کٹھوعہ سڑک حادثے پر وزیر اعلیٰ کا اظہار رنج
جموں //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں کٹھوعہ سڑک پر پیش آئے سڑک حادثے میں 5افراد کے ہلاک ہونے پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جانبحق ہوئے افراد کی آتما کی شانتی کیلئے دعا کی ۔
نعیم اختر نے حاجن میں ہوئی ہلاکت کی مذمت کی
سرینگر//تعمیرات عامہ اور ثقافت کے وزیر نعیم اختر نے حاجن علاقہ میں ایک شہری کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمو ں وکشمیر پولیس کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ قصورواروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے۔وزیر موصوف نے کہا کہ ماہ صیّام کے دوران اس غیر انسانی حرکت اور جبکہ مرکز نے جموں وکشمیر میں فائیر بندی کا اعلان کیا ہے، سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس حرکت میں ملوث لوگ اخلاقیات سے محروم ہوچکے ہیں۔
مختلف اسامیوں کیلئے جے کے پی ایس سی کا تحریری امتحان 27 مئی کو
سرینگر//جموںاینڈ کشمیر پبلک سروس کمیشن ( جے کے پی ایس سی )کے کنٹرول آف ایگزامنیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ لیٹگیشن آفیسر ، پبلک لا ٔ آفیسر اور اسسٹنٹ لیگل رممبرنس کی اسامیوں کے لئے اوبجیکٹیو ٹائپ ٹیسٹ 27؍ مئی 2018ء کو صبح 10بجے سے 12بجے تک لیا جائے گا۔
اساتذہ اسامیوں کیلئے ٹیسٹ کے مقامات میں تبدیلی
سرینگر//جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے اننت ناگ، سرینگر، بڈگام اور بارہ مولہ اضلاع میں جنرل اساتذہ کی اسامیوں کے لئے27 مئی2018 ء کو لئے جانے والے تحریری امتحانات کے حوالے سے کئی ٹسٹ مراکز میں تبدیلی لائی ہے۔ایس ایس بی کے مطابق اُمیدواروں کی طرف سے پہلے ہی ڈاؤن لاؤڈ کئے گئے ا یڈمٹ کارڈ نئے مراکز کے لئے بھی لاگو ہوں گے تا ہم امتحان12 بجے سے 2 بجے تک لیا جائے گا اور اُمیدواروں کو امتحانی مراکز پر11 بجے پہنچنا ہوگا۔
ہندو پاک کی کشیدگی تشویشناک: محاذ آزادی
سرینگر// محاذآزادی کے صدر سید الطاف اندرابی نے ہندو پاک کشیدگی کے باعث انسانی جانوں اور مال و اسباب کے زیاں کوتشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے دانشور اورمفکر اس بات سے واقف ہیں کہ جنگ تباہی، غربت، بیماری اور عداوت کو جنم دیتاہے۔ الطاف اندرابی نے دونوں ہمسایہ جوہری قوتوں پر زور دیا کہ کشمیریوں کو زیر تسلط معتوب و محکوم رکھنے کے لئے بر صغیر کے سینکڑوں کروڑ انسانوں کو تباہی و بربادی سے بچائیں۔بیان میں کہا گیا کہ محاذآزادی کے سر پرست اعلی محمد اعظم انقلابی کی ہمیشہ سے ہی یہی خواہش اور موقف رہا ہے کہ بر صغیر میں امن و امان کے ساتھ ساتھ تہذیب وتمدن اور علم و دانش کو بڑھاواملے اوریہ تب ہی ممکن ہے جب کشمیریوں کے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے مطابق جینے کا موقع فراہم کیا جائے اور آر پار کشمیریوں کو ایک پارلیمنٹ تشکیل دینے کا موقع فراہم کیا جائے پھر یہی پارلیمنٹ مستقبل کا تعین کرنے میں معاون و مددگار ثابت ھوگا۔
تحریک حریت رہنما کی رہائی کا مطالبہ
بانڈی پورہ/عازم جان/تحریک حریت کے رہنما امیر حمزہ گذشتہ 20روز سے بانڈی پورہ تھانہ میں مقید ہیں جس پر افراد خانہ سخت پریشانیوں میں مبتلاء ہوا ہے۔مذکورہ مزاحمتی لیڈر کے اہل خانہ کے مطابق امیر حمزہ اڑھائی سال سے مسلسل مختلف جیلوں میں پابند سلاسل رہے ہیں ۔انہیں 20روز قبل بانڈی پورہ پولیس سٹیشن منتقل کیا گیا تاہم ان کی رہائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔اہل خانہ نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ موصوف کی رہائی عمل میں لائیں
تھاجواس سونہ مرگ میں حادثہ میں سیاح زخمی
کنگن/ غلام نبی رینہ// تھاجواس سونہ مرگ میں ایک خاتون سیاح گر کر زخمی ہوگئی ۔ ٹورسٹ پولیس آفیسر نظیر الدین نے کشمیر عظمیٰ کو تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ کولکتہ مغربی بنگال سے آئے ہوئے سیاحوں کے ایک گروپ میں شامل 43سالہ سومیتا پرکوئی تھاجواس میں اچانک گھوڑے کی ٹکر سے گرگئی جس کی وجہ سے اسے چوٹیں آئیں ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ٹورسٹ پولیس اور سونہ مرگ پولیس کی ایک ٹیم ایمبولنس لیکر پہنچ گئی اور اسے فوری طور پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ پہنچایا جہاں پر اسے مرہم پٹی کرکے مزید علاج ومعالجہ کے لئے ٹرامہ ہسپتال منتقل کیا ۔
مخدوش حالات اور اقتصادی بحران کیلئے مرکزی اور ریاستی سرکار ذمہ دار:این سی
سرینگر //نیشنل کانفرنس نے ریاست میں بڑھتی ہوئی اقتصادی بدحالی ، معاشی ، ابتر حالات ، پریشان کن تجارتی حالات امن وقانون کے مخدوش اور امن ریاست میں غیر یقینت ، لاقانونیت حالات پر گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی لوگ خصوصاً وادی کا عوام ایک پریشان کن دور سے گزر رہے ہیں۔ پارٹی ہیڈ کواٹر پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں اور غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگرنے موجودہ مخلوط سرکار اورمرکزی سرکار کو مورد الزام ٹھہرا تے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر اور ایک گہری سازش کے تحت ریاست کے عوام کو ان حالات سے دوچار کرنا ایک در پردہ سازش ہے تاکہ ریاست کا عوام اپنے جمہوری اور آئینی حقوق سے محروم رکھا جائے جو ہم سے طاقت کے بل بوتے پر چھین لئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا گزشتہ چار سالوں دوران ریاست کے لوگوں پر ظلم وستم کے پہاڑ ڈھائے گئے ، طاقت کے بل بوتے پر اہل کشمیر کو زیر کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی گئی اور اہل کشمیر کے حق و صداقت کی آواز دبانے کی کوشش جاری ہے ۔ لیکن باغیور اور باضمیر اہل کشمیر کی آواز آج تک نہ دب سکی اور نہ مستقبل میں ریاست کے لوگوں کو اپنے جمہوری اور آئینی حقوق سے محروم رکھا جا سکے ۔ اجلاس میں پارٹی کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے اپنے خطابات میں کہا کہ ریاست میں بد امنی اور لاقانونیت کا خاتمہ تب ہی ممکن ہے جب ریاست کے لوگوں کے ساتھ مرکزی رہنماؤں نے تحریری طور پر جو وعدے کئے ہیں ان کوپورا کیا جائے جن میں خاص طور پر اندرونی خود مختاری ، 1952 کی پوزیشن اور دہلی ایگریمنٹ شامل ہے۔
عدالتی معاملات کو کم کرنے کیلئے شفاف لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت :ذوالفقار علی
سرینگر //سکولی تعلیم، حج و اوقا ف اور قبائلی امور کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے متعلقین پر زور دیا ہے کہ وہ محکموں کے خلاف عدالتی معاملات میں کمی لانے کے لئے ایک شفاف لائحہ عمل اختیار کریں۔آج یہاں محکمہ تعلیم، بورڈ آف سکول ایجوکیشن اور حج و اوقاف محکموں کے خلاف کورٹ معاملات کا جائیزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ پر یہ ذمہ داری عائدکی جانی چاہئے کہ عدالتوں میں کیس کیوں دائر کئے جارہے ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ محکموں میں ملازمین کو مزیدذمہ دار اور جوابدہ بنایا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسا لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے معاملات کو افہام و تفہیم کے ساتھ نمٹایا جاسکے گا اور عدالتوں تک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔انہوں نے پرائیویٹ سکولوں سے جڑے مختلف معاملات کو بھی زیر بحث لایا۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی سکول محکمہ کی باضابطہ رجسٹریشن کے بغیر نہ چلے۔اس موقعہ پر تفصیلات دیتے ہوئے کہا گیا کہ سکولی تعلیم محکمہ کے خلاف کشمیر صوبے میں1159 معاملات التواء میں ہیں،۔ان میں سے822 معاملات ہائی کورٹ اور183 معاملات ذیلی عدالتوں میں ہیں۔ اسی طرح جموں صوبے میں کیسوں کی تعداد2036 ہے۔علاوہ ازیں جے کے بوس کے خلاف510 معاملات التواء میں ہیں۔ایڈوکیٹ جنرل جہانگیر اقبال، کمشنر سیکرٹری مال شاہد عنائت اللہ، سیکرٹری سکولی تعلیم فاروق شاہ، چیئرپرسن جے کے بوس پروفیسر وینا پنڈتا، ناظم تعلیم کشمیر جی این اتو، ناظم تعلیم جموں راکیش سرنگل، سپیشل سیکرٹری ایچ ایل سیٹھی اور متعلقہ لاء افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
مسئلہ کشمیر حل کرنے میں عالمی براداری رول ادا کریں: جاوید میر
سرینگر//لبریشن فرنٹ (حقیقی) چیئرمین جاوید احمد میر نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے بشمول اقوام متحدہ ، امریکہ ، یورپ اور دوسری عالمی انسانی حقوق کے ادارے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کرنے کے بجائے برِصغیر اور مشر قِ وسطیٰ کو آگ و آہن میں ڈالنے کے لئے خاموش تماشائی کا رول ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا موجودہ امریکی حکومت کے لئے تنازعہ کشمیر پر ثالثی کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے جبکہ ہند و پاک کے درمیان 1947ء سے جاری مسئلہ کشمیر پر کشیدگی ، جنگ و جدل میں ہمیشہ امریکہ نے ہی ثالثی کا کردار ادا کیا ۔ جاوید میر نے کہا اقوام متحدہ کے مُبصرین کشمیر کے دونوں حصوں میں آج بھی اپنا کام انجام دے رہے ہیں مگر اُس کے باوجود بھی اقوام متحدہ سرحدوں پر جاری جنگی حالات کو روکنے کے لئے عالمی طاقتوں بشمول امریکہ کے اشارے کا انتظار کر کے تماشائی کا رول ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہندو پاک کے درمیان ہونے والی جنگوں میں عالمی طاقتوں اور امریکہ نے ہی براہ راست ہندو پاک کو مذاکرات کے میز پر لا کر کئی معاہدے کروائے اور آج امریکی حکومت اور اقوام متحدہ یہ نہیں کہہ سکتے ہیں کہ ہندو پاک خود بات چیت کے لئے آمنے سامنے آئے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ میں مضبوط یہودی لابی دہری پالسی کا کردار ادا کر کے مشرقِ وسطی اور برصغیر کے اربوں انسانوں کو اپنے مفادات کے بھینٹ چڑ ھا رہا ہے۔جاوید احمد میر نے فورسز کی طرف سے شہر خاص کے مختلف علاقوں میں رات کے دوران نو جوانوں کے گھروں پر چھاپے ڈالنے کی کارروائی کی سخت مذمت کی ہے ۔
سپیکر نے مختلف ہاؤس کمیٹیاں تشکیل دیں
سرینگر//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے 2018-19 کے لئے مختلف ہاؤس کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی علی محمد ساگر کریں گے جب کہ چودھری لال سنگھ ، ایم وائی تاریگامی، بالی بھگت، وقار رسول وانی، عبدالمجید لارمی، اصغر علی کربلائی، جاوید حسن بیگ، عبدالرحیم راتھر، آر ایس پٹھانیہ اور عابد حُسین انصاری اس کے ارکان ہوں گے۔چودھری سکھ نندن کی قیادت میں پبلک انڈر ٹیکنگس کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔مبارک احمد گُل، حکیم محمد یٰسین، آغا سید روح اللہ مہدی، عثمان مجید، عبدالمجید پڈر، پریا سیٹھی، محمد امین بٹ، شاہ محمد تانترے، اعجاز احمد میر اور دینا ناتھ بھگت اس کے ارکان ہوں گے۔محمد یوسف بٹ کی سربراہی میں اسٹیمیٹس کمیٹی کے ارکان نوانگ ریگزن جورا، جی ایم سروری، چندر پرکاش گنگا، فاروق احمد اندرابی ،شمیم فردوس، انجنیئر عبدالرشید، نور محمد شیخ، کمل ورما، راجیش گپتا اور جیون لال ہوں گے۔ماحولیاتی کمیٹی رویندر رینہ کی قیادت میں تشکیل دی گئی ہے،۔ کمیٹی کے ارکان میں محمد شفیع، الطاف احمد وانی، عبدالرشید ڈار، دلدن نمگیال، یاور احمد میر، محمد عباس وانی، دلیپ سنگھ، ڈاکٹر کشن لال، سید محمد باقر رضوی اور انجم فاضلی شامل ہیں۔پٹیشن کمیٹی کی صدارت آر ایس پٹھانیہ کریں گے جبکہ مشتاق احمد شاہ، چوہدری محمد اکرم، چوہدری قمر حُسین، اعجاز احمد میر، شیخ اشفاق جبار، بشیر احمد ڈار، ڈاکٹر گگن بھگت اور جاوید حسن بیگ اس کے ارکان ہوں گے۔ایشورنس کمیٹی کی صدارت اعجاز احمد خان کریں گے ۔ کمیٹی کے ارکان میں محمد اکبر لون، سید فاروق اندرابی، پون کمار گپتا، عبدالرحیم راتھر، راجیو شرما، سید محمد باقر رضوی، جیون لال اور انجم فاضلی شامل ہوں گے۔پریولیج کمیٹی کے چیئرمین حکیم محمد یٰسین ہوں گی جب کہ کمیٹی کے ارکان میں دیوندر سنگھ رانا، یاور احمد میر، عابد حُسین انصاری، کلدیپ راج، راجیو شرما، دینا ناتھ بھگت، بشیر احمد ڈار اور ممتاز احمد خان شامل ہوں گے۔
پتی دارہ کشی اور گلی محلہ ٹنگمرگ میں صاف پانی مفقود
عوام ندی نالوں کا پانی استعمال کرنے کیلئے مجبور
ٹنگمرگ //قصبہ ٹنگمرگ سے 12 کلو میٹر دور گجر بستی پتی دارہ کشی اور گلی محلہ میں ماہ صیام کے متبرک ایام میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہ ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ ندی نالوں کا مضر صحت پانی استعمال کرنا پڑتا ہے جس سے بیماریاں پھوٹ پڑنے کا امکان ہے۔ گلی محلہ میں قائم گورنمنٹ پرائمری اسکول میں زیر تعلیم طلاب کو بھی پینے کا صاف پانی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ندی کا پانی استعمال کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سے اپیل کی ہے کہ انھیں فوری طور پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے ۔(مشتاق الحسن)
رمضان میں بھی عوام پر ظلم و ستم جاری: تحریک حریت
سرینگر//تحریک حریت کے ذمہ داروں محمد یوسف مکرو نے جامع مسجد نوپورہ کولگام، غلام محمد ہرہ نے جامع مسجد گلہ بگ کاکپورہ اور ماسٹر عملی محمد نے مسجد ابراہیم حاجن میں عوامی اجتماعات سے خطابات کئے۔ انہوں نے رمضان کی فضیلت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ماہ مقدس رحمت ومغفرت کا مہینہ ہے اور اس ماہ میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کرکے جہنم سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ ماہ رمضان اللہ تعالیٰ سے قربت کا مہینہ ہے اور یہ مہینہ قرآن مقدس کے نزول کی سالگرہ ہے۔ اسی مہینے میں انسانیت کی ہدایت وراہنمائی کی کتاب نازل کی گئی۔ انہوں نے جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام بدترین مظالم کے دور سے گزررہے ہیں۔ عوام پر ڈھائے جانے والا ظلم وستم میں کوئی کمی نہیں ہے، گرفتاریاں، چھاپے، تلاشیاں جاری ہیں۔ ماہ صیام میں بھی لوگوں کو کسی قسم کی راحت میسر نہیں ہے۔ گھروں پر چھاپے ڈال کر نوجوانوں کو گرفتار کیا جاتا ہے۔ خواتین کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مقررین نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال کو ہر ذی حس اور ہوشیار ذہن کے مالک افراد واشخاص کی نگاہوں میں قابل غور بھی ہے اور قابل مذمت بھی ۔
مسئلہ کشمیر حل کرنے میں بھارت غیر سنجیدہ: آغا حسن
سرینگر/انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں اور ہند وپاک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطے میں مستقل امن و استحکام کی کوئی ضمانت نہیں۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں نمازہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ ایل او سی پر بندوقوں کی گن گرج آر پار کشمیریوں کیلئے وبال جان بن چکی ہے اور ہر روز جانی اور مالی نقصان خانوادوں کواُجاڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتیں یہ سب انسانیت سوزیاں اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہیں، لیکن روایتی دشمنی کوبرقرار رکھتے ہوئے حقائق سے آنکھیں چرانے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ آغا حسن نے واضح الفاظ میں کہا کہ بھارت تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ نہیں، بلکہ تنازعہ کشمیر کو طاقت و تشدد کی روایتی پالیسی سے حل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔
پیشہ ور گداگروں کی بھرمار تشویشناک: مولانا حامی
سرینگر// کاروان اسلامی کے امیر مولانا غلام رسول حامی نے کہا ہے کہ حقیقی مستحقین کو پہچان کر ممکنہ مالی معاونت کریں تاکہ معاشرے میں میجر گوگگوئی جیسے واقعات رونما نہ ہو پائیں۔ دریگام بڈگام میں زیارت شیخ العالم شیخ نور الدینؒ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حامی نے کہاکہ اس وقت پورے عالم اسلام میں شدید درد و کرب کے حالات موجود ہیں جس میں شام، فلسطین ، میانمبار (برما) اور کشمیر قابل توجہ ہیں ، لہٰذا صاحب ثروت لوگ نیز دینی اور سیاسی و سماجی جماعتوں اور انجمنوں پر یہ لازمی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مکمل طور حقیقی مستحقین کو پہچان کر ممکنہ مالی معاونت کریں تاکہ معاشرے میں میجر گوگگوئی جیسے واقعات رونما نہ ہو پائیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے اس سے پہلے بھی ریاست میں سرگرم ایسے لوگوں کے بارے میں انکشاف کیا تھا جو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ریاست میں شراب ، منشیات اور بے راہ روی کے مراکز چلارہے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، مسجدوں اور خانقاہوں سمیت ریاست کے طول و ارض میں غیر ریاستی پیشہ ور بھکاریوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہونے کے سبب عوام و خواص تشویش کا شکار ہورہے ہیں اگرچہ بعض احباب اسے ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہیں تاہم اس بات پر غور کرنے کی اشد ضرورت ہے کہ ایسی صورتحال سے حقیقی مستحقین کی محرومی ممکن ہے۔ چونکہ ریاست کے طول وارض میں نادار، مفلوک الحال ، مساکین ، ایتام اور حالات سے متاثرہ لوگوں کی ایک خاصی تعدداد مالی معاونت کی حقیقی مستحق ہیں جن کی مالی معاونت اخلاقی ، انسانی اور اسلامی فرض ہے ۔