو حادثہ پیش آیاجس میں ایک عورت شدید زخمی ہوئی ۔ پولیس کی ڈائیل 100 گاڑی بر وقت جائے موقعہ پر پہنچی اور زخمی کو گپکار نرسنگ ہوم لیا جہاں سے مذکورکو مزید علاج و معالجہ کیلئے کڈنی اسپتال سنوار منتقل کیا گیا ۔پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ اگروہ کسی بھی وقت کسی مشکل میں پڑیںتو اُس صورت میں پولیس ڈائیل 100 سہولت سے استفادہ حاصل کریں ۔
امام حئی کی ہمشیرہ کا انتقال
میرواعظ کا اظہار تعزیت
سرینگر// عوامی مجلس عمل کے سربراہ و حریت(ع) چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے مرکزی جامع مسجد سرینگر کے خطیب و امام مولانا احمد سعید نقشبندی کی ہمشیرہ ساکنہ صفاکدل کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مولانا نقشبندی سمیت سوگوار خاندان کے ساتھ دلی تعزیت پیش کی ہے اور مرحومہ کیلئے اللہ تعالیٰ سے مغفرت اور جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔میرواعظ کی ہدایت پر مرحومہ کی نماز جنازہ میں تنظیم کے سینئر رہنمائوں اور کارکنوںجن میں خواجہ غلام قادر بیگ، مشتا ق احمد صوفی، پیر غلام نبی، عبدالقیوم وانی، محمد اقبال بیگ اور محمد یوسف بٹ وغیرہ شامل ہیں ،نے شرکت کرکے پرنم آنکھوں سے مرحومہ کو سپرد خاک کیا۔ادھر اہل خانہ کے مطابق مرحومہ کی فاتحہ خوانی جمعرات کو صبح ساڑھے10بجے آبائی مقبرہ واقع کھنٹہ پرستان صفا کدل میں انجام دی جائے گی ۔اس دوران میرواعظ نے تنظیم کے رکن اور میرواعظ خاندان کے دیرینہ محب خواجہ غلام قادر شیخ (گاشہ) سکونت مہاراج گنج کی ہمشیر ،تنظیم کے جواں سال رکن مرحوم محمد شفیع بٹ ساکن حبی کالونی لالبازار، مرحوم معراج الدین شاہ سکونت خانقاہ معلی سرینگر کی شریک حیات ، نثار احمد کول سکونت ملارٹہ کی اہلیہ، الحاج غلام حسن ڈار ساکنہ ہائوسنگ کالونی لالبازار کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے جملہ مرحومین کی اللہ تعالیٰ سے مغفرت اور جنت الفردوس اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی خصوصی دعا کی ہے ۔ان مرحومین کی اجتماعی فاتحہ خوانی کی تقریبات میں تنظیم کے متعدد وفود نے حصہ لیکر مذکورہ مقامات اور علاقوں میں جاکر غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت پرسی کی اور مرحومین کو خراج عقیدت ادا کیا۔اس موقعہ پر وفود نے میرواعظ اور تنظیمی قیادت کی جانب سے غمزدہ کنبوں تک ہمدردی اورتعزیتی پیغام بھی پہنچایا اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی۔