جے کے پی سی سی کی 93ویں بورڈ میٹنگ منعقد ،نعیم اختر کا کارپوریشن کو تقویت بخشنے پر زور
سرینگر//تعمیراتِ عامہ اور ثقافت کے وزیر نعیم اختر نے جے کے پی سی سی کو تقویت بخشنے پر زور دیا تاکہ یہ پبلک پرائیویٹ سیکٹر میں ایک کلیدی رول اد اکرسکے۔وزیر موصوف نے اِن باتوں کا اِظہار ایس کے آئی سی سی میں کارپوریشن کی 93ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ آج کل کے مقابلہ آرائی کے دُور میں نظاموں میں معقولیت لانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کارپوریشن اس وقت اصلاحاتی دورسے گزر رہی ہے۔وزیر نے کہا کہ ریاست میں پی ایم ڈی پی کے تحت کئی پروجیکٹ عملائے جارہے ہیں اور ان کی بدولت کارپوریشن کو اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کا موقعہ فراہم ہور ہا ہے۔انہوں نے کارپوریشن کے وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہیئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کارپوریشن کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ نعیم اختر نے کہا کہ پروجیکٹوں میں ترمیم کرنے سے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ایک منظم ٹینڈرنگ عمل وجود میںلانا جانا چاہیئے تاکہ تصرف میں اضافہ نہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ٹھیکداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیئے ۔
صارفین میں14 لاکھ سے زائدراشن کارڈ تقسیم
اشرف میر کا محکمہ کی کارکردگی میں شفافیت پر زور
سرینگر//خوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر محمد اشرف میر نے محکمہ کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ میں محکمہ کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔ میٹنگ میں محکمہ کے سیکرٹری ڈاکٹر عبدالرشید،ڈائریکٹر کشمیر نثار احمد وانی اور دیگر افسران نے شرکت کرتے ہوئے محکمہ کے کام کاج اور دیگر امور کے بارے میں وزیر کو جانکاری دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ کشمیر صوبے میں محکمہ60 لاکھ10 ہزار افراد کو4 ہزار637 سیل سینٹروں اور فئیر پرائس دکانوں کے ذریعے غذائی اجناس فراہم کرتا ہے۔2017-18 میں این ایف ایس اے کے تحت2 لاکھ36 ہزار206 کوئنٹل آٹا جبکہ مفتی محمد سعید فوڈ سکیم کے تحت9 لاکھ44 ہزار749 کوئنٹل چاول مختص رکھے گئے۔ اس کے علاوہ صارفین میں14 لاکھ26 ہزار913 راشن کارڈ بھی تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ مارچ2018 تک محکمہ کے پاس12کروڑ21 لاکھ روپے کی واجبات ہیں۔ علاوہ ازیں12 ہزار630 افراد سے30 لاکھ25 ہزار620 روپے کا جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ کی آر ٹی او دفتر میں اضافی کونٹر قائم کرنے کی ہدایت
جموں//نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے موٹر وہیکل محکمہ کو ریکارڈس کی ڈیجیٹائزیشن کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔نائب وزیرا علیٰ نے اس ضمن میں ایک جامع منصوبہ ترتیب دے کر اس پر عمل کرنے کی افسران کو تلقین کی ہے۔کویندر گپتا نے یہ ہدایات موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کے عہدے داروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران دیں۔ نائب وزیرا علیٰ نے میکانزم ترتیب دینے کی خاطر ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے لئے حکومت کو ایک منصوبہ بھیجے جانے کی بھی ہدایت دی ۔انہوں نے ملازمین سے تلقین کی کہ وہ مزید لگن اور تن دہی کے ساتھ کام کریں تاکہ متعلقین کو بہترخدمات فراہم کی جاسکیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے آر ٹی او کو دفتر میں اضافی خدمت کونٹر قائم کرنے پر زور دیا۔اعلیٰ افسران اور سول سوسائٹی ممبران بھی نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
محاذ آزادی کا یوم تاسیس ، تقریب موخر
سرینگر// محاذ آزادی کے سرپرست اعلی محمد اعظم انقلابی اور صدر سید الطاف اندرابی نے یوم تاسیس کے سلسلے میں ہونے والی تقریب کو وادی کشمیر میںجاری قتل عام کے تناظر میں موخر کرتے ہوئے واضح کیا کہ جب کبھی جہاں کہیں کسی قوم کو سرکاری سطح پر مارودھاڑ اور قتل و غارت کا شکار کیا جاتا ہے تواسی قوم کے ہر فرد کو لازمی طور اپنے عزت، وقار اور تشخص کے دفاع میں لڑنا ناگزیر بن جاتا ہے اوریہاں کا اعلی تعلیم یافتہ نوجوان عہدے اور منصب کو بھی اپنے عوام کی عزت و عظمت کی خاطر قربان کررہے ہیں جسکی زندہ مثال شوپیان میں پیش کی گئی۔
الطاف بابا سے اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے گریٹر کشمیر کے شمالی کشمیر کے نمائندے الطاف بابا کی والدہ محترمہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی ترجمان جنید عظیم متو نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، محمد شفیع اوڑی، شریف الدین شارق ، قیصر جمشید لون، جاوید احمد ڈار نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جمعیت ہمدانیہ کے سرپرست مولانا ریاض احمد ہمدانی اور ترجمان میر غلام محمد ساقی نے الطاف بابا سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگاروںاحمد کشمیری ، مشتاق الحسن،ملک عبدالسلام نے الطاف بابا کی والدہ کے انتقال پررنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے الطاف بابا اور غمزدہ کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کی جنت نشینی اور لواحقین کو صبرِ جمیل کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے۔
سابق چیف انجینئر معراج الدین گنائی فوت
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرِ ڈاکٹر فاروق عبداللہ وادی کی معروف شخصیت اور سابق چیف انجینئر معراج الدین احمد الدین گنائی آف راجباغ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم جملہ لواحقین اور اہل خانہ کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک باصلاحیت منتظم تھے۔انہوں نے محمد اشر ف بخشی کیساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
اننت ناگ میں 14مئی کو قرعہ اندازی
گاندربل میں خدمات کیلئے شرحیں طے
اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے مطابق امرناتھ یاترا 2018کیلئے پہلگام،نونہ ون،شیش ناگ،پنجترنی اورپوتر گھپا تک راستوں میں بورڈنگ ٹینٹس اورشاپ ٹینٹس قائم کرنے کے اجازت نامے کے لئے ڈاک بنگلہ اننت ناگ میں 14مئی کو صبح11بجے قرعہ اندازی ہوگی۔خواہشمند افراد اور درخواست دہندگان مقررہ تاریخ اوروقت پر قرعہ اندازی کے عمل میں شامل ہوسکتے ہیں۔ادھر اے ڈی سی گاندربل سید شہنواز بخاری نے کل آفیسران کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں مختلف نوعیت کی خدمات فراہم کرنے،بشمول،مزدوروں،ٹٹوئوں اورڈنڈیز وغیرہ کے لئے شرحیں طے کی گئیں۔میٹنگ کے دوران بال تل سے گھپا تک یاتریوں کو لانے اور لے جانے کے لئے مزدوروں کو 2250روپے ادا کرنا ہوں گے۔اسی طرح ڈنڈیز کے لئے 14000روپے اور ٹٹو کے لئے 60کلوگرام بوجھ کے ساتھ 3900روپے کی ادائیگی کو طے کیا گیا ہے۔اسی طرح دیگر خدمات کے لئے بھی شرحیں طے کی گئیں۔
سوچھ بھارت مشن
ایڈیشنل کمشنر کشمیر نے پیش رفت کا جائزہ لیا
سرینگر//ایڈیشنل کمشنر کشمیر ڈاکٹر عبدالسلام میر نے کشمیر صوبے میں سوچھ بھارت مشن کی پیش رفت کا ایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔ اس مناسبت سے وادی کے مختلف اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔جب کہ ڈپٹی ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز اوردیگر متعلقہ آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔میٹنگ کے دوران ایس بی ایم کے تحت ہورہے کاموں اور انفرادی بیت الخلائوں کی تعمیر کی پیش رفت پر روشنی ڈالی گئی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سرینگر اور لیہہ کو پہلے ہی کھلے میں رفع حاجت کی بدعت سے پاک قراردیا گیا ہے۔جب کہ باقی اضلاع میں 168بلاکوں میں سے95بلاک کھلے میں رفع حاجت سے پاک قرار ئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں مزید پیش رفت جاری ہے۔
جاوید مصطفی کاحلقہ انتخاب چاڈورہ کا دورہ
سرینگر//ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد ، باز آباد کاری ، تعمیر نو او رپھولبانی کے وزیر جاوید مصطفی میر نے کل حلقہ انتخاب چاڈورہ کا دورہ کیا اور مختلف ایجنسیوں کے لئے چلائی جارہی ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیر نے ہمراہ ایگزن ، اے ای ای صحت عامہ اور مختلف محکموں کے افسران بھی تھے۔دورے کے دوران وزیر موصوف پی ایچ سی مرکز لسجن کا معائینہ کیا او روہاں مریضوں کو فراہم کی جارہی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔وزیر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس صحت مرکز کو 24گھنٹے مریضوں کے لئے دستیاب رکھیں ۔ انہوں نے ہسپتال کے اندر اور باہر صحت و صفائی یقینی بنانے اور مناسب عملہ تعینات کرنے کی بھی ہدایت دی۔لسجن علاقے میں کھیل کے میدان کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر نے ایس ایم سی کمشنر سرینگر کو ہدایت دی کہ وہ کھیل کے میدان میں موجود پانی کو نکالنے کے لئے ضروری ڈی واٹرنگ پمپ نصب کریں تاکہ کھیل کے شائقین اپنی سرگرمیاں اس کھیل کے میدان جار ی رکھ سکیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ کھیل کے میدان کی لیونگ کرنے کے اقدامات کریں تاکہ میدان میں بارش کا پانی جمع نہ ہو۔ انہوں نے اس کھیل کے میدان کو مناسب ڈرنیج کے ساتھ جوڑنے کے لئے ایک پروجیکٹ رِپورٹ تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی۔
سیف الدین بٹ کاخانصاحب میں
ترقیاتی کاموں اور پروجیکٹوں کی فوری تکمیل پر زور
سرینگر//ضلع ترقیاتی بورڈ بڈگام کی میٹنگ میں ایم ایل سی سیف الدین بٹ نے حلقہ انتخاب خانصاحب میں مختلف ترقیاتی کاموں اور پروجیکٹوں کی فوری تکمیل اور نئے ترقیاتی کاموں کو درِدست لینے پر زور دیا۔ایم ایل سی موصوف نے ہر ایک علاقہ کے لئے ایک جامعہ منصوبہ اور پورے حلقہ انتخاب کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا۔جسمیں دریگام تا آریگام سڑک براست لانورہ پر فوری طور تارکول بچھانا، پارِس آباد سے ہکلتھری سڑک براست لاسی پورہ دانُس کی وسعت اور تار کول، کرمشورہ واگر سڑک پر تارکول، آکر ویل ہردویل پُل کی فوری تعمیر،واچھو آری زال سڑک،ژھل سے کانگری پورہ جانے والی سڑک، درنگ سے چرِّہارہ سڑک،رائیار ِ بیروہ میں میر محلہ کو جانے والی سڑک، ہسپیرمحلہ ،عظم مقدم محلہ ،کنڈورہ تا زانی گام ، کیچھ سے ناڑیپورہ ، رائتھن تا کچھواری ،پارنیواہ سے باباپورہ چک،آریگام تا شمس آباد،وغیرہ سڑکیں شامل ہیں۔چکِ فال ژھل کے[ پُل پر فوری طور کام شروع کرانا، کرمشورہ بجلی ورکشاپ کو جلد از جلد شروع کرانا، دِوّس ،ہونگوفرستوار، بنہ محلہ سوژلِ پتھری جو ابھی تک بجلی سے محروم ہیں کو بجلی کی فوری فراہمی، اسکولوں کے لئے سینٹیری کمپلیکس اور پینے کا صاف ، اسکولوں تک جانے والی رابطہ سڑکوں کو پختہ بنانااور اسکولوں کی دیواربندی کرانا،ژھل کے لئے ہلتھ سب سنٹر کی فراہمی، توسہ میدان سُتہارن کے لئے ایک این ٹی پی ایچ سی کی فراہمی،سب سنٹر دریگام ، زوگو، کنڈورہ، راولپورہ، بگرو، وغیرہ کو پی ایچ سی کا درجہ دینا۔پی ایچ سی کھڈلاسی پورہ کے کام میں سُرعت لانا ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے شمس فقیر ، مہجور، شیخ العالمؒ،اور سکھ ناگ سیکنڈکو فوری درِدست لینا،کرمشورہ پارنیواہ اور درنگ میں فائر اور ایمرجینسی سنٹرس کی فراہمی، فروٹ منڈی کرمشورہ پارنیواہ کے کا م میں سُرعت لانا،رائیار ، ژرٹو، زبگلہ،کنڈورہ،کرمشورہ بانڈرپورہ ، پارنیواہ،بگرو، کیچھ، ستہارن ، زانی گام ،وغیرہ میں کھیل کے میدان تعمیر کرانا،سرکٹ ٹورزم کو بڑھاوا دینے کے لئے یوسمرگ سے دودھ پتھری تک براست مجھ پتھری وہاں سے توسہ میدان تک براست ژھل براس زوگو سے ٹنگمرگ تک ایک ٹریک روٹ بنانا،دودھ پتھری کے لئے گنڈولہ کی تعمیر ، ہکلتھری ، نونر وغیرہ کے لئے ویٹانری سنٹرس کی فراہمی،وترھیل مقام کی اندونی سڑتوں پر تارکول بچھانا،وترھیل کے لئے ڈگری کالج، سیل پُل کی فوری تکمیل، قمرو ژھل میں پُل کی فوری تعمیر،شالی گنگا پر میگا فش فارم، آریگام شالنار پُل کی PMGSY کے تحت جلد از جلد کام شروع کرانا وغیرہ وغیرہ شامل ہیں۔
بانہال میںمہاراشٹر کا سیاح
دل کا دورہ پڑنے سے فوت
محمد تسکین
بانہال // ریاست مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والا ایک سیاح دوران سفر مبینہ دل دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے لقمہ اجل بنا ۔پولیس زرائع نے کہابالا جی شنڈے ولد تْکا رام ساکنہ گاوں بسمت ہنگولی ، ریاست مہاراشٹر کو اس کے ہمسفر دوستوں نے بانہال ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اْسے مردہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک کے دوستوں نے پولیس کو بتایا کہ وادی کشمیر کی سیر و فتریح سے و اپس آنے کے بعد ٹنل اور بانہال کے درمیان شیطانی نالہ کے آس پاس بالاجی نے مبینہ طور پر چھاتی میں درد کی شکایت اپنے دوستوں سے کی اور پھر وہ اچانک بے ہوش ہوگیا۔
سی سی ٹی وی سیکورٹی کمپنی کا تربیتی پروگرام منعقد
سرینگر//داہوا ٹیکنالوجی کی طرف سے یہاں پروڈکٹ ٹیکنیکل ٹریننگ پروگرام منعقد کیا گیا ۔ ایشین پارک ہوٹل سرینگر میں منعقدہ اس پروگرام میں چین اور بھارت کے تربیت کاروں نے اوم ٹیکنالوجیز کے اشتراک سے تربیت فراہم کی۔ داہوا دنیا بھرمیں سی سی ٹی وی کیمرے تیار کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے اور اس کا سروس سنٹر کشمیر میں بھی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی سی سی ٹی وی سیکورٹی کمپنی نے کشمیر میں اپنے چینل شراکت داروں کیلئے کوئی پروگرام منعقد کیا ہے ۔اس موقعے پر اوم ٹیکنالوجی کے اسسٹنٹ منیجر برائے جموں وکشمیر کانوشرما بھی موجود تھے۔
ٹنگمرگ میں ادبی محفل ،غلام قادر شاد دردپوری کی عزت افزائی
بارہمولہ /فیاض بخاری/ ٹاون ہال ٹنگمرگ میںبدھ کوبہار ادب تلگام پٹن نے ریاستی کلچرل اکیڈیمی کے اشتراک سے ایک ادبی تقریب کا انعقاد کیا ۔ جس دوران معروف کشمیری مزاحیہ شاعرغلام قادر شاد دردپوری کی عزت افزائی کی گی۔ تقریب کی صدارت ریاستی کلچرل اکیڈیمی کے سیکریٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی نے کی جبکہ ایوان صدارت میں ادبی مرکز کمراز کے صدر فاروق فیع آبادی، نایب صدر عبدال احد حاجنی، جنرل سیکریٹری عبدالخالق شمس اور بزرگ ادیب سعید سعدالدین سعدی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر حاجنی نے شاعروں اور قلمکاروں پر زور دیا کہ وہ خود کو سماج سے الگ تصور نہ کریں۔ تقریب کیآغاز میں مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے بہار ادب کے صدر رشید روشن نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں یقین دلایا کہ تنظیم کی طرف سے بزرگ شاعروں اور ادیبوں کی عزت افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ عابد اشرف اور سعید نذیر حسین حسین نے اپنے مدلل مقالات میں غلام قادر شاد کی شخصیت کے مختلف پہلوں کو اجاکر کیا۔ اس موقعے پر شاد دردپوری کے دو مصرعوں پر ایک طرحی مزاحیہ مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں جو دیگر شاعر ادیب قلمکار اوراہم شخصیات موجود تھیں ان میں سعید عبدالرشید جوہر، سعید اختر منصور، شاہد دلنوی، غلام الدین بہار، مجید مجازی، ارشاد احمد شاہ، سعید ممتاز بخاری، جمیل انصاری، یوصف صمیم، منصور منتظر، شبنم گلزار،حسن اظہر،ریاض پروانہ، غلام حسن درویش، عبدالاحد شاہین، گلہ میر لڈورہ، امین آشرف، خالد بشیر تلگامی، اظہر ہاشمی، خضر محمد عارف، ریاض ربانی، راہی نثار احمد، عادل احمد ڈار، امتیاز لولابی، مختار احمد منشی، ساگر نذیر، قادر نائدکھئی، اشتیاق احمد بٹ ، معروف سماجی کارکن محمد انور راتھر، ڈاکٹر امتیاز ضیاء، ڈاکٹر عارف محمد میر، عبدالرشید الائی، بشیر احمد بٹ وغیرہ شامل ہیں۔
عالمی یوم ریڈ کراس پر کپوارہ کے ٹاون ہال میں تقریب
کپوارہ/اشرف چراغ/عالمی یوم ریڈ کراس کے موقع پر ٹاون ہال کپوارہ میں ضلعی ریڈ کراس کی جانب سے ٹاون ہال کپوارہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔8مئی کو ہر سال پوری دنیا میں عالمی ریڈ کراس کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ عالمی ریڈ کراس ایک غیر جانبدانہ ادار ہ ہوتا ہے جبکہ مقررین نے کہا کہ اس دن کا منانے کا مقصد بین الا اقوامی سطح پر انسان دوستی کے فروغ کا شعور اجاگر کرنا اور عالمی امن کے لئے کو ششیں کرنا ہے اور قدرتی آ فات کے نتیجے میں صدمہ پہنچنے والے افراد کی امداد پر مبنی عالمی ریڈ کراس کی ذمہ داریو ں اور فرائض کے پیش نظر ،ریڈ کراس نے ہمیشہ مثبت اور تعمیری تعاون انجام دیا ۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ضلعی ریڈ کراس سو سائٹی کپوارہ نے ناگہانی آفت کے دوران جو کام انجام دیا وہ قابل تعریف ہے اور ہمارا مقصد ہے کہ ریڈ کراس سو سائٹی کو مزید فعال بنایا جائیں تاکہ ناگہانی آفت کے بعد متا ثرین کو فوری امداد پہنچانے میں دیر نہیں لگے گی ۔عالمی ریڈ کراس کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپوارہ ،ڈسٹرکٹ شوشل ویلفئر آفیسر کپوارہ ممتازاحمد ،ڈپٹی چیف میڈیکل آ فیسر کپوارہ ڈاکٹر منیر احمد خواجہ کے علاوہ دیگر انتظامیہ کے آفیسران اور لوگو ں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔کپوارہ ضلع میں ریڈ کرا س سو سائٹی نے بھی اس موقع پر حصہ لیا اور ضلع میں نا گہانی آفت کے دوران رضاکارانہ طور کام کررہے سید امتیاز کو ضلع انتظامیہ نے انعام سے نوازا اور اس تنظیم کو یقین دلا یا کہ ضلع انتظامیہ ایسے موقعوں پر ان کی بھر پور مدد کریں گے ۔
تحقیقات کی جائے: ظفر اکبر
سرینگر// سالویشن مومنٹ چئیرمین ظفر اکبر بٹ نے سیاح کی ہلاکت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور اس واقعہ کو انسانیت سوز، کشمیری مہمان نوازی اور اخلاقی قدروں کے منافی قرار دیا۔انہوںنے کہا ان جیسے واقعات کشمیری عوام کے دلوں کو بری طرح مجروح و چھلنی کرتے ہیں۔انہوں نے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا اس انسانیت سوز واقعہ میں ملوثین کو قرار واقع سزا دی جائے۔
کشمیری روایتی مہمان نوازی کوقائم و دائم رکھیں:عبدالقیوم وانی
سرینگر //ایجیک لیڈر عبدالقیوم وانی نے ناربل میں چنئی کے سیاح کی موت کو بد قسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے اسکی سخت الفاظ میں مزمت کی ہے۔وانی نے کہا کہ کشمیروں نے اپنے بھائی چارے ، انسانی اقدار اور مہمان نوازی کو ہمیشہ کیلئے قائم و دائم رکھا اور کسی بھی صورتحال میں اسکو برقرار دکھے گی۔ وانی نے کہا کہ سیاح ہمارے مہمان ہے اور انہیں ہماری محبت کی ضرورت ہے اور ناربل جیسے واقعات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے الیکٹرونک اور پرنڈ میدیا میں خاصکر قومی سطح کے میڈیا میں چند افراد اس واقع کو کشمیری کی سیاحتی صنعت کو تباہ کرنے کے درپر ہے تاکہ جموں و کشمیر کی اقتصادیات کو نقصان پہنچ سکے۔ وانی نے ریاست جموں و کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آپسی بھائی چارہ قائم رکھیں۔ ایجیک لیڈران نے ہندوارہ کی رہنے والی لڑکی سبرینہ کے اہل خانہ سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور اسکی تیزی سے بہتری کی دعا کی ہے۔
معیاد بند وقت میں جانچ کی جائے :سکھ کارڈی نیشن کمیٹی
سرینگر// سکھ کارڈی نیشن کمیٹی نے نارہ بل علاقے میں حالیہ سنگبازی واقعے کے دوران ایک سیاح کی موت پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے معیاد بند وقت کے دوران جانچ کرنے کا مطالبہ کیا،تاکہ مجرموں کی نشاندہی کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میںکھڑا کیا جائے۔ کمیٹی کے سربراہ جگموہن سنگھ رینہ نے کہا کہ ان افراد کو بے نقاب کرنا انتہائی لازمی ہے،جو کشمیر کی صدیوں پرانی مہمان نوازی پر داغ لگا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کشمیری عوام ہمیشہ ہی سے مہمان نواز رہے ہیںاور کھبی بھی کسی مہمان کو کسی بھی جگہ پر گزند نہیں پہنچائی۔رینہ نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ کچھ لوگوں نے اپنے مفادات کیلئے اس واقعے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیاجبکہ کشمیر میں سیاست سے بالاتر ہو کر ہر شخص نے اس واقعے کی مذمت کی،اس لئے اس پر سیاست کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے میڈیا اداروں کو بھی تاکید کی کہ اس واقعے کو فرقہ پرستی کا رنگ نہ دیا جائے۔