کشمیری مائیگرنٹ اساتذہ کی نوکری مستقل
دلی عدالت عالیہ کا فیصلہ ،مستفیدین نے مٹھائیاں تقسیم کیں
سرینگر// دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے نے عدالت میں مائیگرنٹ کشمیری مدرسین کے چہروں پر مسکراہٹ پھیلا دی۔شہر کے سرکاری اسکولوں میںکشمیری مائیگرنٹ مدرسین کو مستقل کرنے کے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے پر مٹھایاںاور شال،عدالت عالیہ کے ججوں کیلئے تیار تھے،تاہم ججوں نے انہیں لینے سے نکار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھانے کے دوران وہ انہیں نہیں لے سکتے۔ کشمیری مہاجر مدرسین کو مستقل کرنے کے فیصلے نے ان مدرسین کے چہروں کو چمکا دیا جو فیصلہ کے وقت عدالت میں موجود تھے۔اگر چہ اس موقعہ پر جسٹس رویندر بھٹ اور جسٹس دیپا شرما کو شال بھی پیش کئے گئے،تاہم انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا کام کیا،جو کہ کرنا ضروری تھا،ہم انہیں قبول نہیں کرسکتے۔معلوم ہوا ہے کہ اساتذہ نے اپنے ہمراہ مٹھائیاں بھی لائی تھی،جنہیں وکلا،عدالتی عملہ اور آپس میں انہوں نے تقسیم کیا۔ جب عدالت نے فیصلہ صادر کیا کہ دہلی حکومت اور3 ایم سی ڈی و این ڈی ایم سی تمام اساتذہ کو اسی دن سے مستقل کریں،جس دن سے وہ تعینات ہوئے تھے۔مدرسین کی خوشیوں کا کوئی ٹھکانا نہ رہا۔
ہندوارہ میں قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کی افسران کو ہدایت
ہندوارہ// ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ کی صدارت میں افسروں کی ایک میٹنگ منعقدہوئی جس میںرمضان المبارک کے سلسلے میں سٹاک وسپلائی پوزیشن کاجائزہ لیا گیا اورمتعلقہ محکموں کے آفیسران سے تفصیلی جانکاری حاصل کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا گیا کہ ماہ رواںمیں انتظامیہ کی جانب سے اشیائے خوردنی وضروریات زندگی کو وافر مقدار میں دستیاب رکھاگیا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ٹریڈرس فیڈریشن اور دکانداروں پر زوردیا کہ وہ ایام متبرکہ کے دوران اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ وہ کم سے کم منافع پر خریدوفروخت کریں تاکہ خریداروں کے ساتھ بھی انصاف ہو اور اُن کو کسی قسم کی شکایت کرنے کا موقعہ فراہم نہ ہو۔میٹنگ میںمحکمہ بجلی کو ایام متبرکہ کے دوران سحری اور افطار کے موقعوں پر بجلی کی بلا خلل سپلائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔
ہانجورہ نے ریوینو ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا
سرینگر// مال کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے گول گجرال جموں میں محافظ خانہ اور ریوینو ٹریننگ انسٹی چیوٹ کا دورہ کرکے وہاں کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے اہم ریوینو ریکارڈ کو محفوظ رکھا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کسی بھی سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈی سی جموں راجیو کے رنجن ، ریجنل ڈائریکٹر ریوینو رفعت کوہلی اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر نے لینڈ ریکارڈس دفتر اور ریوینو ٹریننگ انسٹی چیوٹ کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔ اس سے پہلے وزیر موصوف نے محکمہ مال کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ مال محکمہ میں شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامی انسپکشن کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
بانڈی پورہ میں 3313امیدواروں نے اپنے آمدن بخش یونٹ قائم کئے
بانڈی پورہ// ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈ ی پورہ خورشید احمد ثنائی نے متعلقہ آفیسران پررواں مالی سال کے دوران خود روزگار یونٹوں کے قیام کے لئے مزید وسائل پیدا کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔ترقیاتی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار آج متعلقہ آفیسران کی ایک میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ دیہی صنعتکاروں کے لئے خود روزگار سکیم کے تحت آر ایس ای ٹی آئی نے 3875امیدواروں کو تربیت دی جن میں سے3313امیدواروں نے اپنے خودروزگار یونٹ قائم کئے ہیں جب کہ 1709امیدواروں نے مختلف مالی اداروں سے کریڈٹ سہولیت حاصل کی ہے۔آر ایس ای ٹی آئی نے پی ایم ای جی پی سکیم کے تحت309امیدواروں کو تربیت فراہم کی ہے ۔میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع انتظامیہ نے نوسو بانڈی پورہ میںدیہی خودروزگار ٹریننگ انسٹچیوٹ کے قیام کے لئے اراضی کی نشاندہی کی ہے۔
ممبر اسمبلی وچی نے مختلف پروجیکٹوں کاافتتاح کیا
شوپیان// قانون ساز اسمبلی وچی کے ممبر اعجاز احمد میر نے اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا جن میں سٹیل برج زینہ پورہ،سی ایچ سی زینہ پورہ میں 11کے وی ہاٹ لائین،سب ڈویژن پی ایچ ای زینہ پورہ اور مشترکہ سہولیاتی مرکزشامل ہے۔ا س موقعہ پر ایس ڈی ایم سید احمد،متعلقہ محکموں کے انجینئران،تحصیلدار زینہ پورہ ،اے سی ڈی ،چیف میڈیکل آفیسر اوربلاک میڈیکل آفیسر کے علاوہ بڑی تعداد میںلوگ موجود تھے۔بعد میں ممبر اسمبلی نے زینہ پورہ شوپیان میں عوامی شکایات کے ازالہ کے ایک کیمپ کے دوران لوگوں کے مسائل سُنے اور متعلقہ آفیسران کو عوام کے جائز مسائل فوری طور حل کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر جنگلات سے متعدد وفودملاقی
سرینگر// وزیر جنگلات راجیو جسروٹیہ سے متعدد وفود نے ملاقات کی ۔ ممبر پارلیمنٹ میر فیاض احمد کی قیادت میں ایک وفد نے تومینا دیہات میں رمسا کے تحت سکول کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔اس موقعہ پر وزیر نے پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹس کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملہ کو محکمہ جنگلات کی مشاورتی کمیٹی میں پیش کر کے اس معاملہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔بجبہاڑہ کے علاقہ ہردواکر سے آئے بکروال طبقہ سے تعلق رکھنے والے وفد نے وزیر موصوف کو چراہگاہوں سے متعلق اپنے مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔وزیر موصوف نے وفود کو بغور سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائیز مطالبات مرحلہ وار بنیادوں پر پورے کئے جائیں گے۔
ڈی آئی جی شمالی کشمیر نے سوپور میں امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لیا
غلام محمد
سوپور//جنگجوئوں کے خلاف کی جانے والی مسلسل کارروائیوں اور امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے پر پولیس کی سراہنا کرتے ہوئے ڈی آئی جی نارتھ کشمیر ڈاکٹر سنیل گپتا نے جموں وکشمیر پولیس افسران پر زور دیا ہے کہ وہ جنگجو مخالف آپریشنز اور امن و قانون کی صورتحال کو مزید مستحکم بنائیں اور سماجی جرائم پر بھی نظر گزر رکھیں۔ ڈی آئی جی نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پْرامن ماحول کو یقینی بنانے کیلئے تن دہی سے کام کریں۔اس موقعے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران نے ڈی آئی جی کو امن و قانون کی صورتحال، جرائم کی روکتھام ، کیمونٹی پولیسنگ اور ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔ ڈی آئی جی نارتھ کشمیر نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز سوپور میں پولیس دربارکے دوران پولیس اہلکاروں کے مسائل غور سے سنیں اور انہیں یقین دلایا کہ اْن کی جائز مانگوں کو کم سے کم وقت میں حل کرانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے۔ڈی آئی جی نارتھ کشمیر نے کہا کہ پولیس جوانوں کی فلاح و بہہود ترجیحات میں شامل ہیں اور اس سلسلے کی ایک کڑی کے تحت حالیہ اوقات میں کئی ویلفیئر اسکیموں کو کو متعارف کرایا گیا ہے۔ایس ایس پی سوپور جاوید اقبال ڈی آئی جی کے ہمراہ تھے۔ اس موقعے پر ایس ڈی پی او سوپور مشکور زرگر ، ایس ڈی پی او رفیع آباد ڈاکٹر محمد ادریس ، ڈی ایس پی ڈی اے آر غلام محی الدین، ڈی ایس پی آپریشنز سوپور وکرم سنگھ ، ڈی ایس پی واڈورہ عادل احمد ، ایس ایچ او سوپور مدثر گیلانی ، ایس ایچ او تارزو سبزار احمد ، ایس ایچ او ڈنگی وچھ پرویز احمد ، ایس ایچ او پانزلہ طارق احمد اور دوسرے افسران بھی موجود رہے۔
نو منتخب پولیس اہلکار مختلف بٹالینوں میں تعینات
سرینگر //ریاستی پولیس میں نو منتخب پولیس اہلکاروں کو مختلف بٹالینوں میں تعینات کردیا گیا ہے۔ پولیس ہیڈکواٹر کی طرف سے جاری کی گئی نوٹفیکیشن نمبر .Pers/A-38/2016/59220-320 کے تحت بھرتی کئے گئے نوجوانوں کو پولیس ہیڈکواٹر سرینگر کی نوٹفکیشن نمبر No.68 of 2018 بتاریخ 06.01.2018کو عارضی بنیادوں پر جموں و کشمیر آر مڈ پولیس اور آئی آر پی میں تعینات کیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے حکم نامہ پولیس کی وائب سائٹ www.jkpolice.gov.inپر دستیاب ہے اور خواہشمند اُمید وار اپنی تعینات کے بارے میں ویب سائٹ سے جانکاری حاصل کرسکتے ہیں اور ہدایات کے مطابق اپنے اپنے جگہ پر حاضر ہوجائیں جبکہ بٹالین خود تعیناتی کا رسمی حکم نامہ جاری کرے گی۔ کمانڈنٹس کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ تمام اُمیدواروں کی ویریفکیشن اور دیگر لوازمات کو پوار کرنے کیلئے جلد اقدامات کریں اور اُمید واروں سے ضروری اسناد حاصل کریں۔ اُمیدواروں کو APHQ vide order No.437 of 2018آرڈر بھی جاری کیا گیا ہے جو بدھ سے پولیس کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
چاڈورہ ریسوینگ سٹیشن کو بڈگام گرڈ کیساتھ جوڑا گیا
ڈگری کالج اور جنرل بس سٹینڈکو مناسب جگہ پر تعمیر کرنیکا مطالبہ
چاڈورہ//چاڈورہ ریسوینگ سٹیشن کو بڈگام گرڈ سٹیشن کے ساتھ جوڑنے سے وہاں کے لوگوں کو بجلی کی بہترسپلائی میسر ہوئی ہے اور عوام اب کافی راحت محسوس کر رہے ہیں۔لوگوں کا یہ دیرینہ مطالبہ پورا کرنے کے لئے عوام متعلقہ حکام کا شکریہ اداکرتے ہیں۔چاڈورہ کے لئے ڈگری کالج کی تعمیر کے سلسلے میں جگہ کی نشاندہی کی گئی ہے تا ہم لوگوں کی مانگ ہے کہ یہ کالج قائم کرنے کے لئے مزید جگہوں کاجائزہ لیا جانا چاہئے تا کہ کالج کا قیام ایک ایسی جگہ عمل میں لایا جاسکے جہاں سیلاب کا کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔تحصیل کے لوگوں نے حکام سے مزید مطالبہ کیا ہے کہ وہاں بس اڈے کو نالہ دودھ گنگا کے نزدیک کے بجائے ایک ایسی جگہ پر قائم کیا جائے جہاں عوام کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اگر نالہ دودھ گنگا کے نزدیک بس اڈہ یا بائی پاس تعمیر کیا جائے تو اس میں مناسب باندھ تعمیر کئے جانے چاہئیں۔علاوہ ازیں موجودہ تحصیل دفتر کی زمین پر ایک منی سیکرٹریٹ قائم کیا جانا چاہئے جس میں تمام محکموں کے دفاتر ایک ہی چھت تلے ہوں۔علاقہ کے لوگوں نے موجودہ گرلز مڈل سکول کو اپ گریڈ کر کے ہائیر سکینڈری سکول کا درجہ دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
چیف ایگزیکٹیو کونسلر کرگل نے سیاحتی ڈھانچہ کا جائیزہ لیا
کرگل// چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کونسلر کرگل کاچو احمد علی خان نے کونسل سیکرٹریٹ میں مرکزی وزارت برائے سیاحت اور نیشنل بلڈنگ کنسٹرکشن کمپنی( این بی سی سی) کے افسران کی میٹنگ کے دوران گذشتہ سال ضلع کرگل کے لئے منظور کئے گئے سیاحتی بنیادی ڈھانچے کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔میٹنگ کے دوران کرگل میں ٹی آر سی اور لاگ ہٹس کی تعمیر ، مینا مرگ میں ٹی آر سی اور کیفیٹریا کے علاوہ سانکو، پانیکھر اور شپت میں کیفیٹریا کی تعمیر کی موجودہ صورتحال کا بھی جائیزہ لیا گیا۔سی ای سی نے ان پروجیکٹوں کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تکمیل کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جانا چاہئے تا کہ ضلع کی سیاحت کے لئے آنے والے سیاحوں کو بہترین سہولیات دستیاب رکھی جاسکیں۔ سی ای سی نے مینا مرگ، شپت اور سانکو و دیگر علاقوں میں پروجیکٹوں کی تعمیر کے لئے زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق بتایا کہ گذشتہ برس ایل اے ایچ ڈی سی، ضلع انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کی جانب سے نشاندہی کی گئی اراضی الاٹ کی جائے گی۔میٹنگ میں مرکزی حکومت کی وزارت سیاحت کے افسران، نیشنل بلڈنگ کنسٹرکشن کمپنی( این بی سی سی) ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورازم کرگل آغا سیدطٰہٰ بھی موجود تھے۔
سرینگر سمبل روڈ پر سینکڑوں سفید ے خطر ہ جان
سرینگر//سر ینگر سمبل روڈکے مختلف مقامات پر کھڑ ے بوسید ہ سفید ے کسی بھی وقت گر کر وہاں سے سفر کرنے والے مسا فروں کے مال وجان کیلئے سنگین خطر ہ ثا بت ہوسکتے ہیں ۔سی این ایس کے مطابق کسی جگہ پہ یہ سفید ے سرکار ی ہیں اور بعض جگہوں پر عام لوگوں کے۔ اس شاہراہ پر سفر کرنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ ہوا ئوں کے دوران ڈانگرپورہ ،شادی پورہ اور دیگر جگہوں پر چلنے سے خوف محسوس ہو تا ہے کیو نکہ ایسا لگتا ہے کہ یہ سفید ے سڑ ک پر گر کر کسی بھی وقت جانی و مالی نقصا ن کا موجب بن سکتے ہیں۔
ڈاکٹرابوالاعلیٰ کو خراج عقیدت
سرینگر//پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری اور قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے لیگ کے سابق رہنما ڈاکٹر ابوالاعلیٰ کی پہلی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم پیدائشی حریت پسند تھے اور انہیں تحریک آزادی سے انتہائی لگاؤ تھا۔ انہوں نے کہاں کہ مرحوم نے اپنی زندگی کو قوم کی آزادی کیلئے صرف کیا ، جس کیلئے انہیں مصائب کا سامنا بھی کرنا پڑا۔