خان سوپوری کی عدالتی تحویل میں توسیع
۔30اپریل تک کیلئے سرینگر سنٹرل جیل منتقل
سرینگر//سوپور کی عدالت نے 70سالہ بزرگ حریت رہنما اورجموں کشمیر پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30اپریل تک توسیع کر دی ہے۔ لیگ کے ترجمان اعلی نے کہاہے کہ محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کو تارزو تھانے میں درج ایک جھوٹے مقدمے کی سماعت کے سلسلے میں ایڈشنل شیشن جج کی عدالت میں پیش کیاگیا۔عدالت نے اس سے قبل بزرگ رہنما کو 23 اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پربھیجا تھا۔ پولیس نے ایک بار پھر عدالت میں پیش ہو کر غلام محمد خان سوپوری کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی جس پر عدالت نے غلام محمد خان سوپوری کو 30اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر سرینگر سنٹرل جیل منتقل کیا۔ ادھر لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے آسیہ اندرابی اور دیگر کارکنان کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹے مقدمات بناکرخواتین کو ہراساں کرنا انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی کی طبیعیت انتہائی ناساز ہے اور وہ کئی عوارض میں پہلے ہی مبتلا ہیں ان حالات میں ان کی گرفتاری حکومت اور ریاستی انتظامیہ کی مایوسی اور ہٹ دھرمی کی عکاس ہے۔ انہوں نے پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری، آسیہ اندرابی،شبیر احمد شاہ،ڈاکٹر محمد قاسم ، مسرت عالم بٹ،محمد شفیع شیریعتی، الطاف احمد شاہ،ناہدہ نسرین،صوفی فہمیدہ اور دیگرنظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
سوپور کے بزرگ حریت لیڈر پر سیفٹی ایکٹ عائد
حریت (گ) برہم ،عالمی اداروں سے مداخلت کی اپیل
سرینگر// حریت (گ)نے انتظامیہ کے ہاتھوں ڈانگرپورہ سوپور کے 80سالہ بزرگ حریت پسند راہنما محمد سبحان وانی پر یکے کے بعد دیگرے 21؍جولائی 2016ء سے آج تک پانچویں بار پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت انہیں سب جیل کپواڑہ میں مقید رکھنے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محمد سبحان وانی اس پیرانہ عمری میں مختلف امراض کے شکار ہوچکے ہیں، جبکہ جیل حکام ان کے علاج ومعالجے کے حوالے سے ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے اس کی زندگی سے کھیل رہے ہیں۔ حریت نے محمد سبحان وانی کے عدالت مجاز کی طرف سے چار مرتبہ PSAکو کالعدم کئے جانے کے باوجود حبس بے جا میں مقید رکھنے کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ محمد سبحان وانی جیسے ضمیر کے قیدی کو حکمرانوں کے چنگل سے نجات دلانے کے لیے مداخلت کریں اور ان کی حالت زار کا سنگین نوٹس لیں۔
طلباء پر فورسز کا تشدد ناقابل برداشت
حکمران طبقہ ہوش کے ناخن لے:تحریک حریت
سرینگر//تحریک حریت نے ریاست کے اطراف واکناف میں طلباء اور حریت پسند نوجوانوں کے خلاف پولیس انتظامیہ کی طرف سے وسیع پیمانے پر گرفتاریوں اور ظلم وتشدد کی کارروائیاں روبہ عمل لائے جانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی بربریت کے خلاف ریاستی عوام بالخصوص نوجوان نسل کے اندر پائے جانے والے غم وغصے کی لہر حق بجانب ہے۔ تحریک حریت نے حکمرانوں کی طرف سے تنظیم کے ذمہ دار عاشق حسین نارچور کو تھانہ شیر باغ اسلام آباد میں حبس بے جا میں رکھنے، عام شہریوں اشفاق احمد کوتوال اور عاصف احمد وار کو پولیس کی جانب سے اذیتوں کا نشانہ بنانے اور منیب احمد بٹ کو پچھلے 7ماہ میں فرضی الزامات کے تحت مٹن جیل میں مقید رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے ہمیشہ سے ہی اپنی تاناشاہی کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کرنے کے لیے جیل خانوں کے دروازے کھول دئے ہیں اور ظلم وبربریت کی کارروائیوں کا سہارا لے کر اپنے اقتدار کو بچانے کی ناکام کوششیں کی ہیں۔ تحریک حریت نے ریاستی عوام کی طرف سے حقِ خودارادیت کی تحریک کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے عزم بالجزم کا تہہ کرتے ہوئے جابر حکمرانوں کے ان ظالم ہتھکنڈوں کے خلاف نہ جھکنے، نہ بکنے اور نہ تھکنے کا عہد کررکھا ہے۔
کھارپورہ چنہ گام سڑک ناقابل آمدورفت
ملک عبدالاسلام
اننت ناگ// کولگام علاقے میں کھار پورہ اور چنہ گام کے درمیان سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کھارپورہ اور چنہ گام کے درمیان اڑھائی کلو میٹر کی سڑک اس قدر خستہ ہوچکی ہے کہ عام لوگوں کو عبور و مرود میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ 15برس قبل اس سڑک کو تعمیر کیا گیا تھالیکن اس کے بعد اس سڑک کو ٹھیک نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران یہ سڑک جھیل کا رخ اختیارکرتی ہے جبکہ گرمیوں میں گرد و غبار کی وجہ سے لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پسماندہ علاقہ سرکار کی نظروں سے مکمل طور اوجھل ہے۔مقامی آبادی نے کہا کہ اگر سڑک کو ٹھیک نہیں کیا گیاتو وہ احتجاج کرنے کیلئے مجبور ہونگے۔
جوالا پورہ بڈگام سڑک کی حالت ناگفتہ بہ
سرینگر/ / جوالا پورہ بڈگام سڑک کو آمدورفت کے قابل نہ بنانے کے سبب عوامی حلقوں میں متعلقہ محکمہ کے تئیں ناراضگی پائی جارہی ہے۔مقامی لوگو ں نے اس سڑ ک پر فوری طور کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ضلع بڈ گام میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کیلئے 14 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے جس کے بعد ضلع کی مختلف سڑ کوں کو ٹھیک کیا گیا تاہم جوالا پورہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ تین کلو میٹر پر مشتمل جوالا پورہ بڈگام سڑک کو نامکمل ہی چھوڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تین کلو میٹرانتہائی خستہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کئی سال گزر نے کے باوجود بھی اس سڑک پر میکڈم نہیں بچھا یا گیا۔ لوگو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ اس سڑ ک پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے تاکہ عوام کو مشکلات سے نجات مل سکے۔
اوڑی میںٹپر کو حادثہ،2زخمی
ظفر اقبال
اوڑی//ارنبوا بونیار میں منگل کو اُس وقت ایک ٹپر زیر نمبر JK01R-0698 کو حادثہ پیش آیا جب وہ اوڑی سے بارہمولہ جا رہا تھا۔ ارنبوا بونیار کے مقام پر ٹپر سڑک سے الٹ کر دریائے جہلم میں جا گراجس کے نتیجے میں ڈرائیور اور کنڈکٹر زخمی ہوگئے جن کی شناخت محمود احمد اعوان اور منیر احمد پٹھان ساکنان دردکوٹ اوڑی کے بطور ہوئی ہے ۔ دونوں زخمیوںکو علاج و معالجہ کیلئے پرائمری ہیلتھ سنٹر بونیار لایا گیا جہاں سے انہیں ضلع ہسپتال بارہمولہ منتقل کیا گیا۔
کونسل پینل نے نروال منڈی کا معائنہ کیا
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کی ڈیپارٹمنٹ ریلیٹیڈ سٹینڈنگ کمیٹی نے چئیرمین رمیش اروڑہ کی قیادت میں ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ فروٹ مارکیٹ نروال کا دورہ کیا اور وہاں میوؤں اور سبزیوں کے تاجروں کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔دیگر ممبران میں ارکان قانون سازیہ وبودھ گپتا، گردھاری لال رینہ اور ایس چرن جیت سنگھ شامل ہیں۔اس موقعہ پر میوؤں اور سبزیوں کے تاجروں کے کئی وفود کمیٹی سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔کمیٹی نے وفود کے مسائل بغور سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کو متعلقہ حکام سے اُٹھایا جائے گا۔ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر اور دیگر متعلقہ افسران بھی کمیٹی کے ہمراہ تھے۔
کشمیر میں فورسز کا طرز عمل قابل مذمت
لبریشن فرنٹ (آر)کے اہتمام سے لیوٹن لندن میں جلسہ
سرینگر // لبریشن فرنٹ( آر ) کے زیر اہتمام لیوٹن برطانیہ میں پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبد المجید ترمبو کی صدارت میں ایک جلسہ ہوا جس میں برطانیہ اور یورپ کے اطراف و اکناف سے آئے مندوبین نے شرکت کی ۔اجلاس میں اتفاق رائے سے ایڈوکیٹ ایوب احمد راٹھور کو یورپ زون کا صدر منتخب کیا گیا ۔اس کے علاوہ محمد وحید اعوان کو سیکریٹری جنرل اور صدیق احمدراٹھورکو آرگنائزر منتخب کیا گیا ۔کنونشن ہال کو محمد مقبول بٹ کی تصاویر سے سجایا گیا تھا۔ تقریب سے ممبر پارلیمنٹ بیڈ فورڑکے کونسلر راجہ محمد اسلم ،کونسلر عاصمہ راٹھور ، کونسلر راجہ سلیم،کونسلر ریاض بٹ ،مزمل ٹھاکر،کونسلر ملک طاہر،کونسلر راجہ وحید،مسلم کانفرنس کے امجد عباسی،پرویز ممتاز بٹ،زبیر اعوان،پروفیسر ممتاز بٹ ،امیر قیصرایڈوکیٹ ،بیرسٹر عبدالمجید ترمبو،بیگم شمیم شال ،پروفیسر نذیر شال، اورراجہ ممتاز احمد راٹھورسمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر میں عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے او رمبنی برحق آواز کو دبانے کے لئے طاقت کا استعمال کررہا ہے۔انہوں نے کٹھوعہ سانحہ پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اس طرح کے حالات کا سامنا گزشتہ سات دہائیوں سے کرتے آرہے ہیں۔اجلاس میں متفقہ طور سیاسی جماعتوں اور عوام کو مختلف حلقوں میں تقسیم ہونے کے بجائے متحد ہونے کی اپیل کی گئی ۔
طلاب پر زیادتیاں افسوسناک:محاذ آزادی
سرینگر// محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر نے اپنے ایک بیان میں اسلام آباد اور بارہمولہ میںطالب علموں کے خلاف فورسز کی کارروائیوں پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے ان کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اب تعلیمی اداروں میں بھی زیادتیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے اور میدان جنگ میں تبدیل کیا ہے۔
کشمیر موٹرس کے نیٹ ورک میں توسیع
زونی مر میں کوندو آٹوموبائلز کا افتتاح
سرینگر//کشمیر موٹرس نے اپنے نیٹ ورک کو توسیع دینے کیلئے سکوٹیوں کی فرنچائز کیلئے’’ای این پی‘ کو متعارف کیا،جس کوسرینگر کے علی جان روڑ زونی مر میں کوندو آٹو موبائلزکا افتتاح کیا گیا۔ اس فرنچائز کا افتتاح جامع مسجد سرینگر کے امام حی سرینگر مولانا سید احمد سعید نقشبندی نے جموں کشمیر بنک کے زونل افسران اور برانچ سربراہوں کے علاوہ کشمیر موٹرس کے ڈائریکٹر فائنانس طلعت لطیف،عفیر اعجاز اور ابرار کی موجودگی میںانجام دیا ۔ یہ فرنچائز زیادہ ٹی وی ایس اور ہونڈا کی سکوٹیوں کی خریداری کرینگے اوردیگر سہولیات فرہم کریںگے۔ عفیر اعجاز نے کہا کہ وادی بھر میں اس طرح کی فرنچائز کا رجحان عام ہو رہا ہے اور ہمارا ارادہ ہے کہ وادی بھر میں اس طرح کی مزید10فرنچائز کو کھولا جائے۔
نوبگ میں یوم مہجور کی تقریب
سرینگر//کشمیر کنسرن فائونڈیشن و کشمیر یوتھ کلچرل فرنٹ نے کلچرل اکیڈمی کے اشتراک سے نوبگ چاڈورہ میں یوم مہجور کے سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ یادرہے کہ نوبگ چاڈورہ مہجور کا آبائی گائوں ہے۔ پہلی نشست کی صدارت ابدال احمد مہجور نے کی جو مہجور فائونڈیشن کے صدر ہیں۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطبہ میں مہجورکی زندگی کے مختلف خدو خال بیان کئے ۔اس موقع پر ایڈوکیٹ عبدالرشید ہانجورہ فائونڈر کشمیر کنسرن فائونڈیشن نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور مجید سرور منیر سرائے بالا نے بطور مہمانان ذی وقار محفل میں شرکت کی۔تقریب کے دوران مہجورکے قریبی رشتہ دار ماسٹر عبدالاحد نے اُن کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ محفل میں موسیقی پروگرام اور محفل مشاعرہ بھی پیش کیا گیا۔
دربارمو کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری
جموں//حکومت کی طرف سے جاری کی گئی ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق دربار موکے سلسلے میں سرینگر جموں شاہراہ پر 28 اور29 اپریل2018 کو ٹریفک جموں سے سرینگر ہوگا۔اس لئے ان دونوں دنوں کے دوران سرینگر سے جموں کے لئے کسی بھی قسم کی ٹریفک کی نقل وحمل کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان میں فوجی اور دیگر پیرا ملٹری فورسز کی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔اسی طرح5 اور6 مئی2018 کو بھی جموں سے سرینگر جانے والی گاڑیوں کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت ہوگی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں میں27 اپریل2018 کو دفاتربند ہوں گے اور7 مئی 2018 کو دوبارہ سرینگر میں کھلیں گے۔سرینگر سے تعلق رکھنے والے ملازمین28 اور29 اپریل کو جبکہ جموں سے تعلق رکھنے والے ملازمین5 اور6 مئی2018 کو سرینگر کے لئے روانہ ہوں گے۔
کشمیری مائیگرنٹوں کیلئے مستقل رہائشی اسناد
دلی میںخصوصی سیل نے کام شروع کیا ہے
نئی دہلی// مائیگرنٹوں کی خصوصی سیل نے نئی دہلی میں کشمیری مائیگرنٹوں کے لئے مستقل رہائشی سند جاری کرنا شروع کیا ہے۔یہ ا قدام دو سال بعد دوبارہ شروع کیا گیا ہے اور سیل کو لوگوں کی بھاری تعداد اپنے مسائل حل کرنے کے لئے پیش ہورہے ہیں۔ اب تک100 درخواست دہندگان خصوصی سیل میں پی آر سیز حاصل کرنے کے لئے حاضر ہوئے ہیں۔ یہ عمل25 اپریل2018 سے شروع ہوگا۔خصوصی سیل نے ملک کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مائیگرنٹوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے مسائل حل کروانے کے لئے سیل سے رابطہ قائم کریں۔کنبوں کے ممبران کے لئے رجسٹریشن کارڈ کے اجراء کا معاملہ بھی دہلی کے این سی ٹی حکام کے ساتھ اُٹھایا گیا ہے۔مائیگرنٹوں کے کئی نمائندوں نے وزیر اعلیٰ جموں وکشمیر کی ان کاوشوں کو سراہا ہے۔