نائب وزیر اعلیٰ کی سندر بنی سیکٹر میں فائرنگ کی مذمت
جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے راجوری ضلع کے سندر بنی سیکٹر میںشلنگ سے دو فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے دونوں اہلکاروںکوخراج عقیدت اداکرتے ہوئے کہا کہ ان فوجی اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مارے گئے اہلکاروں میں رائفل مین ونود سنگھ کا تعلق اکھنور کے جوریان دانہ پور گائوں جبکہ رائفل مین جاکی شرما کا تعلق کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر سنہیل گائوں سے تھا۔
کولگام میں جنگلاتی اراضی سے قبضہ ہٹایا گیا
کولگام/خالد جاوید/ فارسٹ ڈویژن کولگام نے جنگلاتی اراضی پر قبضہ ہٹانے کی مہم شروع کرتے ہوئے ضلع کے کھوری بٹہ پورہ علاقے کے کمپارٹمنٹ نمبر 34,35,36 سے کے سینکڑوں کنال کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ڈی ایف او کولگام محمد رمضان میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ یہ مہم جاری رہے گی اور جہاں کہیں بھی جنگلاتی اراضی کو ہڑپ کیا گیا ہو اُسے واپس حاصل کیا جائے گا ۔
فریڈم لیگ کا نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ
مظفرآباد// پیپلز فریڈم لیگ کے چیئر مین محمد فاروق رحمانی نے نوجوانوں کی گرفتارکرنے کی کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اُن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ سیاسی لیڈروں اور شہریوں کی نقل و حرکت پر عرصہ دراز سے عائد پابند یا ں ہٹائی جائیں۔ انہوں نے جموں میں آ صفہ زیادتی اور قتل کیس میں ملزموں کے حق میں بعض وکلاء کے مظاہروںکو شرمناک قرار دیا۔ زیادتی اور قتل کے ان سنگین مجرموں کوکسی تمیز کے بغیر سنگین سزا ملنی چاہئے۔
حصول مقصد کیلئے یکسوئی کا مظاہرہ لازمی:تحریک کشمیر
سرینگر//تحریک کشمیر نے کہا ہے کہ ہمیں سوچ اور اپروچ کے جدید تقاضوں کو اپنا کر انتہائی یکسوئی کے ساتھ تحریک کشمیر کو آگے بڑھانا ہوگا تبھی کامیابی اور کامرانی ہمارے قدم چوم سکتی ہے۔اپنے ایک بیان میں تنظیم کے صدر محمد موسیٰ نے کہا کہ اُتار چڑھائو تحریک کا حصہ ہیں اور منزل پانے کی سعی کرنے والے نہ تو گھبراتے ہیں اور نہ ہی اپنی امیدوں کے چراغ بجھنے دیتے ہیں بلکہ اپنے خون جگر سے ان چراغوں کو روشن رکھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام گذشتہ 70 برسوں سے تنازعہ کشمیر کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں،جس سے نکلنے کی آخری صورت اس تنازعہ کا تاریخی پس منظر میں اقوام متحدہ کی پاس شدہ قراردادوں کی عمل آوری سے ہی ممکن ہے۔
معروف معالج ڈاکٹر عبدالنافی فوت
ڈاک کااظہار تعزیت
سرینگر //معروف معالج ڈاکٹر عبدالنافی طویل علالت کے بعد منگل کوشو پورہ میںانتقال کرگئے۔ موصوف نے جی ایم سی سرینگر سے ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد جی ایم سی سے ہی پوسٹ گریجویشن مکمل کی اوربعد اذاں بطور اسسٹنٹ پروفیسر تعینات ہوئے ۔انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں شعبہ میڈیسن کی داغ بیل ڈالی تھی ۔ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر (ڈاک)نے اُن کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔اس سلسلے میںڈاک کا ایک تعزیتی اجلاس منگل کو جی ایم سی سرینگر میں منعقد ہوا جس میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور جنت نشینی کیلئے دعا کی گئی۔ڈاک نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی اور غمزدہ کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ تعزیتی میٹنگ کے دوران ڈاک صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے اُن کی موت کو محکمہ صحت کیلئے بڑا نقصان قرار دیا ۔
سوپور میں اے ڈی سی تعینات
غلام محمد
سوپور / /ریاستی سرکار نے سوپور میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی عمل میں لائی ہے ۔اس سلسلے میںگذشتہ دونوں گریٹر کشمیر اور کشمیر عظمیٰ میں میں اے ڈی سی کی عدم موجودگی سے متعلق ایک خبر شائع کی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ سوپور میں اے ڈی سی کی عدم موجودگی سے لوگوں کو کس طرح کے مشکلات کا سامنا ہے۔سوموار کو ریاستی سرکار نے ایک آڈر جاری کیا جس میں پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ بارہمولہ عاشق حسین کو ایڈیشنل ڈپٹی کشمیر سوپور تعینات کیا گیاہے۔ اس کے علاوہ مزید احکامات تک انہیں پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس بارہمولہ کا اضافی چارج بھی سنبھالیں گے ۔